’زچہ بچہ کی صحت ‘پرورکشاپ
زچگی کے دوران اموات میں کمی کیلئے کوششیں جاری :پرنسپل سیکریٹری
نیوز ڈیسک
جموں //نیشنل ہیلتھ مشن جموں وکشمیر کی جانب سے ’زچہ بچہ کی صحت سے متعلق نئے اقدامات‘پر ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔انسٹی ٹیوٹ آف انجینئر ز گاندھی نگر میں منعقدہ اس ورکشاپ کا افتتاح پرنسپل سیکرئٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کیا ۔ ورکشاپ کو منعقد کر نے کا مقصد محکمہ صحت کے آفیسران کو زچہ بچہ کی صحت پر خصوصی دھیان دینے کیلئے نئے اقدامات سے متعلق جانکاری فراہم کرنا تھا ۔اس موقعہ پرمحکمہ صحت کے پرنسپل سیکرٹری نے آفیسران پر زور دیتے ہوئے کہاکہ زچگی کے دوران ہونے والی اموات کی شرح کم کرنے و روکنے کیلئے صحت شعبہ پر خصوصی دھیان دیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں زچہ و بچہ کی صحت کیلئے معیاری سہولیات فراہم کی جائیں ۔اپنے خطاب میں مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن نے کہاکہ ’پائیدارترقیاتی پروگرام‘کے تحت ریاست میں سو فیصد ہدف حاصل کر نے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ریاست میں نیشنل ہیلتھ مشن کو لا گو کرنے کے بعد صحت شعبہ میں بہتری آئی ہے ۔ ورکشاپ کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے صحت کے شعبہ کیلئے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں محکمہ کے ملازمین و آفیسران کو تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔اس ورکشاپ میں ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ،چیف میڈیکل آفیسر ،میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ،سٹیٹ نوڈل آفیسر اور نیشنل ہیلتھ مشن کے منیجر و دیگر آفیسران نے شرکت کی ۔
غرباء میں کمبل وگرم ملبوسات تقسیم
جموں //لوک جن شکتی پارٹی کی جانب سے سمبل موڑ جموں میں غریب کنبوں میں گرم کمبل و دیگر ملبوسات تقسیم کئے گئے ۔اس سلسلہ میں پارٹی کے قومی یوتھ صدر سنجے صراف کی قیادت میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کر کے کمبل تقسیم کئے ۔اس دوران کئی افراد نے پارٹی میں بھی شمولیت اختیار کی ۔کیمپ کے دوران خطاب کرتے ہوئے سنجے صراف نے کہاکہ پارٹی غریب طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔
کرتار پور راہداری کھولنے کااقدام
شری منی اکالی دل نے ہندوپاک حکومتوں کا شکریہ ادا کیا
جموں //ہندو ستان اور پاکستان کی جانب سے کرتار پور میں واقع دربار صاحب گرودوارہ کیلئے راہداری کھولنے کے فیصلے کی تعریف کر تے ہوئے شری منی اکالی دل جموں و کشمیر نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ برس گورو نانک کی 550ویں یوم پیدائش پر عقیدت مندوں کیلئے دربار صاحب گرودوارہ کیلئے رسائی مزید آسان بنا ئی جائے گی ۔شری منی اکالی دل نے کہا کہ مذکورہ عمل دونوں حکومتوں کی جانب سے گورو نانک کو ان کے 550ویں یوم پیدائش پر بہترین خراج عقیدت ہے ۔یاد رہے کہ کرتار پور میں واقع دربار صاحب گرودوارہ کا سرحد سے فاصلہ چند کلومیٹر کا ہی ہے اور نارووال ضلع کی حدود میں واقع اس گرودوارے تک پہنچنے کیلئے لاہور سے 130 کلومیٹر اور تقریباً تین گھنٹے لگتے ہیں۔
کا 26/11 کے مہلوکین کو خراجJKFFA
جموں //جموں وکشمیر فریڈم فائٹرس ایسوسی ایشن نے 26/11ممبئی حملے کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس سلسلہ میں ایسوسی ایشن کی جانب سے امپھلا میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں مئیر جموں چندر موہن گپتا ،چیئر مین جموں وکشمیر فریڈم فائٹرس ایسوسی ایشن وید گنڈوتراہ اور دیگر اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جموں کے میئر نے کہاکہ حکومت دہشتگردی کیخلاف ایک جنگ لڑ رہی ہے اور اس سلسلہ میں حکومت کا نقطہ نظر بالکل صاف ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت اور سیکورٹی ایجنسیاں کوشاں ہیں تاکہ آئندہ ملک میں 26/11 جیسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں ۔
