قدرتی حسن سے مالا مال جبی طوطی علاقہ انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار
تحصیل منڈی کے سیاحتی مقامات کوجلد سیاحتی نقشے پر لانے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کا دور دراز قدرتی حسن سے مالا مال سیاحتی مقام جبی طوطی اس جدید دور میں بھی انتظامیہ کی توجہ حاصل کرنے کا منتظر ہے ۔ انتظامیہ کو بار بار متوجہ کئے جانے کے باوجودانتظامیہ مذکورہ علاقہ کو سیاحتی مقام پر لانے کیلئے کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے ۔واضح رہے کہ ضلع پونچھ میں کئی سیاحتی مقامات ہیں اگر ان کی جانب تھوڑی سی توجہ دی جا ئے تو کشمیر اور لداخ کی طرح یہ علاقہ بھی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن سکتا ہے۔ اگر ہم صرف جبی طوطی کی بات کریں تو نام سے جانا جاتا ہے جہاں خطہ پیر پنچال کے لوگ آج بھی 3 گھنٹے کا پیدل سفر کر کے قدرت کے اس حسین و جمیل منظر کو دیکھنے اور یہاں کی خوبصورتی اور دلکشی سے لطف اندوز ہونے کے لئے کئی طرح کے مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود وہاں جاتے ہیں۔جبی طوطی جانے والے اکثر افراد کا کہنا ہے کہ اگر اس کی جانب انتظامیہ تھوڑی توجہ دے کر اسے سیاحتی نقشے پر لائے تو نہ صرف مقامی بلکہ غیر مقامی سیاحوں کی توجہ بھی اس جانب راغب ہوگی اور ضلع پونچھ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک حکومت نے ان کے ساتھ وعدہ خلافیاں کیں اور مقامی سیاسی لیڈران بھی ضلع پونچھ کے ان خوبصورت علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے میں کامیاب نہیں ہوپائے ،یہی وجہ ہے کہ اس قدر خوبصورت مقامات ہونے کے باوجود اس علاقہ کو وہ حیثیت حاصل نہیں ہو سکی جس کا وہ حقدار ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی کوڈ کے باوجود جبی طوطی میں لوگوں کی آوا جائی ہو رہی ہے۔اس دوران ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں جبی اور اس کے گرد و نواح میں پائے جانے والے مقامات پر لوگ تفریح کیلئے آ رہے ہیں لیکن وہاں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے وہ مایوس ہو جاتے ہیں۔ محمد امین نامی ایک شخص نے کہا محکمہ سیاحت اور انتظامیہ اسے سیاحتی طور پر ترقی دینے کیلئے کس گھڑی کا انتظار کررہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج جب جموں کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے اس دور میں بھی منڈی کے جبی تک سڑک کی سہولت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبی طوطی تک پہنچنے کے لئے اڑائی اور ہاڑی بڈھا سے متعدد راستے ہیں جبکہ سرنکوٹ تحصیل کی جانب سے بھی اس مقام تک پہنچنے کے لئے الگ الگ راستے پائے جاتے ہیں جہاں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ پیدل سفر کرتے ہیں اور3 سے چار گھنٹے کے بعداس مقام پر پہنچتے ہیں۔انھوں نے کہا اگرچہ اڑائی گاو ں سے زمینی کٹائی کر ایک سڑک کو پنچایت اڑائی پیراں سے ہوتے ہوئے بہت آگے تک پہنچایا گیا ہے مگر ابھی بھی سڑک کی آخری حد کے بعد جبی کے لئے 2 سے 3 گھنٹے کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ان کاکہناہے کہ انتظامیہ ضلع پونھ کو سیاحتی نقشے پر لانے کیلئے اگر سنجیدگی سے اقدامات کرے تونہ صرف لوگ خوبصورت مقامات تک آسانی سے پہنچ سکیں گے بلکہ روزگا رکے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انھوں نے کہا سیاحت کے اعتبار سے پونچھ ضلع کے تصیل منڈی، تحصیل سرنکوٹ، تحصیل مینڈھر میں متعدد پرکشش مقامات ہیں لیکن یہاں کی ترقی کی سمت کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے۔ انہوں نے لیفٹنٹ گورنر اوران کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ ضلع پونچھ کے سبھی خوبصورت مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کے اقدامات اٹھائے جائیں۔
پی ڈی پی سنیئر لیڈر اور خواتین وینگ پونچھ کی صدر کا انتقال
آبائی گاوں میں سپردخاک ،کئی سیاسی لیڈران کی شرکت
جاوید اقبال
