بالاکوٹ میں ڈی سی کا عوامی دربار
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژں مینڈھر کے بالا کوٹ علاقہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت کی قیادت میں عوامی دربار کا قیام عمل میں لایا گیا ۔اس دربار میں ایس ایس پی پونچھ ،تحصیل آفیسران ،ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین و معززین نے بھی شرکت کی ۔اس دوران مکینوں نے سرحدی علاقوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کے سلسلہ میں آفیسران کو تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ برسوں سے سرحدی علاقوں میں شروع کردہ پروجیکٹوں کو ابھی تک مکمل نہیں کیا جاسکا جبکہ بنکروں کی تعمیر بھی جوں کی توں ہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوامی مشکلات کا جائزہ لینے کے بعد اس پہلو پر کام کیا جائے گا ۔ایس ایس پی پونچھ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی جانب راغب نہ ہونے دیا جائے جبکہ سماجی مخالف سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کیا جائے ۔اس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے گور نمنٹ گرلز مڈل سکول محلہ کھو کھراں کا دورہ کرتے ہوئے غیر قانونی تجاوز کا جائزہ لیا جبکہ انہوں نے سب ڈویژن میں چل رہے دیگر تعمیر اتی پروجیکٹوں کا بھی جائزہ لیا ۔
جموں وکشمیر کے خصوصی درجہ کی منسوخی کی دوسری برسی
راجوری پونچھ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے
سمت بھار گو +رمیش کیسر
راجوری //جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی کی دوسری برسی کے سلسلہ میں خطہ پیر پنچال میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کر دئیے گئے ہیں ۔سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں انتظامیہ کی جانب اضافی سیکورٹی تعینات کر دی گئی ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے دنوں سرحدی اضلاع میں جموں وکشمیر پولیس کیساتھ ساتھ پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ 5اگست 2019کو جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو منسوخ کر دیا گیا تھا جبکہ جموں وکشمیر ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کر کے یونین ٹریٹری بنادیا گیا تھا ۔خصوصی پوزیشن کی منسوخی کے سلسلہ میں آنے والی دوسری برسی پر ضلع انتظامیہ راجوری اور پونچھ کی جانب سے اضافی سیکورٹی اہلکار وں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں بھی انتظامیہ کی جانب سے پولیس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی ہوئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ احتیاطی طورپر مذکورہ سیکورٹی کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔
لائن مین کھمبے سے گر کر زخمی ہوگیا
راجوری //راجوری ضلع میںمحکمہ بجلی کا ایک لائن مین کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوگیا ۔راجوری کے پنجہ چوک میں بدھ کے روز صبح محکمہ پی ڈی ڈی کا لائن مین بجلی کے ایک کھمبے سے گرکر شدید زخمی ہوگیا جس کو علاج معالجہ کیلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ہے ۔زخمی ہونے والے لائن مین کی شناخت محمد لیاقت کے طورپر ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ لائن مین بجلی کی تاروں کی مرمت کررہا تھا ۔محکمہ کے ملازمین نے بتایا کہ لائن مین کے سر و جسم کے دیگر حصوں میں شدید چوٹیں آئی ہیں جبکہ اس کو علاج معالجہ کے سلسلہ میں ہسپتال داخل کروایا گیا ہے ۔
سرنکوٹ میں بیداری پروگرام کا نعقاد
بختیار کاظمی
سرنکوٹ // تحصیل لیگل سروسز کمیٹی سرنکوٹ کی جانب سب جج کورٹ سرنکوٹ میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیاگیا۔تحصیل لیگل سروس کمیٹی و سب جج سرنکوٹ منظور خان کی ہدایت پر رکھے گئے بیداری پروگرام کے دوران مکینوں کو قانونی اعتبار کیساتھ ساتھ مختلف معاوضہ سکیموں کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔اس موقعہ پر تیزات حملے کیساتھ ساتھ عصمت ریزی کے متاثرین کے سلسلہ میں معاوضہ سکیم سے متعلقہ بیدار کیا گیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ایڈ وکیٹ سید افتخار حسین شاہ نے پروگرام کی مناسبت سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مرکزی عصمت ریزی متاثری کے سلسلہ میں متعدد سکیمیں موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔
یوم آزادی کی مناسبت سے منڈی میں اجلاس منعقد
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل انتظامیہ منڈی کی جانب سے بدھ کو تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف کی صدارت میں یومِ آزادی کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں منڈی کے تمام تحصیل آفسران نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر تحصیلدار منڈی نے کہا کہ تحصیل منڈی میں یومِ آزادی کے حوالے سے چار بڑے پروگرام منعقد کئے جائیں گے جن میں سب سے بڑی تقریب منڈی صدر مقام پر جبکہ ساوجیاں لورن اور ساوجیاں میں بھی پرچم کشائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ منڈی تحصیل کی مختلف پنچایتوں میں بھی آزادی کی تقریب منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کے حوالے سے جتنے بھی سیکٹر آفسران ہیںان کو کووڈ ایس او پیز کو لاگو کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں ۔
میونسپل کمیٹی نے پونچھ میں صفائی مہم چلائی
حسین محتشم
پونچھ//آزادی کے 75 برس مکمل ہونے پر پوری جموں وکشمیر کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی آزادی کا مہا اتسو' کے سلسلہ جاری ہے ۔ پونچھ میونسپل کونسل کی جانب سے قصبہ پونچھ میں اس دوران صفائی مہم چلائی جا رہی ہے جو بدھ کے روز بھی جاری رہی ۔اس دوران چیف ایگزیکٹو افسر میونسپل کونسل پونچھ مشتاق احمد کی سربراہی میں سنٹری انسپکٹر محمد حنیف کی قیادت میں ایک صفائی مہم چلائی گئی جس میں محکمہ کے صفائی کرمچاریوں کے علاوہ دیگر ملازموں اور سماجی و سیاسی کارکنان نے بھی شامل ہوئے۔ جنہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کر کے دوروں کو صفائی کی اہمیت سے روشناس کرنے کی کوشش کی ۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ امسال ملک کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام کر رہی ہے۔اس دوران صفائی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
پونچھ میں چوری کی واردات
چور نقدی و دیگر سامان لے گئے
حسین محتشم
پونچھ//قصبہ پونچھ میں ڈگری کالج کے قریب کے علاقہ میں نامعلوم چور رات کی تاریکی میںچنی گفٹ ہوس کا تالا توڑ کراندر داخل ہوئے اور وہاں سے نقدی اور دیگر سازو سامان چوری کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔دکان مالک جب صبح سویرے اپنی دکان کھولنے لگے تو انھوں نے تالا ٹوٹا ہوا دیکھا تو پولیس تھانہ میں شکایت درج کی۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع واردات کا جائزہ لیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی شروع کر دی۔اس دوران تاجروں کی تنظیم نے جلد سے جلد چوروں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