راجوری میں گائورکھشکوں کے ہاتھوں | نوجوان کی ہلاکت سے دکھ پہنچا:محبوبہ مفتی
یواین آئی
سری نگر// پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہیں راجوری میں مبینہ گائو رکھشکوں کے ہاتھوں ایک 20 سالہ نوجوان کی ہلاکت سے شدید دکھ اور صدمہ پہنچا ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ ملوثین کو سزا دلائیں اور متاثرہ خاندان کا خیال رکھیں۔محبوبہ مفتی نے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،’’'یہ جان کر شدید دکھ پہنچا کہ راجوری میں گائو رکھشکوں نے ایک 20 سالہ نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کیا ہے ‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا،’’اس نوجوان نے اپنے پیچھے مفلوج والد اور تین بہنیں چھوڑی ہیں۔ ایسے واقعات جموں و کشمیر میں پیش نہیں آتے تھے ۔ میری لیفٹیننٹ گورنر سے گزارش ہے کہ وہ ملوثین کو سزا دلائیں اور متاثرہ خاندان کا خیال رکھیں‘‘۔بتایا جا رہا ہے کہ راجوری کے تھانہ منڈی علاقے سے تعلق رکھنے والے اعجاز احمد ڈار نامی ایک نوجوان کو مبینہ طور پر لوگوں کے ایک گروپ نے اس وقت پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا ہے جب وہ ایک بھینس کو اپنے گھر لے جا رہا تھا۔
انصاف کی بر قراری،عدالتی نظام کا مقصد | چیف جسٹس کا کرالہ پورہ اور ترہگام میںنچلی عدالتوں کاافتتاح
اشرف چراغ
کپوارہ//عدالتی نظام کا مقصدصرف تنازعات کوحل کرناہی نہیں ہے بلکہ انصاف برقراررکھنا بھی ہے۔ان باتوں کااظہار جموں کشمیرہائی کورٹ کے چیف جسٹس ،جسٹس پنکج متل نے کپوارہ میں ضلع کورٹ احاطے میں لائبریری اوربارچیمبر کاافتتاح کرنے کے موقعہ پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہرشخص کیلئے عدلیہ آخری سہارا ہے جو اس بات کا عکاس ہے کہ عدلیہ کے نظام پرلوگوں کو بھرپور اعتماد ہے۔اس سے قبل کپوارہ کے دورے پر پہنچتے ہی ان کا ضلع کورٹ کمپلکس میں شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ان کے ہمراہ جسٹس نودچٹرجی، رجسٹرار جنرل جاوید احمدبیگ،چیف جسٹس کے پرنسپل سیکریٹری راجیو گپتا بھی تھے۔ چیف جسٹس نے ترہگام علاقہ میں سب جج عدالت کا افتتاح کیا جس کے بعد انہو ں نے کرالہ پورہ میں منصف کورٹ کابھی افتتاح کیا۔چیف جسٹس نے کپوارہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے وہا ں مندرو ں کا بھی جائزہ لیا جن میں شیو مندر ترہگام ،کھیر بھوانی استھا پن ٹکر ،شاردا مندر گوشی ،شیو ستھپن ہتھ مولہ نگری قابل ذکر ہیں ۔2014میں اس وقت کی سرکار نے انتظامی یونٹو ں کے تحت ترہگام اور کرالہ پورہ کے لئے عدالتو ں کو منظور ی دی تھی جس کے بعد کپوارہ عدالت میں ان عدالتو ں نے با ضابطہ طورکام شروع کیا اور دونو ں عدالتیں گزشتہ 7برسوں سے کپوارہ میں کام کر رہی تھیں جس دوران لوگو ں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا تھا ۔بدھ کے روز جب چیف جسٹس نے کرالہ پورہ میں منصف کورٹ اور ترہگام میں سب جج کورٹ کا افتتا ح کیا، تو ان علاقوں کے لوگو ں نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اب ان کی مشکلات کا ازالہ ہوگا ۔مابعد چیف جسٹس نے کپوارہ اور ہندوراہ کے بار ممبران کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا اور زانگلی فاریسٹ کمپلکس میں ایک پودا بھی لگایا۔
سرینگرجموں شاہراہ پر آج دوطرفہ ٹریفک چلے گا
سرینگر//ضروری مرمت کے پیش نظر بدھ کو سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔ادھر ٹریفک حکام کے مطابق آج جمعرات کو موسم ساز گار رہنے کی صورت میں شاہرا پر دونوں اطراف سے چھوٹی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر بدھ کو شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہی۔ سرینگر جموں شاہراہ پر بدھ کو گاڑیوں کی نقل و حمل مکمل طو ر پر بند رہی اور کسی بھی گاڑیوں کو نہ تو جموں سے سرینگر آنے اور نہ ہی سرینگر سے جموں جانے کی اجازت دی گئی ۔ شاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا تھا کہ ہر بدھ کو شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی ۔ ادھر سرینگر لہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بنا کسی خلل کے جاری رہی ۔