15سالہ لڑکے پر’UAPA‘کے نفاذپرمحبوبہ مفتی برہم
ٹوئٹر پر ادارہ جاتی ظلم کی ایک اور مثال سے تعبیر کیا
یواین آئی
سری نگر// پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں پندرہ سالہ لڑکے کے خلاف ’یو۔ اے۔ پی۔ اے‘ کے تحت مقدمہ درج کرنا ادارہ جاتی ظلم کی ایک اور مثال ہے ۔انہوں نے یہ بات اتوار کو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ایک رپورٹ جس کے مطابق ’’شمالی ضلع کپوارہ میں ایک پندرہ سالہ لڑکے پر ایک جلوس جنازہ میں ،’’اینٹی نیشنل‘‘ نعرے لگانے پر ،یو اے پی اے لگایا گیا ہے ‘‘، شیئر کرتے ہوئے کہی ہے ۔انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ہے ،’’'پندرہ سالہ لڑکے کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرنا ادارہ جاتی ظلم کی ایک اور مثال ہے ۔ موجودہ حکومت کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کرنے سے بھی مطمئن نہیں ہوئی، اب یہ کمسن لڑکوں کے پیچھے لگ گئی ہے ۔ کیا ملک میں کسی کو پرواہ ہے ؟‘‘۔دریں اثنا محبوبہ مفتی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف سے جہاں ہمارے لیفٹیننٹ گورنر ایک چھوٹی بچی کی ویڈیو کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے چوبیس گھنٹوں کے اندر تعلیمی نظام سے متعلق ایک بہت بڑا فیصلہ لیتے ہیں، وہیں دوسری طرف پندرہ سالہ بچوں کے خلاف یو اے پی اے کے تحت مقدمے درج کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا،’’'مجھے یہ فکر ہے کہ آخر یہ لوگ جموں و کشمیر میں کیا کرنا چاہتے ہیں۔ یہاں کے بچوں کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ شوپیاں میں پندرہ سال کی عمر کے تین بچوں کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے ۔ اس کے بعد ایک پندرہ سالہ بچے کے خلاف یو اے پی اے لگایا گیا۔ کل پلوامہ میں چند لڑکیوں کو پی ایس اے کے تحت بند کیا گیا ہے ۔ ہمارا مدعا یہ ہے کہ یہاں کے لوگوں کو کیوں کر دبایا جا رہا ہے‘‘۔سابق وزیر اعلیٰ نے سالانہ امرناتھ یاترا کے انعقاد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا،’’کیا وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی سنتے ہیں؟ اگر وہ ہماری سنتے تو پندرہ سالہ بچوں کے خلاف یو اے پی اے نہیں لگاتے ‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا،’’انہیں جو کرنا ہوتا ہے وہ کرتے ہیں۔ وہ اگر یاترا منعقد کرانا چاہتے ہیں تو وہ کرا سکتے ہیں، وہ تو مالک ہیں‘‘۔محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں بی جے پی کونسلر راکیش پنڈتا کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا،’’ہم راکیش پنڈتا کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں۔ ایسی کارروائیوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ ہم بدنام ہو جاتے ہیں۔ ہم سب کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے‘‘۔
کروڑوں روپے مالیت کاسامان محکموں نے بیرون جموں کشمیر خریدا:FCIK
مقامی صنعتی اداروں کی حوصلہ شکنی،حکومت کی موجودہ پروکیورمنٹ پالیسی میں ترمیم لازمی
سرینگر//سرکاری محکموں کی طرف سے اشیاء اور خدمات کوبیرون ریاست کے کاروباریوں اور صنعتی اداروں سے ٹینڈرنگ کے ذریعے حاصل کرنے سے مقامی صنعت کار وں کے کام کو زبردست دھچکا لگاہے اور وہ بے کار ہوگئے ہیں۔ا س بات کا اظہار فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹری کشمیر کے صدر شاہدکاملی نے انڈسٹریز اور کامرس کے پرنسپل سیکریٹری رنجن پرکاش سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی موجودہ پروکیورمنٹ پالیسی مقامی صنعت کاروں کے موافق نہیں ہے اور کروڑوں روپے مالیت کاسامان اور خدمات سرکاری محکموں نے بیرون جموں کشمیر کے صنعتی اداروں سے خریدا،جس کی وجہ سے مقامی صنعت اداروں کی زبردست حوصلہ شکنی ہورہی ہے۔فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹریزکے صدرشاہدکاملی نے سرکاری محکموں کی طرف سے مال کے ٹینڈرنگ عمل سے حاصل کرنے پرتشویش کااظہار کیا ہے۔چیمبر کی انتظامی کونسل نے محکمہ صنعت وکامرس کے ناظم کے ہمراہ کامرس اور انڈسٹریز کے پرنسپل سیکریٹری رنجن پرکاش ٹھاکور کے ساتھ ملاقات کرکے یہ معاملہ ان کی نوٹس میں لایا۔کاملی نے محکمہ خزانہ کی اُس ہدایت ہرسخت ناراضگی کااظہار کیا جس کے تحت محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں سے کہاگیا ہے کہ وہ (GeM)گورنمنٹ ای۔مارکیٹ پلیس کو اشیاء اورخدمات کے حصول کوروانہ کریں۔مقامی صنعت کارGeMپورٹل کے ساتھ ابھی درج نہیں ہوئے ہیں اور اس طرح وہ حکومت کی طرف سے حصول مال کے عمل میں حصہ لینے کے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کاروں کیلئے یہ ناممکن ہے جو حددرجہ ناموافق حالات میں کام کررہے ہیں کہ وہ بیرون جموں کشمیر کے اعلیٰ صنعتی علاقوں کے کاروباریوں سے مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی موجودہ پروکیورمنٹ پالیسی کی وجہ سے محکموں نے کروڑوں روپے مالیت کا سامان بیرون جموں کشمیر سے حاصل کرکے مقامی کاروباریوں کو بے روزگار کیا ہے۔فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹریزکشمیرنے مطالبہ کیا کہ GeM پورٹل میں مقامی کاروباریوں کی مانگوں کے مطابق ترمیم کی جانی لازمی ہے اورGeMسے خریداری کی حدپانچ کروڑ روپے رکھنی چاہیے۔ جنرل سیکریٹری اویس جامعی نے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ ،ٹول ٹیکس کے واپس لینے ،اینٹری ٹیکس وغیرہ کی وجہ سے صنعتی شعبے کو پہلے ہی دھچکا لگاہے ۔پہلے کے ٹیکس طریقہ کار سے صنعتوں کوتحفظ حاصل تھالیکن موجودہ قوانین نے اشیاء اور خدمات کوغیرمقابلہ جاتی بنایا ہے ۔اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے اس شعبے کی مدد نہ کرنے کی وجہ سے یونٹ مالکان کے اعتماد کوٹھیس پہنچی ہے اور نئے ممکنہ کاروباری نئے صنعتی یونٹ قائم کرنے سے کترارہے ہیں۔ جامعی نے صنعتوں کے تئیںحکومت کے رویہ اور پالیسیوں پرمایوسی کااظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ جموں کشمیرمیں صنعتی شعبے کیلئے نقش راہ کاتعین کریں۔حکومت موجودہ صنعتوں کو نظراندازکررہی ہے اوران کی سرمایہ کاری اور روزگار کے پیدا کرنے کے رول کوصرف نظر کیاجارہا ہے۔ پرنسپل سیکریٹری نے صنعتی شعبے کے مشکلات کو غور سے سنااوریقین دلایا کہ ہماری مقامی صنعت کاروں سے خریدنے کی پالیسی ہونی چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں ضروری اقدام کئے جائیں گے اور ایسی پالیسی کو ترتیب دینے کیلئے فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹریز کشمیر کارول ہوگا۔اس دوران چیمبر کی انتظامی کونسل کے ممبران بھی موجودتھے جن میں سینئرنائب صدرغلام جیلانی،نائب صدرنثاراحمد،جوائنٹ سیکریٹری زبیراحمد،سیکریٹری دانیال قریشی ،سیکریٹری پبلسٹی رفیق احمد اور سیکریٹری فائنانس الطاف احمد بھی شامل ہیں۔
جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے نیٹ ورک کا پردہ فاش
مالک گرفتار، دوکان سربمہر
عاصف بٹ
کشتواڑ// چھاترو میں جعلی لائسنس بنانے کے نیٹ ورک کو طشت از بام کرتے ہوئے پولیس نے دکاندار کو گرفتار کرکے دکان سربمہر کی۔ چھاترو تھانہ سے وابستہ انسپکٹر سندیپ پریہار نے پولیس ٹیم کے ہمرام چھاترو کے بساسٹینڑ میں ایک دکان پر چھاپہ مارا اورجعلی ڈرائیونگ لائسنس برآمد کرکے ضبط کیں۔ پولیس نے دکان کے مالک کو موقعہ پر ہی گرفتار کیا جبکہ جعلی لائسنسن بنانے کیلئے استعمال ہونے والے کمپیوٹر اور دیگر اشیاء کو ضبط کیا۔ پولیس نے دکان کو سربمہر کرکے اس سلسلہ میں ایف آئی آر زیر نمبر30/2021درج کرکے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
ناظم صحت کشمیر کی لوگوں سے اپیل
آئسولیشن کیلئے سرکاری سہولیات سے استفادہ کیا جائے
سرینگر//ناظم صحت کشمیرڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے لیفٹنٹ گورنرکی ہدایات پرعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئسولیشن کیلئے حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی کووِڈسہولیات جو خاص طور سے دیہی علاقوں میں قائم کی گئی ہیں، کافائدہ اُٹھائیں۔نظامت صحت خدمات کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر میرمشتاق نے کہا کہ لیفٹینٹ گورنر نے مفاد عامہ میں محکمہ صحت پرزوردیا ہے کہ وہ اُن لوگوں کو الگ تھلگ رہنے کی سہولیات بہم پہنچائیں جن کے گھروں میں آئسولیشن کیلئے جگہ دستیاب نہ ہویاگھر میں الگ واش روم نہ ہو۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر نے اُن لوگوں جو گھروں میں الگ تھلگ رکھے گئے ہیں،سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آکران سہولیات کا فائدہ اُٹھائیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی طرف سے پنچایت گھروں کی سطح سے لیکرضلع اسپتال سطح تک کووِڈکیئر کیلئے قائم کی گئی سہولیات کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ خاص طور سے اُن لوگوں کیلئے ہیں جن کے اپنے گھر میں الگ کمرہ یاالگ واش روم نہیں ہیں ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہم نے پنچایت ،بلاک سطح کے علاوہ ضلع سطح پرہم نے یہ سہولیات قائم کی ہیںجو مختلف مقامات پردستیاب ہیں۔ان سہولیات میں تمام انتظامات جیسے کھانا،دوائی بھی موجود ہیں۔ترجمان نے مزیدکہا کہ ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسزکشمیران مریضوں کی علامات اورنشانیوں پر کڑی نگاہ رکھ رہا ہے تاکہ ان کی بہتر نگہداشت ہو۔
سیاحتی شعبے سے جڑے10ہزار افراد کی ٹیکہ کاری مکمل
کشمیرمیں سیاحت کی بحالی کیلئے متعلقین کوویکسین لگاناترجیح:سرمدحفظ
سری نگر//سیاحتی شعبے سے جڑے دس ہزار افراد کی ابھی تک ٹیکہ کاری عمل میں لائی جاچکی ہے اورسیاحت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس بات کا اظہار سیاحت محکمہ کے سیکریٹری سرمدحفیظ نے کے این ایس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کی ٹیکہ کاری کے عمل میں حکومت نے اچھی پیش رفت حاصل کی ہے اور حکومت کااس شعبے سے وابستہ صدفیصد افراد کی ٹیکہ کاری کرنے کا ہدف ہے۔ انہوںنے سیاحت سے وابستہ افراد کی ٹیکہ کاری کو ترجیح دینے کیلئے ایل جی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔سرمد حفیظ نے مزید کہا ، ’’ویکسینیش مہم سرعت سے جاری ہے، ہم کووِڈ 19سے متعلق رہنما خطوط پر تبادلہ خیال کرتے ہیں اورایک ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں جس میں سیاح اپنے آپ کو محفوظ سمجھ کر ہمارے سیاحتی مقامات کا دورہ کریں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ سیاحتی شعبہ سے وابستہ افراد کی حفاظت کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور سیاحتی مقامات پر سہولیات کومزید بہتر بناناہے اور اس کیلئے ہم کام کررہے ہیں جس میں صفائی کرنے کی مہم، سیاحوں کیلئے بہم رکھی جانے والی خدمات سہولیات کا معائنہ کرنا شامل ہے۔ سرمد حفیظ نے کہاکہ یوم عالمی ماحولیات پر ہم متعدد سیاحتی مقامات پر تقریبات منعقد کررہے ہیں جن میں گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ بھی شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ سیاحتی مقامات کو جاننے اور ماحولیات کو بچانے کیلئے جانکاری مہم پیدا کرنے کیلئے ایسی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ محکمہ سیاحت کے سیکریٹری نے مزید کہاکہ کشمیر میں سیاحت کی بحالی کیلئے ان کا محکمہ انتظامیہ سے قریب سے کام کررہا ہے اور جلدہی صورتحال میں بہتری آئیگی اور سیاحوں کے اعتماد کو بحال کرکے سیاحتی سرگرمیاں شروع کی جائیںگی۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں اور سیاحوں کی حفاظت کیلئے صحت شعبہ سے وابستہ افراد کے ساتھ محکمہ سیاحت کووڈ رہنما خطوط پر رجوع کررہاہے۔ سرمد حفیظ نے کہاکہ ہمار مقصد نہ صرف سیاحوں کی حفاظت ہے بلکہ ہمارے اپنے لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی
2105افراد سے 240470روپے جرمانہ وصول
