بی ڈی او دفتر بونجواہ پھر دفتری اوقات میں بند پایاگیا | ڈی سی کی پھٹکار بھی کام نہ آئی ،بی ڈی سی چیئرپرسن نالاں
عاصف بٹ
کشتواڑ//دیہی ترقی محکمہ بونجواہ سدھرنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور مسلسل غلط وجوہات کی بناء پر خبروں میں رہتا ہے ۔تازہ ترین معاملہ میں بونجواہ بلاک دفتر کو پھر دفتری اوقات کے دوران مقفل پایا گیا ہے۔ ایک ماہ قبل ہی اس معاملے کو ضلع انتظامیہ کہ نوٹس میں لایا گیا تھا جسکے بعد اسکا کام کاج شروع ہوا تھا لیکن ایک ماہ بھی یہ ٹھیک نہ چل سکا اوراب دوبارہ بند ملا۔ بلاک ڈیولپمنٹ چیئرپرسن بونجواہ مریم بیگم نے پیرکودفتری اوقات کے دوران دفاتر کا معائنہ کیا جس دوران انھیں دفتر بند ملا اور کوئی بھی ملازم موجود نہ تھا۔ علاقہ کتھر سے آئے ایک نوجوان صدام حسین نے بتایا کہ وہ دیہی ترقیاتی دفتر بونجواہ میں نجی کام سے آیاتھا لیکن یہاں پہنچ کر دفتر بند ملا جبکہ پہلی بار ایسا نہیں ہورہا ہے بلکہ اسے قبل بھی دفتر بند پایا گیا۔انھوں نے مانگ کی کہ ملازمین کیخلاف سخت کاروائی کی جانی چاہئے۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے بلاک ڈیو لپمنٹ آفس سے منسلک ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈی ڈی سی چیئرمین کا کوٹرنکہ دورہ،عوامی مسائل کاجائزہ لیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع ترقیاتی کونسل راجوری کے چیئرمین نسیم لیاقت نے کوٹرنکہ کا دورہ کیا جہاں پارٹی کارکنان کے ساتھ بھاری تعداد میں عوام نے استقبال کیا۔ استقبال کے بعد ڈاک بنگلہ کوٹرنکہ میں ایک عوامی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیشنل کانفرنس کی مقامی قیادت موجودتھی ۔ انجینئر نواز چوھدری نے عوام کی طرف سے مطالبات رکھتے ہوئے کہا کہ بلاک کوٹرنکہ میں پی ایم اے وائی کی آئی ڈیاں منسوخ کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے غریب لوگوں کو سکیم سے فائدہ نہیں ہورہا ہے انہوں نے سرکاری ایس آر ٹی سی بس راجوری تا کوٹرنکہ، مٹی کا تیل عرصہ دو سال سے بند ہے جبکہ کوٹرنکہ سب ڈسٹرکٹ میں فائر بریگیڈ گاڑی اور کے وی سکول کا مطالبہ کیا۔ بلاک صدر ایوب پہلوان نے بھی علاقے کے اہم مسائل ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین کے سامنے رکھے۔تمام لوگوں کے مسائل سننے کے بعد نسیم لیاقت علی نے یقین دلایا کہ میں کوٹرنکہ بدھل کے وہ تمام مسائل جن سے لوگوں کو زیادہ مشکلات ہورہی ہے، حل کرنے کی کوشش کروں گا ۔
جنگلات سمگلروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں؟ | ماحولیات پر کام کررہی تنظیم نے اٹھائے محکمہ کی خاموشی پر سوال
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //دو دہائیوں سے ماحولیات پر کام کررہی تنظیم نے جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ کی روک تھام کیلئے محکمہ و سیول سوسائٹی کا تعاون طلب کرتے ہوئے جنگل اسمگلروں کے خلاف محکمہ جنگلات کی نرمی پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔صدر ایجوکیشنل اینوائرمنٹل سوشل سپورٹس و کلچرل سوسائٹی بھلیسہ غلام حسین میر نے تحریری طور اس بارے میں کئی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2011 سے جنگلات کا ناجائز کٹاؤ کرنے پر سینکڑوں افراد کے خلاف معاملات درج کئے گئے لیکن کسی ایک شخص کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔انہوں کہا کہ آجکل بھی سبز سونے کی غیر قانونی طور پر اسمگلنگ جاری ہے۔میر کے مطابق جب بھی کسی شخص کو قانونی کارروائی سے ڈرایا جاتا ہے تو وہ بلا جھجک کہتے ہیں کہ 'محکمہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نہ جانے کن وجوہات پر محکمہ جنگلات جنگل مافیا کے تئیں نرم رویہ اختیار کرتا ہے۔میر نے سیول سوسائٹی ممبران و محکمہ جنگلات کے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپسی تعاون کے بناء جنگلات کا تحفظ کرنا ناممکن ہے۔
