تحصیل کوٹرنکہ کا پٹوار خانہ انتظامی عدم توجہی کا شکار | کوارٹروخستہ حال، ریکاڈ غیر محفوظ،پانی ،بجلی اور بیت الخلاء ندارد
محمد بشارت
کوٹرنکہ// سب ضلع کوٹرنکہ اور بدھل میں کوٹرنکہ تحصیل آفس کوٹرنکہ کا پٹوار خانہ انتظامی عدم توجہی کا شکار بنا ہے ۔پٹوار خانہ کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار ہیں، دیواروں سے پتھر گر رہے ہیں، دروازے اور کھڑکیاں بھی بوسیدہ ہوچکی ہے ۔برف اور بارش کے دوران پانی کی بوندیں بھی ٹپکنے لگتی ہیں۔ وہیں پٹوار خانوں میں بیٹھنے کے لئے نہ تو جگہ دستیاب ہے اور نہ ہی بجلی، پانی اور بیت الخلا جیسی سہولیات دستیاب ہیں اور عمارتیں ویران ہوچکی ہیں۔لوگوںنے ان کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
کوٹرنکہ بازار میںسوچھ بھارت مشن ٹائیں ٹائیں فش | بازارگندگی کے ڈھیر میں تبدیل ،صفائی کا کوئی معقول بندوبست نہیں ،لوگ پریشان
محمدبشارت
کوٹرنکہ//سب ضلع کوٹرنکہ کابازار گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہونے کی وجہ سے لوگوں کوکافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کوٹرنکہ شہر کی اندرونی سڑکیں تالاب کی صورت اختیار کر چکی ہیں کیونکہ گندگی کے ڈھیرجمع ہونے کی وجہ سے نالیوں کا سارا پانی سڑکوں میں چلا آتا ہے اور سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔کوٹرنکہ شہر میونسپلٹی کے تحت نہیں ہے اور کوٹرنکہ اور بدھل دونوں شہر محکمہ دیہی ترقی کے تحت آتے ہیں تاہم مذکورہ محکمہ اور اب اس محکمہ سے جڑے پنچایتی نمائندگان ان دونوں شہروں کی خوبصورتی بڑھانے میں ناکام نظر آرہے ہیں کیونکہ دونوں قصبوں کا حال بے حال ہے اور سوچھ بھارت مشن کا کہیں نام و نشان نہیں ہے کیونکہ ہر سو غلاظت ہی غلاظت ہے۔ تاجر براداری نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوے کہا کہ کوٹرنکہ کی صفائی ستھرائی کا کوئی بندو بست کیاجائے۔
مینڈھر میںالوداعی اور استقبالیہ تقریب
مینڈھر//جاوید اقبال// ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال کے تبادلے پر پولیس تھانہ مینڈھر میں الوداعی پارٹی دی گئی جس میں نئے ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار کا استقبال بھی کیاگیاجنہوں نے آج ہی عہدے کا چارج سنبھالا۔ونود کمار کا ایس ڈی پی او مینڈھر سید ظہیر جعفری نے بھمبر گلی میں استقبال کیا جہاں سے وہ پونچھ گئے اور پھر وہاں سے پرانے ایس ایس پی کے ہمراہ مینڈھر پہنچے جہاں ایک پروگرام منعقد ہواجس میں پولیس افسران کے علاوہ فوج کے افسران اور مقامی معززین نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر مقررین نے رمیش انگرال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کے وقت میں پونچھ میں پرامن فضا رہی اورکئی چیلنجوں کے باوجود صورتحال خراب نہیں ہونے دی گئی۔انہوں نے نئے ایس ایس پی کوتعاون دینے کا یقین دلایا۔
مینڈھر میں واٹر سپلائی سکیمیں ناکارہ،محکمہ خواب غفلت میں
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میںمحکمہ جل شکتی کی سترفیصد سکیمیں ناکارہ بنی ہوئی ہیں اور پائپ لائنیں بھی تباہ ہوچکی ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ محکمہ عوام کو پانی بچانے کی ہدایت کررہاہے لیکن خود انتہائی درجہ کی لاپرواہی کا مظاہرہ کررہاہے۔ان کاکہناتھاکہ جگہ جگہ پائپ لائنیں تباہ ہوچکی ہیں اور بیشتر سپلائی سکیمیں ناکارہ پڑی ہیں لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور نہ ہی محکمہ کے ملازمین ایمانداری سے ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے بیداری کیمپ لگانے سے قبل محکمہ اپنی حالت میں سدھار لانے کے اقدامات کرے۔
