اودھمپور میں سوچھ بھارت مشن پر 5روزہ تربیتی پروگرام
ادہم پور//قصبہ میں صحت و صفائی کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے سوچھ بھارت مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ایک پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور رویندر کمار نے اس پروگرام کا افتتاح کیا۔ضلع کے قریباََ 80 اشخاص نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ڈی ڈی سی نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد دیہی اور شہری علاقوں کے لوگوں کو سوچھ بھارت مشن کے اغراض و مقاصد کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کا مقصد بھارت کے ہر گائوں اور شہر میں صحت و صفائی یقینی بنانا ہے ۔ اس موقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ انگریز سنگھ،ضلع پنچائت آفیسررچناشرما،بی ڈی او ادہم پور روپالی ویداور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔
خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب
جموں//توی ٹیکنیکل کیمپس میں بین الاقوامی خواتین دن منایا گیا۔ اس موقعہ پر اچھی خاصی تعداد میں طالبات موجود تھیں ، جنہوں نے اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سبھی مقررین نے خواتین کو زندگی کے ہر شعبۂ بشمول آرمی اور ائر فورس میںبااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔کچھ مقررین نے مرکزی سرکار کی جانب سے لڑکیوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کی گئی سکیموں پر روشنی ڈالی۔اس پروگرام میں اول ، دوم اور سوم آنے والی طالبات کو انعامات سے نوازہ گیا۔ڈاکٹر دیپک شرما اور انجو تدیال نے جج کے فرائض انجام دئے جبکہ پروفیسر بی آر موزا نے انعامات تقسیم کئے۔
محکمہ سیاحت کی تشہیر ی سرگرمیاں
تصدق مفتی نے تیاریوں کا جائزہ لیا
جموں//سیاحت کے وزیر تصدق مفتی نے ایک میٹنگ کے دوران جموں میں محکمہ سیاحت کی مختلف تشہیری سرگرمیوں کے حوالے سے تیاریوں کا جائز ہ لیا تاکہ دنیا بھر کے سیاحوں کی یہاں کی طرف راغب کیا جاسکے ۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ محکمہ مختلف سیاحتی مقامات کی تشہیر اور مارکیٹنگ کے بارے میں کئی منصوبوں پر کام کررہا ہے۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ویب سائیٹس اور سوشل میڈیا کا موثر ڈھنگ سے استعما ل کر رہا ہے۔انہیں بتایاگیا کہ محکمہ جموں میں فیسٹول ، بائیک ریلیز اور دیگر مہم جویانہ کھیل مقابلوں کا بھی انعقاد کر رہا ہے تاکہ سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ کیا جاسکے۔چھوٹی فلموں کی سکریننگ کے ساتھ ساتھ وزیر نے مختلف سیاحتی مقامات سے متعلق پروموشنل فلمیں تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ماتا ویشنوی دیوی جی ، بسوہلی اورپتنی ٹاپ شامل ہے ۔وزیر کو بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت ہوائی اڈوں ، ریلوے سٹیشنوں اور دیگر مقامات پر ویژول سکرین اور تشہیری بورڈ نصب کرے گا تاکہ سیاحتی مقامات کو اُجاگر کیا جاسکے ۔اس موقعہ پر مزید جانکاری دی گئی کہ محکمہ کو مختلف ٹورازم پرموشن منصوبے موصول ہوئے ہیں جن میں جموں و کشمیر اور ہماچل پردیشن کے درمیان شوا شکتی سرکٹ قائم کرنا اور پنجور گارڈن چندی گڈھ میں کشمیر فوڈ فیسٹول کا انعقاد شامل ہے۔تصدق مفتی نے کہا کہ مقامی لوگوں کی حوصلہ کی جانی چاہیئے تاکہ وہ سیاحوں کو بطور پینگ گیسٹ اختیار کریں ۔ انہوں نے مختلف محکموں کے مابین باہمی تال میل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ناظم سیاحت جموں سمیتا سیٹھی اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ منعقد
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر کی صدار ت میں منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ارکان قانون سازیہ عبدالمجید لارمی ، چودھری محمد اکرم اور نیلم کمار لنگے نے میٹنگ میں شرکت کی۔کمیٹی نے اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے ہر سطح پر تعاون دئیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقعہ پر فیصلہ لیاگیا کہ کمیٹی کی اگلی میٹنگ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ منعقد کی جائے گی جس میں کمیٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سپیشل سیکرٹری اسمبلی آر ایل شرما اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
چیف سیکرٹری کی صدارت میں سیکرٹریوں کی کمیٹی کا اجلاس
جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے آج انتظامی سیکرٹریوں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں پبلک فائنانشل نظام کی سکیموں سے متعلق لازمی جانکاری اور رجسٹریشن و میپنگ کی صد فیصد تکمیل کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں پی ایف ایم ایس کی پیش رفت کا جائیزہ لے کر سٹیٹس نوٹ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو بھیج دیں ۔ چیف سیکرٹری نے وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ پی ایم ڈی پی کے تحت مکمل کئے گئے کاموں کی یوٹیلائزیشن اسناد پیش کریں تا کہ مرکزی سرکار سے مزید رقومات حاصل کئے جا سکیں ۔ اُنہوں نے وزیر اعلیٰ کے فیصلوں کو ترجیحات میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ بی بی وِیاس نے عوامی شکایات کا نپٹارہ ، ایس آر او 43 کیسوں کی منظوری ، آدھار پر مبنی حاضری نظام ، ایڈہاک اور کنٹریکچول ملازمین معاملات کے علاوہ کئی دیگر محکموں کے امور کا بھی جائزہ لیا ۔
کویندر گپتا کا پانی کے تحفظ پر زور
جموں//قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے پانی کو آنے والی نسلوں کیلئے بچانے اور اسے محفوظ کرنے کیلئے اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ گاندھی نگر جموں میں اس حوالے سے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر موصوف نے کہا کہ پانی کو انسانی زندگی میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے اس لئے اسے آنے والی نسلوں کیلئے بچایا جانا چاہئیے ۔ ورکشاپ میں ایم ایل سی ونود گپتا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ کویندر گپتا نے پانی کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے میں عام لوگوں کا تعاون طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے کسی بھی فرد کو پینے کے پانی کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں گھر گھر تک پینے کا صاف پانی پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کو عوام کے تعاون کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کا وقتاً فوقتاً تجزیہ کیا جانا چاہئیے تا کہ لوگ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے دور رہیں ۔ اس موقعہ پر کیمپ میں موجود لوگوں نے اس طرح کا کیمپ منعقد کرنے کیلئے متعلقہ محکمے کی ستائش کی ۔
ہائی کورٹ کمپلیکس میںپی ایچ سی عمارت کی تعمیر کا آغاز
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے بار ایسوسی ایشن جموں کے ساتھ چند روز پہلے کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے ہائی کورٹ کمپلیکس جموں میں پرائمری ہیلتھ سنٹر عمارت کے کام کی شروعات کی ۔ یہ عمارت 3.56 کروڑ روپے کی لاگت سے مالی سال 2018-19 کے دوران مکمل کی جائے گی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ حکومت صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کیلئے وعدہ بند ہے اور اس حوالے سے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتِ عالیہ ایک اہم جگہ ہے جہاں کافی تعداد میں لوگ آتے ہیں اور یہاں پی ایچ سی میں تشخیصی سہولیات کے ساتھ ساتھ معقول تعداد میں عملے کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ وزیر نے انجینئروں پر زور دیا کہ وہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنائیں ۔ اس موقعہ پر سینئر ایڈووکیٹ اور بار ایسوسی ایشن جموں کے صدر بی ایس سلاتھیہ نے وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایچ سی عمارت کی تعمیر سے وکلاء ، جوڈیشری کے ارکان ، عملے اور عام لوگوں کو طبی نگہداشت کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ واضح رہے کہ وزیر صحت نے فروری 2018 کے آخری ہفتے میں عدالتِ عالیہ کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں سرکاری ڈسپنسری میں موجود طبی سہولیات کا جائیزہ لیا تھا ۔ جس دوران بار ایسوسی ایشن جموں نے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور عمارت پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس عمارت کی سنگِ بنیاد 2012ء میں رکھی گئی تھی ۔ اس موقعہ پر وزیر نے انہیں یقین دلایا تھا کہ اُن کے مطالبے پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ آج ہائی کورٹ کمپلیکس پہنچنے پر کافی تعداد میں وکلاء اور بار ایسوسی ایشن جموں کے زعماؤں نے وزیر موصوف کا والہانہ استقبال کیا ۔