کشمیری مہاجرین کیلئے اسمبلی کی 5نشستیں مخصوص کرنے کی مانگ
نیوز ڈیسک
جموں //کشمیر کھتری ہندو مہا سبھا نے مانگ کی ہے کہ ریاستی اسمبلی میں 5نشستیں جبکہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ایک ایک نشست کشمیر ی مہاجرین پنڈتوں کیلئے مخصوص رکھی جائیں تاکہ ان مہاجرین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے ۔اس سلسلہ میں کشمیر کھتری ہندو مہا سبھا کی ایک میٹنگ زیر صدرات انجینئر رومیش چندر مہاجن منعقد ہوئی جس کے دوران اراکین نے 1990کے بعد مہاجرین پنڈتوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اراکین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہاکہ ریاستی اور مرکزی حکومت نے مہاجرین پنڈتوں کو یکسر نظر انداز کیا ہے ۔اپنے خطاب میں رومیش چندرنے کہاکہ ریاستی اسمبلی اور پارلیمنٹ میں مہاجرین کی آواز کو بلند ہی نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے ان کے تمام مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ 1990سے 2.50لاکھ کشمیر ی پنڈت اپنے گھر چھوڑ کر مہا جرین کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے مہاجرین کیلئے وزیر اعظم روز گار اسکیم شروع کرنے کے باوجود بھی نوجوانوں کو روز گار فراہم نہیں کیا جا رہاہے جس کی وجہ سے بے روز گار نوجوانوں ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہیں ۔انہوں نے مرکزی حکومت سے مانگ کر تے ہوئے کہاکہ مہاجرین کیلئے ریاستی اسمبلی میں پانچ نشستوں کے علا وہ لوک سبھا میں ایک او ر راجیہ سبھا میں بھی ایک نشست کو مخصوص کیا جا ئے ۔اراکین نے ریاستی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حالیہ پارلیمانی انتخابات کے دوران کئی مہاجرین کا ووٹر لسٹوں سے نام ہی غائب کئے گئے تھے ۔
جموں وکشمیر بنک سے متعلق فیصلہ
بھاجپا نے گورنر کی حمایت کا اعلان کیا
جموں //بھاجپا کی ریاستی اکائی نے گورنر ستیہ پال ملک کی جانب سے جموں وکشمیر بینک کو حق اطلاعات قانون اور چیف ویجی لینس کمشنر کے زیر تحت لانے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے بینک کے کام کاج میں شفافیت آئے گی ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بھاجپا کے ریاستی ترجمان سنیل سیٹھی نے کہا کہ پارٹی ریاستی گورنر کی جانب سے کئے گئے فیصلے کا خیر مقدم کر تی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بینک سیکٹر میں شفافیت کیلئے مذکورہ قدم ضروری تھا ۔یاد رہے کہ اس سلسلہ میں ریاستی انتظامیہ کونسل کی جمعرات کو ہوئی میٹنگ کے دوران گورنر نے جموں وکشمیر بینک کو آر ٹی آئی کے تحت لانے کے بل کو منظوری دی تھی ۔سنیل سیٹھی نے کہاکہ جموں و کشمیر بینک میں اس وقت لاکھوں افراد کا پیسہ موجود ہے تاہم بینک کے کام کاج اور پالیسیوں سے متعلق عوام کو کوئی جانکاری نہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ حالیہ کچھ عرصہ سے بینک سے متعلق کئی الزامات عائد کئے گئے ہیں لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھا یا گیا ۔یاد رہے گور نر انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے فیصلے پر سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے شدید نکتہ چینی کی تھی جبکہ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر بینک کو کچھ عناصر کی طرف سے غلط استعمال کیا جا رہا ہے ۔