پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کے تحت
۔ 60598 مستحقین درج
جموں//سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق۱ حمد لون نے ریاست میں پردھان منتری ماترو وندنا یوجنا کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس ویر جی ہانگلو نے سیکرٹری جانکاری دی کہ ریاست میں سکیم کے تحت 60598 مستحقین درج کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کل درج شدہ مستحقین میں سے 49493 نے پہلی قسط جبکہ 35597مستحقین نے دو قسطیں 17023 نے تین قسطیں اب تک حاصل کی ہیں۔میٹنگ میں جانکاری دی کہ مرکزی سرکار نے اس سکیم کی عمل آوری کے لئے ریاست کو 29کروڑ روپے واگزار کئے ہیں جس میں سے ڈی بی ٹی کے ذریعے مستحقین میں 15.47کروڑ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لون نے کہا کہ سکیم کی عمل آوری میں تیزی لائی جانی چاہیئے اور کسی بھی اہل مستحق افراد کو سکیم سے باہر نہیں رکھا جانا چاہیئے ۔انہوں نے نچلی سطح پر کام کرنے والوں بالخصوص آنگن واڑی ورکروں کی کپسٹی بلڈنگ پر زور دیا تاکہ سکیم کو مؤثر طریقے پر عملایا جاسکے۔واضح رہے کہ پی ایم ایم وی وائی کے تحت خواتین کو پہلا بچہ جننے پر تین قسطوں میں پانچ ہزار روپے کی نقد امداد فراہم کی جاتی ہے۔سرکاری نوکری کرنے والی خواتین کو چھوڑ کر تمام حاملہ عورتیں اور دودھ پلانے والی مائیں اس سکیم کے تحت مالی معاونت کی حقد ار ہیں۔
دل کا دورہ پڑنے سے خاتون یاتری کی موت
جموں// جموں و کشمیر میں ضلع ریاسی کے ترکوٹہ پہاڑی پر واقع ماتا ویشنودیوی بھون میں جمعرات کے روز دل کا دورہ پڑنے سے ایک خاتون یاتری کی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہریانہ کے روہتک سے تعلق رکھنے والی بالا رانی ، جو شری ماتا ویشنو دیوی کی گھپا مندر کی درشن کے لئے آیا تھی، جمعرات کے روز سینے میں درد ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی۔پولیس نے بتا یا کہ خاتون یاتری کو علاج کے لئے مقامی ڈسپنسری میں پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ماہر معالج نے سپر سپیشلٹی ہسپتال کٹرہ کا دورہ کیا
کٹرہ // آرمڈ فورسز کلینک نئی دہلی کے معروف انڈوکرائنولاجسٹ بریگیڈیر نریندر کوتوال نے شری ماتا ویشنو دیوی ہسپتال کٹرہ کا دورہ کیا ۔اس دورے کے دوران انہوں نے مذکورہ ہسپتال میںمریضوں کو دی جارہی سہولیات اور دستیاب مشینری کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے ہسپتال کے سٹاف ممبران کو ایک لیکچر دیتے ہوئے اس وقت تیزی کیساتھ پھیل رہی بیماریوں اور ان کے علا ج سے متعلق جدید طرز عمل کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ہسپتال میں مریضوں کو دی جارہی سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جدید دور میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ مختلف اقسام کی ورزشوں سے متعلق بیدار کرنا بھی ضروری ہے تاکہ عام لوگوں کو ورزشوں کی اہمیت سے متعلق بھی بیدار کیا جاسکے ۔
ایڈیشنل ڈی جی سی آر پی ایف گورنر سے ملاقی
جموں//ایڈیشنل ڈی جی سی آر پی ایف وی ایس کے کاومڈی نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور ریاست میں موجودہ اندرونی سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔گورنر نے ریاست میں حالیہ پنچایتی انتخابات کو پُر امن طریقے پر منعقد کرنے کے لئے سی آر پی ایف کے رول کو سراہا۔
سیکرٹری وناظمِ اطلاعات کا اظہار تعزیت
جموں//سیکرٹری اطلاعات سرمد حفیظ نے روز نامہ کشمیر ریڈر کے ایڈیٹر انچیف حاجی حیات کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں سرمد حفیظ نے غمزدہ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔ دریں اثنا ناظمِ اطلاعات و تعلقات عامہ طارق احمد زرگر نے بھی حاجی حیات کی والدہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کیلئے مغفرت کی دعا کی ۔
جموں ماسٹر پلان کو دوبارہ مرتب کیا جائے :چیمبر آف کامرس
یوز ڈیسک