سرینگر//کورونا وائرس کی دوسری لہر کوقابو کرنے کیلئے جموں کشمیر پولیس نے اس متعدی بیماری کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اپنی کوششوں کو تیزکردیا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووِڈ- 19سے بچائو کے رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والے24افراد کوگرفتار کرکے 6ایف آئی آر درج کئے ہیں جبکہ وادی بھر میں2105لوگوں سے کورونا سے بچائو کی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے پر دولاکھ چالیس ہزار چارسوسترروپے جرمانہ وصول کیا ہے۔وادی کشمیرکے تمام اضلاع میں کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم جاری رہے گی ۔پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ- 19ایس اوپیزاور رہنماخطوط کی ہرحال میں پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ اس متعدی بیماری کو پھیلنے سے روکا جائے۔
جموں کشمیرمیں جنگلات کے رقبے میں نمایاں اضافہ:پرنسپل فاریسٹ کنزرویٹر
مرکزی زیرانتظام علاقہ میں قومی اوسط سے24.56فیصدزیادہ جنگلات
سری نگر//جموں کشمیرمیں جنگلات 55فیصدرقبے پر احاطہ کئے ہوئے ہیں جوقومی اوسط سے 24.56فیصد زیادہ ہے۔ا س بات کااظہار محکمہ جنگلات کے پرنسپل چیف کنسرویٹرموہت گیرا نے عالمی یوم ماحولیات کے موقعہ پر خبررساں ایجنسی کے این ایس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ قومی جنگلاتی پالیسی کے تحت پہاڑی ریاستوں میں نازک ماحولیاتی نظام کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے دو تہائی جغرافیائی رقبہ جنگلات اور درختوں کے احاطہ میں ہونا چاہئے ۔ انہوںنے لوگوں سے گزارش کی کہ وہ جنگلات کی حفاظت کیلئے محکمہ جنگلات سے تعاون کریں۔ انہوںنے کہاکہ یوٹی جموں کشمیر میں جنگلات کے رقبے میں زبردست بہتری آئی ہے۔ موہت گیرا نے کہاکہ ملک میںجن 5ریاستوں میں زیادہ جنگلاتی احاطہ ہے، جموں کشمیر اُن میںسے ایک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ 2019فاریسٹ کوررپورٹ کے مطابق جموں کشمیر 348 مربع کلومیٹرمیں بہتری آئی ہے اور فاریسٹ رپورٹ 2018کے مطابق ملک میں چوتھے درجہ پر ہے۔ جموں کشمیر میں جنگلات میں فی یونٹ رقبہ میں لکڑی کا سب سے زیادہ ذخیرہ درج ہوا ہے جو فی ہیکٹر 144.16 کیوبک میٹر ہے۔ یوٹیز جنگلات میں کُل کاربن سٹاک، جن میں ’جنگلات کے باہر درخت‘ شامل ہیں، وہ 390.20 ملین ٹن (جو کاربن ڈائی آکسائڈ کے 1430.73 ملین ٹن) کے برابر ہے، ملک کے کُل فاریسٹ کاربن کا5.48فیصد ہے۔ جموں کشمیر میں42قسم کے جنگلات پائے جاتے ہیں جو ملک میںسب سے زیادہ ہے اورماحولیاتی نظام کے تنوع کو ظاہر کرتے ہے۔موہت گیرا نے کہا کہ جموںکشمیر میںملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ جڑی بوٹیاںپائی جاتی ہیں۔
ہمیں اپنے جنگلات کا ہر حال میں تحفظ کرنا ہے
سبزسونے کی لوٹ کھسوٹ پر درخشاں کوصدمہ
سرینگر//سماج دشمن عناصر جموں کشمیرمیں سبزسونے کی لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں اوریہ یہاں کے ماحولیات کو تباہ کرنے پر تلے ہیں۔اس بات کااظہار بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان اور اقلیتی امور کی وزارت میں وقف ترقیاتی کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی نے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرمیں کورونا وائرس کی عالمگیر وباء کے دوران جنگلات کے لوٹ میں اضافہ ہوا ہے اور سبز سونے کو سمگل کرنے والوں کو سخت ترین قوانین کے تحت سزا دی جانی چاہیے۔ڈاکٹر درخشان اندرابی نے کہا کہ عالمگیر وبا کی پابندیوںکے دوران اسمگلر سرگرم ہوگئے ہیںاورجموں کشمیرمیں جنگلات کے لوٹنے میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔جنگجویت کے ابتدائی ایام میں یہاں ہم نے منصوبہ بند طریقے پر جنگلات کی لوٹ کودیکھاجس نے ہمارے سبزسونے کے خزانے کوناقابل یقین حدتک نقصان پہنچااوراب ہم پھر جنگلات میں درختوں کی بے دریغ کٹائی دیکھ رہے ہیںاورمحکمہ جنگلات اس لوٹ کو روکنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کررہا ہے۔درخشان اندرابی نے کہا کہ سرسبزدرختوں کی کٹائی کے ویڈیوں دیکھ کرصدمہ ہوتا ہے اور انہیں بلاخوف گھوڑوں اورٹپروں کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ہے اور ہم علامتی طور عالمی یوم ماحولیات کی تقریبات منانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ہمارے جنگلات کی بے قدری اور لوٹ کھسوٹ کے ویڈیوں دیکھ کرصدمہ ہوتا ہے اور میں لیفٹینٹ گورنر سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اس معاملے کاترجیحی طورنوٹس لیںاور اس لوٹ کھسوٹ کو روکنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ اسمگلروں کو جنگلات کی بے حرمتی کرنے سے روکا جائے۔ ڈاکٹر درخشان اندرابی نے اسمگلروں کو جنگلات کے سخت ترین قوانین کے تحت سزادینے کا مطالبہ کیاتاکہ کوئی ہمارے ماحولیاتی نظام کو نقصان نہ پہنچائے۔انہوں نے محکمہ جنگلات کے حکام سے اپیل کی کہ وہ خواب خرگوش سے بیدار ہوکراپنے آرام دہ دفاتر سے باہر نکل کران علاقوں کا دورہ کریں جہاں ان کی ضرورت ہے۔انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس لوٹ کھسوٹ کو روکنے کیلئے اپناکردار اداکرے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ایک پہاڑی علاقہ ہے اور جنگلات ہمارے ماحولیاتی نظام میں اہم کردار اداکررہے ہیں ۔ہمیں ہرحال میں جنگلات کا تحفظ کرنا ہے۔جولوگ جنگلات میں ،یاجنگلات کے قریب رہتے ہیں ان پر جنگلات کاتحفظ کرنے کی اضافی ذمہ داری ہے اورانہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرکے جنگلات کی سلامتی کو یقینی بنانا چاہیے۔
ویکسین کووِڈ- 19سے بچائو کا واحدذریعہ:ڈاکٹر ہارون
