مینڈھر بائی پاس پل کا تعمیری عمل جاری | کام میں غیر معیاری مٹریل استعمال ،محکمہ پر لاپرواہی کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں بائی پاس پل کی پختہ تعمیر میں 70فیصد پتھروں کے ساتھ ساتھ غیر معیاری ساز و سامان استعمال کیا جارہا ہے لیکن متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے تعمیر اتی عمل کے معیار کا معائینہ ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پل کی تعمیر کا معائینہ کرنے کیلئے کوئی بھی ملازم اور آفیسر موقعہ پر نہیں آیا جبکہ مزدوروں کی جانب سے ریت بجری اور سمنٹ کے بجائے پتھروں کا ہی استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے پہلے معیاری کام کیا گیا تھا لیکن اس وقت سائیڈوں کی تعمیر میں انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال مسلسل جاری ہے جبکہ محکمہ کو آگاہ کرنے کے بعد بھی کام کے معیار کا معائینہ نہیں کیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں و معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں زیر تعمیر پل پر کام کے معیار کا معائینہ کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے جبکہ غیر معیاری کام میں ملوث آفیسران کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
آگ نے حدمتارکہ عبور کی | بالا کوٹ کے وسیع جنگلات لپیٹ میں
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بالا کوٹ جنگلات میں پاکستانی زیر انتظام جموں وکشمیر کی جانب سے لگی آگ نے حدمتارکہ عبور کرتے ہوئے وسیع جنگلا ت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔آگ کی وجہ سے سینکڑوں چھوٹے بڑے درخت جل کر راکھ ہوگئے جبکہ جانوروں اور پرندوں نے آبادی والی جگہوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بالا کوٹ جنگلات میں اکثر مشکو ک حالت میں آگ نمودار ہوتی رہی ہے جس کی وجہ سے اس سے قبل بھی سینکڑوں درخت جل کر راکھ ہو چکے ہیں ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قدرتی سبز سونے کو بچانے کیلئے متعلقہ محکمہ کو متحرک کیا جائے ۔اس دوران حد متارکہ پر لگی آگ کی وجہ سے سیکورٹی فورسز بھی متحرک ہو گئی ہیں جبکہ بارودی سرنگوں کے دھماکے ہونے کا خدشہ بھی ظہار کیا جارہا ہے ۔
لوہر کنڈی پنچایت میں پانی کی شدید قلت
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کی پنچایت لوہر کنڈی میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت نے بحرانی صورتحال اختیار کرلی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت کی وارڈ نمبر ایک میں گزشتہ ایک ماہ سے پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے تاہم اس سلسلہ میں محکمہ جل شکتی کیساتھ رابطہ قائم کرنے کے باوجود بھی مکینوں کو سپلائی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔محمد تاج ٹھاکر نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ کو تحریری شکایت کے ذریعہ آگاہ کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ جل شکتی کو ٹس سے مس تک نہیں ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کیساتھ ساتھ محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر و دیگر آفیسران عوامی مشکلات اور مانگیں سننے کو تیار ہی نہیں ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
تھنہ منڈی میں صحت کارڈ بنانے کی مہم جاری
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// حکومت ہند کے جاری کردہ ہدایات کے مطابق جموں و کشمیر یو ٹی میں آیوشمان کارڈ بنائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سب ڈویژن تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں میں متعلقہ عملے نے گھر گھر جا کر لوگوں کے کارڈ بنانے کا کام شروع کیا ہے۔ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا یا اے بی پی ایم جے اے وائی جموں و کشمیر کے تمام باشندوں کو طبی علاج پر تباہ کن اخراجات کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے اورہسپتال میں داخل ہونے سے پہلے 3 دن تک اورہسپتال میں داخل ہونے کے بعد 15 دن تک کے اخراجات ، جس میں تشخیص اور ادویات شامل ہیں ، کا احاطہ کرتا ہے۔ خاندان کی عمر یا جنس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔اس اسکیم کے تحت ہندوستان کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کا ہر شہری 226 ہسپتالوں میں کہیں بھی اپنے مریضوں پر پانچ لاکھ کی لاگت کا مفت علاج کروا سکتا ہے۔ اس اسکیم کو لیفٹیننٹ گورنر نے اولین ترجیح دی ہے جس کے تحت گاؤں گاؤں جا کر آیوشمان بھارت کارڈ بنائے جا رہے ہیںجس کا مقصد پوری آبادی کو کم سے کم مدت میں آیوشمان بھارت کارڈ فراہم کرنا ۔
