پنتھرس پارٹی کامول راج پرخراج عقیدت
جموں//جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی نے جموں ہیڈ کوارٹر میں ایک خراج عقیدت تقریب منعقد کی جس میں نائب صدر مول راج کی افسوسناک موت پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ مسٹر مول راج پینتھرس پارٹی کے بانی رکن تھے جو 1978 میں پروفیسر بھیم سنگھ سے اس وقت منسلک ہوئے تھے، جب پروفیسر بھیم سنگھ رکن اسمبلی تھے اور عبداللہ حکومت خلاف روزگار کی مانگ پر تحریک شروع کی تھی۔ پروفیسر بھیم سنگھ نوجوانوں کی حمایت میں پونچھ گئے اور پونچھ ضلع کے بے روزگار نوجوانوں کی قیادت کی۔ حکومت نے بھیم سنگھ اور کئی نوجوانوں کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔یہ وہ وقت تھا جب ایک نوجوان ٹھیکیدار جناب مول راج نے پونچھ نوجوان تحریک کی حمایت کی تھی۔ مسٹر مول راج سیاست میں آئے اور آخر کار 1982 میں پنتھرس پارٹی میں شامل ہوئے، جب بھیم سنگھ نے جموں میںپارٹی بنانے کا کا اعلان کیا اور نوجوانوں اور صحیح سوچ رکھنے والوں سے پنتھرس پارٹی میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ مول راج جی کو ایک مشہور سول ٹھیکیدار شیو ناتھ جی کی مکمل حمایت حاصل تھی اور انہوں نے اپنی پوری زندگی جموں و کشمیر کی تشکیل نو تحریک کے لئے پنتھرس پارٹی کی خدمت کی۔ مول راج جی نے اپنی پوری زندگی سماجی خدمت اور پنتھرس پارٹی کے عزم کے لئے کام کیا، کیونکہ وہ پارٹی کے بانی ارکان میں سے ایک تھے۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی ساری زندگی صرف کردی ان کا تعلق تحصیل چنینی سے تھا۔پروفیسربھیم سنگھ نے پارٹی کے ساتھیوں کے ساتھ 14 فروری، 2018 کو مسٹر مول راج کے گھر کا دورہ کیا اور غمزدہ کنبہ کو ہمت بندھائی۔ ان کے ساتھ پارٹی لیڈروں اور سینئر ساتھیوں میں سیکرٹری جنرل محترمہ انیتا ٹھاکر اور دیگر شامل تھے۔ بھیم سنگھ نے کہا کہ مسٹر مول راج جی ہمیشہ امر رہیں گے اور مرحوم کی روح کو جنت میں سکون کے لئے خدا سے دعا کی۔ مسٹر مول راج جی کی پیدائش 4 ستمبر، 1945 کو ہوئی تھی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مول راج جی نے عظیم کردار ادا کیا ہے جس سے لوگوں کو پنتھرس پارٹی کی ایک نئی تحریک کے بارے میں سوچنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ پنتھرس پارٹی مسٹر مول راج اور ان کے والد مسٹر شیو ناتھ کی یاد میں ایک یادگار قائم کرے گی، جنہوں نے جموں و کشمیر میں ہمارے معاشرے کے غریب طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے پنتھرس پارٹی کی ایک نئی تحریک چلانے کے لئے حوصلہ افزائی کی۔اس خراج عقیدت تقریب میں سبھی دوستوں،کئی کنبوں کے اراکین، سینئر پیتھرس لیڈر اور کارکن موجود تھے جن میں ہرشدیوسنگھ، بلونت سنگھ منکوٹیا، پی کے گنجو، محترمہ انیتا ٹھاکر، منجو سنگھ، بنسی لال شرما، یشپال کنڈل، ایس پرمجیت سنگھ مارشل، ٹھاکر وریندر سنگھ، جگدیوسنگھ، شنکرسنگھ چب، گگن پرتاپ سنگھ، پروشوتم پریہار، روندر جموال اور دیگرشامل تھے۔
شیعہ فیڈریشن کی جانب سے ایرانی صد ر کے دورے کا خیر مقدم
ترقی کے متبادل راستے تلاش کرنے کی ضرورت پرزوردیا
جموں//شیعہ فیڈریشن نے ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ ٔ ہندوستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ دوطرفہ تعلقات بہتر بناتے ہوئے ایک دوسرے کے وسائل سے فائدہ حاصل کیاجائے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ وہ حسن روحانی کے دورہ ٔ ہندوستان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ اس دورے سے نئے رشتے استوار ہوںگے اور سائنس و ٹیکنالوجی و دیگر شعبوں میں باہمی مفاد کے معاہدے طے کئے جائیںگے ۔ ان کاکہناتھاکہ ایران قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جس کے ساتھ روابط بہتر بناکر ملک کو فائدہ پہنچایاجاسکتاہے ۔عاشق خان نے کہاکہ ہندوستان کو ایران میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر سے فائدہ اٹھاناچاہئے اور ساتھ ہی ایران کی سائنسی ترقی سے بھی تحریک لینی چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں تیل اور گیس کی بہت زیادہ ضرورت جس کو پورا کرنے کیلئے گیس پائپ لائن جیسے منصوبہ پر غور کیاجاناوقت کی ضرورت ہے ۔عاشق خان نے کہاکہ ہر ایک شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات دونوں کے ہی مفاد میں ہیں اور اس سے ہر دو ملکوں میں تعمیروترقی ہوگی اور لوگوں کے حالات میں بہتر ی آسکے گی ۔