مینڈھر //پی ڈی پی سنیئر لیڈر اور ضلع پونچھ کی خواتین وینگ کی صدر زاہدہ صابر کا مختصر علالت کے بعد پنچاب کے ایک ہسپتال میں انتقال ہو گیا ۔ان کی نمازجنازہ آبائی گائوں دبڑاج ساگرہ میں ادا کی گئی ۔ان کی نماز جنازعہ میں کئی سیاسی ،سماجی ،و مذہبی شخصیات سمیت ہزاروں کی تعداد میں عام لوگوں نے شرکت کی ۔اس سے قبل مرحومہ کچھ عرصہ کیلئے میڈیکل کالج جموں میں بھی زیر علاج رہی تاہم چار دن قبل ان کی صحت دوبارہ سے خراب ہونے کی وجہ سے ان کو پنجاب کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں پر ان کی وفات ہوگئی ۔ان کی نماز جنازعہ میں کئی پی ڈی پی سنیئر لیڈران ،ضلع ترقیاتی کونسل ممبر اور پنچایتی اراکین نے بھی شرکت کی ۔ان کی وفات پر کئی سیاسی ،سماجی او ر مذہبی لیڈران گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی ۔اس سلسلہ میں مولانا فتح محمد مہتمم دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر و سینئر نائب صدر تنظیم علمائے اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ نے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کی۔ مولانا نے مرحومہ کے آبائی گاؤں ساگرہ میں مرحومہ کی نماز جنازہ میںشرکت کی ۔بعد ازیں مولانا نے کہاکہ مرحومہ نیک صفت خاتون تھیں۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ پیشے سے استاذ تھی شاگردوں میں مقبول وممتاز حیثیت سے جانی جاتی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے سیاست میں حصہ لیا اور وہ سیاست میں بھی اپنا نام بنایا مرحومہ عوام الناس میں ہر دلعزیز ومقبول لیڈر کے طور پر بھی جانی جاتی تھی۔انہوں نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ۔
محبوبہ مفتی کا اظہار غم
سری نگر//پی ڈی پی کی سینئر لیڈر زاہدہ صابر گذشتہ شب طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ زاہدہ صابر نے منگل کی شب قریب ساڑھے گیارہ بجے زندگی کی آخری سانسیں لیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ پانچ ماہ سے علیل تھیں اور لدھیانہ پنجاب کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ضلع پونچھ کے مینڈھر سے تعلق رکھنے والی زاہدہ صابر جموں وکشمیر کے سابق وزیر مرحوم چودھری لعل محمد صابر کی اہلیہ تھیں۔دریں اثنا پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے زاہدہ صابر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’زاہدہ صابر جی کی موت پر گہرا صدمہ ہوا۔پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتی ہوں اور اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی جنت نشینی کے لئے دست بدعا ہوں‘۔
سری مستان ٹرائبل گجر ویلفیئر فاؤنڈیشن کا آن لائن تعزیتی اجلاس
عشرت حسین بٹ
پونچھ//سری مستان ٹرائبل گجر ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں فاؤنڈیشن کے اراکین نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر ممبرس نے حال ہی میں دینی، سماجی و سیاسی شخصیات کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوے ان تمام مرحومین کیلئے دعائیں کی اور تمام شخصیات کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ممبران نے مفتی فیضی الوحید، گلزار کھٹانہ، امین قمر اور زاہدہ چوہدری کے اچانک انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیات کا اچانک جدا ہونے سے سماج میں ایک خلا پیدا ہو گئی ہے ۔سری مستان ٹرائبل گجر ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین چوہدری محمد اسد نعمانی نے کہا کہ مفتی فیض الوحید نے اپنی مختصر عمر میں جو دینی خدمات دی ہیں اس کی مثال دور دور تک نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مفتی مرحوم نے ایسے تاریخ کام سرانجام دینے ہیں جو آنے والی کئی نسلوں تک یادرکھے جائیںگے۔ اسد نعمانی نے کہا کہ پسماندہ طبقہ کو قرانی تعلیمات دینے کی گرز سے قران پاک کا گوجری میں ترجمہ کرنا ان کی شخصیت کے اہم پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔ اسد نعمانی نے چوہدری گلزار کھٹانہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک بیباک، نڈر، اور صاف گوہ شخصیت کے مالک تھے۔جو کہ سیاسی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین ادب سے بھی جوڑے ہوئے تھے ۔ان کے علاوہ امین قمر کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔تنظیم کے اراکین نے زاہدہ چوہدری کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ سیاسی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ خاتون لیڈر بھی تھی جنہوں نے اعلی سطح پر خواتین کی نمائندگی بڑی بڑی انجمنوں میں کی اور پسماندہ طبقہ کے ملازمین کے لئے انہوں نے ہمیشہ جنگ لڑی۔ اسد نعمانی نے کہا کہ زاہدہ چوہدری سری مستان ٹرائبل فاونڈیشن کی شعری کی رکن تھی اور سری مستان کور گروپ کا حصہ تھی۔اسد نعمانی نے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں ان اہم شخصیات کے جانے سے سماج کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے جس کی بھرپائی ناممکن ہے۔اس دوران تمام مرحومین کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔
