سنئی اور سانگلہ گائوں ٹی ایس پی سکیم سے محروم
بختیار حسین
سرنکوٹ// مرکزی حکومت کی معاونت سے چلائی جارہی ٹی ایس پی سکیم ابھی تک سنئی او ر سانگلہ علاقوں میں لاگو ہی نہیں کی گئی ۔مکینوں نے مایوسی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تک مذکورہ سکیم کے زمرے میں دنوں گائوں کو لایا ہی نہیں جارہاہے جبکہ دیگر علاقوں تک اس کا پہنچایا گیا ہے ۔سرپنچ ایسوسی ایشن بلاک سرنکوٹ کے صدر واحید حسین شاہ او ر سرپنچ محمد رمضان و خادم کٹاریہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دونوں گائوں میں کثیر تعداد میں ایس ٹی درجہ کے لوگ آباد ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس آباد کو فلاحی سکیم سے محروم رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ مرکزی معاونت والی سکیم کو دیگر علاقوں کی ہی طرح مذکورہ دونوں گائوں میں ہی لاگو کرئے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ٹی ایس پی سکیم کو سنئی اور سانگلہ میں بھی لاگو کیا جائے تاکہ غریبوں کو فائدہ پہنچ سکے ۔
محکمہ مال پر سرکاری اراضی سے انتقال خارج نہ کرنے کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر //گور سائی پھمڑا ناڑ کے مکینوں نے محکمہ مال پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اراضی پر کئے گئے انتقال کر حکومتی حکم نامے کے تحت خارج ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔لعل محمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ محکمہ مال کی جانب سے 125کنال سرکاری اراضی پر انتقال کیا گیا تھالیکن اس میں سے صرف 80کنال رقبے کا انتقال خارج کیا گیا جبکہ دیگر 45کنال رقبے پر محکمہ اور سیاسی اثرورسوخ رکھنے والوں کا انتقال غیر قانونی طورپر بحال رکھا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مسل حقیت پر 66کنال 12مرلے رقبہ درج ہے تاہم موقعہ پر مذکورہ اراضی 63کنال 4مرلے ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے کل 125کنال کا انتقال کیا گیا لیکن بعد میں اس رقبے میں سے 80کنال سے انتقال کو خارج کردیا گیا تاہم باقی رقبے سے انتقال کو خارج کرنے کیلئے گزشتہ دو برسوں سے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہاہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کئی آر ٹی آئی میں لگائی گئی ہیں لیکن محکمہ مال کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیاجارہا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملوث ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے
کورونا وائرس کی روکتھام
راجوری انتظامیہ نے رات کی بندشیں عائد کی
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں انتظامیہ کی جانب سے کووڈ کی روکتھام کیلئے ’رات کا کرفیو ‘نافذ کر دیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں پولیس انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں پر نصب سپیکروں کی مدد سے لوگوں کا بندشوں کے سلسلہ میں آگا ہ کیا گیا ہے ۔حکام نے تاجر طبقہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ شام کو 7بجے اپنے تجارتی مراکز کو بند کر دیں ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے کچھ حصوں میں دوبارہ سے کووڈ معاملات میں اضافہ ہورہا ہے تاہم انتظامیہ نے احتیاطی طورپر کووڈ کی روک تھام کیلئے بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے شام 7بجے سے صبح 6بجے تک بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس دوران میڈیکل کیساتھ ساتھ دیگر ضروری سہولیات میسر رکھی جائیں گی ۔پولیس نے تمام دکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ بندشیں کے تحت ہی دکانوں ودیگر تجارتی مراکز کو بند کریں جبکہ قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔
قرآن پاک پر عمل بلندی کا باعث: حافظ محمد نصیر الدین
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی کے خطیب و امام مولانا حافظ محمد نصیر نصیر الدین نقشبندی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی وہ آخری اورمستند کتاب ہے جسے بنی نوع انسان کی ہدایت کے لئے رسول پاک ﷺ پر نازل کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ پاک کتاب ہدایت سے انسان تب ہی استفادہ کرسکتا ہے جب اِس کی تلاوت اور اِس کا مطالعہ کرے گا۔ تلاوت قرآن کی فضیلت احادیث کی روشنی میں واضح ہیں۔انھوں نے کہاکہ قرآن رہتی دنیا کے لئے نسخہء کیمیاء ہے۔اس پر عمل بلندی اور اس سے انحراف تنزلی کا باعث ہے،لہذاہم سب کو چاہئے کہ ہم اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو دینی تعلیم کی جانب راغب کریں تاکہ قران سے رشتہ جوڑ کر سماجی برائیوں کو ختم کرنے میں مدد مل سکے ۔انہوں نے کہاکہ رحمت والے نبیؐنے مزید فرمایا کہ جو شخص قرآن پاک کا ایک حرف پڑھے اس کو دس نیکیوں کا ثواب ملتا ہے ۔موصوف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولادیں ہمارا مستقبل ہیں، اس لئے ہم پہ یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم انہیں زیور علم دین سے آراستہ و پیراستہ کریں کیونکہ والدین سے کل بروز قیامت اولاد کے بارے میں ضرور پوچھا جائے گا۔مولانا نقشبندی نے کہا کہ اپنے بچوں کو دین کی ضروری تعلیم دینے کے بعد ہی عصری تعلیم دلوائیں