مسجد اقصیٰ کی حُرمت پامال | دنیائے انسانیت خاموش تماشائی

جہاں اسلامی دنیا عید کی تیاروں میں مصروف تھیں وہیں دوسری جانب دنیا کا ایک مظلوم ترین خطہ فلسطین میں لوگ اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے بچوں ،بزرگوں اور خواتیں کے کفن  اور دفن کا انتظام کر رہے تھے ۔ہم آج اپنے گھروں میں اس مہاماری کے باوجود اپنے بچوں اور والدین کے ساتھ عید منا رہے ہیں اور فلسطینی اپنے بچوں کی جدائی کے غم میں ماتم کناں ہیں اس ماہ رمضان اور عید کے ان متبرک ایام میں بھی اس صہونی ریاست کی قابض فوج نے فلسطینیوں کو نہیں بخشا بلکہ ظلم و بربریت کے عالمی ریکارڈ اپنے کھاتے میں درج کر دیے ہیں۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ گذشتہ دن یعنی 10؍ مئی جمعتہ الوداع کے دن یورپ کی ناجائز ریاست اسرائیل نے قبلہ ا ول مسجد اقصیٰ پر وحشیانہ طریقے سے حملہ کر دیا۔سماجی رابطہ کی ویب گاہوں پہ اسرائیلی فوجوں کی مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کو راست نشانہ بنانے کے مناظر سے دل دہل جا تا ہے اور  آنکھوں سے آنسوں رواں ہو جاتے ہیں ۔درجنوں مظاہرین کو زخمی کرنے کے بعد اسرائیلی فوجی ملت کے سرفروشوں کو مسجد سے نکالنے میں نامراد ہو کر واپس لوٹ گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قابض فوجیوں اور فلسطینیوںکے درمیان ہونے والی جھڑپیں اس تشدد کا تسلسل ہیں جو مشرقی بیت المقدس کے علاقے’’ شیخ جراح‘‘ میں کئی دن سے جاری ہے ۔’’شیخ جراح‘‘ میں آباد فلسطینی خاندانوں کو یہودی آبادکاروں کی جانب سے جبری بے دخلی کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے علاقے میں حالات کشیدہ ہیں ۔اسرائیل کی عدالت عظمی شیخ جراح میں ایک یہودی آباد کار تنظیم کے حق میں ب مسلمانوں کی بے دخلی کے حکم کے خلاف 70؍سے زیادہ افراد کی اپیل پر پیر کے روز سماعت کرنے والی تھی۔لیکن اس تازہ جھڑپ کی وجہ سے یہ سماعت ملتوی کر دی گئی ۔اخباری خبروں کے مطابق اس سماعت کے ایک دن پہلے ہی فلسطینی نوجوان پاس میں ہی ایک عمارت میں اینٹوں اور پتھروں سے اس فیصلے کے خلاف مزاحمت کے لئے پناہ لئے ہوئے تھے ۔جس کے بعد یہ سماعت بھی اسرائیلی عدالت کو ملتوی کرنی پڑی ۔اسی کو بنیاد بنا کر اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے اندر گُھس کے اسٹین گرنیڈ اور آنسو گیس کے گولے داغ کر درجنوں فلسطینیوں کو بُری طرح سے زخمی کر دیا،بلکہ مسجد اقصیٰ میں آتشزدگی ،نماز پڑھ رہے مسلمانوں کو قابض فوجیوں نے حصار میں لے کر فائرنگ شروع کر دی اور ہزاروں کو زخمی کر دیا۔لیکن اس بربریت کے باوجود بھی اسرائیلی فوج مسجد اقصیٰ کو احتجاجی نمازیوں کو خالی کرانے میں ناکام ہو گئی اس ناکامی کے بعد اسرائیلی فوج نے صرف ایک دن میں 50؍سے زائد افراد کو گرفتار کیا ۔