سری نگر//یواین آئی// نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر کے پروجیکٹ مینیجر ڈاکٹر قاضی ہارون نے کہا کہ ویکسین واحد ایسی چیز ہے جو ہمیں کووڈ 19 سے بچا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں بہت تبدیلی آئی ہے ، پہلے وہ وائرس کو ہلکے میں لے رہے تھے لیکن اب اس کو لے کر بہت حساس نظر آ رہے ہیں۔ڈاکٹر قاضی ہارون، جو سٹیٹ امیونائزیشن آفیسر بھی ہیں، نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ہفتہ وار ویڈیو پروگرام ' سکون' کے دوران کہا ہے ،’’ویکسین واحد ایسی چیز ہے جو ہمیں کووڈ 19 سے بچا سکتی ہے ۔ ابتدا میں ویکسین کو لے کر لوگوں میں خدشات تھے ‘‘۔انہوں نے کہا،’’ان خدشات کو دور کرنے میں مذہبی رہنمائوں اور میڈیا نے ہماری بھرپور مدد کی۔ آج لوگ جوق در جوق ویکسین لگوانے کے لئے ہمارے مراکز پر آ رہے ہیں‘‘۔ڈاکٹر ہارون نے کہا کہ ہم ایک اور لاک ڈائون کے متحمل نہیں ہو سکتے لہٰذا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا،’’ہمیں ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہے ۔ ہم ایک اور لاک ڈائون کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ اس لئے ہمیں بحیثیت ذمہ دار شہری یہ یقینی بنانا ہے کہ ہم وائرس پھیلانے کا سبب نہ بنے‘‘۔این ایچ ایم کے پروجیکٹ مینیجر نے کہا کہ لوگوں کے رویے میں ایک مثبت تبدیلی آئی ہے اور وہ اب کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا،’’لوگوں میں بہت تبدیلی آئی ہے ۔ وہ پہلے وائرس کو ہلکے میں لے رہے تھے لیکن اب میں انہیں حساس دیکھ رہا ہوں۔ لیکن یہ کافی نہیں ہے ، ہمیں مزید حساس ہونی کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر قاضی ہارون نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر تھمنے لگی ہے ، کیسز اور اموات میں غیر معمولی کمی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا،’’اگر خدانخواستہ تیسری لہر آ بھی جاتی ہے تو ہم اس سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ ہمارے پاس اب وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے‘‘۔
ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے ترہگام اور پنز گام میں ٹیکوںکی دستیابی کا جائزہ لیا
کپواڑہ// ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ امام الدین نے بلاک ترہگام اور کرالپورہ کے مختلف کووِڈ ویکسی نیشن مراکز کا دورہ کیا تاکہ ٹیکہ کاری مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیاجاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دورے کے دوران پرائمری ہیلتھ سینٹر ترہگام اور این ٹی پی ایچ سی پنز گام میں کووِڈ ویکسی نیشن سینٹر میں سہولیات کی دستیابی کامعائینہ کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے ڈاکٹروں اور عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔جس دوران اُنہوں نے اَپنے اَپنے علاقوں میں ویکسی نیشن مہم کی جاری پیش رفت کی جانکاری دی۔اُنہوںنے متعلقین پر زور دیا کہ وہ کووڈویکسی نیشن کے ہدف کو مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے انہیں ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ کوریج کیلئے گھر گھر جا کر ٹیکہ کاری مہم چلائیں تاکہ ضلع میں وَبائی بیماری کا مکمل خاتمہ کیاجاسکے۔دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی وہ قریبی ویکسی نیشن مراکز میں جاکر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں ۔
کشمیرمیں کورونا لاک ڈائون کا مثبت پہلو
سینکڑوں شادیاں سادگی سے انجام دی گئیں
سری نگر//ملک کے باقی حصوں کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں جہاں کووڈ – 19لاک ڈائون سے گزشتہ دو سال کے دوران معیشت کافی کمزور ہوئی جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے روز گار ہوئے وہیں دوسری جانب کشمیر وادی میںماہ رمضان کے بعد موجودہ لاک ڈائون کے دوران سینکڑوں شادیاں سادگی سے انجام دی گئیں،جس پر عوام حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ کے این ایس کے مطابق وادی کشمیر میں جاری لاک ڈائون کے باوجود سینکڑوں لوگوں نے اپنے بچوں کی شادیاں معمولی خرچ پر انجام دی، جس پر تمام لوگوں جن میں خاص کر غریب لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اعجاز احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا ، ’’اس بات میںشک نہیں ہے کہ لاک ڈائون کی وجہ سے یہاں کی معیشت ختم ہوئی لوگ خاص طور نوجوان بے روز گار ہوئے ،جبکہ مزدور پیشہ افراد فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں ‘‘۔انہوں نے بتایا بہت سارے لوگوں نے اپنے بھائی ،بہنوں یا بچوں کی شادیوں کے لئے تاریخیں بھی مقرر کیں تھی جبکہ لوگ مکمل بند کی وجہ سے تذبذب کا شکار ہوئے تھے۔انہوں نے بتایامذکورہ لوگوں کی اکثریت نے وقت کو غنیمت سمجھ کر شادیوں کے لئے مقرر تاریخوں کو تبدیل کرنے کے بجائے شادیاں ساد گی سے انجام دی جن میں کسی قسم کا کوئی اصراف یا فضول خرچی نہیں ہوئی ہے ۔بشارت احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا ان کا کنبہ مالی اعتبار سے بہتر حالت میں ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے اپنے بھائی کی شادی انتہائی سادگی سے انجام دی جس کے بعد ان کی بستی میں 7غریب کنبوں نے اپنے بچوں کی شادیاں انتہائی سادگی اور رسومات سے پاک انجام دی ہے ۔وادی کے مختلف علاقوںمیں بھی ماہ رمضان کے بعد اکثر شادیوں کی تاریخیں طے تھیں جبکہ جاری لاک ڈائون کے باعث تمام شادیاں قلیل خرچے اور سادگی کے ساتھ انجام دی گئیں۔ رفیق احمد نامی ایک شہری نے بتایا اس لاک ڈائون کی وجہ سے درجنوں غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کی شادیاں سادگی سے انجام دی گئیں جس پر کشمیری نوجوانوں کے رول کی سراہنا کی جارہی ہے ۔
سرینگر میں لائوڈا کی انہدامی کارروائیاں جاری
غیر قانونی طور تعمیرکئے گئے متعدد ڈھانچے مسمار
سرینگر//سرینگر میں لیکس اینڈ وائر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی(لائوڈا) نے گرین بیلٹ میں بنائے جارہے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کیا ہے ۔ لائوڈا کی انفورسمنٹ ونگ نے لشکری محلہ، دھوبی محکہ،برزہامہ،وانگت ،تیل بل ،نشاط اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ان ڈھانچوں کو مسمار کیا جو لاک ڈائون اور کووڈ 19کی آڑ میں غیر قانونی طریقے سے تعمیر کیے گئے تھے۔متعلقہ محکمہ نے اپنے حد اختیار میں ایک منزلہ اور دو منزلہ عمارتوں کے علاوہ کئی ٹین شیڈ بھی مسمار کیے ۔دوسری طرف انفورسمنٹ ونگ کے اہلکاروں کو انہدامی کارروائی انجام دینے کے دوران کئی جگہوں پر لوگوں کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔لائوڈا کے وی سی ڈاکٹر بشیر احمد بٹ نے لوگوں سے اپیل کہ کہ وہ لائوڈا اور گرین بیلٹ میںکسی طرح کی تعمیراتی سرگرمی انجام دینے سے باز آجائیں۔انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت کسی بھی قسم کا تعمیراتی ڈھانچہ کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔اس ضمن می وی سی لائوڈا نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
