جموں میونسپل کارپوریشن کی تجاوزات مخالف مہم
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آج شہر جموں میں غیر قانونی طور سے لگائی جارہی ریڑھیوں اور فٹ پاتھوں پر کی گئی ناجائز تجاوزات کے خلاف ایک زور دار مہم شروع کی گئی اس مہم کی نگرانی سیکرٹری جے ایم سی سونینا شرمااور اسسٹنٹ کمشنر جے ایم سی ویناکشی کول کر رہے تھے۔ اس دوران شہر کے متعدد علاقوں بشمول سینک کالونی ، کنال ہیڈ تا جیول،بلیو گمٹ،گمٹ چوک،اندرا چوک ، شالا مار روڈ،سیکرٹریٹ روڈ،برگیڈیر راجندر سنگھ چوک،مہش پورہ ، کچی چھائونی اور ایکس چینج وغیرہ علاقوں سے ناجائز تجاوزات کو ہٹایا گیا۔ دکانداروں اور دیگر کاروبار سے وابستہ لوگوں سے کہا گیا کہ وہ اپنی اشیاء فٹ پاتھوں پر لگانے سے اجتناب کریں کیونکہ اس سے جہاں راہ گیروں کو پیدل چلنے میں دشواری پیش آتی ہے وہاں ٹریفک جاموں کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے کاروائی کرنے کی وارننگ دی۔
گوجر رجمنٹ کے قیام کا مطالبہ
جموں//گوجر یوتھ لیڈر اور ریاستی جنرل سیکرٹری چوہدری مشتاق انقلابی نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاٹ رجمنٹ ، راجپوت رجمنٹ اور ڈوگرہ رجمنٹ کے طرز پر فوج میں ایک مکمل گوجر رجمنٹ کھڑی کرنے کی منظوری دے۔ انہوں نے کہا کہ گوجر ریاست کی کل آبادی کا تیسرا سب سے بڑا حصہ ہیں ، جنہیں نظر انداز کیا گیا ہے ۔انہوں نے ریاست کے گوجروں سے کہا کہ وہ اس مقصد کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔
سروئیں سر ، مانسر جھیلوںمیں سٹیمر سروس عنقریب
جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے آج کہا کہ سروئیں سر اور مانسر جھیلیں ریاست جموں و کشمیر کے اعلیٰ سیاحتی مراکز اورہندوستان کا تاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ایسے تمام سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کی وعدہ بند ہے ۔ اِن باتوں کا اِظہار وزیر نے افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سوربھ بھگت ، چیف وائیلڈ لائف وارڈن منوج پنتھ ، کنزرویٹر ایسٹ سرکل خواجہ قمر الدین ، ریجنل ڈائریکٹر وائیلڈ لائف ڈاکٹر وی ایس سمتھل کمار ، سیکرٹری ٹیکنیکل فارسٹ ڈیپارٹمنٹ رومیش کمار ، ڈائریکٹر فائنانس کے علاوہ جنگلات و ماحولیات کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ سروئیں سر اور مانسر جھیلوں جیسے سیاحتی مقامات پر مزید سہولیات بہم رکھنے کیلئے چودھرل لال سنگھ نے وائیلڈ لائف محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ دو سٹیمر ، سروئیں سر جھیل کیلئے چار سیٹ والا اور مانسر کیلئے دس سیٹوں والا ، کا انتظام کریں جس کیلئے حکومت نے 34 لاکھ روپے مختص رکھے ہیں ۔ لال سنگھ نے جنگلات کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بسوہلی کے تھین ڈیم کے دس مربع کلو میٹر کے ارد گرد میوؤں کے پودے لگائیں اور اس علاقے کی دیوار بندی کیلئے بھی نشاندہی کریں ۔ لال سنگھ نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت نے پن گونگ سو اور سو مراری ویٹ لینڈ کی بحالی کیلئے 1.27 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ سیاحوں کی سہولیت کیلئے ان پروجیکٹوں کی تکمیل یقینی بنانے کیلئے تمام افرادی اور مشنری قوت استعمال کریں ۔ وادی کشمیر کی خوبصورتی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس وادی کو قدرتی نظاروں کی بدولت پیرا ڈائیز آن ارتھ کا نام دیا گیا ہے اور اس وادی میں سیاحتی مقامات کو اپ گریڈ کرنے کی بہت ضرورت ہے ۔
عبدالحق پنجاب میں زیر تعلیم ریاستی طلاب کیساتھ ملاقی
چندی گڑھ//دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے پنجاب میں ریاست کے زیر تعلیم طلاب کے ساتھ اپنی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا ۔ وزیر نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایت کے مطابق ان طلاب سے حکومت کی طرف سے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی جو ریاستی حکومت ریاست کے طلاب کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اٹھا رہی ہے ۔ وزیر نے سوامی وویکا نند انسٹی چیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی بھنور چندی گڑھ کا دورہ کیا اور وہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلاب سے ملاقات کی ۔ طلاب نے وزیر کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ بات چیت کے دوران طلاب نے ایک خصوصی ہیلپ لائین اور ایک خصوصی سیل قایم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جس کے ذریعے یہ طلاب ضرورت کے وقت ریاستی حکومت کو مطلع کر سکیں گے ۔ ان طلاب نے مختلف مرکزی معاونت والی سکالر شپ سکیموں کے بارے میں بھی وزیر سے بات چیت کی اور انہیں درخواست کی کہ اُن کے وظائف کی واگذاری جلد از جلد کی جائے ۔ وزیر کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم بخشی جاوید حمایوں ، ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر کپل شرما و ریاستی و چندی گڑھ حکومتوں کے سینئر افسران تھے ۔ عبدالحق نے اس موقعہ پر کہا کہ جموں و کشمیر ریاست کے طلاب باقی ریاستوں میں بحثیت نمائندے موجود رہتے ہیں جو کشمیر کے بارے میں منفی تاثرات ختم کرنے میں موثر ثابت ہو سکتے ہیں ۔
حکومت سرحدی دیہات کے مسائل حل کرنے کی وعدہ بند : نائب وزیر اعلیٰ