اس وحشت ناک حملے کے بعد جب حماس نے قابض فوجیوں پر راکٹ سے حملے کر کے اُن کو ظلم سے روکنے کی کوشش کی اس وقت اسرائیلی پارلیمنٹ میںایک اجلا س چل رہا تھا تو وہ بھاگے بھاگے زیر زمین کمپاونڈ میں چھپ گئے ، حماس کے مطابق اس میں کوئی نقصان اسرائیل کا نہیں ہوا اس حملہ کا مقصد صرف اسرائیلی فوج کو مسجد اقصیٰ پر بربریت سے روکنا تھا۔ اس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر راست بمباری شروع کردی جس کے سبب ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق 20؍افراد شہید ہو گئے ان شہدا میں بچوں کے ساتھ ساتھ القاسم کمانڈر بھی شامل ہیں ۔اس وحشتناک اور بربریت سے بھر پور حملے کے دوران مسجد اقصی کے اسپیکر سے ایک نوجوان نے روتے ہوئے پکارا کہ ’’ہماری مساجد کو مسمار کیا جا رہا ہے ،ہماری عزتوں کو داغدار کیا جارہا ہے ،صلاح الدین کہاں ہے ؟ صلاح الدین کہاں ہے ؟یا اللہ گواہ رہناان قابضین کو ہماری لاشوں کے اوپر سے گُزر کر مسجد میں جانا ہوگا۔یا اللہ یہ اُن کی ہے یا ہماری ؟اقصی ٰ ہماری ہے یہ اُن کی نہیں ہو سکتی ۔‘‘
کہتے ہیں کہ یہ حملہ ٹھیک 1969ء کے طرز پر ہوا ہے ۔یہ وہ وقت تھا جس وقت مسجد اقصی کے اندرآگ لگائی گئی تھی ۔لیکن اس حملے کے بعد تمام مسلم ممالک اکھٹے ہو گئے تھے ۔اُس وقت ایک یہودی جس کا تعلق آسٹریلیا سے تھا نے مسجد کے اندر آگ لگا دی تھی وہ آگ تین گھنٹے تک لگی رہی جس کے سبب قبلے کی طرف کا حصہ خاکستر ہو گیا تھا اور سلطان صلاح الدین ایوبی کا جو منبر تھا جو بیت المقدس فتح کرنے کے بعد یہاں رکھا تھاوہ بھی اس کے اندر جل گیا تھا۔اس منبر کی حیثیت اس لئے اہم تھی کہ صلاح الدین نے بیت المقدس کی فتح کے لیے 16؍ جنگیں لڑیں تھیں ۔آج بھی اُسی طرح کی خبریں مسجد اقصیٰ سے آ رہی ہیں۔یہ ساری صورتحال جو آج امت مسلمہ کے ساتھ پیش آ رہی ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ازل سے ہی یہود و ہنود کا مقصد ہی یہ رہا ہے کہ ملت اسلامہ کو تہہ تیغ کیا جائے ان کے مقدس مقامات کی بے حُرمتی کی جائے ،انکی بہنوں اور بیٹیوں کی عصمتوں کو تار تار کیا جائے ،انکے بُزرگوں اور جوانوں کو موت کے گھاٹ اُتار کر دنیا میں جشن منایا جائے ۔لیکن المیہ یہ ہے کہ دنیا کے 57؍اسلامی ممالک اس سارے ظلم و جبر کے خلاف کچھ نہیں کر پا رہے ۔پونے دو ارب کی آبادی اس سرزمین پہ مغرب کی ناجائز اولاد کے خلاف محض بیانات کے علاوہ کوئی عملی قدم اُٹھانے کے قاصرہے ۔ایک ارب اسی کروڑ مسلمانوں کی آبادی کے ممالک اس وقت محض 90؍لاکھ بزدل قاتلوں کے جبڑوں میں چلی گئی ہے لیکن داد دینی چاہے فلیسطینی عوام کی جو ان ظالموں کے خلاف جذبہ جہاد سے سر شار مزاحمت کر رہی ہے ایک خاتوں نے الجزیریا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گھر کے دو افراد شہید ہو گیے ہیں لیکن مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لئے ہم اس قربانی کو معمولی مانتے ہیں ۔
