عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //مقامی عوام اور سماجی حلقوں نے مغل شاہراہ پر واقع مشہور سیاحتی مقام پیر کی گلی میں صفائی ستھرائی کا مؤثر اور معیاری بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں سیاح اس دلکش مقام کا رخ کرتے ہیں، تاہم بنیادی سہولیات کی کمی اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث یہاں گندگی کے ڈھیر جمع ہو رہے ہیں۔مغل روڈ پر واقع پیر کی گلی سطح سمندر سے بلند ایک خوبصورت پہاڑی درہ ہے جو قدرتی مناظر، ٹھنڈی آب و ہوا اور برف پوش چوٹیوں کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔
لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہاں پلاسٹک کی بوتلیں، کھانے پینے کے خالی پیکٹ اور دیگر کچرا جگہ جگہ نظر آتا ہے، جس سے علاقے کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو نہ صرف اس سیاحتی مقام کی قدرتی حسن کو نقصان پہنچے گا بلکہ ماحولیاتی توازن بھی بگڑ سکتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کوڑا دانوں کی کمی، باقاعدہ صفائی عملے کی عدم دستیابی اور نگرانی کے فقدان کی وجہ سے صورتحال دن بدن خراب ہو رہی ہے۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ اور شوپیاں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم سیاحتی مقام پر صفائی ستھرائی کے لیے عملی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ مستقل صفائی عملہ تعینات کیا جائے، مناسب تعداد میں کوڑا دان نصب کیے جائیں اور سیاحوں میں صفائی کے حوالے سے بیداری مہم بھی چلائی جائے تاکہ اس قدرتی ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ انتظامیہ فوری نوٹس لے کر پیر کی گلی میں صفائی کے نظام کو بہتر بنائے گی تاکہ آنے والے سیاح صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول سے لطف اندوز ہو سکیں۔