جبکہ مغل شاہراہ پر بھی ایک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے ۔ خیال رہے کہ سرینگر جموں شاہراہ کی مرمت کے پیش نظر جموں کشمیر انتظامیہ نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ بدھ کو سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی اور کسی بھی گاڑی کو اس دن شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ سیکورٹی فورسز کے علاوہ مسافروں سے تاکید کی گئی تھی کہ وہ ایڈ وائزری پر من و عن عمل کرکے بدھ کو شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں ۔ادھر محکمہ ٹریفک کے مطابق آج یعنی جمعرات کوشاہراہ پر دونوں اطراف سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہو گی ۔
لاک ڈائون میں مرحلہ وار نرمی | وادی میں تیسرے دن بھی بازاروں میں گہماگہمی
سرینگر//کوروناکرفیومیں نرمی کے پیش نظر بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی شہر سرینگر سمیت وادی کے تمام بازاروں میں سبھی دکانیں کھل گئیں جب کہ ٹرانسپورٹ اور دیگر کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہیں جس کے نتیجے میں سنسنان بازاروں میں پھر رونق لوٹ آئی جبکہ خاموش سڑکوں پر زندگی رواں دواں رہی، البتہ وادی کے تمام تعلیمی ادارے بند ہے ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں کروناوائرس کے مثبت معاملات اور اموات میں بتدریج کمی واقع ہونے کے پیش نظر انتظامیہ نے کرونا کرفیو میں نرمی کرتے ہوئے ہفتے کے پانچ دن دکانیں اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے ۔ کووڈ کرفیو میں نرمی کے پہلے ہفتے کے تیسرے دن آج شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر تمام قصبہ جات میں تمام دکانیں کھلی رہیں اور کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر چالو ہوا ہے جس سے ایک تو عام لوگوں کو راحت ملی دوسرا اس سے جڑے ٹرانسپورٹروںنے اطمینان کااظہار کیا ۔ ادھر بازاروں میں کافی گہما گہمی دیکھی گئی لوگ مختلف اشیاء کی خریداری میں مصروف رہے ۔ بازاروں میں چھاپڑی فروشوں اور ریڈہ بانوں نے بھی اپنا مال سجاکے رکھا تھا۔ کووڈ 19میں کمی کے چلتے جہاں زندگی ایک بار پھر پٹری پر لوٹتی نظر آرہی ہے تاہم وادی کشمیر کے تمام تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں جن کو جون 30تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ یاد رہے کہ جموں کشمیر میں کووڈ کے مثبت معاملات اور اموات میں بتدریج کمی آرہی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سرکار ان مرحلہ وار طریقے سے ان لاک کا عمل شروع کررکھا ہے ۔ ہفتہ کے دن اور اتوا رکو پھر سے لاک ڈاون ہوگا اور یہ سلسلہ فی الحال ایسا ہی جاری رہ سکتا ہے ۔
پولیس افسر کی ہلاکت کیخلاف برہمی اور افسوس کا اظہار | ڈاکٹر فاروق، الطاف بخاری،پیپلز کانفرنس اور پی ڈی پی کی مذمت
سرینگر// نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی ،اپنی پارٹی اور پیپلزکانفرنس نے کنی پورہ نوگام حملے میں پولیس انسپکٹر کو ہلاک کئے جانے کی مذمت کی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نیکہا کہ نیشنل کانفرنس اس حملے کی مذمت کرتی ہے، مہذب اقوام میں اس قسم کے واقعات کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے مارے گئے اہلکار کے لواحقین کیساتھ اظہارِ یکجہتی کی اور دعا کی کہ اللہ انہیں صبر جمیل عطا کرے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون ، حسنین مسعودی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے اِس حملہ کو دلدوز قرار دیتے ہوئے سوگواران ِ کنبہ کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تشدد کی کسی بھی مہذب سماج میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے حادثات نے جموں وکشمیر میں صورتحال کو صرف بد سے بدتر بنایاہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کو چاہئے کہ فوری طور متاثرہ کنبہ کے اہل خانہ کو ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے اور اِس بات کو یقینی بنایاجائے کہ مستقبل میں ایسے سنگین واقعات پیش نہ آئے۔