کالج ٹیچرز ایسو سی ایشن کا اجلاس
جموں//کالج ٹیچرز ایسو سی ایشن کی ایک میٹنگ زیر صدارت ڈی ایس منہاس صدر تنظیم منعقد ہوئی جس میں ساتویں پے کمیشن کے نفاذ کے حوالہ سے طبقہ کے مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق مقررین نے اس بات پر گہری تشویش ظاہر کی کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی طر ف سے ایم فل اور پی ایچ ڈی یافتہ اساتذہ کو ایڈوانس انکریمنٹ دینے کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے جس سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انہوں نے اس فیصلہ کو واپس لئے جانے اور کم از کم اسے ان امیدواروں پر نافذ کرنے کی مانگ کی گئی جو 31جنوری کے بعد نوکری جوائن کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یو جی سی نے یوجی اور پی جی کالجوں کے پرنسپلوں کی پے مقرر کی ہے جو کہ بالترتیب اسسٹنٹ پروفیسر اور پروفیسر کی تنخواہ کے برابر ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس تفائوت کو ختم کردیا جائے اور یو جی و پی جی کالجوں کے پرنسپلوں کو ایک جیسی تنخواہ دی جائے۔ علاوہ ازیں مقررین نے تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے 80فیصد مرکزی امداد ریاستوں کو دئیے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔
آنگن واڑی ورکروں وہیلپروں کامٹھی میںمظاہرہ
حکومت آئی سی ڈی ایس ملازمین کیساتھ انصاف کرے:غفورڈار
جموں //صوبہ جموں کے آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں نے جموں وکشمیر نیشنل ٹریڈ یونین فرنٹ کے پرچم تلے ڈسٹرکٹ پروگرام افسردفترآئی سی ڈ ی ایس مٹھی دومانہ کے باہراپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔اس موقعہ پرٹریڈیونین لیڈر غفورڈارنے کہا کہ ہمسایہ ریاستوں ہریانہ ، پنجاب اور دہلی میں آنگن واڑی ورکروں کو ماہانہ دس ہزار روپے مشاہرہ کے طور پر ملتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار متعدد فلاحی سکیموں کو عملی جامہ پہنانے کے ان کی خدمات مختلف پروجیکٹوں اور محکموں میں حاصل کرتی ہے لیکن ان کی اجرتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہاہے جو کہ ان کے ساتھ سرا سر ناانصافی ہے جسے جلد از جلد دور کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت پر ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے ڈار نے کہاکہ پڑوسی ریاستوں پنجاب، ہریانہ اور دہلی وغیرہ میں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو بالترتیب 10ہزار اور 6ہزا رروپے ماہوار دئیے جا رہے ہیں لیکن جموں کشمیر میں ان کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے ۔ ان کا دعویٰ تھا کہ سرکار آنگن واڑی کارکنان کا استعمال درجن بھر محکمہ جات میں مختلف نوعیت کی ڈیوٹی کے لئے کرتی ہے لیکن جب انہیں مشاہرہ دینے کی بات آتی ہے تو ان کے ساتھ امتیاز کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کہیں کی کہیں پہنچ چکی ہیں لیکن ان کے مشاہراہ میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔جموں و کشمیر نیشنل ٹریڈ یونین فرنٹ کے ریاستی صدر غفورڈارنے اس موقعہ پر اپنی تقریر میں ریاستی سرکاراور آئی سی ڈی ایس کے اعلیٰ حکام کی ورکرز دشمن پالیسیوں کی مذمت کی اور ان کی جائز مانگوں کو بغیر کسی تاخیر کے پورا کرنے کی مانگ کی۔اس دوران خطاب کرنے والوں میں رتنا دیوی، وجے کماری، مہہ جبین ، سمن سوری، آشاکماری، راجندرکمار، للیتا دیوی، راج کماری، شمیم اختر، امینہ بیگم ، گنگادیوی ، ارشادبیگم ، انورادھا،وندنا، دھلی دیوی، مونیکادیوی، پنکی بٹ، ومی ،جولی،ناہیدہ اختر،یاسمین اخترودیگران شامل ہیں۔اس دوران مقررین نے بتایاکہ دھرنا 5جنوری تک جاری رہے گا۔
حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں:وریندرسونو
جموں//ریا ست جموں وکشمیر کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل سے ہمکنار کرنے کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے خواب کو شرمندہء تعبیر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پی ڈی پی کے یوتھ نائب صدر وریندر سنگھ سونو نے کہا ہے کہااگر چہ ریاست جموں و کشمیر میں اس وقت کئی چیلنج درپیش ہیں مگر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں موجودہ ریاستی سرکار درپیش مشکلات کو دور کرنے اور ریاست کے عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے متحدہ کوشش کررہی ہے۔وریندر سنگھ بخشی نگر جموں میں ایک یوتھ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ جس کا اہتمام رجت گپتا نے کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نہ صرف ریا ست کے عوام کی آواز ہے بلکہ ایک صاف و شفاف اور جواب دہ انتظامیہ فراہم کرنے کے اپنے وعدے پر کار بند ہے۔انہوں نے کہا کہ مفتی صاحب نے جب سال 2002میں ریاست کا عنان اقتدار سنبھالا تو پریشان حال اور مصیبت زدہ لوگوں نے راحت کا سانس لیا۔وریندر سنگھ سونو نے کہا کہ پی دی پی کی پالیسیاں اور پروگرام عوام کی توقعات کے عین مطابق ہیںاور ریا ست کے بے روز گار نوجوانوں کو روزگار فرام کرنے کے لئے کئی پروگرام اور سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔
نٹرنگ کی جانب سے ’ان ہرشوز‘ڈراماپیش
جموں//نٹ رنگ کی جانب سے ابھینو تھیٹر میں ایک ڈراما ’ان ہرشوز‘‘پیش کیا گیاجس کے مصنف نوپر سندھو ہیں اور اس ڈرامے کی کہانی ایک نفسیاتی کیس پر مشتمل ہے اور اس ڈرامے کے ہدایت کار اروشی ٹھاکور رانا ہیںاس سلسلے میں پہلا شو ہیری ٹیج سکول جموں میں دکھایا گیا۔سابق ڈی جی پولیس اے کے سوری اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔اس موقعہ پر سامعین سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈائریکٹر نٹ رنگ بلونت ٹھاکر نے کہا کہ نٹ رنگ نے ہمیشہ سے ہی چیلنج سے بھر پور مضامین کو ہی منتخب کیا ہے اور ان کے ڈراموں کو نہ صرف قومی بلکہ بین لاقوامی سطح پر بھی سراہا گیاہے۔اس ڈرامہ میں جن فن کاروں نے حصہ لیا ان میںانم ملک ،اروشی ٹھاکور راناورندا شرمامنوج کمار للوترا، اجے کمار للوترا برجیش اوتار شرما، گوتم شرماشوم شرمااور راہول گپتا شامل ہیں۔
بجٹ اعدادوشمارکے مجموعے کے سواکچھ نہیں:عبدالمجیدخان
جموں//آل جے اینڈ کے لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر عبدلمجید خان نے کہا ہے ریاستی وزیر خزانہ کی طرف سے پیش کیا گیا بجٹ اعداد و شمار کے مجموعے کے سوا اور کچھ بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں ایک عام آدمی خاص طور پر محنت کش طبقہ کے لئے کچھ بھی نہیں رکھا گیا ہے۔مجید خان نے مزید کہا کہ ریاست کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز ٹیکس کے شعبہ میں نمایاں حصہ ادا کرتے ہیں،جوکہ مہنگائی کے دلدل میں بری طرح سے پھنسے ہوئے ہیں اس بجٹ میں راحت پہنچانے کے لئے ان کے لئے کچھ بھی نہیں کیا گیا ہے ۔