ڈوڈہ میں کانگریس کا حکومت مخالف احتجاج | کمر توڑمہنگائی، بے روزگاری و رشوت خوری کیلئے سرکار کو بنایا ہدف تنقید
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پردیش کانگریس کمیٹی کی طرف سے صدر مقام ڈوڈہ میں حکومت مخالف احتجاج کیا جس دوران انہوں نے یوٹی و مرکزی سرکار کو غریب عوام مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، رشوت خوری و بے روزگاری عروج پر ہے اور عام آدمی کا جینا محال بن گیا ہے۔ ضلع صدر شیخ مجیب علی کی قیادت میں کانگریس کارکنوں، پنچائتی نمائندگان و بی ڈی سی و ڈی ڈی سی ممبران نے شرکت کرکے سرکار مخالف نعرے لگائے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور غذائی اجناس کی چیزیں بھی دنبدن مہنگی ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے مزدور پیشہ افراد کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کانگریس کارکنوں نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری و رشوت خوری پر سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کی تلاش میں دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور سرکار سبز باغ دکھا کر انہیں گمراہ کررہی ہے۔انہوں نے یوٹی انتظامیہ و مرکزی حکومت سے خطہ چناب کے لئے خصوصی پیکیج فراہم کرنے و غریب عوام کو مفت راشن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے رشوت خوری، بیروزگاری و مہنگائی پر قابو پانے و مختلف محکموں میں کام کر رہے عارضی ملازمین کو باقاعدہ طور پر مستقل بنانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔
ڈلو کی قومی آیوش مشن کی ایگزیکٹیو میٹنگ کی صدارت | آیوش سسٹم کی کامیابی کی کہانیوں پر ایک کتاب جاری کی
جموں//فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اَتل ڈولو نے قومی آیوش مشن کے مختلف اجزأ کے کام کا جائزہ لینے کے لئے ایک ایگزیکٹو میٹنگ کی صدارت کی اور آج یہاں میڈیسن کے آیوش سسٹم کی کامیابی کی کہانیوں پر ایک کتاب جاری کی۔میٹنگ میں قومی آیوش مشن کے اجزأ پر عمل درآمد چار 50 بستر والوںاِنٹگریٹیڈ آیوش ہسپتالوں کا قیام ، آیوشمان بھارت کے تحت آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنس مراکز کا قیام ، آئی ایس ایم ڈسپنسریوں اورہسپتالوں کی اَپ گریڈیشن ، آئی ایس ایم ڈسپنسریوں کی تجدیدومرمت ، ڈی ٹی ایل اور فارمیسی کا قیام اور دیگر متعلقہ سرگرمیاں زیربحث آئیں۔ڈائریکٹر آئی ایس ایم جے اینڈ کے ڈاکٹر موہن سنگھ نے قومی آیوش مشن کے مختلف اجزأ کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ سکیم کے تحت مختص کردہ فنڈس کا 50فیصد مختلف منظور شدہ اجزأکے تحت استعمال کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر آئی ایس ایم جے اینڈ کے نے کہاکہ وزارت آیوش مرکزی حکومت نے2019-20میں کشتواڑ ، بلاور ، کولگام اور کپواڑہ میں پانچ 50 بستروں پر مشتمل انٹگریٹیڈ آیوش ہسپتالوں کو منظوری دے دی تھی جن پر کام جاری ہے اور ایک اور 50 بستروں پر مشتمل انٹگریٹیڈآیوش ہسپتال یوگاکے ساتھ ساتھ سینٹرل یونیورسٹی سانبہ میں واقع سینٹر کو رواں مالی سال کے دوران قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ڈائریکٹر آئی ایس ایم نے مزید کہاکہ موجودہ آئی ایس ایم ڈسپنسریوں کو اَپ گریڈ کرکے 94 آیوش ہیلتھ اینڈ ڈبلیو سی قائم کی گئیں ہیں اور رواں مالی سال کے دوران مزید 100 کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ2021-22میں 123 مزید آیوش ہیلتھ اینڈ ڈبلیو سی قائم کرنے کی تجویز ہے ۔