ٹرانسفارمروں سے تیل چوری ہونے کے مختلف واقعات
کئی علاقوں میں بجلی سپلائی بند ،لوگ پریشان ،کارروائی کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علا قوں میں بجلی ٹرانسفارمروں سے تیل چوری ہونے کے واقعات پیش آنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں نصب ٹرانسفارمر سے دو مرتبہ تیل چوری کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں جس کی وجہ سے ان مشینری خراب ہو چکی ہے ۔انہوں نے بتایا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے 60سے زائد گھروں کی بجلی سپلائی بند ہو گئی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نہ تو بجلی سپلائی کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے اور نہ ہی مذکورہ معاملہ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے کوئی قدم اٹھایا جارہا ہے ۔اسی طرح سب ڈویژن کی پنچایت مڈل دھار گلون کے محلہ کشمیریاں میں نصب کردہ ٹرانسفارمر سے بھی تیل نکالا گیا تاہم ابھی تک مذکورہ ملزم کیخلا ف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ٹرانسفارمروں سے تیل نکالنے والوں کو سراغ لگا کر ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس سلسلہ میں اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر مینڈھر نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہے ۔محکمہ کے ایگز یکٹو انجینئر پونچھ نے بتایا کہ ٹرانسفارمروں ست تیل کوئی ماہر شخص ہی نکال رہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں پولیس سے رجوع کر کے کارروائی کیلئے سفارشات کی جائیں گی تاکہ ملزم کو گرفت میں لایا جاسکے ۔
18سے 44برس عمر کے افراد کیلئے ویکسین مہم شروع
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں انتظامیہ کی جانب سے 18سے 44برس عمر کے افراد کیلئے کووڈ ویکسین مہم شروع کر دی گئی ۔بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین طاہرہ جبین نے گور نمنٹ سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر میں تحصیلدار کی موجود گی میں اس مہم کا آغاز کیا ۔بی ڈی سی چیئر مین نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ ویکسین لگوائی جائے تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیاجا سکے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت انتظامیہ کی جانب سے کووڈ ویکسین کیلئے مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت 18سے 44برس کے عمر کے مکینوں کو ویکسین دی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے 45برس سے زائد عمر کے ارافراد کو کووڈ ویکسین دینے کیلئے مہم شروع کی گئی تھی ۔مینڈھر منعقد اس سلسلہ میں منعقدہ پروگرام کے دوران بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر اور بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر بھی موجود تھے ۔اس دوران بی ڈی سی مینڈھر کی جانب سے مینڈھر ہسپتال میں مریضوں کیلئے ایک آکسیجن کنسٹریٹر بھی بلاک میڈیکل آفیسر کے حوالے کیا گیا ۔
95سالہ بزرگ خاتون نے ویکسین کی پہلی خوارک لی
سمت بھارگو
راجوری //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں ایک 95سالہ خاتون بزرگ نے کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک لی ۔95سالہ فہروضہ بانو اپنے بیٹوں اور پوتوں کے ہمراہ بیلہ علاقہ میں قائم کر دہ محکمہ صحت کے سب سنٹر پہنچی جہاں پر انہوں نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے پہلی ویکسین لی ۔بزرگ خاتون سے ویکسین لینے میں تاخیر کے سلسلہ میں پوچھے جانے پر موصوفہ نے کہاکہ انہوں نے سنا تھا کہ جو بھی ویکسین لے رہے ہیں وہ جلد ہی بیمار ہو تے جارہے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لی ہوئی تھی ۔موصوفہ نے بتایا کہ حال ہی میں ان کے گائوں میں کئی ایک بزرگوں نے کووڈ ویکسین لی تاہم ان میں سے کوئی بھی شخص بیمار نہیں ہوا جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ بھی ویکسین کی پہلی خوراک لیں گی ۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انتظامیہ کی ایک ٹیم نے علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے ان کو کووڈ ویکسین کے بارے میں مکمل جانکار ی بھی فراہم کی ۔ویکسین لینے کے بعد انہوں نے بتایا کہ وہ پوری طرح سے بہتر محسوس کررہی ہیں ۔انہوں نے سماج کے ہر ایک فرد سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ ویکسین ضرور لے تاکہ وائرس کو ختم کیاجاسکے ۔