مرکزی سرکار کے بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مجید خان نے کہا کہ یہ بجٹ بھی محنت کشوں کے مفادات کے منافی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی مایوس ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ روز بروز بڑھ رہی منگائی پر قدغن لگانے کے لئے نہ بجٹ میں کچھ کہا گیاہے اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی پالیسی یاپروگرام واضح کیا گیا ہے۔
جموں یونیورسٹی میں گوجری مضمون بطوراوپن کورس متعارف کرنے کاخیرمقدم
گوجری ریسرچ سنٹرکے قیام کیلئے وزارت قبائلی امورمداخلت کرے:گوجربکروال سٹوڈنٹس کانفرنس
طارق ابرار
جموں//گوجربکروال سٹوڈنٹس کانفرنس نے جموں یونیورسٹی حکام کاگوجری مضمون کواوپن کورس کے طورپرادارے میں متعارف کرانے کیلئے شکریہ اداکیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں گوجربکروال سٹوڈنٹس کانفرنس کے عہدیداران نے کہاکہ عرصہ درازسے جموں یونیورسٹی میں گوجری مضمون کومتعارف کرانے کیلئے مطالبہ کیاجارہاہے جس کوخاطرمیں لاتے ہوئے جموں یونیورسٹی کے حکام بالخصوص وائس چانسلرپروفیسرآرڈی شرما،رجسٹرار میناکشی کیلم نے گوجری مضمون کواوپن کورس کے طورپریونیورسٹی میں شروع کیاہے جس کاہم خیرمقدم کرتے ہیں۔ظفراقبال انچارج گوجربکروا ل سٹوڈنٹس کانفرنس نے مطالبہ کیاکہ جموں یونیورسٹی میں گوجری ریسرچ سنٹرقائم کیاجائے۔انہوں نے وزارت قبائلی امورسے بھی اپیل کی کہ وہ اس مسئلے مداخلت کرکے گوجربکروال طبقہ کی دیرینہ مانگ پوری کریں ۔انہوں نے کہاکہ اوپن کورس کے طورپر گوجری مضمون کوشروع کرناخوش آئند ہے لیکن جب تک گوجری ریسرچ سنٹرقائم نہیں ہوگاتب تک طبقہ کی مانگ پوری نہیں ہوگی ۔اس دوران پریس کانفرنس میں محمدتاج بجاڑ ،عرفان چوہدری ،اخترمحمود،طاہررحمان، چوہدری الطاف ،عمران چوہان ودیگران موجودتھے۔
سیکرٹری کلچر اکیڈیمی ،چیئرمین پی ایس سی اورچیرمین بیکورڈکلاسزگورنر سے ملاقی
جموں/ جموں وکشمیر کلچرل اکیڈیمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر انہوںنے گورنر کو اکیڈیمی کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے ریاست کی ثقافت اور آرٹ کو فروغ دینے کے لئے اکیڈیمی کے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے ڈاکٹر حاجنی پر زور دیا کہ وہ یہ کاوشیں جاری رکھیں۔دریں اثنا جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین عبداللطیف الزمان دیوا نے آج راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوںنے گورنر کو امتحانات کے انعقاد اور انٹرویو کے عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی تاکہ تقرریوں کے عمل مزید شفافیت لائی جاسکے ۔اس موقعہ پر گورنر نے کمیشن کے کام کاج کے بہتر معیار کو برقرار رکھنے کی ضرور ت پر زور دیا۔علاوہ ازیں چیئر مین اسٹیٹ کمیشن فار بیک ورڈ کلاسز جیت لال گپتا نے کمیشن کے رُکن غلام حیدر بڈانہ کے ہمراہ راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے گورنر کو ریاست میں بیک ورڈ کلاسز کے مفادات کو فروغ دینے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ گورنر نے اس طبقے کے لوگوں کی تیز تر ترقی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