ٹریفک حکام کی ٹریکٹر ڈرائیوروں کیخلاف مہم
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں معززین کی شکایت پر ٹریفک حکام کی جانب سے ٹریکٹر ڈرائیوروں کیخلاف ایک مہم شروع کر دی گئی ہے ۔مقامی معززین نے گزشتہ دنوں ٹریفک حکام سے شکایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیور سپیکروں پر فاش گانے لگا کر گلیوں اور محلوں میں داخل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے بزرگوں کے علاوہ نمازی بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تھا کہ ڈرائیور فاش گانوں کے ذریعہ لوگوں کی زندگیوں میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں کررہے ہیں جس کے بعد ٹریفک حکام کی جانب سے مینڈھر کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ناکے لگا کر کئی ٹریکٹر ضبط کئے جبکہ کئی دیگر ٹریکٹروں سے سپیکر بھی ضبط کئے گئے ۔ٹریفک حکام نے کہاکہ قاعدہ کیخلاف چلنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
سڑک حادثات میں 2زخمی | سمت بھارگو+محمد بشارت
راجوری //راجوری ضلع میں پیش آئے دو مختلف سڑ ک حادثوں میں دو افراد زخمی ہو گئے جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ ضلع کے کراگ کس علاقہ میں ایک ٹا ٹا سومو گاڑی زیر نمبر JK22-1504جو کہ راجوری کی جانب جارہی تھی مخالف طرف سے آ رہی ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK11A- 7340کیساتھ ٹکرا گئی جس کی وجہ سے باپ بیٹی زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کی شناخت مسکین شاہ ولد عنایت شاہ اور اس کی بیٹی روضی کوثر زخمی ہوگئی ۔دانوں زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی منتقل کیا گیا جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ کنڈی پولیس سٹیشن میں درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔اسی دوران جموں راجوری پونچھ شاہراہ پر جٹیاڑی پل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور مسافر گاڑی کے مابین ہوئے تصادم ہو ا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں گاڑیوں میں 9مسافر سفر کررہے تھے تاہم وہ بچنے میں کامیاب ہو گئے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔
ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے سرکاری دفاتر کا معائینہ کیا
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے مختلف سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے کئی دفتروں کا اچانک دورہ کر کے ملازمین کی حاضری کا معائنہ کیا ۔ان سرکاری دفاتر میں بڑی تعداد میں ملازمین غیر حاضر ہائے گئے ۔ایس ڈی ایم نے محکمہ ذراعت ،آبپاشی فلڈ کنٹرول ،زونل فیزیکل ایجوکیشن ودیگر محکموں کے دفاتر کا اچانک دورہ کر کے ملازمین کی حاضری چیک کی ۔اس کارروائی کے دوران غیر حاضر ملازمین کو دو دنوں کے اندر اپنی بوزیشن واضح کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں جبکہ غیر حاضری کے سلسلہ میں جلد ہی رپور ٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔ایس ڈی ایم نے کہاکہ لاپروہ اور غیر حاضر ملازمین کے سلسلہ میں اعلیٰ حکام کیساتھ بات چیت کر کے اس سلسلہ میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گئی ۔انہوں نے کہاکہ ڈیوٹی کیلئے سنجیدہ نہ رہنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
منڈی ،راجپورہ ،بائیلہ، ترچھل اور مرنوٹ | علاقوں کوحویلی انتخابی حلقہ کیساتھ جوڑنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ //تحصیل منڈی کے کچھ علاقے جن میں منڈی، راجپورہ، بائیلہ، ترچھل اور مرنوٹ شامل ہیں کو 30برس قبل اسمبلی حلقہ انتخاب حویلی منڈی سے کچھ وجوہات کی بنا پر ہٹا کر حلقہ انتخاب سرنکوٹ کے ساتھ جوڑا گیا جس کے بعد سے لگاتار ان علاقوں کے عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کے علاقوں کو سرنکوٹ حلقہ انتخاب کے بجائے حویلی منڈی حلقہ انتخاب سے جوڑا جائے تاکہ ان کے ساتھ انصاف ہو سکے لیکن سابقہ حکومتوں نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔اب جب جموں کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کیا گیا ہے تو منڈی کے عوام امید ظاہر کر رہے ہیںکہ لیفٹیننٹ گورنر ان کی پریشانیوں اور مسائیل کو سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کریں گے۔