فوج نے نوجوانوں کیلئے پروگرام کا اہتمام کیا
پونچھ //فوج کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس کے دوران مقامی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔سب ڈویژن مینڈھر میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران فوجی آفیسران نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں فوج میں بھرتی ہونے کی کوشش کریں تاکہ ملکی خدمت کیساتھ ساتھ ان کو معیاری روز گار بھی مل سکے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں بے روز گاری ایک بڑا معاملہ مسئلہ بن چکی ہے جبکہ نوجوان روز گار کی خاطر کئی جگہوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو چائیے کہ وہ فوج میں بھرتی کیلئے بنیادی اہلیت مکمل کریں اور اس سلسلہ میں اپنی کوششیں جاری رکھیں تاکہ ان کو فوج میں روز گار مہیا ہو سکے ۔اسی طرح پونچھ کے محلہ ہلاں میں بھی ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
سر نکوٹ میں رہائشی مکان خاکستر
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کی مرکزی پنچایت میں آگ کی ایک وردات میں ایک کچا رہائش مکان خاکستر ہو گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ پنچایت سرنکوٹ کی وارڈ نمبر سات کے محلہ میلاں میں محمد کبیر ولد لال محمد کے رہائشی مکان میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے ساز و سامان تباہ ہو گیا ۔رہائشی مکان کے مالک محمد کبیر نے بتایا کہ مشکوک حالت میں لگی آگ کی وجہ سے گھر میں رکھا گیا ستر ہزار روپے نقدی کیساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے کا سونا بھی جل کر راکھ ہو گیا ۔آگ کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی تحصیلدار سرنکوٹ شیراز احمد چوہان ایس ڈی پی او سرنکوٹ عبد الخالق ایس ایچ او سرنکوٹ جتندر سنگھ سمبیال متعلقہ سرپنچ اور فارئر سروس کی ٹیم موقع پر پہنچے جہاں انھوں نے آگ کو قابو کرنے کی کوشش تاہم مکان جل کر راکھ ہو گیا تھا۔ متاثرین نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر معاوضہ فراہم کیا جائے۔
ماسٹر محمد دین کھٹانہ پُر نم آنکھوں کیساتھ سپرد خان
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقہ سے تعلق رکھنے والے ماسٹر محمد دین کھٹانہ المعروف محمد دین بانڈے بدھ کے روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ۔مرحوم سے تعلیم شعبہ سے گہرا تعلق ہونے کیسا تھ ساتھ ادب سے بھی جوڑے ہوئے تھے جبکہ علاقہ میں معزز اور بہترین استاد بھی مانے جاتے تھے ۔مکینوں نے بتایا کہ مرحوم دن کو پیشہ سے وابستہ ہوکر محنت و لگن سے کام کرتے جبکہ رات کی تاریکی عبادت میں مصروف رہتے تھے جبکہ بعد میں فجر کی اذان دے کر پھر سے عباد ت میںمشغول ہوجاتے تھے ۔مرحوم گوشہ نشین اور اعلی درجہ کے عبادت گزار تھے جو بہت سادگی، محنت اور مشقت والی زندگی گزارتے تھے۔موصوف بدھ کی صبح راجوری روانہ ہوے جہاں تالاب والی مسجد راجوری کے صحن میں وضو کرنے کے فوراً بعد ہی اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ۔مرحوم کو آبائی گائوں گھمبیر مغلاں میں سپرد خاک کیا گیا ۔ان کی نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں مقامی و غیر مقامی لوگوں نے شرکت کی اور ان کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ۔
تھنہ منڈی میں ایس ڈی ایم کی تعیناتی کا مطالبہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی یوتھ نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں جلدازجلد ایس ڈی ایم کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ عام لوگوں کیساتھ ساتھ سرکاری دفاتر کا کام کاج بہتر ڈھنگ سے چل سکے ۔تھنہ منڈی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انجینئر ارشاد خان ودیگران اراکین نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ تھنہ منڈی میں آفیسر موصوف کی خالی پڑی ہوئی کرسی کو جلداز جلد پُر کرئے ۔مقررین نے کہاکہ ہر دور میں ہر حکومت نے تھنہ منڈی کو نظر انداز کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تھنہ منڈی میں پچھلے تین ماہ سے ایس ڈی ایم کی پوسٹ خالی ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لیکن کوئی اس جانب توجہ نہیں دے رہا ہے۔انجینئر ارشاد خان نے حکومت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آ فیسر موصوف کی تعیناتی کیلئے کام کیا جائے ۔
