پینے کے صاف پانی کی قلت | صدر کوٹ بانڈ ی پورہ میںجل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج
سرینگر//صدر کوٹ بانڈ ی پورہ میں لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں بھی انہیں پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتاہے۔احتجاج میں شامل خواتین نے سرینگر بانڈی پورہ روڑ پر دھرنا دیکر وہاں سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی اور اس طرح متعدد گاڑیاں کئی گھنٹوں تک درماندہ ہوکے رہ گئیں۔ مظاہرین نے کہا کہ گرمی کے ان شدید دنوں میں علاقے کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقہ میں نزدیک واٹر ٹینک سے ان کو پانی سپلائی ہورہا تھا لیکن عید الفطر کے بعد اس سکیم کا موٹر خراب ہو چکا ہے اور تب سے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ ندی نالوں کا ناصاف پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے جس کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہوچکی ہیں۔ احتجاجی خواتین نے اس ضمن میں ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افسران سے اپیل کی کہ وہ ا س ضمن میں مداخلت کرکے مذکورہ علاقہ جات کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں رول اداکریں۔ اس دوران پولیس دھرنے کی جگہ پہنچی اور جل شکتی محکمہ کے افسران سے بات کرنے کے بعد لوگوں کو یقین دلایا کہ پینے کے صاف پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے گا اور علاقہ کو پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
تحصیل میں صرف 3پٹواری تعینات | آری پل ترال کی آبادی پریشان ،حکام سے مداخلت کی اپیل
سید اعجاز
ترال// سب ضلع ترال کے بیشتر حلقوں میں پٹواری موجود نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں نے بتایاکہ پٹواریوںپر اضافی چارج دینے سے عوام کومختلف قسم کے کاغذات تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لرو جاگیر کے لوگوں نے بتایاکہ انہیں معمولی کاغذ تیار کرنے میں طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لوگوں نے بتایاکہ یہاںتعینات پٹواریوں کو مزید دو دو حلقوں کا اضافی چارج بھی دیا گیاہے جس کی وجہ سے یہاں معمولی کاغذات تیار کرنے میں کافی زیادہ وقت لگتا ہے ۔نہوں نے مطالبہ کیا کہ حلقے کی آبادی کو مد نظر رکھ کر یہاں الگ سے ایک پٹواری کو تعینات کیا جائے تاکہ انہیں مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے ۔
عالمی یوم ماحولیات | گاندربل میں لیگل سروس اتھارٹی کے اہتمام سے ویبنار
ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل میں چیئرپرسن ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی وپرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گاندربل شازیہ تبسم کی ہدایت پر عالمی یوم ماحولیات پر ویبنار کا اہتمام کیا گیا۔سیکریٹری لیگل سروسز اتھارٹی تبسم وانی کی نگرانی میں یہ ویبنار منعقد کیا گیا۔ویبنار میں سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر اویس فاروق میر، ڈسٹرکٹ منرل افسر(ڈی ایم او) گاندربل ذوالفقار احمد، بلاک ڈیولپمنٹ افسر شعیب نور نے بھی ویبنار میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسپیکر کے فرائض ایڈوکیٹ شیخ عمران نے انجام دیئے۔ مقررین نے ماحولیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حیاتیاتی تنوع والا صحت مند ماحولیاتی نظام ، زرخیز مٹی اور گرین ہائوس قائم کرنے سے زیادہ فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے صحت مند زندگی اور صاف ستھرے ماحول کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل کی اور کہا کہ اس ملک کے ہر شہری کا بنیادی فریضہ ہے کہ وہ جنگلات ، جھیلوں ، ندیوں کی زندگی سمیت قدرتی ماحول کی حفاظت میں بہتری لائیں ۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1986 ، نیشنل گرین ٹریبونل ایکٹ ،آلودگی کی روکتھام اور کنٹرول ایکٹ ، پانی کی آلودگی کی روکتھام اور کنٹرول، جنگلات کا تحفظ ایکٹ اوردیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اے سی بی نے چند تفصیلات طلب کیں | کوئی چھاپہ نہیں تھا،پاسپورٹ افسر کی تردید