مبشر حسین بانڈے سرپنچ حلقہ پنچایت منڈی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منڈی، راجپورہ، بائیلہ، ترچھل اور مرنوٹ کے ساتھ گزشتہ تیس سالوں سے ناانصافی ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ لوگ سیاسی مار جھیل رہے ہیں، سرنکوٹ حلقہ انتخاب سے ان علاقوں کو جوڑ کر ان کی نسلوں کا مستقبل خراب کیاگیا ہے ۔ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر(یو ٹی ) سے گزارش کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ تیس سال قبل منڈی کے جن علاقوں کو سرنکوٹ کے ساتھ جوڑا گیا وہ کسی حال میں اس کے ساتھ لگ ہی نہیں سکتے تھے لیکن سیاسی رنجشوں کی وجہ سے ان کو حلقہ انتخاب حویلی سے کاٹ کر سرنکوٹ سے جوڑا گیا ۔انھوں نے مزید کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے یہ علاقے حلقہ انتخاب سرنکوٹ سے جڑ ہی نہیں سکتے لیکن اس وقت کے لیڈروں کی وجہ سے ان علاقوں کی ہزاروں عوام کے ساتھ نا انصافی کی گئی جس کا نتیجہ وہ آج بھی بگھت رہے ہیں۔انھوں نے لفٹینٹ گورنر سے اپیل کی کہ ان علاقوں کو حویلی حلقہ انتخاب کے ساتھ دوبارہ جوڑا جائے تاکہ یہاں کے عوام کے حقوق کی حفاظت ہوسکے اور یہ علاقے بھی ترقی کی راہ پر چل سکیں۔
ڈینگلہ حلقہ پنچایت میں سڑک کی تعمیر شروع
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کے بلاک ننگالی صاحب سائیں بابا کی ڈینگلہ پنچایت میں ہائی سکول تا رِچھاں والی سڑک کی تعمیرات کا کام کیپکس سکیم کے تحت شروع کیا گیا جس کی رسم افتتاح سرپنچ حلقہ پنچایت ڈینگلہ روبینہ انجم نے ربن کاٹ کر انجام دی۔ اس موقع پر نائب سرپنچ اور تمام پنچوں اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ننگالی صاحب سائیں بابا، چیرپرسن بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ڈی ڈی سی چیئر مین اور محکمہ دیہی ترقیات کے دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی شہریوں نے کہا کہ اس سڑک کی وجہ سے شہریوں کو درپیش کئی مسائیل کا ازالہ ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے اس علاقہ کے لوگ جدید دور میں بھی قدیم طرز زندگی گزار رہے تھے، اب جب سڑک تعمیر ہورہی ہے تو یقیناوہ لوگ راحت حاصل کریں گے۔اس موقع پر موجود محکمہ کے انجینئر محمد طارف انجم ،محمد افضل خان اور محمدبشیر نے بتایا کہ سڑک ہائی سکول تا رچھاں والی کیپکس اسکیم کے تحت تعمیر ہورہی ہے جس کا تخمینا لاگت دس لاکھ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے ٹھیکیدار کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جدید مشینری لگاکر ڈی پی آر کے مطابق ایک ہفتہ میں کام کو ختم کریں۔سرپنچ حلقہ پنچایت ڈینگلہ روبینہ انجم نے خوشی کا اظہار کرتے
ہوئے کہا کہ علاقہ میں تعمیراتی کام ہو رہے ہیں جن سے عوام مطمئن ہیں۔
پونچھ لنک اپ ڈے پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ// پچھلے پندرہ روزہ سے پونچھ میں جاری لینک اپ ڈے کے جشن کی اختتامی تقریب ناٹو آڈیٹوریم پونچھ منعقد ہوئی۔اس دوران جاز این براس بینڈ کے علاوہ مقامی کلاکاروں اور سکولی طلبہ و طالبات کی جانب رنگا رنگ کلچرر پروگرام پیش کئے گئے۔ اس موقعہ پر فوج کے افسران، پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن کے افسران ممتاز شہریوں، نوجوانوں اور سکول کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اختتامی تقریب کے دوران گلوکاری، فوٹو گرافی، فنکاری اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نمائندہ پوزیشن حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان میں انعامات تقسیم کئے گئے جب کہ برگیڈ کمانڈر 93 انفینٹری بریگیڈ پونیت ڈوول سینا میڈل نے پونچھ لنک اپ ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قوم کی خدمت کیلئے فوج میں شامل ہوں۔اس موقع پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ مدن لال،اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین، اے ایس پی لیاقت علی نے بھی خطاب کیا۔پروگرام کے دوران پردیپ کھنہ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔
۔BGSBUکا نان ٹیچنگ سٹاف | مانگیں لے کر وفد وائس چانسلر سے ملاقی