مہنگائی اور بے روزگاری پرمرکزی سرکار کو بنایاگیاتنقید کا نشانہ
حسین محتشم
پونچھ//جموں کشمیر پیر پنچال عوامی پارٹی کے صدر ایڈوکیٹ محمد یونس چوہان اور اور پینتھرس پارٹی کے ضلع صدر پونچھ کلدیپ راج نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے ملک کی عوام پریشان حال ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل ، پیٹرول اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کی وجہ سے اشیائے خوردنی، پھلوں، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء کے ساتھ ساتھ مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے عام شہری سخت پریشانیوں سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکار لگاتا بے روزگاری کو ختم کرنے کا دعوی تو کر رہی ہے لیکن زمینی سطح پر بے روزگاری کا عروج ہے جس کی وجہ سے ہمارا نوجوانی ذہنی مریض ہو کر کبھی منشایات کا شکار ہو رہا ہے تو کبھی وہ بری صحب میں پڑ رہا ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرکار بجائے اشہارات پر کروڑو روپئے خرچ کرنے کے روزگار کے وسائیل تلاش کر کے ہماری نسلوں کو با اختیار بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے پیٹرول ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں کئے گئے اضافوں کو فوری کم کرنے کا مطالبہ کیا۔
میگا کسان میلہ کیلئے 50کسانوں کا قافلہ جموں روانہ
حسین محتشم
پونچھ// محکمہ زراعت کی جانب سے کرشی وِگیان کیندر پونچھ سے شیرکشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹکنالوجی ، جموں کی جانب سے 16مارچ سے20 مارچ 2021 تک منعقد ہونے والے میگا کسان میلے میں شرکت کے لئے 50 سے زیادہ مرد اور خواتین پر مشتمل کسانوں کے قافلے کو ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا۔ کے وی کے پونچھ کے ضلع افسر نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے کسانوں کو 5 دن کے کسان میلہ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ کسان اس میلے کے دوران جدید ترین ٹیکنالوجی کی بارے میں جانکاری حاصل کر سکیں۔ڈاکٹر مظفر میرسائنس دان کے وی کے نے جب کسان مرد اور خواتین کے قافلہ کو ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا تو کسان میلہ میں شرکت کے لئے بہت پرجوش نظر آرہے تھے۔کچھ کسانوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لئے ایک اچھا موقعہ ہے جب وہ کاشت کاری سے متعلق جدید طریقہ کار کے بارے میں جانکاری حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے محکمہ کے وی کے کی جانب سے کسان میلہ میں شرکت کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنے پر افسران کی تعریف کی۔
امرناتھ یاتر ا کے پُرا من انعقاد کیلئے سی آر پی ایف تیار ، سیکورٹی حکمت عملی مرتب | سٹکی بم کے خطرات کے بارے میں تمام یونیٹوں کو آگاہ کیا گیا:آئی جی
جموں//امسال امرناتھ یاترا کے پُر امن انعقاد کیلئے سی آر پی ایف تیار ہے کی بات کرتے ہوئے آئی جی سی آر پی ایف جموںنے کہا کہ تمام یونیٹوں کو سٹکی بم کے خطرات سے آگاہ کیا گیا ہے اور انہیں تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔جموں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف نے پی ایس رانیپوسی نے بتایا کہ امسال امرناتھ یاتر ا کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سال یاتروں کا کافی رش دیکھنے کو ملا گا ۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے خوش اسلوبی سے انجام دینے کیلئے تمام تر سیکورٹی انتظامات اٹھائے جائیں گے اور سی آر پی ایف کو پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوکس اور متحرک رہے ۔