سرینگر//پاسپورٹ دفتر سرینگر میں’’ اے سی بی‘‘ چھاپے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے پاسپورٹ افسر کشمیر نے کہا کہ انسداد رشوت ستانی ادارے نے معمول کے مطابق دفتر کا دورہ کیا۔ پاسپورٹ دفتر سرینگر میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پاسپورٹ افسر کشمیر بی بی ناگر نے کہا کہ انٹی کورپشن بیورو نے تحریری درخواست میں ان سے کچھ دستاویزات کی تفصیلات طلب کیں۔انہوں نے کہا کہ ایک معمول کا دورہ تھا جس کے دوران انہوں نے کچھ معاملات کے بارے میں تفصیلات طلب کیں ۔ ناگر نے کہا’’میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ انھیں تفصیلات فراہم کی جائیں گی بشرطیکہ وہ مکمل معلومات فراہم کریں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اے سی بی نے مبینہ چھاپے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا اور مزید کہا کہ یہ چھاپہ نہیں بلکہ صرف معمول کا دورہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ دفتر سرینگر میں شفاف نظام موجود ہے۔ ناگر کا کہنا تھا’’ یہاں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوچکی ہیں ہم لوگوں کے لئے کام کرتے ہیں اور لوگ تبدیلی محسوس کر رہے ہیں، پاسپورٹ آفس سرینگر میں مکمل شفافیت ہے۔‘‘سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پاسپورٹ سے انکار کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’’جموں و کشمیر میں پاسپورٹ کی فراہمی پولیس تصدیق پر منحصر ہے۔ اگر سی آئی ڈی دفترپاسپورٹ جاری نہ کرنے کی سفارش کرتا ہے ، ہم کسی کو پاسپورٹ نہیں دے سکتے یا اگر عدالت کی طرف سے ہدایت کی جاتی ہے تو بھی پاسپورٹ مہیا کرتے ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’ہم مکمل طور پر سی آئی ڈی کی توثیق یا عدالت کی ہدایت پر منحصر ہیں‘‘۔
بڈگام میںجنگجوئوںکی کمین گاہ تبا ہ کرنے کی خبر بے بنیاد:پولیس
سرینگر//ضلع بڈگام میں جنگجوئوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پولیس نے واضح کر دیا کہ غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کے تحت کارورائی کی جائے گی ۔ منگل کی صبح سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہوگئی کہ فورسز نے بڈگام کے پیٹھ منز گام میں جنگجوئوں کی کمین گاہ تباہ کر دی اور اس دوران اس کاریگر کو بھی حراست میںلیا گیا ہے جس نے کمین گاہ تعمیر کی تھی ۔ پولیس نے خبروں کی سختی سے ترید کرتے ہوئے بتایا کہ ایسا کوئی بھی واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی کسی کی گرفتاری عمل میںلائی گئی ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ضلع بڈگام کے کسی بھی علاقے میںایسا کوئی واقعہ پیش نہیںا ٓیا اور نہ ہی کسی جگہ سے جنگجوئوںکی کمین گاہ کو تباہ کر دیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ ایسی بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سی این آئی
ویٹ بقایاجات کیلئے ایمنسٹی اسکیم میں توسیع کا مطالبہ
سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ شوکت اعجاز سے ملاقات کی اور زیر التوا مطالبات کے سلسلے میں جموں کشمیرکے کاروباری برادری کی طرف حکومت کے امتیازی سلوک پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وبائی بیماری اور اس کے نتیجے میں لاک ڈاؤن نے کاروبار میں کافی رکاوٹیں ڈال دی ہیں اور چھوٹے کاروباری نان شبینہ کے محتاج بن گئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایمنسٹی اسکیم کو پہلے ہی 2018 کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 39-FD کے تحت مارچ 2022 کے اختتام تک توسیع دی گئی اور جی ایس ٹی کونسل سے تمام زیر التواء ریٹرنز کی تاخیر سے ادائیگی اور فیس معاف کرنے کا مطالبہ کیا۔