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے نان ٹیچنگ سٹاف ممبران نے اپنی مانگوں کو لے کر یونیورسٹی حکام سے ملاقاتیں کی ۔اس دوران اراکین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جائز مانگیں جلدازجلد پوری کی جائیں ۔ یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملے کے ارکان نے پیر کو یونیورسٹی انتظامیہ کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان کی حقیقی تشویش کو دور کرنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کئے۔یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملے نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کئے۔عملے کے ارکان نے دس مطالبات میں مناسب پروموشن پالیسی ،جن ملازمین کسی نہ کسی وجہ سے فوت ہوئے ہیں ان تمام ملازمین کے اہل خانہ کو ملازمت دینا شامل تھا ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے مبینہ طور پر تمام ملازمین کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ پہلے ہی ان کے مطالبات پر کام کر رہی ہے۔
سی ای او راجوری ڈائریکٹر دفتراٹیچ | انتظامیہ نے حالیہ تبادلوں کی انکوائری کا حکم دیا
راجوری //جموں و کشمیر سکول ایجوکیشن شعبہ نے پیر کو چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری، گلزار حسین کو ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کے دفتر میں منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کو سات دنوں کے اندر انکوائری کرانے کا بھی حکم دیا۔اٹیچ منٹ کے سلسلہ میں ایک حکم نامہ گور نمنٹ کے پرنسپل سیکریٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ۔اس حکم نامے کے تحت چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری کو ڈائر یکٹر سکول ایجوکیشن جموں کیساتھ فوری طورپر اٹیچ کردیا گیا ہے ۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر سکول آف ایجوکیشن جموں گہرائی سے انکوائری کر کے حکم نامہ جاری ہونے کے سات دنوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرئے ۔اس دوران چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کو ان کے اپنے فرائض کے علاوہ سی ای او راجوری کے چارج کی دیکھ بھال کیلئے بھی نامزد کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ عرصہ میں آفیسر موصوف کی جانب سے راجوری ضلع کے ہارڈ زون کے ٹیچروں کے تبادلے کے سلسلہ میں تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا ہے جس کیلئے ان کو منسلک کردیا گیا ہے ۔
نوشہرہ میں 52گاڑیوں کے چالان ،3ضبط
رمیش کیسر
نوشہرہ //ٹریفک پولیس کی جانب سے سب ڈویژن نوشہرہ میں ایک مہم کے تحت قاعدہ کیخلاف ورزیاں کرنے والے ڈرائیوروں کے چالان کئے ۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ لوگوں کی شکایت اور اعلیٰ حکام کی ہدایت پر سب ڈویژن کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران 52گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں جبکہ 3گاڑیوں کو ضبط بھی کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کی کئی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک حکام کی جانب سے ناکے لگائے گئے تھے جس کے دوران سیکٹر آفیسر کی قیادت میں اہلکاروں نے کارروائی عمل میں لائی ۔ٹریفک حکام نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک قوانین پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے جبکہ قاعدہ کیخلاف گاڑیاں چلانے والوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
پیر بڈیسر میں مسافر گاڑیوں کی قلت
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے پیر بڈیسر علاقہ کے لوگ مسافر گاڑیوں کی قلت سے سخت پریشان ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں کیلئے حکام کی جانب سے کئی برس قبل ایک مسافر گاڑی لگائی گئی تھی جوکہ برسوں بعد بھی ایک ہی مسافر بس تک محدود ہو کررہ گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک پر مسافر گاڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکل وقت میں ہسپتالوں و دیگر ضروری سہولیات کیلئے دیگر علاقوں میں جانے کیلئے کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی اوقات میں مریضوں کو ہسپتال نجی گاڑیوں میں منتقل کرنا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر سے 55کلو میٹر کی دوری پر آبادپیر بڈیسر گائوں میں کی عوام اس جدید دور میں بھی آمد ورفت جیسے مسائل سے دوچار ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علاقہ میں جانے والی رابطہ سڑک کیلئے مزید مسافر گاڑیاں چلائی جائیں ۔