فنانشل کمشنرصحت و طبی تعلیم نے ہدایت دی کہ گورنمنٹ آیورویدک میڈیکل کالج اکھنور اور گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج گاندربل کشمیر کے احاطے میں ہربل گارڈن کے قیام کے لئے ڈی پی آر کو متعلقہ کالج کے حکام تیار کریں اور قومی آیوش کے میڈیکل پلانٹوںکے جزو کے تحت سی اے پی2021-22 میں منعکس کریں۔یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ آیوش ہیلتھ اینڈ فلاح و بہبود کے مراکز میں آشا/ اے این ایم کے استعمال کے لئے متعلقہ چیف میڈیکل آفیسران اور ڈسٹرکٹ آیوش افسروں کے مابین ضلعی سطح پر ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔ مزید یہ بھی فیصلہ لیا گیاکہ تمام آیوش ہیلتھ اینڈ فلاح و بہبود کے مراکز کو ان کی آسانی سے کام کرنے کے لئے مناسب آپٹک فائبر انٹرنیٹ کنکٹوٹی حاصل ہوگی جس کے لئے ٹینڈر جاری کیا جائے گا۔فنانشل کمشنر نے آئی اے ایس کو ہدایت دی کہ وہ ان ہسپتالوں کے تعمیراتی کاموں میں تیزی لائیں اور رکاوٹوںکو دور کریں تاکہ ان ہسپتالوں کا جلد سے جلدچالو کیا جاسکے ۔ فائنانشل کمشنر نے مشہور سیاحتی مقامات کٹرا ، پٹنی ٹاپ ، مانسر ، گلمرگ ، پہلگام اور سونمرگ میں خصوصی آیوش مراکز کے قیام پر کام شروع کرنے پر زور دیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کافی ٹیبل بُک کا اجرا کیا
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں سرحد (این جی او) ، پونے کے ذریعہ شائع کردہ ’’چناب (چندرابھگا) ویلی ۔ ایمیزنگ لٹل کشمیر ‘‘کے نام سے ایک کافی ٹیبل کتاب کا اجرا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وادی چناب جسے وادی چندر ابھگا بھی کہا جاتا ہے کو بے مثال قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس کتاب کو شائع کرنے پر متعلقہ تنظیم کے کاوشوں کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں جموں و کشمیر کی قدیم خوبصورتی کی نمائش ، مقامی ثقافت کی تصویر کشی اور اس کے فروغ کے علاوہ یوٹی میں آنے والے لوگوں اور سیاحوں کے لئے رہنما ئی درج ہے۔انہوں نے معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے متعلقہ رضاکار تنظیم کے کردار کو بھی سراہا۔
ونود کمار نے ایس ایس پی پونچھ کا چارج سنبھالا
حسین محتشم
پونچھ//ایس ایس پو پونچھ رمیش انگرال کے تبادلہ کے بعد پیر کے روز ونود کمار نے ایس ایس پی کا چارج سنبھالا۔ رمیش انگرال نے اپنا چارج ان کے حوالے کیا اور انھیں ایس ایس پی پونچھ کی کرسی پر بیٹھایا اور نیک خواہشات کا ا?ہار کیا۔اپنی ترجیحات کی نشاندہی کرتے ہوئے نئے ایس ایس پی نے کہا کہ منشیات کے استعمال، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، مارکیٹ میں چوری، غنڈہ گردی پر ودغن لگانے کے علاوہ اجتماعی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے سخت محنت کریں گے۔
نو تعینات ڈی سی کاپونچھ میںاستقبال
