مزید خبریں

مذہبی جذبات مجروح کرنے پر پی ایس اے عائد 

سمت بھارگو 
راجوری //راجوری ضلع میں مذہبی جذبات مجروح کر نے پر انتظامیہ نے 4افراد کےخلاف پی ایس اے عائد کر دیا ہے ۔ضلع کی تحصیل خواص کے گندنہ گاﺅں میں رواں ماہ کی 13تاریخ کو گاﺅں میں پیش آئے واقعہ کی اطلاع موصول ہونے کےساتھ ہی پولیس نے 14مئی کو اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی تھی ۔اس تحقیقات کے دوران پولیس نے 4افراد کو گرفتار بھی کرلیا تھا ۔اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں واقعہ میں شامل سبھی افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کر دیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے کہاکہ تمام ملزمان کےخلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کے سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔اس سے قبل معاملہ کے سلسلہ میں کئی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے سخت کارروائی کی مانگ کی تھی ۔
 
 

گھمبیر مغلاں میں نائب تحصیلدار کی کرسی خالی 

پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی گھمبیر مغلاں نیابت میں گزشتہ ایک برس سے نائب تحصیلدار کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے جسکی وجہ سے عام لوگوں کو کئی طر ح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گھمبیر مغلاں میں انتظامیہ کی جانب سے نائب تحصیلدار کا دفتر کھولا گیا تھا جس کے بعد کچھ عرصہ کےلئے نائب تحصیلدار اپنی خدمات انجام دیتا رہا تاہم لگ بھگ گزشتہ ایک برس سے نائب تحصیلدار کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ایک معمولی کام کےلئے بھی تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ کا رخ کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام سے بھی کئی مرتبہ رجوع کیا گیالیکن ابھی تک آفیسر موصوف کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گھمبیر مغلاں میں نائب تحصیلدار کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