کرناہ اور پونچھ میں ہیروئن برآمد،3افراد گرفتار | بڈگام میں خشخاش پوست کی کاشت تباہ
سرینگر// پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران کپوارہ میںایک شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 2کلوگرام ہیروئن برآمد کرلیا۔ادھر بڈگام پولیس اور محکمہ ریونیو نے مشترکہ کارروائی کے دوران خصوصی مہم چلائی جس میں نارو علاقے میں پانچ کنال پر پھیلی خشخاش پوست کی کاشت کو تباہ کردیا۔ کرناہ میں پولیس نے یاربن حاجی ترا تاڈ کے مقام پرناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک لیا جس کی شناخت نصیر احمد شیخ ساکن حاجی ترا تاڈ کے نام سے ہوئی ہے۔ چیکنگ کے دوران اس کے قبضے سے 2کلوگرام ہیروئن برآمد کیا گیا۔ اسے گرفتار کرکے کرناہ تھانہ منتقل کردیا گیا ۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 61/2021 کو درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ادھرسرحدی ضلع پونچھ میں پولیس نے 2افرادکوہیروئین سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ منگل کے روزایک ناکہ کے دوران پولیس کی ٹیم نے کوٹاں مینڈھرکے مقام پرایک تلاشی کارروائی کے دوران2افرادکوروک کرجب اُن کی تلاشی لی تواُن کی تحویل سے30گرام ہیروئین برآمدہوا ۔دونوں کوگرفتار کیاگیا ۔پولیس نے بتایاکہ یہ دنوں ایک ماروتی کارزیرنمبرJK02BU-9425میں جارہے تھے کہ ان کوحراست میں لیاگیا۔پولیس نے بتایاکہ ہیروئین سمیت گرفتار کئے گئے افرادآکاش کمار شرمااورسکندرکمار شرما ساکنان جموں کیخلاف متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیاگیا اوراُن سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ادھر بڈگام پولیس اور محکمہ ریونیو نے مشترکہ کارروائی کے دوران خصوصی مہم کے دوران نارو علاقے میں 5کنال پر پھیلی غیر قانونی خشخاش پوست کی کاشت کو تباہ کردیا۔
رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام | پرنسپل سیکریٹری صنعت و حرفت نے پیش رفت کا جائزہ لیا
سرینگر//پرنسپل سیکریٹری صنعت و حرفت رنجن پرکاش ٹھاکر کی صدارت میں صنعت گھر بمنہ سری نگر میں جموں وکشمیر رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام کے تحت مانٹیرنگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر وائس چیئرپرسن جے اینڈ کے کھادی بورڈ ڈاکٹر حنا شفیع بٹ بھی موجود تھیں۔میٹنگ جے کے آر اِی جی پی سکیم کے تحت کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی تاکہ جے اینڈ کے کے جے یو کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم ہوں ۔میٹنگ میں کہا گیا ہے کہ سال 2020-21 کے دوران مارجن منی مختلف شعبوں کے تحت 866 یونٹوں کے قیام کے لئے 22.14 کروڑروپے جاری فراہم کئے گئے ہیں۔ مینوفیکچرنگ ، سروس اور زراعت سے وابستہ سکیمیں جس سے جموں و کشمیر یوٹی کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فائدہ ہوا ہے۔پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت کو جانکاری دی گئی کہ سکیم کی عمل آوری کے سلسلے میں بڑی کامیابی حاصل ہے اور پہلے اِنٹرپرینوروں اس سکیم سے فائدہ ہوا ہے ۔بینکوں کے ذریعے 60,00کروڑ روپے کی مارجن منی جزو کے مقابلے میں 22.14 کروڑ روپے جس سے 5,196 اَفراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت کو آگاہ کیا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے 25 کروڑ روپے جموںوکشمیر یوٹی کے دیہی علاقو ں میں 1,231 یونٹ کے قیام کے لئے رکھے گئے ہیں تاکہ 18 برس عمر سے 40برس تک کی عمر کے اَفراد میں شامل تعلیم یافتہ اَفراد میں بے روزگارنوجوانوں کو فائدہ ہو۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ جموں وکشمیر کے وی آئی بی کی جانب بینکوں کے ذریعے مالی اعانت فراہم کرنے والے تاجروں کی مالی اور مہارت کو بڑھانے کے لئے 933 خواہشمند انٹرپرینورون کے لئے اَنٹر پرینیور شپ ڈیولپمنٹ پروگراموں کا اہتمام کیا گیا تھا۔پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نے جموں وکشمیر کے وی آئی بی کی کارکردگی کو سراہا اور بورڈ کے ذریعے مارجن منی فنڈس کے بروقت اِستعمال پر اِطمینان کا اظہار کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر صنعت و حرفت کشمیر / جموں ، ڈائریکٹر پلاننگ صنعت و حرفت ، جموںوکشمیر بینک ، جے اینڈ کے سٹیٹ کوآپریٹیو بینک اور جے اینڈ کے گرامین بینک اور بورڈ کے اَفسران کے علاوہ متعدد بینکوں کے اَفسران نے شرکت کی۔