کشمیر ٹور آپریٹر3سال سے مالی بد حالی کا شکار
گورنر انتظامیہ سے مالی پیکیج فراہم کرنے کی اپیل
سرینگر//کشمیر ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وادی کشمیرمیں3سال سے سیاحت سے جڑے لوگوں کاکاروبار ٹھپ ہے ۔ ایسو سی ایشن کے صدر نذیر احمد ٹونڈا نے کہا کہ عالمی وبا سے پوری وادی مالی بحران سے دوچار ہے۔ ٹونڈا نے کہا کہ کشمیر ٹور آپریٹرگزشتہ تین سالوں سے کافی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا’’ ہمارا روزگار سیاحت پر منحصر ہے جو دو تین سالوں سے پوری طرح سے ٹھپ پڑا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکار کی طرف سے آج تک کسی بھی مالی پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا جو سراسر اُن کے ساتھ نا انصافی ہے۔ایسوسی ایشن نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس صنعت سے وابستہ افراد کیلئے ایک مالی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔
ڈی آئی جی شمالی کشمیرکا حیران کن اقدام
سوپور میں کسانوں کو کاشتکاری میں مصروف دیکھ کر پنیری لگانے کے کام میں شرکت کی
سرینگر//سوپور کے کھیتوں میں کسان اُس وقت حیران ہوگئے جب شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سجیت کمار نے کھیتوں میںجاکر یہاں پنیری لگانے میں مصروف مرد اور خواتین کے ساتھ پنیری لگائی۔ کمار اتوارکو پولیس قافلے کے ہمراہ سوپور سے جارہے تھے کہ انہوں نے کھیتوںمیں کسانوں کو پنیری لگاتے ہوئے دیکھ لیا۔ اس موقعہ پر سجیت کمار نے پولیس قافلے کو رکنے کا اشارہ کیا اور گاڑی سے اتر کر سیدھے کھیتوں میں جا پہنچے اور ڈی آئی جی کوکھیتوں میں دیکھ کر کسان ہکابکا رہ گئے۔سجیت کمار نے اپنا جوتا نکال کرکسانوں کے ہمراہ کھیتوں میں پنیری لگائی اورخوشی کااظہار کیا۔یہاں موجود ایک نوجوان نے بتایا ’’میں حیران ہوا جب میں نے ایک اعلیٰ پولیس افسر کو کھیت میں پنیری لگاتے ہوئے دیکھا ‘‘ ۔ سجیت کمار نے بعد میں ایک ویڈیوبھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا’’سوپور کشمیر کے کھیتوں کی مٹی ویسی ہی ہے جیسے بہار کے کھیتوں کی تھی’کاشر تمل‘ (کشمیری چاول)‘‘۔انہوںنے مزید لکھا ’’جو بھی میرے پاس تھا، وہ مٹی کو دے آیا، کشمیر کے کھیت میں، میں نے چاول نہیں، امید کا پودالگایا‘‘۔ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے کہا’’کوئی بھی کام کمتر نہیں ، میں نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کھیتی باڈی میں مواقع تلاش کریں‘۔انہوںنے کہا ’’کسانوں کے ساتھ پنیری لگانے میں شامل ہونا ایک خوشگوار لمحہ تھا اور میں نے وہاں نوجوانوں اور دیگر لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا، میں یہ کہوں گا کہ آج میرے لئے سب سے اچھا تجربہ تھا‘‘ ۔
امام جعفر صادق ؑکا یوم شہادت
انجمن شرعی شیعیان اور پیروان ولایت کا ہدیہ تعزیت
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان اور پیروان ولایت نے حضرت امام جعفر صادقؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے امام خامنہ ای کی خدمت میں ہدیہ تعزیت پیش کیا ہے۔انجمن صدر آغا سید حسن نے امام عالی مقام کی بے پناہ علمی و تدریسی خدمات کو اسلامی تاریخ کا ایک سنگ میل قرار دیاہے۔انہوںنے کہا کہ امام جعفر صادق کی ذات علوم شریعت اور اسلامی فقہ کا سرچشمہ ہے ،انہوں نے تاریخ اسلام میں پہلی بار ایک حوزہ علمیہ کا قیام عمل میں لایا اور ایک منظم تدریسی عمل شروع کیا اوراسی حوزہ علمیہ سے شرف تلمذ حاصل کرنے والے کئی طلاب عالم اسلام کے بلند قامت مفسر ،محدث ، فقیہ اور ائمہ مسالک بن کر خدمت اسلام میں شاندار کردار ادا کرتے رہے۔پیروان ولایت کے اہتمام سے حضرت امام جعفر صادق ؑ کے یوم شہادت اور امام خمینیؒ کی 32 ویں برسی کی مناسبت سے ایک محفل مذاکرہ کا انعقاد ہوا جس میں کورونا گائیڈ لائنزپر عمل کرتے ہوئے عقیدتمندوں نے شرکت کی۔موصولہ بیان کے مطابق محفل مذاکرہ میں پیروان ولایت کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت اور ا مام خمینیؒ کی زندگی کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا۔مولانا نے کہا کہ امام جعفر ؑ نے علم کے گہوارے اور منبع و مرکز میں پرورش پائی اور علوم و فنون کے سرچشمہ کے طور پر ابھرے ۔انہوں نے کہا کہ ان عظیم المرتبت ہستیوں کا عالم بشریت بالخصوص امت مسلمہ پر احسان ہے جنہوں نے علوم اسلامی کی ترویج کے لئے سخت ترین مشکلات اور اذیتوں کا سامنا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ائمہ معصومین کی قیادت ایک مثالی قیادت ہے ۔ اس موقعہ پر تنظیم کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت پر عمل پیرا ہوجائیں تاکہ ہمیں بغیر کسی کے جھنڈے تلے تمام اجتماعی و انفرادی مسائل حل ہو جائیں۔مولانا نے امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ایک تاریخ ساز شخصیت تھی جنہوں نے اپنی مدبرانہ تدبیر سے خالص اسلامی اصولوں کی بنیاد پر سرزمین ایران پرالٰہی نظام قائم کیا۔
جنوبی کشمیر میں جنگلی جانوروںکی ہڑبونگ
ٹنگمرگ میں ریچھ کی موجودگی سے خوف و ہراس
سرینگر//جنوبی کشمیر کے مختلف دیہات میں جنگلی جانوروں نے ہڑبونگ مچائی ہے ۔ ادھر شمالی کشمیر کے ٹنگمرگ قصبہ میں اتوار ریچھ بستی میں داخل ہوا جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔جنوبی کشمیر کے کنڈ ، منزمو، ناگرس ، بانی مولہ ، مالون ، شانگس، اترسو، چھتر گل و دیگر علاقہ جات میں ریچھوں اور بندروں نے لوگوں کا جینا حرام کرکے رکھ دیا ہے کیونکہ اس وقت مختلف اقسام کے میوہ جات تیار ہیں جن کا بندر اور ریچھ نقصان پہنچارہے ہیں ۔جنگلی جانوروں کی موجودگی سے لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں خاصکر بچوں اور عمر رسیدہ اشخاص کو گھروں سے باہر نکلنے سے روکا جارہا ہے ۔ ادھر محکمہ وائلڈ لائف کے خلاف لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے کہ وہ جنگلی جانوروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لاتے ۔ ادھر شمالی ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ قصبہ میں اتوار کو دن دھاڑے ریچھ بستی میں گھومتا نظر آیا جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ محکمہ وائلڈ لائف نے ریچھوں کو پکڑنے کیلئے کئی جگہوں پر پھندے لگائے تاہم آخری اطلاع ملنے تک ریچھ کو پکڑنے میں کامیابی نہیں ملی تھی۔سی این آئی