جموں //پی ایچ ڈی چیمبر س آف کامرس کے ایک وفد نے جموں مئیر سے ملاقات کر کے جموں ماسٹر پلان کو دوباہ سے تیار کرنے کی مانگ کی ۔وکرانت کتھالہ کی قیادت میں وفد نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ جموں ماسٹر پلان کو عوامی عتراضات کا جائیزہ لینے کے بعد دوبارہ سے تیار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جموں ائیر پورٹ پر جدید سسٹم نصب کرنا ،رات میں جہازوں کی لینڈنگ اور ائیر پورٹ کو کشیدہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ جموں ہوائی اڈے پر ملک کی دیگر ائیر پورٹوں کی طرح کو ئی بھی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو مسائل کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔اراکین نے جموں اکھنور شاہراہ پر جاری تعمیر اتی کام کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ایجنسی کو ہدایت جاری کی جایں کہ وہ متبادل سڑک تیار ہونے تک شاہراہ کی حالت کو بہتر بنائے رکھے تاکہ مسافروں و عام لوگوں کو ماحولیاتی آلودگی ودیگر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس کے علاوہ رنبیر کنال ،درئے توی پر بنائی گئی آبپاشی نہر کو مزید خوبصورت بنانا کیلئے اقدامات ،جموں شہر کے مختلف حصوں میں نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر اور خراب ہوئی لائٹس کی مرمت کی بھی مانگ کی گئی ۔
ریاستی انتظامیہ پر درجہ فہرست ذاتوں کو نظر انداز کرنے کا الزام
جموں //ریاستی انتظامیہ کونسل کی حالیہ منعقدہ میٹنگوں میں درجہ فہرست ذاتوں کی مانگوں کو نظرانداز کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے آل جموں وکشمیر کنفیڈریشن آف ایس سی ،ایس ٹی اور ائوبی سی نے کہا ہے اگر ان کی مانگوں کی جانب توجہ نہیں دی گئی وہ سیول سیکرٹریٹ کے گھیرائو کے علا وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو جاینگے ۔یہاں جاری ایک بیان میں آل جموں وکشمیر کنفیڈریشن آف ایس سی ،ایس ٹی اور ائوبی سی کے صدر آر کے کلسوترہ نے کہاکہ ان کی جائز مانگوں و مطالبات کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جبکہ کنفیڈریشن کی جانب سے ایس سی ،ایس ٹی طبقہ کے ملازمین کو ترقی میں ریزرویشن دینے کے علا وہ دیگر مانگوں پر مشتمل یاداشت کو پہلے سے ہی ریاستی گورنر کے مشیر کے سامنے پیش کیا ہوا ہے اور انہوں نے درجہ فہرست ذاتوں کے مسائل کو حل کر نے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ریاستی انتظامیہ کونسل کی حالیہ میٹنگوں میں ان کے کسی بھی مطالبے پر توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت نے پسماندہ طبقہ کیساتھ کھلواڑ کی جس عمل کو ابھی تک جاری رکھا گیا ہے ۔ کلسوتراہ نے مبینہ طورپر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں گورنر رول کے دوران ایس سی ،ایس ٹی اور ائو بی سی طبقہ کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئند بجٹ میٹنگ کے دوران مذکورہ طبقہ کیلئے فنڈز مخصوص رکھیں جائیں تاکہ ان کی فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے ۔
میئر کی گورنر کے مشیر کیساتھ ملاقات ،جے ایم سی کی تشکیل نو، عارضی ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کے میئرچندر موہن گپتا نے گورنر کے مشیر کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کی۔میئر نے مشیر موصوف کو جے ایم سی سے متعلق کئی معاملات پر مبنی ایک یاداشت پیش کیں۔یاداشت میں جے ایم سی کو تنظیم نو بنانے ، کنٹریکچول /کیجول ملازمین کی ملازمت کو باقاعدہ بنانے، میونسپل سروس سبارڈنیٹ ریکروٹمنٹ رولز کو تشکیل دینے ، کارپوریشن میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے اور دیگر اہم معاملات درج تھے۔میئر نے جے ایم سی کی کلہم کارکردگی کے بارے میں بھی مشیر موصوف کو آگاہ کیا۔ مشیر موصوف نے میئر کو یقین دلایا کہ حکومت اُن کی جائز مطالبات پر غور کرے گی۔مشیر نے مزید کہا کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ایک اہم مسئلہ ہے اور اس مقصد کے لئے اُنہوںنے ایک مناسب منصوبہ تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔
وِجے کمار کا جموں میں عوامی دربار
