عوام وادی کشمیر جانے کیلئے متبادل راستے اختیار کریں :ایس ایس پی ٹریفک
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // مسافروں کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے پیش نظر مغل روڈ کو ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے اگلے احکامات تک بند رکھا گیا ہے۔ ٹریفک حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روٹ کے ذریعے کشمیر کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں اور اپنی سفری منصوبہ بندی احتیاط کے ساتھ کریں۔ایس ایس پی ٹریفک جموں رورل فاروق قیصر کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق موجودہ حالات کے باعث مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حرکت معطل رکھی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس نے عام لوگوں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کشمیر جانے کے لئے فی الحال اس راستے کا انتخاب نہ کریں اور متبادل شاہراہوں کا استعمال کریں۔ حکام کے مطابق سڑک کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی حالات سازگار ہوں گے، مغل روڈ کو دوبارہ ٹریفک کے لئے کھولنے کی اطلاع فوری طور پر جاری کی جائے گی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی اور دوسروں کی سلامتی کو ترجیح دیں۔ ٹریفک حکام نے مزید کہا کہ بروقت معلومات کے لئے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اپڈیٹس پر نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