قرآن اور ماحولیات
سنٹرل یونیورسٹی کشمیر میں ویبنار
سرینگر//سنٹرل یونیورسٹی کشمیر (گاندربل) نے یونیورسٹی کے ڈی ایس ڈبلیوکے باہمی اشتراک سے عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے 5 جون 2021کو دن کے دو بجے ایک ماحولیات بیداری ویبناربعنوان "قرآن اور ماحولیات"کا انعقاد کیا۔ ویبنار کی صدارت وائس چانسلر سنٹرل یونیورسٹی کشمیر پروفیسر معراج الدین میر نے انجام دی ۔ ویبنار میں وادی اور وادی سے باہرمختلف حلقوں کے معزز مہمانوں کی ایک کہکشاں نے شرکت کی۔ ویبنار کا مقصد ماحولیات کی بیداری، اس کا تحفظ اور اس کے متعلق قرآنی نقطہ نظر کو سامنے رکھنا تھا۔ ویبنار کی نظامت شعبہ کشمیری کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ثمرینہ گیلانی نے انجام دی۔ اس دوران سنٹرل یونیورسٹی کے شعبہ کشمیری کی ایک طالبہ شوقیہ جان نے اپنی تخلیق کی ہوئی ایک خوبصورت نظم ’’آب و ہوا‘‘پیش کی۔ اس کے فوراً بعدڈی ایس ڈبلیوکے ڈین ڈاکٹر معراج الدین شاہ نے استقبالیہ خطاب پیش کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کا باقاعدہ استقبال کیا۔ اسسٹنٹ پروفیسر برائے مذہبی علوم ڈاکٹر نذیر احمد زرگرنے "قرآن اور ماحولیات" کے حوالے سے ایک بصیرت افروزخطبہ پیش کیا۔ جس میں انہوں نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے "ماحول" کے اصطلاحی معنوں کے اطلاقی پہلو سامنے رکھے۔ کلیدی خطبہ کے آغاز سے قبل اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ کشمیری ڈاکٹر علی محمد ڈار نے مہمان خصوصی پروفیسر محمد اسلم پرویز سابق شیخ الجامعہ’’مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی‘‘حیدرآباد، ڈائریکٹر’’اسلامک فائونڈیشن برائے سائنس اور ماحولیات‘‘اور مدیر اعلیٰ ماہنامہ اردو سائنس ، نئی دہلی کا تعارف پیش کیا۔ بعد اذاں پروفیسر محمد اسلم پرویز سابق شیخ الجامعہ"مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی" حیدرآباد نے پی پی ٹی کی مدد سے قرآن کی روشنی میں ماحولیات کے بارے نئے معلوماتی اور تحقیقی در وا کئے۔ انہوں نے مزید اس حقیقت پر روشنی ڈالی کہ قرآن ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے پر کیسے زور دیتا ہے اور ماحول کو تباہ کرنے والی کسی بھی قسم کی سرگرمی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔موصوف نے قرآن کو سمجھنے پر زیادہ زور دیا، تاکہ لوگ کسی بھی طرح کی ذہنی آلودگی سے پاک رہے۔یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر محمد افضل زرگر نے تمام تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کو ماحولیاتی بیداری اور تحفظ کے لئے ایک فعل کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ آخر پرکوآرڈی نیٹر شعبہ کشمیری ڈاکٹر عرفان عالم نے مہمانوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کو منعقد کرانے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی حوصلہ افزائی پر اظہار تشکر پیش کیا۔
ناقص کیڑے مار ادویات سیب کی صنعت کیلئے خطرہ: کسان تحریک
معاملے کی جانچ کرکے ملوثین کوسزا دینے کا مطالبہ
سرینگر// جنوبی کشمیر کے کولگام اور شوپیاں اضلاع میں کیڑے مار دوائیاں چھڑکنے کے بعد سیب کے مختلف باغات کو پہنچنے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنرل سکریٹری جموں کشمیر کسان تحریک غلام نبی ملک نے کاشتکاروں کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ ذمہ داروں کی شناخت کی جاسکے اور انہیں سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے بازار میں فروخت ہونے سے کیڑے مار ادویات اور کھادوں کے معیار کی جانچ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے۔ باغات میں کیڑے مار دوا چھڑکنے کے بعد اکثر پھل ختم ہو جاتے ہیں لیکن حکومت نے اسے روکنے کے لئے کبھی کوئی اقدام نہیں کیا۔ ملک نے کہا کہ اس خطرے کی روکتھام کے لئے متعلقہ اداروں کے ناقص ردعمل نے کسان برادری کو احتجاج پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ’’پچھلے کچھ سالوں سے یہ غیر معیاری کھادیں اور کیڑے مار دوائیں کھلے عام بازار میں فروخت کی گئیں اور حکام اس سب کو خاموش تماشائی بن کر دیکھ رہے ہیں‘‘۔کسان تحریک انتظامیہ سے اس خطرے کی روک تھام کے لئے ضلعی سطح پر جانچ لیبارٹری قائم کرنے کی اپیل کرتی ہے۔
ہندوارہ میں2افرادچرس سمیت گرفتار
سرینگر// پولیس نے ہندوارہ میں منشیات مخالف مہم کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے چرس برآمد کیا ۔ ولگام تھانہ کی پولیس پارٹی نے ایک چوکی پر ایک گاڑی (ایسٹیلو) زیرنمبر HP26A377 کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے جن کی شناخت محمد گلزار میراور شعیب احمد بٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے 80 گرام چرس برآمد ہوا۔ انہیں گرفتار کرکے تھانہ منتقل کیا گیا ۔
حضرت بابا نظام الدین کیانویؒ کا عرس
ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر لیڈران کی مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت بابا نظام الدین کیانویؒ (نقشبندی) کے سالانہ عرس مبارک پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ،کہ بزرگان دین کی بدولت ہی کشمیر کا چپہ چپہ اسلام سے منور ہوا اور اِن کی عظیم اور ملی کوششوں کی وجہ سے ہی جموں وکشمیر کے مسلمان علم قرآن وعلم حدیث سے روشناس ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگانِ دین کی تعلیم قرآن اور حدیث پر مبنی ہے اور اِن کی تعلیم ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سجادہ نشین درگاہ عالیہ بابا نگری میاں بشیر احمد کیانوی لاروی اور میاں الطاف احمد آج بھی اُن کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال یہاں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمند یہاں آتے تھے لیکن امسال کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر عرس سادگی کے ساتھ منایا گیا اور لوگوں کی سلامتی کا خیال رکھتے ہوئے تقریب منسوخ کی گئی۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیم تاقیامت ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے بھی عرس کے موقع پر عقیدتمندوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
حضرت زین الدین علی دارؒ کے عرس پر تقریب
سرینگر//حضرت خواجہ زین الدین ؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں ایک سادہ تقریب اُن کے آستان عالیہ واقع زیندار صاحب (حبہ کدل) میں منعقد ہوئی جس میں قرآن خوانی، ختمات المعظمات،درود و اذکاراور مجلس مولود خوانی آراستہ ہوئی جبکہ توبہ و استغفار کی مجلس کا بھی انعقاد ہوا۔ تقریب کی پیشوائی بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین متولی پیرزادہ ریاض حمد شاہ نے کی جبکہ ختمات المعظمات ، درود و زکار اور اوراد خوانی کی پیشوائی مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔ مولوی خورشید احمد قانونگو نے اولیاء اللہ کی عظمت بیان کی۔ انہوں نے اس موقع پر حضرت زین الدینؒ کی علمی اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔
عوامی مجلس عمل کا میرواعظ مولوی محمد فاروق کو خراج عقیدت
سوپور// عوامی مجلس عمل کے تنظیم کے بانی اور سابق میرواعظ مولوی محمد فاروق کی گرانقدر دینی، ملی،سماجی اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی اپنے بے باک رہنما کو پر نام آنکھوں سے یاد کررہی ہے ۔تنظیم نے علما، ائمہ اور نمازیوں سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ اپنی پنچ وقتہ نمازوں میں مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعائوں اور ایصال ثواب کا اہتمام کریں۔بیان میں کہا گیا کہ کووڈ19، لاک ڈائون اور سربراہ تنظیم میرواعظ محمد عمر فاروق کی نظر بندی کے سبب اجتماعی دعائیہ مجالس اور قرآنی خوانی کی محافل کا انعقاد ممکن نہیں ہے تاہم ہر فرد کی یہ دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اللہ تعالی کے حضور نہ صرف ان کی جنت نشینی بلکہ عالمی وبا سے نجات کیلئے بارگاہ خداوندی میں دعائوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔
انجمن علما وائمہ مساجدکا اظہار تعزیت
انجمن علما وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمان اشرفی ،حافظ ریاض الاسلام استاد مدرسہ شمس العلوم کیلم ،حافظ اعجازاحمد بلالی مہتمم دارالعلوم مفتاح القرآن ٹنجلو ڈورو اور قاری غلام محمد شاہ نائب مہتمم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ نے ایک مشترکہ بیان میں مولانا ظہور الاسلام مفتاحی مہتمم مدرسہ تقویت الاسلام پوشکریڑی نوگام اسلام آباد کے والد غلام محمد خاکی رحلت پرغمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے تحصیل کھڑی ترگام بانہال ایک مخلص ،انسان دوست،ہمدرد،مشفق ،علما اور اہل مدارس کے قدردان شخصیت کے مالک سے محروم ہو گئی ہے ۔انہوں نے اللہ تعالی سے مرحوم کی مغفرت جنت نصیبی اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔
10 سالہ کشمیری بچے کا عالمی ریکارڈ
سرینگر// جموں وکشمیر کے ایک 10 سال کے چھوٹے لڑکے عبدالعلیم نے 1952 کے جھنڈوں کی نشاندہی کرکے اور اس کے دارالحکومتوں ، کرنسیوں اور براعظموں کو بتا کر ، اپنے عمدہ حافظہ کی طاقت اور علم کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انھیں "جونیئر فلیگ ماسٹر" کے لقب سے نوازا گیا ہے اور وہ یہ ریکارڈ قائم کرنے میں سب سے تیز اور کم عمر ہیں۔علیم کے والد ، اعزاز احمد بوٹو(اے ای ای) جل شکتی ہیں ، ان کی والدہ اقرا منظور نثار(اے ای) پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہیں اور ان کی بہن انجیل پریزینٹیشن کانونٹ اسکول میں چوتھی جماعت کی طالبہ ہے۔ علیم بسکو اسکول سرینگر میں چھٹی جماعت کا طالب علم ہے۔
گنڈ میںسی آر پی ایف کیمپ میں شجر کاری مہم
غلام نبی رینہ
گاندربل//گاندربل کے علاقہ گنڈ میں موجود سی آر پی ایف اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مشترکہ کارروائی کے دوران کیمپ کے احاطے میں سینکڑوں نئے پودے لگائے گئے۔گنڈ میں سی آر پی ایف کے کیمپ میں محکمہ جنگلات کے اشتراک سے یوم ماحولیات کے تحت صاف وشفاف ماحول کو قائم رکھنے کے تحت شجرکاری مہم کے دوران پودے لگائے گئے۔اس موقع پر سی آرپی ایف کے کمانڈنگ آفیسر، محکمہ جنگلات کے سندھ رینج کے رینج آفیسر سمیت دیگر سی آر پی ایف کے افسران اور محکمہ جنگلات کے ملازمین موجود تھے جنہوں نے جوش و خروش سے شجر کاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے نئے پودے لگائے ۔
ڈی ڈی سی چیئر پرسن گاندربل نے میکڈامائزیشن عمل کا جائزہ لیا
ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئر پرسن نذہت اشفاق نے علاقہ پھاک اور ولی وارمیں سڑکوں پر بچھائے جارہے میکڈم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔علاقہ پھاک کی بیشتر رابطہ سڑکیں پچھلے سالوں سے کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی تھیں جن پر محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے میکڈیم بچھانے کا عمل شروع کردیا ہے جس کے تحت شہامہ، آلسٹینگ، باکورہ،ناگہ بل کھمبر رابطہ سڑکوں پر میکڈم بچھایا جارہا ہے ۔اس موقع پر محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر، سپرانڈنٹ انجینئر، ایگزیکٹو انجینئر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے ولی وار میں بھی میکڈامائزیشن عمل کا جائزہ لیا ۔
اسٹو ڈنٹس ایسو سی ایشن کی جانب سے گریز میں پروگرام
