واڑون کی خاتون کا خودکشی معاملہ حل
خاندان کے ہی پانچ افراد گرفتار:پولیس
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے دوماہ قبل واڑون علاقہ میں خاتون کی طرف سے کی گئی خودکشی کے معاملے کو حل کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔23 جولائی کو واڑون پولیس کو معلوم ہوا تھاکہ ایک خاتون زیوارہ بیگم زوجہ محمد اشرف ساکنہ افتی واڑون نے چودرمان میں لکڑی کے پل سے ماروسودر دریا میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی جسکے بعد مذکورہ خاتون کی لاش کو واڑون کے دریائے مرسودر میںبھاٹہ کے قریب برآمد کیا گیااورتحقیقات سی آ رپی سی کی دفعہ 174 کے تحت پولیس تھانہ واڑان میں شروع کی گی۔ تحقیق کے دوران انکوائری آفیسر کو اس معاملے میں عجیب باتیں سامنے آئیں جسکے بعد انکوائری کی کارروائی کو پولیس تھانہ واڑان میں ایف آئی آرزیر نمبر03/2021 زیر دفعہ306 آئی پی سی میں تبدیل کردیا گیا۔معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے ایس ڈی پی او مڑواہ نثار خواجہ و ایس ایچ او واڑون کی زیر سربراہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی)تشکیل دی۔تحقیق کے دوران متعدد افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی اور ثبوت و عینی شاہدین کے بیانات کے بعدپتہ چلا کہ اس خاتون کا خاوند و گھر کے افراد طویل عرصہ سے اسے جسمانی و ذہنی طور پریشان کررہے تھے جسکے سبب اس نے یہ قدم اٹھایا۔ پولیس نے ملزمین کی شناخت محمد اشرف (مقتول کا شوہر) جو پولیس میں بطور کانسٹیبل ہے اور ضلع ڈوڈہ میں ڈیوٹی انجام دے رہا ہے،فیاض احمد ، شریفہ بیگم ،سارہ بیگم، رفیقہ بیگم کے طور کی ہے جو سب مقتول کے قریبی رشتہ دا ر ہیں۔تحقیق کے دوران یہ ثابت ہو گیا کہ مذکورہ بالا تمام ملزمان کو اس کے کردار پر شک تھا اور وہ اسے جسمانی اور ذہنی اذیت دے رہے تھے جس کی وجہ سے مقتول خاتون نے ایسا انتہائی قد م اٹھایا اور خودکشی کر لی۔پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے مطابق کیس کو عدالت میں چالان کیا گیا ہے۔
چنگام بی میں آواس یوجناکے تحت مکانوں کی تعمیر
سرپنچ نے اٹھائے سوالات،کہا مستحق افراد نظر انداز
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ چنگام بی کے لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی پر آواس یوجھنا کے تحت تعمیر کئے جارہے مکانات پر دوہرے معیار کا الزام عائد کیا ۔ علاقہ کے سرپنچ اوم پرکاش نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے جاری کی گئی آواس یوجنا لسٹ میں انکی پنچایت کو بلیک لسٹ میں ڈالا گیا،جہاں مستحق افراد کو اسے محروم رکھا جارہا ہے وہیں غیر مستحق افراد کی لسٹ میں ڈال کر انھیں فایدہ پہنچایا جارہا ہے۔.2018میں جی آرایس کی طرف سے کی گئی سروے میں سبھی کا جیو ٹیک کروایا گیا تھا اور جن افراد کو مکانات کی ضرورت ہے انھیں اسے محروم رکھا گیا۔ انہوںنے کہا کہ ایک خاتون جسے چند مہینے قبل جنگلی جانور نے زخمی کیا جو کچے مکان میں رہتی ہے انھیں اولین ترجیحات میں رکھا تھا لیکن محکمہ نے اس مکی پانچ ایکڑ زمین دکھائی جبکہ اسکے پاس صرف دو کچے کمرے ہیں جبکہ جی آر ایس سے جبکہ اس متعلق پوچھا گیا تو انہوںنے کہا کہ یہ مرکزی سرکار نے کیا ہے۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اس معاملے میں تحقیقات کی مانگ کی اور سبھی کیسوں کی مکمل تحقیق کرنے کی اپیل کی تاکہ مستحق افراد کو اس کا فائدہ ہوسکے۔
فٹ پاتھ سے سامان ہٹائیں
میونسپل کمیٹی ڈوڈہ کی دوکانداروں و چھاپڑی فروشوں کو ہدایت
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //قصبہ میں فٹ پاتھ پر غیر قانونی طور پر سامان نہ رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے میونسپل کمیٹی ڈوڈہ نے ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی کی ہدائت پر محکمہ بلدیہ کے ملازمین نے پیر کے روز باقاعدہ طور پر مائک کا استعمال کر کے دوکانداروں و چھاپڑی فروشوں کو خبردار کیا کہ وہ فٹ پاتھ پر غیر قانونی طور پر رکھے گئے سامان کو ہٹا کر اس کو خالی کریں۔انہوں نے چھاپڑی فروشوں کو بھی فٹ پاتھ پر خرید و فروخت کرنے سے احتیاط کرنے کا مشورہ دیا۔محکمہ بلدیہ نے انتباہ کیا کہ جو بھی دوکاندار یا چھاپڑی فروش ان ہدایات پر عمل درآمد نہیں کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈوڈہ میں کورونا وائرس کے 12 نئے مثبت معاملات
۔10 مریض صحتیاب ،302794 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس کے 12 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 10 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران بارہ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور دس مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اسطرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 90 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7403 پہنچ گئی ہے جبکہ ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 130 افراد فوت ہوئے ہیں اور 302794 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
کشتواڑ میںپوشن ماہ پر آگاہی تقریب کا اہتمام