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج کہا کہ حکومت بین الاقوامی سرحد پر رہایش پذیر لوگوں کے مسائل حل کرنے کی وعدہ بند ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ اُن کے معاملات اٹھائے گئے ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ جموں صوبے کے بین الاقوامی سرحد پر رہایش پذیر لوگوں کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے ۔ پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئل ۔ ایڈیشنل کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ و دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ بین الاقوامی سرحد پر رہایش پذیر لوگوں کو لائین آف کنٹرول پر رہنے والے لوگوں کی طرز پر ریزر ویشن فراہم کرنے کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ان لوگوں کو معاوضہ فراہم کرنے کے سلسلے میں اُن کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد پر رہنے والے لوگ ملک کی حفاظت کیلئے اپنی قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ اُن کے مسائل حل کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہ کیا جائے تا کہ یہ لوگ مزید مشکلات کے شکار نہ ہوں ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ حلقہ انتخاب بھدرواہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملے جن کی قیادت ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار کر رہے تھے ۔ وفود نے نائب وزیر اعلیٰ کو بجلی کی فراہمی سے متعلق کئی مسائل سے آگاہ کیا نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائیز مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا ۔ سول سیکرٹریٹ نان گزٹیڈ ایمپلائیز یونین کا ایک وفد نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور انہیں فلیگ شپ پروگرام ہاوسنگ فار آل سکیم کے فوائد حاصل کرنے کی درخواست کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے مسئلے کو حل کیا جائے گا ۔
امدادِ باہمی تحریک کو مضبوط بنایا جائے:میر ظہور
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی، فلڈ کنٹرول اور امدادِ باہمی کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے امدادِ باہمی تحریک کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تحریک کی بدولت روز گار کے مواقعوں کو پیدا کرنے اور ریاست کے لوگوں کی اقتصادی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ وزیر جموں وومن کریڈٹ کواپریٹو لمٹیڈ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے جو اپنے مسائل کی جانکاری دینے کیلئے آج یہاں وزیر سے ملاقی ہوئے تھے ۔ امدادِ باہمی تحریک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ امدادِ باہمی سیکٹر لوگوں کے روز گار اور اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے بہت اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور جذبے ایثار سے کام کرتے ہوئے اس تحریک سے وابستہ افراد کو عام لوگوں میں اس تحریک کے بارے میں جانکاری فراہم کرنی ہو گی ۔ جے ڈبلیو سی سی ایل کی طرف سے پیش کردہ مطالبات کا جواب دیتے ہوئے میر ظہور نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں امدادِ باہمی تحریک کو ریاست میں وسعت دینے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے تاکید کی کہ وہ اس تحریک میں شرکت کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ روز گار کے مواقعے پیدا کئے جا سکیں ۔ رجسٹرار کواپریٹو پیر زادہ حفیظ اللہ اس موقعہ پر موجود تھے ۔
فاریسٹ مشاورتی کمیٹی کی104 ویں میٹنگ منعقد
جموں// چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے آج فارسٹ ایڈوائزری ( ایف اے سی) کی104 ویں میٹنگ کی صدارت کی جس میں عوامی اہمیت کے حامل متعدد ترقیاتی مسودوں کو منظوری دی گئی۔میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مال لوکیش دت جھا،انتظامی سیکرٹریز پی ایچ ای، جنگلات و ماحولیات، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس، چیف وائلڈ لائف وارڈن جے اینڈ کے،ماہر ماحولیات ڈاکٹر ایس پی سنگھ اور ڈاکٹر جی اے بٹ کے علاوہ متعدد اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں جن مسودوں کو منظوری دی گئی اُن میں سے ریاست کے متعدد فارسٹ ڈویثرنوں میں جنگلاتی اراضی کو پی ایم جی ایس وائی کی سڑکوں کی تعمیر کے لئے استعمال کرنے، نگروٹہ کے خان پور اور بن علاقہ میں پینے کے پانی کی سہولیات کے لئے ریزروائر کی تعمیر، مڑھواہ فارسٹ ڈویثرن میں پکل ڈول پن بجلی پروجیکٹ کے متعدد کاموں کی تعمیرکے علاوہ دوآبگاہ سوپور میں 220 کے وی ملٹی سرکٹ کشن گنگا۔ امر گڑھ ٹرانسمیشن لائین کی تعمیر شامل ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعمیراتی پروجیکٹوں کو عملاتے وقت کم سے کم درختوں کی کٹائی کو یقینی بنایا جانا چاہئے تا کہ ماحولیات پر منفی اثر مرتب نہ ہوں۔انہوں نے جنگلاتی علاقوں میں منظور کئے گئے ترقیاتی کاموں کی عمل آوری پر نگرانی کو معمول بنایا جانا چاہئے۔ اس موقعہ پرایف اے سی کی جانب سے پہلے سے منظور کئے گئے پروجیکٹوں کی پیش رفت سے متعلق ایک تفصیلی پاور پوائنٹ پریذنٹیشن پیش کی گئی جس میں مونیٹرنگ اور انسپکشن ٹیم نے کچھ مشاہدات درج کئے تھے۔