سرینگر//جموں و کشمیر سٹو ڈنٹس ایسو سی ایشن کی جانب سے ضلع بانڈی پورہ کے سرحدی علاقے گریز کا دورہ کر کے یہاں نوجوانوں کے ساتھ ایک پروگرام منعقد کیا ۔اس دوران ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے علاقے کے نوجوانوںکے ساتھ آن لائن مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسیو سی ایشن کے ترجمان ناصر کھویہامی اور مدثر احمد ڈارنے تلیل،مرکوٹ اورچور ون سے تعلق رکھنے والے طلباء کے ساتھ ڈاک بنگلے میں ایک ملاقات کی ۔سی ای او مشن یوتھ ڈائر ایکٹرجموں و کشمیر وسیکٹری ٹرائبل افئیرس ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے طلباء کے ساتھ آن لائن ملاقات کی ۔
ایئرفورس بھرتی 2021
درخواستیں جمع کروانے کا عمل 30 جون تک جاری رہے گا
سرینگر//بھارتی فضائیہ نے فلائنگ برانچ میں شارٹ سروس کمیشن (ایس ایس سی) اور مستقل کمیشن (پی سی) اور شارٹ سروس کمیشن کے گرانٹ کے کورسز کے لئے درخواستیں طلب کی ہیں۔اس سلسلے میں آن لائن درخواستوں کو بھی طلب کیا گیاہے۔ کورسز کا آغاز جولائی 2022 میں ہوگا۔درخواست جمع کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے جو 30جون تک جاری رہے گا۔اپنی تفصیلات اور دیگر معلومات کیلئے امیدواروں کو مشورہ دیا گیاہے کہ وہ تفصیلی نوٹیفکیشن آن لائن چیک کریں۔ویب سائٹ کا ایڈرس https://afcat.cdac.inہے۔امتحان ، رجسٹریشن کے عمل اور داخلہ کارڈ سے متعلق سوالات 020-25503105 یا020-25503106پر کال کرسکتے ہیں۔
کورونا کرفیو کے دوران 100 مستحق خاندانوں میںفوڈ کٹ تقسیم :یتیم فائونڈیشن
سرینگر//جموں کشمیر یتیم فاؤنڈیشن نے کورونا کرفیو اور لاک ڈاؤن کے دوران سرینگر ضلع کے مختلف علاقوں میں 2 لاکھ روپے مالیت کے 100 فوڈ کٹ ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کئے۔چیئرمین جے کے وائی ایف محمد احسن نے ضرورتمند وں اورمستحق خاندانوں تک پہنچنے کے لئے رضاکاروں کی بے لوث ، انتھک ، مخلص اور شفاف خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام خیر خواہوں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے تمام رضاکاروں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کے ضرورت مند تک رسائی کیلئے جوش و خروش کے ساتھ مشنری کام کو جاری رکھیں جبکہ ٹیکہ لگانے اور چہرے کے ماسک سمیت کووڈ مناسب طرز عمل پر عمل پیرا ہوں۔
تباہی کا شکار افراد کو قانونی خدمات
لیگل سروسز اتھارٹی کپوارہ کے اہتمام سے ویبنار
کپوارہ//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (ڈی ایل ایس اے) کپوارہ نے ڈیزاسٹر متاثرین کو قانونی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر نثار احمد وانی (میڈیکل سپرانٹنڈنٹ)نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ویبنار کے آغاز پر سکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کپوارہ مزمل احمد وانی نے سامعین کے سامنے اس موضوع کا تعارف کیا اور 2014 کے سیلاب یا 2005 کے زلزلے جیسی آفات میں جموں و کشمیر کی عدلیہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ریسورس پرسن مدثر احمد وانی (اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ) اور ایڈوکیٹ عبدالماجد بانڈے نے بھی قانونی خدمات اتھارٹی کے ذریعہ آفات سے متاثرہ افراد کو فراہم کی جانے والی قانونی خدمات کے بارے میں حاضرین کو روشنی ڈالی۔مقررین نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ متاثرین تک قانونی خدمات کی آگاہی اور اہمیت کو عام کریں تاکہ مستحق افراد مستفید ہوں۔
Contents
15سالہ لڑکے پر’UAPA‘کے نفاذپرمحبوبہ مفتی برہمٹوئٹر پر ادارہ جاتی ظلم کی ایک اور مثال سے تعبیر کیاکروڑوں روپے مالیت کاسامان محکموں نے بیرون جموں کشمیر خریدا:FCIKمقامی صنعتی اداروں کی حوصلہ شکنی،حکومت کی موجودہ پروکیورمنٹ پالیسی میں ترمیم لازمیجعلی ڈرائیونگ لائسنس کے نیٹ ورک کا پردہ فاشمالک گرفتار، دوکان سربمہرناظم صحت کشمیر کی لوگوں سے اپیلآئسولیشن کیلئے سرکاری سہولیات سے استفادہ کیا جائےسیاحتی شعبے سے جڑے10ہزار افراد کی ٹیکہ کاری مکملکشمیرمیں سیاحت کی بحالی کیلئے متعلقین کوویکسین لگاناترجیح:سرمدحفظکورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی2105افراد سے 240470روپے جرمانہ وصولجموں کشمیرمیں جنگلات کے رقبے میں نمایاں اضافہ:پرنسپل فاریسٹ کنزرویٹرمرکزی زیرانتظام علاقہ میں قومی اوسط سے24.56فیصدزیادہ جنگلات ہمیں اپنے جنگلات کا ہر حال میں تحفظ کرنا ہےسبزسونے کی لوٹ کھسوٹ پر درخشاں کوصدمہویکسین کووِڈ- 19سے بچائو کا واحدذریعہ:ڈاکٹر ہارون ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے ترہگام اور پنز گام میں ٹیکوںکی دستیابی کا جائزہ لیاکشمیرمیں کورونا لاک ڈائون کا مثبت پہلو سینکڑوں شادیاں سادگی سے انجام دی گئیں سرینگر میں لائوڈا کی انہدامی کارروائیاں جاریغیر قانونی طور تعمیرکئے گئے متعدد ڈھانچے مسمارکشمیر ٹور آپریٹر3سال سے مالی بد حالی کا شکار گورنر انتظامیہ سے مالی پیکیج فراہم کرنے کی اپیل ڈی آئی جی شمالی کشمیرکا حیران کن اقدامسوپور میں کسانوں کو کاشتکاری میں مصروف دیکھ کر پنیری لگانے کے کام میں شرکت کی امام جعفر صادق ؑکا یوم شہادت انجمن شرعی شیعیان اور پیروان ولایت کا ہدیہ تعزیتجنوبی کشمیر میں جنگلی جانوروںکی ہڑبونگ ٹنگمرگ میں ریچھ کی موجودگی سے خوف و ہراس قرآن اور ماحولیاتسنٹرل یونیورسٹی کشمیر میں ویبنارناقص کیڑے مار ادویات سیب کی صنعت کیلئے خطرہ: کسان تحریک معاملے کی جانچ کرکے ملوثین کوسزا دینے کا مطالبہہندوارہ میں2افرادچرس سمیت گرفتارحضرت بابا نظام الدین کیانویؒ کا عرسڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر لیڈران کی مبارکبادحضرت زین الدین علی دارؒ کے عرس پر تقریبعوامی مجلس عمل کا میرواعظ مولوی محمد فاروق کو خراج عقیدتانجمن علما وائمہ مساجدکا اظہار تعزیت 10 سالہ کشمیری بچے کا عالمی ریکارڈ گنڈ میںسی آر پی ایف کیمپ میں شجر کاری مہمڈی ڈی سی چیئر پرسن گاندربل نے میکڈامائزیشن عمل کا جائزہ لیااسٹو ڈنٹس ایسو سی ایشن کی جانب سے گریز میں پروگرامایئرفورس بھرتی 2021درخواستیں جمع کروانے کا عمل 30 جون تک جاری رہے گا کورونا کرفیو کے دوران 100 مستحق خاندانوں میںفوڈ کٹ تقسیم :یتیم فائونڈیشن تباہی کا شکار افراد کو قانونی خدماتلیگل سروسز اتھارٹی کپوارہ کے اہتمام سے ویبنار