یواین آئی
واشنگٹن//امریکی فوج نے پیر کو مشرقی بحر الکاہل میں بین الاقوامی پانیوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے مشتبہ بحری جہاز پر حملہ کیا، جس میں سوار دو افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ اطلاع امریکی جنوبی کمان نے دی۔امریکی جنوبی کمان نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’امریکی سکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ کی ہدایت پر، امریکی جوائنٹ ٹاسک فورس سدرن اسپیئر نے بین الاقوامی پانیوں کے علاقے میں نامزد دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے چلائے جانے والے جہاز پر ایک مہلک فوجی حملہ کیا‘‘۔امریکی جنوبی کمان نے مزید بتایا کہ نٹیلی جنس نے تصدیق کی کہ یہ جہاز مشرقی بحر الکاہل میں منشیات کی اسمگلنگ کے معروف راستوں سے گزر رہا تھا اور منشیات کی اسمگلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ دو مرد اسمگلر مارے گئے۔ اس میں کوئی امریکی فوجی اہلکار ہلاک نہیں ہوا‘‘۔پینٹاگون نے ستمبر کے آغاز سے اب تک کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں مبینہ طورپر منشیات سے بھرے 30 جہازوں کو ڈبو دیا ہے، جس میں سوار کم از کم 107 افراد ہلاک ہوئے۔کئی مہینوں سے، امریکہ نے کیریبین میں، خاص طور پر وینزویلا کے ساحل کے قریب، منشیات کی اسمگلنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک اہم فوجی موجودگی برقرار رکھی ہے۔ حالانکہ امریکہ کے اس دعوے کو وینزویلا نے کراکاس میں حکومت کی تبدیلی کی ایک درپردہ کوشش کے طور پر مسترد کر دیا ہے۔