بفلیاز تا دھڑا موڑا پانچ کلو میٹر سڑک خستہ حال
مقامی لوگوں کا سڑک کی جلد مرمت کرنے کا مطالبہ
بختیار حسین۔
سرنکوٹ// بفلیاز تا دھڑا موڑا پانچ کلو میٹر سڑک کی حالت نہایت ہی خراب ہو چکی ہے جبکہ تاریخی روڈ فلیاز پھاگلہ منڈی کا حصہ ہے جس کی حالت نہایت ہی ابتر ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ کئی سال ہو گئے مذکورہ سڑک کو ایسے ہی پڑی ہوئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی نے کسی قسم کی توجہ نہیں دی جس کے نتیجے میں سڑک تباہ ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگ دھول کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور بارشوں میں کیچڑ کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں۔سڑک میں گہرے کھڈے پڑے ہوئے ہیں اور نالیوں کانام نشاں تک موجود نہیں ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک کو کشادہ کرنے کا پروجیکٹ بھی پاس ہو چکا تھا اور متعلقہ حکام نے کچھ حد تک کام کیا لیکن اب کام کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند کر دیا گیا ہے جو باعث تشویش بن چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر محکمہ نے جلد از جلد کام شروع نہیں کیا تو احتجاج کریں گے۔
میڈیکل اور آگاہی کیمپ کا اہتمام
پرویز خان
منجاکوٹ//بلاک منجا کوٹ کے سرحد گاؤں ڈراری میں میڈیکل کیمپ کے دوران علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد کا معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ بلڈ شوگر، ایچ بی اور پیشاب جیسے تشخیصی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ کمیونٹی کے علاقے سانساٹازمتعدی اور غیرمتعدی بیماریوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ صحت کی مختلف اسکیموں کے بارے میں آگاہی بھی عوام میں پہنچائی گئی۔ پینشن مقصد کے لیے مستحقین کو 90 اولڈ ایج سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے گئے۔
بارشوں کے دوران بانہال کے بیشتر علاقوں میں بجلی معطل
محمد تسکین
بانہال // مسلسل بارشوں کی وجہ سے حلقہ انتخاب بانہال کے تقریباً تمام علاقوں میں بجلی کی فراہمی متعدد مقامات پر فالٹ آنے کی وجہ سے جمعہ کی شام تک متاثر رہی ہے تاہم سنیچروار کو ابرالود اور خشک موسم کے بیچ متعدد متاثرہ علاقے بحال کئے گئے ہیں۔ محکمہ بجلی سب ڈویژن اور ٹرانسمیشن سب ڈویژن بانہال کے انجینئروں نے بتایا کہ 33 کلوواٹ کی لائنوں میں کئی مقامات پر فالٹ آنے کی وجہ سے بانہال، کھڑی، رامسو، نیل اور اکڑال پوگل پرستان کے سینکڑوں سٹیشن متاثر ہوکر رہ گئے تھے اور محکمہ کے ملازمین کی طرف سے برستی بارشوں میں جمعرات کی رات دیر بجلی کو جزوی طور بحال کیا گیا اور ضرورت کے بجائے نصف سے کم بجلی کی فراہم سے سب ڈویژن بانہال کے علاقوں کو باری باری اور وقفے وقفے سے چلایا گیا۔
راجوری میں اساتذہ کی اٹیچ منٹ و ڈٹیچ منٹ احکامات
چیف ایجوکیشن آفیسر کے حکم نامے کالعدم،انکوائری کا حکم صادر
جاوید اقبال
مینڈھر//ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں نے چیف ایجوکیشن افسر راجوری کی طرف سے جاری ہونے والے متعدد حکمناموں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں انورادھا گپتا کی طرف سے جاری ہونے والے ایک حکمنامہ کے مطابق چیف ایجوکیشن افسر راجوری کی طرف سے بارہ اپریل 2021اور تیرہ اپریل 2021کو جاری ہونے والے حکمنامہ منسوخ کئے جاتے ہیں اور ساتھ ہی ان کی طرف سے ڈائریکٹوریٹ دفتر کی اجازت کے بناکی گئی اٹیچ منٹیں اور ڈپلائی منٹس کو منسوخ کیاجاتاہے۔اس سلسلے میں جوائنٹ ڈائریکٹر شوکت محمود کو انکوائری کاکام سونپاگیاہے۔حکمنامہ میں کہاگیاہے کہ جوائنٹ ڈائریکٹر سات دنوں کے اندراندر اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔حکمنامے میں کہاگیاہے کہ چیف ایجوکیشن افسر راجوری اپنی ذمہ داریاں انجام دینے سے قاصر رہے اور انہوں نے ڈائریکٹوریکٹ اور انتظامی محکمہ سے بالاتر ہوکر احکامات جاری کئے جو ان کے حد اختیار میں نہیں تھے۔