حقانی ٹرسٹ کا آن لائن سمینار
سرینگر//عالمی ماحولیاتی ہفتہ کی نسبت سے حقانی میموریل ٹرسٹ کے اہتمام سے ایک آن لائن سمینار منعقد ہوا جس میں سابق ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل دور درشن رفیق مسعودی، مولانا شوکت حسین کینگ، ڈاکٹر نذیر مشتاق، شہبازہاکباری،سید عابد بخاری، پروفیسر ارشدجہانگیر،سمیت کئی شخصیات نے شرکت کی۔ سمینار کی صدارت ڈاکٹررفیق مسعودی اور مولانا شوکت حسین کینگ نے مشترکہ طور کی۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں غورکرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ کائنات کے ماحول کی اہمیت کے پیش نظر اللہ تعالیٰ نے روز اول سے ہی ایسی تعلیم دی ہے جس سے ماحولیات کی ہر قسم کی آلودگی سے پاک وصاف معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور اس نے ہر اس چیز سے منع کیا ہے جو ماحول کو آلودہ کرتا ہے اور جس کے منفی نتائج انسان یا کسی مخلوق پر پڑتے ہیں۔ مولانا شوکت حسین کینگ نے کہا کہ اللہ تعالی نے زمین، ہوا، پانی ، زندہ اور مردہ مخلوقات ، شجر، حجر ، پہاڑ، سمندر اور دیگر عجائبات عالم میں غور کرنے کی دعوت دی ہے اور کائنات کے اس نظام توازن کی طرف اشارہ کیا ہے ۔نامورمعالج ڈاکٹر نذیر مشتاق نے آلودگی کی وجہ سے ہونے والے مختلف امراض کا ذکر کیا جن میں مبتلا ہوکرانسان لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔کیڑے مار دوائیوں کے استعمال کے نتیجے میں صحت کو بڑے خطرات لاحق ہیں ، جن میں کینسر کے معاملات میں اضافہ ہوتا ہے۔یہ انسانیت سوز حالات اس لئے رونما ہورہے ہیں کیونکہ انسانوں نے زمین پر آباد ہوکر اس ذمہ داری کو فراموش کردیا جو اللہ کی طرف سے اس پر عائد کی گئی تھی۔کشمیر یونورسیٹی کے شعبہ ماحولیات کے پروفیسر ارشد جہانگیر نے وسائل کے منصفانہ استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہئیں اور اپنی برادری کو ماحول کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ کریں۔
آرینز میں15ویں بیچ کیلئے داخلوں کا اعلان
سرینگر// آرینز گروپ آف کالجز راج پورہ چندھی گڑھ کے طلباء کے لئے ایک تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ آرینز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹیریا نے اس موقع پر طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی میں انسانیت کے اقدار کو فروغ دیں۔اس موقع پر پروفیسر روشن لال کٹیریا ، بانی رجنی کٹاریہ ، خزانچی ، ڈاکٹر پروین کٹیریا ، ڈائریکٹر جنرل ، آرینس گروپ موجود تھے۔ پروفیسر بی ایس سدھو ڈائریکٹر ، آرینز گروپ؛ ڈاکٹر جے کے آرینز کالج آف انجینئرنگ کے ڈائریکٹر سائیں اور آریاینز گروپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر گریما ٹھاکر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ 15 ویں بیچ کے لئے داخلے انجینئرنگ ، لاء ، مینجمنٹ ، ڈگری ، تعلیم ، نرسنگ ، زراعت ، فارمیسی ، پولی ٹیکنک ڈپلومہ وغیرہ میں پہلے ہی شروع ہوچکے ہیں ، یہ گروپ کینیڈا کے ساتھ بین الاقوامی تعلیمی تعاون کے ساتھ جاری ہے اور برطانیہ کے کالج اور یونیورسٹیاں اپنی مستقل تعلیم کے ساتھ انہیں مطلوبہ بینڈز حاصل کرنے تک مفت IELTS کوچنگ دی جائے گی۔
ضلع میںآبپاشی کو یقینی بنائیں: ڈپٹی کمشنر بارہمولہ