انہوں نے کہا کہ سٹکی بم کے بارے میں بھی سی آر پی ایف کو پہلے ہی آگاہ کیا گیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متحرک رہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرہ سے نمٹا جائے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ سرینگر جموں شاہراہ پر بھی سیکورٹی کے اضافی دستے تعینات کئے گئے اور حالات کو بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی بھی مرتب دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی حملے کو ناکام بنانے کیلئے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوکس رہے ۔ جبکہ امرناتھ یاترا کے پُر امن طریقے سے انعقاد کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔آئی جی نے مزید بتایا کہ سی آر پی ایف پہلے ہی جموں کشمیر کو حالات بہتر بنانے میں کام کر رہی ہے اور آگے بھی دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جموں کشمیر کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری رہے گی ۔
ہائی سکول درہ میں ہیڈ ماسٹرنہیں | ماسٹر گریڈاساتذہ اور کمپوٹر ٹیچر بھی ندارد
سرنکوٹ// بختیار حسین//سرنکوٹ کی پنچایت درہ سانگلہ میں ہائی سکول درہ میں ہیڈ ماسٹر کی اسامی تین برس سے خالی پڑی ہے۔ درہ پنچایت کی عوام نے محکمہ ایجوکیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہائی سکول درہ میں ہیڈ ماسٹر کی تعیناتی کی اشد ضرورت ہے جس کی وجہ سے تعلیمی نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے ،ساتھ ہی ابھی تک ہائی سکول درہ میں ماسٹر گریڈکی کوئی بھی پوسٹ نہیں دی گئی اور سرکار نے سکولوں میں کمپیوٹر تو دیے لیکن کمپیوٹر ٹیچر نہیں ہے۔ عوام نے محکمہ ایجوکیشن کے آفیسران سے اپیل کی کہ تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لئے ہیڈ ماسٹر اور ماسٹر گریڈ ہونا ضروری ہے تاکہ طلباء وطالبات کو تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہو سکے۔
پنچایت گھر نیلی پر زمین مالک نے چڑھایا تالا
پرویز خان
منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ کی پنچایت نیلی میں زمین مالک نے پنچایت گھر کو تالا لگا رکھا ہے اور اس کا یہ الزام ہے کہ اس نے اس بلڈنگ میں کام کیا تھا مگر آج دن تک اس کو اس کی اجرت نہیں ملی جس کی وجہ سے بلڈنگ پر تالا چڑھا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لگ بھگ آٹھ سال قبل اس بلڈنگ کا کام شروع کیا گیا تھا مگر اس کے بعد اس کو چھوڑ دیا گیا تھا جس پر مقامی زمین مالک نے تالاچڑھا دیا ہے۔ متعلقہ سرپنچ شمشیر احمد نے بتایا کہ زمین مالکان نے تالا چڑھا دیا ہے اور اس کا یہ الزام ہے کہ مجھے لیبر پیمنٹ نہیں ملی جس کی وجہ سے انہوں نے اس پر چڑھا ہوا ہے ۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ بلڈنگ کو جلد سے جلد مکمل کر لیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سڑک حادثہ میں میاں بیوی زخمی
ڈوڈہ //اشتیاق ملک//بھدرواہ ڈوڈہ سڑک پر پیش آئے سڑک حادثہ میں میاں بیوی زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پیر کو دوپہر تین بجے کے قریب بھدرواہ سے ڈوڈہ جارہی ایک الٹو گاڑی زیر نمبری JK06 – 9960 درنگا کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر بیس فٹ نیچے جاگری جس کے نتیجے میں منظور احمد(45) ولد غلام حسن ساکنہ ڈوڈہ و ان کی اہلیہ راہیلہ بیگم (42) زخمی ہوگئے۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو بھدرواہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں کی حالت مستحکم ہے۔
ڈاکٹر روہت شرما صوبائی سیکریٹری جموں نامزد | اپنی پارٹی کا7اضلاع کے انچارجوں کا بھی اعلان
جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے پیر کے روز ڈاکٹر روہت شرما کو صوبہ جموں کا صوبائی سیکریٹری بنایا ہے جبکہ صوبہ کے سات اضلاع کے انچارج کا بھی اعلان کیاگیاہے۔ پارٹی لیڈرشپ کے ساتھ صلاح ومشورہ کے بعد اپنی پارٹی صدرسید محمد الطاف بخاری نے اِن تقرریوں کو منظوری دی۔ یہاں جاری پریس بیان کے مطابق پرنو شگوترہ کو جموں اربن، پشپ دیو کمار اپل کو جموں رورل ۔ اے جبکہ نیلجن اروڑہ کو جموں رورل بی کا انچارج بنایاگیاہے۔ سابقہ ایم ایل اور سنیئرلیڈرفقیرناتھ ضلع اودھم پور، سابقہ ایم ایل اے پریم لال کو کٹھوعہ ، کشتواڑ سے مہندر سنگھ پریہاور اور سانبہ سے رمن تھاپا کو انچارج بنایاگیاہے۔
جموں میں چرس سمیت2گرفتار
جموں // پیر کے روز2 منشیات فروشوں کو مبینہ طور پر بھنگ برآمد کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔دومانہ سب ڈویژنل پولیس آفیسر کوشین کول نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے پٹولی کیمپ میں چیکنگ ڈیوٹی کے دوران دو افراد کو روکا اور 23 رولوں میں 320 گرام بھنگ برآمد کیا۔اس افسر نے مزید بتایا کہ خلیل احمد اور امجد علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ریاسی میں قتل کرنے کے الزام میں نوجوان گرفتار
ریاسی //جموں وکشمیر پولیس نے پیر کے روز ریاسی ضلع میں زمین چرنے کے تنازعہ پر14سالہ لڑکے کا گلا گھونٹ کرقتل کرنے کا معمہ حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے ۔تھانہ پو نی کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر ، پولیس انچارج ، انسپکٹر راجیش گوتم نے بتایاکہ21 فروری کو بھارکھ محلہ کا رہائشی محمد مزمل بکروال عالیہ جنگل میں مشکوک حالات میں مردہ پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ انکوائری کی کارروائی شروع کردی گئی اور متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لئے پکڑ لیا گیا ، اس دوران کوٹیاں کا 22 سالہ منظور احمد ٹوٹ گیا اور اس نے اس لڑکے کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔افسر نے بتایا"یہ دونوں خاندان چراگاہ اراضی کو لے کر چل رہے جھگڑے میں ملوث تھے اور وہ اکثر ایک دوسرے سے لڑ رہے تھے۔ احمد جنگل میں لڑکے کے پاس آیا اور اس کا گلا گھونٹ ڈالا ‘‘۔ انہوں نے متاثرہ شخص کی لاش کو ایک درخت سے لٹکا کر پولیس کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔تاہم ، لاش کو دیکھنے والے کچھ عینی شاہدین نے پولیس کو اطلاع دی کہ مقتول کے پاؤں زمین پر چھونے لگے ہیں جو قتل کی نشاندہی کررہے ہیں۔
کٹھوعہ میں سات ماہ کی تلاش کے بعد مفرور گرفتار
جموں// ضلع کٹھوعہ میں گذشتہ سات ماہ سے منشیات سے متعلق مقدمے میں گرفتاری سے بچنے والے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ تانترے پورہ کا رہائشی 35 سالہ فردوس احمد عرف جیا کو بانہال پولیس نے اتوار کے روز کٹھوعہ کے دیالا چیک گاؤں سے گرفتار کیا۔انہوں نے بتایا کہ فردوس گذشتہ سال اُس وقت پولیس پارٹی کو چکمہ دیکرفرارہونے میں کامیاب ہوگیا جب پولیس نے بانہال میں چیکنگ کے دوران گاڑی سے800گرام چرس برآمد کی گئی ۔اس کے بعد فردوس کو مفرور قرار دیاگیاتھا۔ترجمان نے بتایا کہ ان کی گرفتاری کے بعد انہیں سیشن کی عدالت رام بن کے سامنے پیش کیا گیا جس نے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر پولیس کارروائی کی مذمت