اس دوران اپنی پارٹی کے وفد نے مقتول پولیس انسپکٹر کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیااور مطالبہ کیا کہ اس جرم میں ملوث افراد کو فوری طور گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے رہنمااور یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے کہا کہ ایسے واقعات پیش نہیں آنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ ختم ہونا چاہیے ۔پی ڈی پی رہنما نے کہا کہ پولیس افسر کی ہلاکت کے اچھے نتیجے برآمد نہیں ہوں گے۔وہ ہم سے ایک تھا اور ہمارا ایک کنبہ یتیم ہوگیا ۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے خلوص نیت سے کوششیں کی جانی چاہیے۔پیپلزکانفرنس کے ترجمان عدنان میرنے کہاکہ ایسی سنگدلانہ اور احمقانہ کارروائیوں کی ہرطرف سے مذمت کی جانی چاہیے۔ترجمان نے مہلوک پولیس انسپکٹر کے کنبے کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے روح کے ابدی سکون کی دعا کی۔
تجارتی مراکز اور سرکاری دفاتر میں داخلہ | ٹیکہ لگائے لوگوں کو ترجیح دی جائے گی:ڈی سی سرینگر
سرینگر //ڈی سی سرینگر محمد اعجاز اسد نے کہا ہے کہ بغیر ٹیکہ لگائے شاپنگ مالوں اور کمپکس جانے والے افراد کو کورونا ٹیسٹ کرانے پڑیںگے۔ ڈی سی سرینگر نے میڈیا سے وابستہ افراد سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹینسٹنگ میں چھوٹ صرف چند صورت میں دی جائے گی تاہم ٹیکہ کاری کی سند پیش کرنے والے افراد کو تجارتی مراکز ، سرکاری دفاتر اور دیگر جنگہوں میں داخلہ کے وقت ترجیح دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام لوگوں کیلئے ضروری ہے تاکہ کورونا وائرس کوپھیلنے سے روکا جاسکے اور لوگوں کی جانوں کو بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثر کوئی بھی شخص عام لوگوں کے ساتھ ملنا نہیں چاہئے اور ایسے کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عام لوگوں سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کورونا وائرس کے خلاف ایس او پیز پر عمل کرکے سماج اور خود کو انفکیشن سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا مخالف ٹیکہ کاری اور کورونا مخالف ایس او پیز پر وائرس سے لڑنے کیلئے واحد ہتھیار ہیں۔ انہوں نے ضلع سرینگر میں مختلف زمروں میں آنے والے لوگوں سے کورونا مخالف ٹیکہ لگانے کی اپیل کی ہے تاکہ تیسری لہر سے قبل ہی پورے ضلع کے لوگوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔
سکمزصورہ کے ٹینڈر میں فرضی دستاویزات جمع | نجی کمپنی پرپانچ سال تک پابندی
سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی انتظامیہ نے فرضی ٹینڈر دستاویزات جمع کرنے کی پاداش میں ایک نجی کمپنیوں پر 5سال کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایل ایم ایجنسیز نامی کمپنی نے ٹینڈرینگ قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے جسکی پاداش میں کمپنی نہ تو سکمز صورہ اور نہ ہی سکمز میڈیکل کالج بمنہ میں 5سال کیلئے ٹینڈر جمع کرسکتی ہے۔ کمپنی نے SIMS 324 NIT 14 (Impots) 2017 بتاریخ 17جون 2017کو 12چینل والی ای سی جی مشین فراہم کرنے کیلئے ٹینڈر جمع کیا تھا لیکن کمپنی قوائد و ضوابط کو پورا نہ کرسکی اور فرضی دستیاویزات جمع کئے۔ مذکورہ کمپنی کے خلاف کرشنا میڈی ایکیومنٹس نامی کمینی نے شکایت کی تھی کہ ٹینڈر جمع کرنے والی مقامی کمپنی کے پاس یو ایس ایف ڈی اے سرٹیفیکٹ موجود نہیں ہے۔ کمپنی کی شکایت پر معاملہ کو ٹیکینکل کمیٹی کے سامنے رکھا گیا جنہوں نے دستیاویزات اور قوائد و ضوابط پر عمل پیرا نہ ہونی کی پاداش میں مقامی کمپنی پر 5سال کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مقامی کمپنی کو کافی وقت دیا گیا جسکی وجہ سے مشینوں کی خریداری میں کافی وقت لگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی نویت کو سمجھتے ہوئے مذکورہ کمپنی پر 5سال کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے اور یہ کمپنی اب سکمز صورہ اور سکمز میڈیکل کالج بمنہ میں کسی بھی ٹینڈر میں شامل نہیں ہوسکتی۔
86ہزار افراد کو مفت علاج فراہم | پہلے 6 ماہ میں ہسپتالوں کو 40 کروڑ روپے کی ادائیگی