بارہمولہ// ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، بھوپندر کمار نے آبپاشی اور فلڈ کنٹرول (I & FC) کے محکمہ آبپاشی اور دیگر ضروری متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ذمہ داروں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی۔یہ اجلاس موجودہ زرعی سیزن کے پیش نظر طلب کیا گیا ہے تاکہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لئے متعلقہ تمام ضروریات کو پہلے سے بہتر طریقے سے بنایا جاسکے۔اس موقع پر کچھ امور پر ایک جامع گفتگو ہوئی جس کے دوران ڈی سی نے ہدایت دی کہ محکمہ دیہی ترقی کے ساتھ متعدد نہروں کومکمل کرلیا جائے۔انہوں نے اسی عمل کوصوبائی اور تحصیل سطح پر بھی انجام دینے کی ہدایت کی جہاں متعلقہ ایس ڈی ایم اور تحصیلداروں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ ناکارہ ہونے والے عمل کی نگرانی کریں۔ڈی سی نے آبپاشی پمپوں کے کام کے بارے میں بھی ایک مختصر جائزہ لیا جس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ان پمپوں کو آسانی سے اور پریشانی سے پاک طریقے سے کام کریں۔
ڈپٹی کمشنر کولگام نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا
کولگام//ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کولگام ، ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ضلع کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ضلعی افسران اور عملدرآمد کرنے والے اداروں کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔اس موقع پر ، ڈی سی نے متعلقہ افسران سے مختلف شعبوں کے تحت ہونے والے مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی رپورٹ طلب کیا ۔انہوں نے مختلف جاری منصوبوں اور بیک ٹو ولیج میں منظور شدہ کاموں کی حالت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں۔انہوں نے کاموں کی مستقل نگرانی پر بھی زور دیا اور ضلعی سربراہوں کو اہداف کو پورا کرنے اور ضلع میں اہم منصوبوں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائنز طے کرنے کی ہدایت کی۔ڈی سی نے ڈسٹرکٹ کیپیکس کے تحت چلائے جانے والے نئے کاموں کے تخمینے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ان کاموں کی تکمیل اور تخمینہ جمع کروانے کے لئے وقت طے کیا۔
سرمد حفیظ کا اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سیاحت کی ترقی پر تبادلہ خیال | سیاحتی مقامات کے فروغ کے لئے مزید پروگراموں پر زور
سرینگر// سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے خطے میں سیاحت کے شعبے کی موجودہ حیثیت کے بارے میں کشمیر کے سیاحتی اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈائریکٹر ٹورزم کشمیر ، جی این اتو نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی جاوید بخشی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ، سیاحت (رجسٹریشن) ، احسان الحق چشتی ، ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز کے نمائندے سمیت دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکریٹری نے کہاکہ وہ دنیا بھر میں سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مارکیٹنگ کے طور پر استعمال کریں۔سرمد حفیظ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کے سلسلے میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے جہاں سیاحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے مقامی اسٹیک ہولڈر باہر موجود لوگوں کو سیاحتی مقامات کی پیش کش اور تشہیر کریں گے تاکہ جموں کشمیرسیاحوں کا پہلا مقام بن سکے۔انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ جیسے واقعات کا اہتمام کریں۔ ماؤنٹین بائیکنگ ، پیدل سفر ، کوہ پیما ، تفریحی پانی کے کھیل اور متعلقہ سرگرمیاں تاکہ جموں و کشمیر کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کو اس طرح کے مقابلوں کے لئے مدعو کیا جائے۔
تعمیرات شروع کرنے سے قبل اجازت نامہ حاصل کریں:لائوڈا