انہوںنے کہاکہ اس دورے کو کامیاب بنایاجاناچاہئے اورترقی کے متبادل ذرائع تلاش کئے جائیں ۔فیڈریشن صدرنے کہاکہ امریکہ ،اسرائیل اور مغرب نے ایرانی قوم و حکومت کو دبانے میں کوئی کوشش باقی نہیں رکھی لیکن یہ اسی قوم کی خود اعتمادی تھی کہ آج ایران ایک بااثر ملک ماناجاتاہے جس کا مشرق وسطیٰ میں ہی نہیں بلکہ ایشیاء میں بھی بہت بڑا رول ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایران کے ساتھ رشتے مضبو ط کرکے ہندوستان کیلئے ترقی کے مزید راستہ کھلیںگے اور اس سے پورے خطہ کا بھلا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ تمام ایشیائی ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئیں جو اس خطے میں ترقی کیلئے بنیادی ضرورت ہے ۔عاشق خان نے کہاکہ دونوں ممالک میں آنے جانے کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں اور خاص طور پر شعبہ تعلیم میں تعاون کیاجائے ۔ فیڈریشن صدر نے کہاکہ ہندوستان سے بڑی تعداد میں طلباء ایران میں اسلامی و طبی اور انجینئرنگ جیسے شعبوں کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اوراس سلسلے کو مزید تقویت دی جائے ۔ صوبہ جموں کی تمام شیعہ انجمنوں کے صدور اور شیعہ فیڈریشن کے دیگر ارکان نے بھی روحانی کے دورے کاخیر مقدم کیاہے ۔
ڈاکٹرفاروق عبداللہ کابیان حیران کن :عبدالغنی وکیل
وزیراعظم ہند پرحریت اورپاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے پرزور
جموں//جموں کشمیربچائوتحریک کے صدراورسابق وزیرعبدالغنی وکیل نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرفاروق عبداللہ کاحالیہ بیان کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کے سواکوئی چارہ نہیں ،حیران کن ہے۔ یہاں جاری پریس بیان میں عبدالغنی وکیل نے کہاکہ فاروق عبداللہ کب تک رنگ بدلتے رہیں گے ،کبھی وہ پاکستان پرحملے کی بات کرتے ہیں،کبھی مرکزی سرکارکومقبوضہ کشمیرکوہاتھ لگانے کی جرت نہ کرنے اورکبھی اقتدارمیں مقبوضہ کشمیرپربمبارمنٹ کرنے کی بات سے بھی گریزنہیں کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حالانکہ ریاست کے عوام نے 2014 کے اسمبلی انتخابات میں ثابت کردیاکہ اب نیشنل کانفرنس کے لیڈران عوام کوزیادہ دیر تک بیوقوف نہیں بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فاروق صاحب جیسے لیڈرکوجنگ کی بات کرنازیب نہیں دیتاہے کیونکہ موجودہ دورمیں جنگ تباہی اوربربادی کے سواکچھ نہیں ۔ عبدالغنی وکیل نے مرکزی سرکاربالخصوص وزیراعظم ہندپرزوردیاکہ وہ بات چیت کے ہرممکن راستے کواپنائیں اوربڑے بھائی ہونے کے ناطے حریت کانفرنس کے ساتھ ساتھ پاکستان کوبھی بات چیت کیلئے آمادہ کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہندنوازجماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنے سے آج تک کچھ بھی حاصل نہیں ہوا اورنہ آئندہ ہوگاکیونکہ کئی دہائیوں سے مرکز ہندنوازجماعتوں خاص کر نیشنل کانفرنس کے لیڈران سے بات چیت کرتے آئیں ہیں لیکن لاحاصل اوراٹھنااوربیٹھنا ثابت ہوا۔
نگروٹہ میں شجر کاری مہم کا آغاز
جمبو چڑیا گھر سیاحوں کوراغب کرنے کیلئے کارگرثابت ہوگا: لال سنگھ
جموں/ /جنگلات وماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت کی موجود گی میں جمبو چڑیا گھر میں بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ چڑیا گھر سیاحوں کی دلچسپی کے ایک مرکز کے طور پر اُبھر آئے گا۔ا س موقعہ پر جنگلات اور دیگر منسلک محکموں کے افسروں اور ملازمین نے لگ بھگ 25ہزار آرائشی اور ثمر دار پودے لگائے۔پی سی سی جنگلات روی کیسر، چیف وائیلڈلائف وارڈن منوج پنت ، چیئرمین پولیوشن کنٹرول بورڈ بی سدھارتا کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔لال سنگھ نے کہاکہ ماحولیاتی تواز ن کو برقرار رکھنے کے لئے لوگو ں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودے لگانے چاہیئے۔انہوںنے کہا کہ حکومت جنگلات اور ماحولیات کو تحفظ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سکولوں ، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں سبزہ زاروں کو بڑھاوا دینے کی طرف بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان کو جاذب نظر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے گرد نواح کو صاف ستھرا رکھا جاسکے ۔بعد میں انہوں نے چڑیا گھر میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایشیا چڑیا گھر کی طرز پر جمبو چڑیا گھر کو بڑھاوا دینے کے لئے 121کروڑ روپے مہیا کئے ہیں۔اس موقعہ پر ٹرانسپور ٹ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما نے کہا کہ ریاست میں تباہ شدہ جنگلات کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ ماحولیات کو برقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاستی عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی بہتر بنانے کے لئے کئی اختراعی اقدامات کر رہی ہے۔