جموں//گورنر کے مشیر کے۔ وِجے کمار نے آج بینکٹ ہال جموں میں عوامی دربار کا انعقاد کر کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس دوران ریاست کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی وفود اور افراد نے اپنے اپنے مسائل کو اُجاگر کیا۔آل جے اینڈ کے فارمیسسٹ ایسو سی ایشن نے اِلتو امیں پڑے ڈی پی سی معاملا ت کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔بے روزگار پوسٹ گریجویٹ آیورویدیک ڈاکٹروں نے محکمہ صحت میں خالی پڑی اسامیوں کو مشتہر کرنے کا مطالبہ کیاجن دیگر وفود نے مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے معاملات کو اُجاگر کیا اُن میں سٹیٹ فارسٹ سروس، وائرس لیس آپریٹرس ، مختلف محکموں کے کنٹریکچول اور کیجول ورکر ، مختلف ہسپتالوں میں کام کرنے والے آیورویدا ڈاکٹر وں کے وفود شامل ہیں۔علاوہ ازیں کئی افراد نے بھی کے ۔ وِجے کمار کے ساتھ بات چیت کی اور مسائل کو وقت پر حل کرنے میں اُن کی مداخلت طلب کی۔مشیر نے مسائل غور سے سنے اور یقین دلایا کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کئی ایک معاملات کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں۔
پبلک سروس کمیشن پر
نوجوانوں کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کر نے کا الزام
جموں //ینگ پنتھرز پبلک سروس کمیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاوہ نوجوانوں کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔ اپنی ’یوا سینا ‘مہم کو جاری رکھتے ہوئے وارڈ نمبر 16میںمنعقدہ میٹنگ کے دوران ینگ پنتھرس کے ریاستی نائب صدر پرتاب سنگھ جموال نے کہاکہ پنتھرس پارٹی صوبہ جموں کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کو انصاف دلانے کیلئے لڑائی لڑ رہی ہے ۔موصوف نے حال ہی میں جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کی جانب سے کے اے ایس مین امتحان کے نکالے گئے نتائج پر تنقید کر تے ہوئے کہاکہ کمیشن نے اہل امیدواروں کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کمیشن امیدواروں کیساتھ ایک غیر معیاری طریقہ کار سے پیش آرہاہے جبکہ معیار پر نمبرات نہیں دئیے جارہے ہیں ۔ پرتاب سنگھ جموال نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بورڈ کے کام کاج کا خود جائز لیں اور مذکورہ نتائج کو دوبارہ سے نکالنے کیلئے بورڈ حکام کو حکم جاری کریں۔موصوف نے کہاکہ پارٹی اس خطہ کیلئے پبلک سروس کمیشن ،ایس ایس بی ،ایجوکیشن بورڈ ودیگر اداروں کو علیحدہ طور پر قائم کروانے کیلئے کمر بستہ ہے تاکہ اس خطہ کے بے روز گار نوجوانوں کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پنتھرس پارٹی کی جانب سے شروع کی گئی یوا سینا مہم میں شامل ہو کر جموں خطہ کی عوام کو انصاف دلانے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اس دوران وارڈ کی یوا سینا باڈی بھی تشکیل دی گئی ۔
کھادی اینڈ ولیج بورڈ کا اجلاس منعقد
رواں مالی برس کے دوران 1677 صنعتی یونٹ قائم
جموں//جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولیج بورڈ نے ریاست میں اب تک پی ایم ای جی پی کے تحت 1677 چھوٹے صنعتی یونٹ قائم کئے ہیں ۔ یہ جانکاری بورڈ کی وائس چیئرپرسن ڈاکٹر حنا شفیع بٹ کی صدارت میں ایک جائزہ میٹنگ کے دوران دی گئی۔میٹنگ میں سیکرٹری کے وی آئی بی راشد احمد قادری کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔وائس چیئرپرسن نے بورڈ کے کام کی ستائش کرتے ہوئے ریاست کے دور دراز علاقوں میں نوجوانوں تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ عوام تک پہنچنے کے لئے بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جانا چاہیئے تاکہ عام لوگ سکیموں سے استفادہ کرسکیں۔اُنہوں نے ریاست کے کھادی اداروں کو ترقی دینے میں بورڈ کے رول کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے مزید ادارے قائم کرنے کے لئے بورڈ کو مناسب اقدامات کرنے چاہیئے ۔ اس سے پہلے سیکرٹری نے بورڈ کی کارکردگی کا تفصیلی خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے سال 2017-18ء میں کل 2024 چھوٹے صنعتی یونٹ قائم کئے۔سیکرٹری نے کہا کہ کے وی آئی بی نے 11کلسٹر پروجیکٹ منصوبے منظوری کے لئے مرکزی سرکار کو بھیج دئیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے 24.93 کروڑ روپے کی مالی معاونت والے دس کلسٹر پروجیکٹ منظور کئے گئے ہیں اور بورڈ کو ریاست میں این ایس ایس ایچ کی عمل آوری کے لئے ریاست میں نوڈل ایجنسی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