سرینگر // لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مسکین باغ میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے کی صدارت میں بلڈنگ اجازت اتھارٹی کا 114 واں اجلاس طلب کیا۔یہ اجلاس بلڈنگ اجازت اتھارٹی ، جے اینڈ کے ایل ڈی اے کے ذریعہ کنٹرول آف بلڈنگ آپریشنز ایکٹ 1988 کے تحت طلب کیا گیا تھا۔اجلاس کے ایجنڈے میں تبادلہ خیال کیا گیا اور بی پی اے کی جانب سے میرٹ پر کل 50 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثنا ، وائس چیئرمین جے اینڈ کے ایل ڈی اے جو بی او سی اے کے چیئرمین بھی ہیں ، نے ایل ڈی اے کے مقامی دائرہ اختیار میں رہنے والے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی تعمیرات شروع کرنے سے پہلے اجازت نامہ کے لئے درخواست دیںاور غیر قانونی طور پر کھڑی کی جانے والی تعمیر کو قانون کے تحت مسمار کیا جائے گا۔
جل جیون مشن | ڈاکٹر عابد رشید نے پلوامہ میں جائزہ لیا
پلوامہ// مشن ڈائریکٹر ، جل جیون مشن جموں وکشمیر ، ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے ضلع میں جل جیون مشن کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لئے پلوامہ کا ایک وسیع دورہ کیا۔انہوں نے ضلع میں واٹر سپلائی کی مختلف اسکیموں اور فلٹریشن پلانٹوں کا معائنہ کیا اور ان عوامی اثاثوں کی حیثیت اور اس کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیف انجینئر ، جل شکتی ڈیپارٹمنٹ ، افتخار احمد ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر ، جل طاقت شعبہ ، ہائیڈرولک سرکل پلوامہ کے علاوہ ایگزیکٹو انجینئرز ، ٹیکنیکل آفیسر جے جے ایم اور متعلقہ افسران مشن ڈائریکٹر کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پرگنڈی پورہ گاؤں کے مقامی لوگوں نے ڈاکٹر عابد کو ڈبلیو ایس ایس میں آئرن ہٹانے کے پلانٹ کی عدم فراہمی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ کاموں کے لئے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کریں اور منصوبے کی ٹائم لائن پر عمل پیرا ہوں تاکہ مقامی لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جاسکے۔
بارہمولہ پولیس کی جانب سے عطیہ خون کاکیمپ منعقد
بارہمولہ// بارہمولہ پولیس نے ایک مقامی رضاکارگروپ بلڈنیٹ ورک بارہمولہ اورجی ایم سی بارہمولہ کے اشتراک سے منگل کے روز ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں ایک عطیہ خون کا کیمپ کاانعقادکیا۔اس دوران51پوئنٹ خون جمع کیاگیا ۔کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں پولیس وسی آرپی ایف کے اہلکاروںنے شرکت کی اپنے خون کاعطیہ دیا۔اس موقعہ پرگورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کی جانب سے یہاں ڈاکٹروں اورنیم طبی عملہ کی ٹیم دستیاب تھی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی بارہمولہ مکیش ککر،ڈی ایس پی ڈی پی ایل ڈاکٹر پیرزادہ اعجاز احمد،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹربارہمولہ سیدسجادحسین بخاری ،ڈی ایس پی اوپریشنز بارہمولہ نوازحسین اورایس ایچ ائو بارہمولہ شوکت احمدبھی موجودتھے ۔ ایڈیشنل ایس پی بارہمولہ مکیش ککرنے اس موقع پرکہاکہ ایک انسان کئی طرح کے اچھے کام کرتا ہے اورہر کام اپنے اپنے لحاظ سے بڑا نیک ہوتا ہے ۔انہوں نے تاہم کہاکہ ایک انسان کادوسرے انسان کی زندگی بچانے کیلئے خون کاعطیہ دینا سب سے بڑا نیک کام اورعمل ہے ۔
ٹیکہ کاری مہم کے فروغ کیلئے گلی ڈرامہ بازی کا اہتمام
اننت ناگ// ضلع اننت ناگ کے ڈورو اور ویری ناگ علاقے میں کورونا ویکسین کے حوالے سے پھیلے غلط اوربے بنیاد خدشات کو دور کرنے کی غرض سے ایک Street-Playکا اہتمام کیا گیاجس کیلئے مقامی فنکاروں ، 19آرآر اور جموں و کشمیر پولیس نے اشتراک کیا تھا۔اس موقع پر مقامی فنکاروں نے ڈراموں اور کشمیری فوک نغموں کے ذریعے روایتی انداز میں کورونا ویکسی نیشن کے فائدے اجاگر کئے۔ لوگوں کو اپنا اور اپنوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ٹیکہ کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی گئی۔