کشتواڑ //غذائی قلت اور سب کی صحت پر اس کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے ، انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سکیم (آئی سی ڈی ایس) نے آج آ نگن واڑی سینٹر ، بندرینہ میں ماترو وندنا سپتہ اور پوشن ماہ کی سرگرمیوں کے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ڈی پی او نے فیلڈ افسران کو فلیگ شپ پروگرام PMMVY کے فوائد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اے ڈبلیو ڈبلیو اور سپروائزرز پر زور دیا کہ وہ تھیم پر عمل کرتے ہوئے حاملہ خواتین ، بچیوں ، بڑوں میں آگاہی پھیلائیں۔ انہوں نے پورے ہفتے کے دوران کی جانے والی روزانہ کی سرگرمیوں کو ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کرنے پر بھی زور دیا۔سی ڈی پی او ، ہیلتھ موبلائزر اور مقامی اے ڈبلیو ڈبلیو نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور انہیں پی ایم ایم وی وائی اور پوشن ماہ جشن 2021 کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر31ہزار کا جرمانہ
۔ 1280 ٹیکے لگائے گئے ، 1365 نمونے جمع کیے گئے
رام بن//ضلع رام بن میں کووڈ سیفٹی پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے نافذ کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک نہ پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر گھومنے پر متعدد خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا۔نافذ کرنے والی ٹیموں نے اپنے متعلقہ دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 31ہزار200 روپے جرمانہ وصول کیا ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ اپنے قریبی سی وی سی پر کووڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔ضلع امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ پیر کے روز ضلع رام بن میں 1280 افراد کو پہلی اور دوسری کووڈ ویکسین کی خوراک دی گئی۔چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1363 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 394، RT-PCR اور 969 ،RAT نمونے شامل ہیں اس کے علاوہ 1280 افراد کو کووڈ ویکسین فراہم کی گئی ہے۔
نئی سیاسی پارٹی ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کا گول میں پہلا اجلاس
یک روزہ کنونشن میںبھاری تعداد میں لوگوں نے کی شمولیت
زاہدبشیر
گول//گول میں پہلی بار نئی سیاسی پارٹی نے قدم رکھا جہاں پر کافی تعداد میں نوجوانوں نے اس پارٹی کی کنونشن میں شرکت کی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔ریپبلیکن پارٹی آف انڈیا نامی اس پارٹی نے گول میں پہلا قدم رکھا جس کی صدارت پارٹی کے ریاستی صدر تنویر حسین نے کی۔پروگرام میں لوگوں کی بھاری تعداد دیکھائی دی۔ اس موقعے پر تنویر حسین نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا جموں و کشمیر میں پچھلے ستر سال سے تمام سیاسی جماعتوں نے لوگوں کے حقوق کا استحصال کیا اور لوگوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے ان کا کہنا تھا کہ کچھ سیاسی پارٹیاں ابھی بھی لوگوں کو کبھی دفعہ 370اور کبھی 35 اے کو واپس کرانے کے جھوٹے خواب دیکھا کر اپنی طرف مائل کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں ساٹھ ہزار سے زائد عارضی ملازمین در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ان کے مطالبات کوئی سنجیدگی کے ساتھ نہیں دیکھ رہا ہے صدر موصوف کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاًجموں و کشمیر کے لئے پیکیجز دئے گئے لیکن یہ پیسہ کہا ںپر استعمال ہوا اس کی جانچ حکومت کو کرنی چاہیے انہوں نے کسی پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ سب ڈویژن گول میں بھی سیاسی نمایندوں نے غریب عوام کا استحصال کیا ہے جس کی وجہ سے ابھی بھی لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس موقعہ پر گول کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کافی لوگوں نے پارٹی میں شمولیت کی۔
رام بن میں لوک جن شکتی پارٹی کا اجلاس
کئی پارٹیوں سے خیربادکہہ کر نوجوانوں نے پارٹی میں کی شمولیت
زاہد بشیر
رام بن//ضلع صدر مقام رام بن میں لوک جن شکتی کی طرف سے ایک میٹنگ زیر صدارت ضلع صدر صدام حسین گنائی منعقد ہوئی جس میں طاہر حسین ضلع لیبر سیل کے علاوہ دوسرے پارٹی کارکنان بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر جن باقی پارٹیوں سے خیر باد کہہ کر لوک جن شکتی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ان میں اعجاز احمد وانی رام بن سے ، منیراحمد وانی بانہال سے ، شیان احمد ، بشیر احمد ، صدام وانی ، ریاض احمد، مہندر اور کلدیپ شامل تھے ۔ اس موقعہ پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدام گنائی نے کہا کہ ڈی ڈی سی الیکشنوں کے دوران لوگوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کئے گئے آج بھی لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ ۳۷۰کی واپسی کے لئے لوک جن شکتی زمینی سطح پر لڑے گی اور نوجوانوں کو اُن کا حق دلانے میں ہر جدوجہدمیں آگے رہے گی ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ لوگوں بالخصوص نوجوان طبقہ کے ساتھ استحصال کیا گیا اور جھوٹے وعدے دے کر لوگوں سے صرف ووٹ حاصل کیا گیا جبکہ ضلع رام بن میں اس وقت بھی لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