سری نگر//جموں وکشمیر حکومت نے یوٹی میں صحت دیکھ ریکھ کے معاملات کو جامع طور پر حل کرنے کے لئے 86 ہزار مفت اور کیش لیس علاج فراہم کئے ہیں ۔دُنیا کی سب سے بڑی صحت اِنشورنس سکیم کے آغاز کے پہلے چھ مہینوں سے جو حکومت کی طرف سے مکمل طور پر مالی اعانت کی جاتی ہے ۔آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (پی ایم جے اے وائی ایس اِی ایچ اے ٹی) کے تحت مستحقین کو 86 کروڑ روپے فراہم کرے گی۔ایک سینئر سرکاری آفیسر نے کہا کہ 70,000 دعوئوں کے لئے 75 کروڑ روپے جمع کرائے گئے اور 50,000 دعوئوں پر اَب تک پی ایم جے اے وائی ایس اِی ایچ اے ٹی سکیموں کے تحت 40 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے۔چیف ایگزیکٹیوآفس ، سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی (ایس ایچ اے) ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاتری نے سکیموں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اَتل ڈولو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک اِنتہائی اہم سکیم ہے جس کی نگرانی کی جارہی ہے اوراس سے ایک طرف جموں و کشمیر کے باشندوں کو معیاری صحت کی دیکھ ریکھ کی خدمات حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور دوسری طرف صحت خدمات کی فراہمی کے حصے کو تقویت بھی ملے گی۔اس سکیم سے یونین ٹیریٹری کے تمام باشندوں کو طبی امداد پر ہونے والے اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس میں ہسپتال میں داخل ہونے سے پہلے 3 دن اور ہسپتال میں 15 دن کے بعد کے اخراجات جیسے تشخیصی ادویات اور دوائیں شامل ہیں۔ اس سکیم کے فوائد پورے ملک میںفائدہ اٹھانے والے 24000 سے زیادہ سرکاری یا نجی نامزدہسپتالوں میں سے کسی ایک میں جا کر علاج کرسکتے ہیں۔ جس میں بھارت میںپی ایم جے اے وائی ایس اِی ایچ اے ٹی کے تحت جموں و کشمیر یوٹی کے اندر 212 ہسپتال شامل ہیں۔
نیشنل کانفرنس کا ڈاکٹر رفیق کوچک کے انتقال پراظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جنوبی کشمیر کے نامور معالج اور پارٹی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر رفیق احمد کوچک کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رفیق نے پارٹی کی مضبوطی کیلئے بہت کام کیا ۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، حسنین مسعودی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، الطاف احمد کلو، ریاض احمد خان اور دیگر لیڈران نے موصوف کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی
صدیقی نے جوائنٹ ڈائریکٹرانفارمیشن کا چارج سنبھال لیا
سرینگر// انعام الحق صدیقی نے صوبائی دفتر کے دیگر اعلیٰ افسران کی موجودگی میں جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر کا چارج سنبھال لیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر کے عہدے سے پہلے صدیقی گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر کے عہدے پر تعینات تھے اور انتظامیہ میں متعدد سینئر عہدوں پر بھی رہ چکے ہیں۔چارج سنبھالنے کے بعد موجودہ جوائنٹ ڈائریکٹر نے افسران سے ایک مختصر ملاقات کی۔ انہوں نے محکمہ کے مختلف یونٹوں کا معائنہ کیا اور عہدیداروں سے بات چیت کی۔اس سے قبل انہیں سبکدوش ہونے والے افسر حارث ہنڈونے محکمہ اور اس سے وابستہ یونٹوں سمیت صوبائی نیوز روم ، فیلڈ پبلسٹی یونٹ ، ثقافتی یونٹ اور ضلعی انفارمیشن مراکز (ڈی آئی سی) کے کام کے بارے میں بتایا۔صوبائی دفتر کی مختلف اکائیوں میں کام کرنے والے افسران اور عملہ کے ممبران سے تعاون کی طلب کرتے ہوئے جوائنٹ ڈائریکٹر نے ان سے کہا کہ وہ پوری لگن کے ساتھ کام کریں اور اپنے فرائض پر پابند رہیں۔بعد میں حارث احمد ہنڈو کو افسروں اور اہلکاروں نے احترام اور عزت کے ساتھ دیکھا۔ اس اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پی آر) محمد اسلم خان نے بھی شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈوائٹز) جاوید احمد، کلچرل افسر سرینگر توحید احمداور یوتھ انفارمیشن افسر سچن بالی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔
گریز میں پختگی سے قبل کالازیرا کی کٹائی پر پابندی
گریز// ایگزیکٹو مجسٹریٹ (فسٹ کلاس)گریز نے کہا ہے کہ مقامی طور پر خاص طور پر نیل ، کھوپری ، کھنڈیال ، چروان ، چونتیواری ، اچھوڑہ ، داور اور مستن سے کالا زیرا فصل کی جلد کٹائی سے متعلق شکایات موصول ہوتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ پختگی سے پہلے کالا زیرا کی جلد کاشت کرنے سے حالیہ دنوں میں اس کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالا زیرا قیمتی ہے ، گریز کی شناخت اور ورثہ کی فصل ہے۔اس طرح عام طور پر گریز کے عوام اور نیل ، کھوپری ، کھنڈیال ، چوران ، اچورا ، داور ، مستن ، بڈون اور وان پورہ وغیرہ کو عام طور پر کالا زیرا کی ابتدائی کٹائی سے روکنے کی اطلاع دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
حقانی ٹرسٹ کا اظہار تعزیت
سرینگر //حقانی میموریل ٹرسٹ نے معروف نعت خواں عبدالمجید ڈار ساکن چٹہ بگ وڈون بڈگام کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے ان کی وفات پر دلی صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کا عرس عقیدت کے ساتھ منایا گیا
سرینگر//بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کے سالانہ عرس پراُن کے آستان عالیہ واقع محلہ ایشان صاحب زینہ کدل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ تقریب پر مولانا شوکت حسین کینگ اور مولوی خورشید احمد قانونگو نے حضرت شیخ یعقوب صرفیؒکی سیرت پر روشنی ڈالی۔ تقریب پر سجادہ نشین درگاہِ اکملیہ سید مقتدر کاملی، سجادہ نشین درگاہِ حبی پیر غلام نبی، شفاعت احمد کاملی، افتخار احمد کاملی، پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، حاجی فاروق احمد گانی اورصدرِ انتظامیہ کمیٹی معراج الدین گانی بھی موجود تھے۔ توبہ استغفار کی مجلس میں کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔ اس دوران حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ کے عرس پر گلہائے عقیدت پیش کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ نے نہ صرف ہندوستان بلکہ سر زمین عرب میں بھی درس و تدریس میں عظیم خدمات انجام دی ہیں۔
ڈپٹی رجسٹرار بارہمولہ نے عہدہ سنبھال لیا
بارہمولہ//ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز بارہمولہ ،غلام محی الدین کلے نے متعدد کوآپریٹو مارکیٹنگ سوسائٹیز کا چارج سنبھال لیا۔ڈپٹی رجسٹرار اب ان سوسائٹیوں کے امور کا جائزہ لیں گے جس میں پٹن، ٹنگمرگ ، کچھومقام ، اوڑی اور کنزر شامل ہیں۔چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے لوگوں میںبڑے پیمانے پر ممبرشپ مہم چلانے پر زور دیا۔ انہوں نے خواتین کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی جو خواتین کو بااختیار بنانے کے ہدف کے حصول کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے نئے کاروباری مواقع کی طرف رجوع کرنے کی بھی ہدایت دی جس سے کاروبار میں اضافہ اور ان کی مالی صحت میں بہتری آئے گی اور بااختیار بنانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔
استاد علی محمد شیخ ملازمت سے سبکدوش | گرلز مڈل سکول درنگ کھاگ میں الواعی تقریب کا اہتمام
سرینگر// ضلع بڈگام کے کھاگ علاقہ کے ہردلعزیز استاد علی محمد شیخ نوکری سے سبکدوش ہوئے۔ اس ضمن میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول درنگ کھاگ میں ان کے اعزاز میں ایک الوادعی تقریب منعقد ہوئی ۔ مجلس کی نظامت بشیر اطہر نے انجام دی جبکہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن نے باضابطہ طور کمیونٹی سکولنگ کا آن لائین افتتاح بھی کیا جس میں زونل ایجوکیشن آفیسر کھاگ تاکید علی خان، پرنسپل ڈسٹرکٹ انسٹیچوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹرایننگس بڈگام بشیر احمد گنائی، پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول درنگ غلام احمد بٹ، کلسٹر ہیڈ خان پورہ محمد مقبول خان، کلسٹر ہیڈ شنگلی پورہ پیرزادہ اشفاق احمد،کلسٹر ہیڈ لاسی پورہ رشید الدین شاہ اور کلسٹر ہیڈ سوگن کے علاوہ علاقہ کے کئی ذی عزت افراد نے شرکت کی اور علی محمد شیخ کو عزت کے ساتھ الوداع کیا گیا ۔