جموں//سابق وزیر داخلہ اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما ، نجیب سہروردی نے جموں میں بی جے پی کے دفتر کے باہر پرامن طور پر احتجاج کرنے والے نوجوانوں پر پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی۔سہروردی نے کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ وہ نوجوان ، جو سی آئی ایس ایف اور بی ایس ایف جیسی سنٹرل سیکورٹی فورسز میں نوکری کے خواہشمند ہیں ، کو بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت اور جے اینڈ کے انتظامیہ اور پولیس نے مجرموں کی طرح سلوک کیا اور انہیں حراست میں لیا گیا ہے اس جگہ سے جہاں وہ پچھلے 45 دنوں سے پرامن احتجاج پر تھے۔ این سی رہنما نے کہا کہ یہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور ریاست کے یو ٹی میں تبدیلی کا سیاہ نتیجہ ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوان میرٹ پر مستحق ملازمتوں کے لئے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
سندر بنی میں شہری کی پراسرار موت
سمت بھارگو
راجوری//راجوری میں پولیس نے ضلع راجوری کے سندربنی گاؤں میں ایک شخص کی پراسرار موت کی تحقیقات شروع کردی۔ہلاک ہونے والے کی شناخت 43 سال کے راجندر کمار ولد بالک رام سکنہ سدھرا بنپوری سندر بنی کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش سندربنی کے ٹنڈا گاؤں میں مردہ حالت میں پائی گئی تھی۔پولیس نے بتایا کہ ٹنڈہ گاؤں میں مقتول کی لاش پڑی تھی جس کے بعد سندر بنی پولیس اسٹیشن کی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور نعش کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ تھانہ سی آر پی سی 174 کے تحت تفتیش کے ساتھ نعش کی میڈیکل قانونی رسمیں انجام دی گئیں ہیں۔
ہا ئر سکینڈری سکول اکھڑہال میں ادبی و لسانی پروگرام منعقد
کشمیر عظمی رپورٹر
بانہال// اکیڈمی آف آرٹ،کلچر اینڈ لنگویجز اور پوگلی بزم ادب کے اشتراک سے ہائیر سکنڈری اکھڑہال میں ایک ادبی و لسانی پروگرام منعقد ہوا جس میں سکریٹری کلچرل اکیڈمی کریتکا سنگھ جیوتسینا بطور مہمان خصوصی شریک تھیں۔پروگرام میں پوگلی زبان کے مختلف شعراء ،ادیب،دانشور،مصنفین اور گلوکاروں نے شرکت کی۔پوگلی بزم ادب کے ممبران نے سکریٹری کا والہانہ استقبال کیا۔بزم ادب کی طرف سے عبدالخالق گنائی ،ایم اے کٹوچ اور ظفر پوگلی نے کرتیکا سنگھ کو گلدستہ عقیدت پیش کیا۔جبکہ مشتاق پوگلی اور ارشد جہانگیر نے مہمان ذی وقار ایس ڈی ایم رامسو دلمیر چوہدری کو بزم کی طرف سے گلدستہ پیش کیا۔ پوگلی بزم ادب کے کنوینر ایم اے کٹوچ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں بتایا کہ کلچرل سکریٹری کرتیکا سنگھ کا پوگلی پرستان کا دورہ اور پوگلی بولی کے بارے میں جانکاری حاصل کرنا ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔جس سے پوگلی بزم ادب کے ساتھ شعراء اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پوگلی زبان کو ایک طویل عرصے تک یکسر نظر انداز کیا گیا ہے جبکہ اس کے بولنے والے لوگوں کی تعداد قریبا چار لاکھ سے زائد ہے۔انہوں نے بتایا کہ پوگلی زبان نہ صرف پوگل پرستان،نیل،کھڑی ،چملواس،چاپناڑی،سمبڑ ہاڑوگ بلکہ ضلع رامبن کے علاوہ چنہنی ادھمپور اور لار ریاسی میں بھی بولی جاتی ہے۔ایم اے کٹوچ نے سکریٹری سے اپیل کی کہ پوگلی زبان کی ترقی کے لیے اکیڈمی میں پوسٹیں کھولی جائیں۔رامبن میں کلچرل آفس کو فعال بنایا جائے اور پوگلی زبان کی ترقی کے لیے اکیڈمی عملی اقدامات کرے۔سکریٹری نے بتایا کہ وہ پوگلی بزم ادب کے ساتھ مل کر پوگلی زبان کی ترقی کے لیے کام کرینگے ۔اس کے پروگرام میں بلبل عبدالطیف نائیک نے پوگلی زبان میں لیڈی شاہ پیش کیا۔جبکہ اس کے علاوہ مشتاق عبدالعزیز کٹوچ نے پوگلی زبان پر مختصر تبصرہ کیا۔پوگلی زبان کے مشہور ومعروف گلوکار عبدالمجید ملک اور آزاد مشتاق پڈھار نے اپنی سحر کن آواز سے مندوبین کو محظوظ کیا اس کے علاوہ ارشد جہانگیر مجروح اور ان کی ٹیم نے بھی پوگلی زبان میں ایک گانا پیش کیا۔جبکہ راہی یوسف نے گوجری زبان کی ترجمانی کی۔پروگرام میں پوگلی کلچرل کا مشہور تھالی ڈانس پیش کیا گیا۔اردو کے مشہور خطوط نگار اور پوگلی بزم ادب کے چیف پیٹرن عبدالخالق گنائی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