پونچھ// حسین محتشم//سیکریٹری آل جموں کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن غلام رسول شاہ کی قیادت میں پونچھ کے پٹواریوں کے وفد نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے ملاقات کر کے انھیں گلدستے پیش کئے اور ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر پونچھ کو پٹواریوں کے مسائیل حل کرانے میں ان کامکمل تعاون کرنے کی اپیل کی۔ ضلع ترقیاتی کمیشنر نے کہا کہ وہ ان کا ہر طرح سے تعاون کریں گے۔
سٹور گلی سرنکوٹ میںگندگی کے ڈھیر ،ہر سو عفونت ہی عفونت
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کی کئی گلیوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے جن میں ایک اسٹور گلی بھی ہے جہاں گندگی اور کوڑا کرکٹ جمع ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس گلی کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا ہے جس سے اب ہر سو عفونت ہی عفونت ہے۔گوں کے مطابق مذکورہ گلی میں میونسپلٹی صفائی کرمچاری بالکل نہیں پہنچ پاتے اور نہ اس گلی کو میونسپلٹی حکام کی جانب سے کوئی صفائی ستھرائی کا انتظام ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے نالیاںکوڑا کرکٹ کی وجہ سے بلاک ہیں اور پانی لوگوں کے راستوں کو بند کر چکا ہے ۔
شفقت بٹ نے ایس ایس پی کشتواڑ کا چارج سنبھالا
کشتواڑ //شفقت حسین بٹ (کے پی ایس) نے پیر کے روز ایس ایس پی کشتواڑ کا چارج سنبھالا۔اس موقع پر سابق ایس ایس پی ہرمیت سنگھ و دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔پولیس آفیسران نے نئے ایس ایس پی کا والہانہ استقبال کیا۔واضح رہے کہ بٹ کا تعلق ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن بھلیسہ سے ہے۔اس سے پہلے انہوں نے وادی و جموں کے متعدد علاقوں میں اپنی خدمات انجام دی ہیں۔
لیمبر میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا مطالبہ
بانہال//بانہال سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی ایک وفد نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و ضلع صدر رام بن حاجی سجاد شاہین سے ملاقی ہوا ہے جس دوران وفد نے انہیں لیمبر میں ایک کھیل کا میدان وہ استعمال کرتے تھے تاہم کوڈ 19کے دوران انتظامیہ نے میدان میں شیڈ تعمیر کئے تھے جس کی وجہ سے یہاں کھیل سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہے ۔ شاہین نے اس حوالے سے ایل جی جمو ںو کشمیر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
پنچایت گھر گلاتھی دس برس سے تشنہ تکمیل
پرویز خان
منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ کے گلاتھی لڈیال علاقہ کا پنچایت گھر دس سال سے تشنہ تکمیل ہے۔ دس سال قبل محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے اس پنچایت گھرکی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا مگر 10 سال گزرنے کے باوجود بھی اس پر سلیب نہیں پڑا اور کام ادھورا پڑا ہوا ہے جس کو دیکھتے ہوئے لوگوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ دیہی ترقی کے کام ادھورے پڑے رہتے ہیں اور پیسے کی کمی کی وجہ سے یہ کام آج دن تک مکمل نہیں ہوئے۔لوگوں نے لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر راجوری سے مطالبہ کیا کہ پنچایت گھر کو جلد سے جلد مکمل کروایا جائے تاکہ پنچایتی نمائندوں کو اس میں بیٹھنے کی جگہ مل سکے۔