پونچھ میں کووڈ ویکسین کا دوسرا مرحلہ شروع
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں اٹھارہ سال سے زیادہ عمر کے سبھی افراد کو کووڈ ٹیکہ لگانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔گزشتہ روز اس سلسلہ میں ایک مختصر سی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈی ڈی سی چیئرپرسن تعظیم اختر نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت بھی موجود رہے۔ ڈی سی چیئرپرسن نے اس دوران ربن کاٹ کر ٹیکہ کاری کا عمل آج شروع کیا۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ضلع پونچھ کے تمام نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ضروری ویکسی نیشن کروائیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے یہ بہت اہم ویکسین ہے جسے سبھی کو لینا چاہیے۔انہوں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیتے ہوئے آپنے اپنے طبی مراکز پر پہنچ کر ضرور ضرور اپنی باری آنے پر ویکسین کے ٹیکے لگوائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے اس دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ کے نوجوان بڑی دیر سے مانگ کر رہے تھے کہ پونچھ میں بھی 18 سال کے اوپر کے عمر کے لوگوں کی ویکسی نیشن کی جائے انہوں نے کہا کہ آج شروعات ہوئی ہے توہ بڑی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر غلام احمد ملک ، میڈیکل سپرنا ٹینڈنٹ مشتاق حسین جعفری ، نوڈل آفیسر کوویڈ 19 زمود احمد ، ڈاکٹر راہول کے علاوہ محکمہ صحت کا تمام عملہ موجود تھا۔
صارٖفین کو راشن حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں راشن کے ڈیپوز پر صارفین کو اپنا راشن حاصل کرنے کے لئے بائیومیٹرک مشین پر انگوٹھا لگانا پڑتا ہے اور اس کے بعد ان کو راشن ملتا ہے کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ کئی بار انگوٹھانہ لگنے کی وجہ سے انھیں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے وہ دور دراز علاقوں سے اپنا راشن لینے کے لئے آتے ہیں لیکن خالی ہاتھ مایوس ہی گھر واپس لوٹنا پڑھتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کرونا کے متعلق عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل آوری کا حکم دیا گیا ہے تو پھر اس بائیومیٹرک کو کرونا کے ختم ہونے تک کیوں نہیں بند کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی طرح کے لوگ راشن گھاٹوں پر آتے ہیں اگر خدانہ خواسطہ کوئی کرونا میں مبتلاا ہو تو اس کی وجہ سے درجنوں افراد کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے گوورنر انتظامیہ سے عوام کی مشکلات کا کو سمجھتے ہوئے اس کا اضالا کرنے اور بائیومیٹرک کو کچھ عرصہ کے لئے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹروں کی خالی اسامیوں کو پُر کرنے کی مانگ
حسین محتشم
پونچھ// سینئر ایڈووکیٹ، سماجی کارکن اور فرنٹ لائن ورکر افتخار احمد بزمی نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ہسپتال پونچھ میں خالی پڑی ہوئی ڈاکٹروں کی اسامیوں کو جلدازجلد پُر کیا جائے ۔جاری ایک بیان میں موصوف نے کہاکہ ضلع ہسپتال پونچھ میں نہ تو آنکھوں ڈاکٹر ہے نہ ہی ای این ٹی اور نہ ہی ریڈیالوجسٹ ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو ہمیشہ بیرون ریاست یا بیرون ضلع جانا پڑتا ہے۔ انہوں ضلع پونچھ میں ٹراما سنٹر کے قیام اور آکسیجن پلانٹوں کو جلد شروع کرنے پر بھی زور دیا۔ انھوں نے میڈیکل سپر نا ٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے کم عملہ ہونے کے باوجود عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ خدمات فراہم کی۔ انھوں نے 18برس سے زائد عمر کے گروپ کے لئے ویکسین مہم شروع کر نے کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کویڈ۔19 کا پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلہ میں تمام شہریوں سے نظر معاشرتی دوری اختیار کرنے کی خواہش کی اور ہمیشہ ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