ویکسین لگوانے میں پس وپیش سے کام نہ لیں : اعجازخان
ویکسین لگوانے میں پس وپیش سے کام نہ لیں : اعجازخان
سرینگر//سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجازاحمدخان نے تمام ملازمین اورعام لوگوں پرزوردیاہے کہ وہ ویکسین لگوانے میں کسی بھی پس وپیش سے کام نہ لیں بلکہ جگہ جگہ دستیاب ٹیکہ کاری مراکز جاکر کورونامخالف ویکسین لگوائیں ۔انہوں نے کوروناکیخلاف جاری ہمہ رُخی جنگ میں انتظامیہ ،محکمہ صحت ،ڈاکٹروں ،طبی ونیم عملہ اوردیگر رضاکاروں کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ کورونا متاثرہ افرادکوعلاج ومعالجہ فراہم کرنے والے صحت کارکن بلاشبہ ایک اعلیٰ انسانی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔ملازم انجمنوں کے ایک پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے اپنے بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کوشکست دینے کیلئے سبھی لوگوں کویک جٹ ہوناچاہئے ۔انہوں نے تمام سرکاری ملازمین ،تاجر برادری ،نجی دفاتر واداروں میں کام کرنے والے ملازمین ،کارخانوں وفیکٹریوں میں کام کرنے والے ورکروں اوردیگرتمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگوانے میں کوئی دیر نہ کریں ۔
الطاف بخاری کا پارٹی لیڈر سے اظہارِ تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی کے سینئرلیڈر غلام حسن خان کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے، جو گذشتہ شب انتقال کرگئیں۔ایک تعزیتی پیغام میں بخاری نے غمزدہ کنبہ خاص طور سے غلام حسن خان کے ساتھ رنج وغم کی اِس گھڑی میں دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا۔انہوں نے مرحومہ کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل دعا کی ہے۔ پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی غلام حسن خان کے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ویکسین لگوانے میں پس وپیش سے کام نہ لیں : اعجازخان
ویکسین لگوانے میں پس وپیش سے کام نہ لیں : اعجازخان
سرینگر//سینئر ٹریڈیونین لیڈر اعجازاحمدخان نے تمام ملازمین اورعام لوگوں پرزوردیاہے کہ وہ ویکسین لگوانے میں کسی بھی پس وپیش سے کام نہ لیں بلکہ جگہ جگہ دستیاب ٹیکہ کاری مراکز جاکر کورونامخالف ویکسین لگوائیں ۔انہوں نے کوروناکیخلاف جاری ہمہ رُخی جنگ میں انتظامیہ ،محکمہ صحت ،ڈاکٹروں ،طبی ونیم عملہ اوردیگر رضاکاروں کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ کورونا متاثرہ افرادکوعلاج ومعالجہ فراہم کرنے والے صحت کارکن بلاشبہ ایک اعلیٰ انسانی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔ملازم انجمنوں کے ایک پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے اپنے بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کوشکست دینے کیلئے سبھی لوگوں کویک جٹ ہوناچاہئے ۔انہوں نے تمام سرکاری ملازمین ،تاجر برادری ،نجی دفاتر واداروں میں کام کرنے والے ملازمین ،کارخانوں وفیکٹریوں میں کام کرنے والے ورکروں اوردیگرتمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لگوانے میں کوئی دیر نہ کریں ۔
مولانا ہمدانی کامولوی مشتاق احمد کو برسی پر خراج عقیدت
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مولوی مشتاق کے 17ویں یوم وصال پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کو اللہ نے خداد علمی اور دینی اوصاف سے نوازا تھا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی میں اسلامیہ ہائی سکول اور نصرۃ الاسلام کیلئے بھی قابل قدر کام کیا۔ جمعیت ہمدانیہ کے اجلاس میں مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔ مولانا شوکت حسین کینگ، صدرِ جمعیت حاجی عبدالرشید گانی اور دیگر زعماء جمعیت نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ادھر مولانا خورشید احمد قانونگو نے بھی مولوی مشتاق احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم شریف النفس اور اخلاقِ حمیدہ کے مالک تھے۔