سی ایچ سی کوٹرنکہ کے نزدیک نالیاں بند
گندگی اوربدبو سے مریضوں و عام لوگوں کو مشکل کا سامنا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کمینوٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی کوٹرنکہ کے نزدیک نالیاںبند پڑی ہوئی ہیں ۔نالیوں میں گندگی جمع ہونے کی وجہ سے پید ا ہو رہی بد بو سے مریضوں کیساتھ ساتھ عام راہگیر وں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکا م کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے نالیوں کا پانی اور کوڑا کرکٹ سڑکوں اور مقامی راستوں پر تیرتا ہوا نظر آتا ہے جبکہ سرکاری دفاتر اورکمیونٹی ہیلتھ سنٹر کی جانب جانے والی سڑک کی نالیوں میں گندگی جمع ہونے کی وجہ سے بد بو پیدا ہو گئی ہے جوکہ مریضوں کیساتھ ساتھ عام راہگیروں و تاجروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نالیوں کی صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں مقامی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے کئی مرتبہ رابطہ کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی صفائی ستھرائی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں صفائی ستھرائی کو یقین بنایا جائے تاکہ لوگوں بالخصوص مریضوں و عام راہگیروں کو در پیش مشکلات کم ہو سکیں ۔
تھنہ منڈی ۔راجوری سڑک پرٹر انسپورٹروں کی لوٹ کھسوٹ
مسافرو ں کو ہراساں کرنے کا الزام ،انتظامیہ و متعلقہ محکمہ خاموش
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // انتظامیہ کے حکم کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ڈرائیور طبقہ کی تھنہ منڈی تا راجوری سڑک پر شروع لوٹ کھسو ٹ مسلسل جاری ہے تاہم لوگوں کی شکایت کے باوجود بھی متعلقہ حکام و ضلع انتظامیہ کی جانب سے مسافر کرایہ کے سلسلہ میں عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔ مسافروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس روٹ پر ڈرائیور دوگنا کرایہ وصول کر رہے ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں اور نہ ہی ٹریفک حکام کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اضافی کرائے کے سلسلہ میں آواز بلند کرنے پر ٹرانسپورٹروں کی جانب سے ان کو غیر ضرور ی طورپر ہراساں کیا جاتا ہے ۔ اس سلسلے میں سنی تحریک کونسل کے سربراہ محمد عرفان بھٹی کی قیادت میںایک وفد تحصیلدار تھنہ منڈی سے ملاقی ہوا۔ وفد نے تحصیلدار کو بتایا کے سب ڈویژن تھنہ منڈی کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ٹاٹا سومو ڈرائیورں کی لوٹ کھسوٹ مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تھنہ تا راجوری فی سواری 80 سے 100 روپے تک من مرضی سے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح راجوری تا شوپیان اور راجوری تا جموں روٹ پر بھی انتظامیہ کے حکم کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے ان ڈرائیوروں کی کھلے عام لوٹ کھسوٹ جاری ہے۔ وفد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی جانب سے جاری کر دہ کرایہ لسٹ کو یکسر نظرا نداز کیا جارہا ہے جبکہ ان سے مسلسل اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے لیکن مقامی و متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیوروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ اس پر تحصیلدار نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ چند دنوں میں ٹریفک حکام اور ایجنٹوں سے بات کر کے گورنمنٹ کے طے شدہ کرایہ کو نافذ کیا جائے گا ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک حکام کو سختی کیساتھ ہدایت جاری کی جائیں تاکہ اضافی کرایہ وصول کرنے والوں ٹرانسپورٹروں کے کاغذات منسوخ کرنے کیساتھ ساتھ ان کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔
شیخ محمد عبداللہ کی برسی پر پروگرام کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ// نیشنل کانفرنس پونچھ اکائی نے ضلع صدر باغ حسین راٹھور کی سربراہی میں سابق وزیر اعلیٰ جموں وکشمیر شیخ محمد عبد اللہ کی 39ویں برسی کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی۔ تقریب میں ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور شیخ محمد عبد اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں رشید شاہ پوری، خورشید شاہ، شفیق بابا ،راجو ٹھاکر، ماسٹر محمد شفیع، ہرچرن سنگھ خالصہ پردھان، جعفرسہیم، عبدل جبارتانترے، محمد اقبال محمداعظم شامل ہیں۔مقررین نے شیخ عبد اللہ کو معاشرے اور ریاست میں اپنی خدمات کے لئے یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبداللہ نے ریاست کی مجموعی ترقی کی بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی روایات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مستحکم کرنے کے لئے کام کرنا اور ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے محروم لیڈر نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ضلع صدر نے کہا کہ سابق وزیر اعلی نے ریاست میں سیکولرازم کو فروغ دے کر تیزی سے ترقی کی۔ معاشرے میں مساوات کے لئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کو بااختیار بنانا مرحوم قائد کا خواب تھا۔ اس نے پوری زندگی اس کے لئے کام کیا۔ معاشرے کے مختلف طبقات کے مابین باہمی اعتماد کو فروغ دینے کے لئے کام کیا۔ انہوں نے کہا مرحوم نے نئے کشمیر کا نعرہ لگا کر ریاست میں ترقیاتی کام لوگوں کی ضروریات اور توقعات کے مطابق کروائیے۔
میونسپل کونسل پونچھ کی غیر قانونی تجاوز کیخلاف کارروائی
حسین محتشم
پونچھ//چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ کی ہدایت پر محکمہ کے افسران نے قلعہ مارکیٹ پونچھ کا اچانک دورہ کرکے قلعہ کے گرد و نواح اور بازار میں تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی۔ اس موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقع سے بچنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ مہم کے دوران دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کر نے والوں کے خلاف کارروائی کر کے ان کے چالان کاٹے گئے اور ان لوگوں کے خلاف بھی کاروائی کی گئی جو ایک ہی جگہ پر ریڑیاں کھڑی کر ریتے ہیں ۔متعلقہ آفیسران نے بتایا کہ ان تجاوزات مافیا کے خلاف شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ان تجاوزات کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام رہتا تھا اور اور صارفین کوبھی پیدل چلنے میں دشواری پیش آتی تھی جس کی وجہ سے آج تجاوزت مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