لیبر قوانین میں اصلاحات کیلئے اقدامات
چیئرمین وزیر اعظم اکنامک ایڈوائزری کونسل نے حکومت کی ستائش کی
جموں/ //وزیرا عظم کے اقتصادی مشاورتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ببیک دیبرائے نے مختلف اقسام کے لیبر قوانین اصلاحات وضع کرنے کے لئے جموں وکشمیر کی حکومت کی سراہنا کی ہے۔ڈاکٹر دیبرائے نے جموںمیں ریاست کے لیبر محکمہ کے افسروںکی ایک میٹنگ کے حاشیہ پر رپورٹوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف پورا ملک لیبر قوانین اصلاحات کے معاملے سے جوجھ رہا ہے اور دوسری طرف جموں وکشمیر کی حکومت نے اس معاملے میں پیش رفت حاصل کی ہے اور اس نے لیبر قوانین اصلاحات شروع کرکے ملک کو ایک راہ دکھائی ہے۔وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو جو میٹنگ میں موجود تھے نے ڈاکٹر دیبرائے کو جانکاری دی کہ اس وقت ریاست میں لگ بھگ260لیبر قوانین موجود ہے جنہیں کم کر کے ایک مساوی کوڈ وجود میں لایا جارہا ہے۔ڈاکٹر دیبرائے جو ایک معروف ماہر اقتصادیات ہونے کے ساتھ ساتھ نیتی آلوگ کے ساتھ نیتی آیوگ کے ممبر بھی ہیں نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کے لیبر قوانین اصلاحات ریاست میں تجارت کو آسان کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی بدولت مزدور طبقے کی توقعات کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔چیئرمین نے ریاستی حکومت کی طرف سے غیر منظم سیکٹر کے کارکنوں کے لئے بڑے پیمانے پر ریاستی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے اقدامات کی کافی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے غیر منطم سیکٹر کے مزدوروں کی بہبودی کے لئے محافظ نامی سکیم صحیح معنیوں میں ایک اہم قدم ہے ۔اس سے پہلے ڈاکٹر دیبرائے کو ریاست میں حکومت کی طرف سے لیبر قوانین اصلاحات کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی گئی ۔ایک علاحدہ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر دیبرائے نے کلیدی محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے دوران ریاست میں مرکزی معاونت والی سکیموں کی پیش رفت کو زیر بحث لایا ۔اس موقعہ پر مرکزی معاونت والی سکیموں کے مختلف پہلوئوں اور مدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ان سکیموں کو موثر ڈھنگ سے عملایا جاسکے ۔چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری ، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ، کمشنر سیکرٹری پبلک ورکرس سنجیو شرما ، کمشنر سیکرٹری محکمہ بجلی ہردیشن کمار ، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار کفایت حسین رضوی، لیبر کمشنر جے اینڈ کے ڈاکٹر عبدالرشید اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجو دتھے۔
کرگل کا وفد نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقی
خطے میں ترقیاتی عمل کو بڑھاوا دینے کیلئے اظہارتشکر
جموں/ کرگل کا ایک وفد آج محمد علی مذہر کی قیادت میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ سے ملاقی ہوا او ران کے سامنے اپنے اپنے مسائل رکھنے کے علاوہ خطے میں ترقیاتی پروجیکٹ عملانے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس پہاڑی ضلع میں ترقیاتی پروجیکٹوں کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوںنے روجیلہ ٹنل پروجیکٹ کے علاوہ کشتواڑ ۔ پانی کھر سڑک پروجیکٹ ہاتھ میں لینے کے لئے حکومت کا شکریہ اداکیا۔ وفد نے کرگل کو اُڑان ۔II سکیم کے تحت لانے کے لئے بھی نائب وزیرا علیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے وفد کے مطالبات غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُجاگر کئے گئے تمام مسائل اور مطالبات کو مرحلہ وار طریقے پر پورا کیا جائے گا۔