لیکن دنیا کے عظیم ترین وسائل وذرائع،دنیا کو سب سے زیادہ تیل فراہم کرنے والے اسلامی ممالک ،دنیا کی بہترین فوج رکھنے والے اسلامی ممالک اس وقت ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کا نظارہ کر رہے ہیں ۔فلسطینی بچے اور بیٹیاں کٹ مر رہی رہی ہیں اور ملت اسلامیہ کے حکمران رقص و سرور کی محفلوں میں مست و مگن ہیں ۔ان کی غیرت ہی مرگئی ہے آج سارے مسلم رہنمائوں کو ایک پلیٹ فارم پہ سارے اپنے ذاتی اختلافات کو بھلا کے اس درندہ صفت قاتل اسرائیل کے خلاف صف آرا ہونا چاہیے ۔اس قابض پر ایسی کارروائی ہونی چاہیے تھی کہ دوبارہ وہ اس طرح کے بزدلانہ اور کائرانہ حرکت کرنے کا سوچنا بھی نہیں چاہیے ۔لیکن افسوس سب اپنی اپنی عیش پرستی کی زندگی میں گُم ہو گئے ہیں اور دنیا میں ملت اسلامیہ کے مظلوم تہیہ تیغ کئے جا رہے ہیں ۔دنیائے مسلم کے ان ہی مفاد پرست حکمرانوں کی خاموشی مسلمانوں کے قتل عام اور ہمارے مقدس مقامات کی بے حُرمتی کی وجہ بنتی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں ساری ملت اسلامیہ اس کی سزا بھگت رہی ہے ۔ ایک حدیث کے مطابق ’’جو بھی مسلمان آدمی کسی مسلمان آدمی کو ایسے مقام پر بے یار و مدد گار چھوڑتا ہے جہاں اُس کی حرمت پامال اور اُس کی آبرو کو نقصان کیا جاتا ہو اللہ اسے اس مقام پر بے یار و مدد گار چھوڑے گا جہاں وہ چاہ رہا ہو کہ اس کی نصرت ہو اور جو بھی مسلمان آدمی کسی مسلمان کی اس مقام پر نصرت کرتا ہے جہاں اس کی آبرو کا نقصان کیا جاتا اور اُس کی حُرمت پامال کی جاتی ہو ،اللہ ضرور اس کی نصرت اس مقام فرمائے گا جہاں وہ چاہ رہا ہو کہ اس کی نصرت ہو ۔‘‘(سنن ابی داوئود،عن جابر)
 اسرائیل کے اس بزدلانہ حملے کے بعد ساری دنیا کے مسلم حکمران محض ایک ٹویٹ اور مذمتی بیان کے علاوہ کوئی لائحہ عمل دینے میں ناکام رہے ہیں سوائے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان ۔اپنے ایک بیان میں ترکی کے صدر نے کہا ہے کہ ’’رمضان المبارک کے آخر پر فلسطین سے غم زدہ کرنے والی خبریں موصول ہو رہی ہیں ظالم اسرائیل ،دہشت گرد اسرائیل اپنی مقدسات کا تحفظ کرنے والے ہزار ہا سال سے اپنے گھروں ،اپنے وطن کی ملکیت کا تحفظ کرنے والے القدس کے مسلمانوں پر ،جن کا اس کے سوا کوئی مقصد نہیں ہے ان پر وحشیانہ اور بدترین حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔،مقدس شہر القدس کی آبرو و وقار،عزت اور حیثیت کا تحفظ کرنا ہر مسلمان کی گردن پر فرض ہے ،القدس کی عبادت گاہوں خصوصاً اقصیٰ اور مسلمانوں پر ہونے والے حملے بیک وقت ہم سب پر حملے ہیں ۔اپنے بیان میں اسلامی ممالک کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں سے تمام دنیا خصوصاً اسلامی ممالک کو اسرائیل کے مسجد اقصیٰ،القدس اور فلسطینیوں کے گھروں پر ہونے والے حملوں کے مقابل موثر عملی اقدام اُٹھانے کی دعوت دیتا ہوں ،مسلم ممالک کے حکمرانوں کو آواز دے رہا ہوں یک جا اور یک جہت انسانیت کے مشترکہ اداروںکی قراردادیں ،بنیادی انسانی حقوق،عالمی حقوق اور تمام انسانی اقدار کی بنیاد پراسرائیل کے اقدامات کو فل الفور روکنے کی کوشش کریں۔اقوام متحدہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہ کہ اگر تم اس ظلم کو روکنے کی کوشش نہیں کرتے توجانتے ہیں کہ دنیا 5 ؍ ممالک سے بڑی ہے ۔اللہ مظلوموں اور ستم رسیدوں کا سب سے بڑا ساتھی ہے ۔‘‘
مسلمانوں کو ایک اللہ کے بھروسے ان ظالموں کے خلاف اُٹھ کھڑا ہو جانا چاہے ۔ جس طرح سے عرب ممالک نے 1969ء میں اسرائیل کا مسجد اقصیٰ پر حملے کے بعد تیل بند کر دیا تھا بالکل اُسی طرح سے آج بھی عربوں کو انکا تیل بن کر دینا چاہیے تب جا کے ان ظالموں کے ہوش ٹھکانے آسکتے ہیں ۔ یہ جو دنیا ئے عالمی ادارے بنے ہوئے ہیں یہ اصل میں کفن چوروں کے گروہ ہیں ۔OICنے بھی انتہائی مایوس کر دیا ہے ۔مسلمانوں کی یہ تنظیم ایسا لگ رہا ہے جیسے UNO اورامریکہ کی کٹھ پتلی بنی ہوئی ہے اسی طرح سے OICعربوں کی غلامی میں ہی رہنا چاہتی ہے ۔عربوں کے مفاد سے باہر یہ تنظیم کچھ سوچنا بھی نہیں چاہتی ۔کیا ہی اچھا ہوتا اگر آج 57؍ اسلامی ممالک اسرائیل کو یک جُٹ ہوکر ناجائز ریاست تسلیم کر کے ان کے ساتھ سارے روابطہ منقطع کر کے اسکے خلاف ایک آخری کارروائی کرکے ملت کے اس مظلوم ترین خطہ کو پنجہ یہود سے آزاد کروا دیتی ۔لیکن ابھی تک ایسا کچھ دیکھنے میں نہیں آرہا ہے بلکہ ایسا لگ رہا ہے یہ سارے ان دردانگیز حالات کا نظارہ کر کے راحت محسوس کر رہے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ جلد سے جلد OICکو ایک اجلاس طلب کر کے ان کے خلاف عملی طور میدان میں آ جانا چاہیے اس وقت دنیائے مسلم کے چار ممالک ہیں جو اس میں پہل لے کے اس دہشت گرد ریاست کو دہشت گردی اور ظلم سے باز رکھنے میں کامیاب ہو سکتی ہے وہ ممالک ،ایران ،سعودی عرب،ترکی اور پاکستان ہیں۔ اگر یہ ممالک اپنے سارے اختلاف بھلا کے مخلصانہ طریقے سے اس اہم وقت پر سامنے آتے ہیں تو میں یہ بات وثوق سے کہتا ہوں اسرائیل اپنی ان دہشت گردانہ کارروائیوں سے باز آ سکتا ہے نہیں تو وہ وقت دور نہیں جب ہمیں فلسطین کی عوام کو برما کے مہاجرین کی طرح دنیا میں در در کی ٹھوکریں کھاتے دیکھنا ہوگا۔اللہ تعالی فلسطین کے مظلوموں کی مدد فرمائے آمیں ۔
رابطہ۔ 9906664012