مزید خبرں

کوکرناگ میں دوشیزہ کی خودکشی کی کوشش

سری نگر// زلنگام کوکر ناگ میں 19 سالہ لڑکی نے زہریلی شے کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔کے این ایس کے مطابق کوکرناگ سے محض چار کلومیٹر کی دوری پر واقع زلنگام نامی علاقے میں انیس سالہ لڑکی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنے گھر میں کوئی زہریلی چیز کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہا۔اس دوران گھر میں موجود دیگر افراد خانہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ لڑکی کو سب ضلع ہسپتال کوکرناگ میں داخل کرایا، جہاں سے لڑکی کو بہتر علاج کے لیے ضلع کے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا۔ آخری اطلاع ملنے تک مذکورہ لڑکی کا علاج جاری تھا۔
 

 کولگام کا کم عمر لڑکادل کادورہ پڑنے سے فوت

کولگام//یاری پورہ کولگام میں ایک کم عمر لڑکاحرکت قلب بندہونے سے فوت ہوگیا۔جے کے این ایس کے مطابق 16برس کافیضان ایوب بٹ ولدمحمد ایوب بٹ ساکن ماٹی باغ یاری پورہ کولگام گھر میں بیٹھا تھااور اس دوران اس نے سینے میں شدیددرد کی شکایت کی۔گھر والوں نے کم عمرفیضان کوفوری طور نزدیکی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ملاحظہ کرنے کے بعد اُسے مردہ قراردیا۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ فیضان کو دل کاشدید دورہ پڑا تھا جس کی وجہ سے وہ فوت ہوا۔
 

پلوامہ میں ٹیکہ کاری مہم میں سرعت

سری نگر//پلوامہ میں انتظامیہ نے گھرگھرکر کوروناٹیکہ کاری مہم میں تیزی لائی ہے۔کے این ایس کے مطابق پلوامہ میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر کوروناٹیکہ کاری مہم میں تیزی لائی گئی ہے ۔اس دوران قصبہ پلوامہ میں محکمہ صحت کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں جاکر لوگوں کو ٹیکہ لگایا۔ا س سلسلے سے ڈاکٹر تبسم آرانے کہاکہ لاک ڈائون کی وجہ سے لوگ ٹیکہ کاری مرکز تک نہیں پہنچ پارہے ہیں اس لئے ضلع انتظامیہ نے گھرگھر جاکرلوگوں کو ویکسین لگانے کاکام شروع کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری مراکز پر بھی یہ کام جاری ہے۔
 

اننت ناگ میںدھوکہ دہی کے الزام میں سرپنچ گرفتار 

عارف بلوچ
اننت ناگ//پولیس نے گرفتار افراد کے اہل خانہ سے مبینہ طور رقم وصولنے کے الزام میں سرپنچ کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔پولیس نے جنگجوؤں سے مبینہ تعلق کے الزام میں کوکرناگ سے تعلق رکھنے والے 2 افراد (نام مخفی )کو پوچھ گچھ کے لئے تھانہ طلب کیا تھا۔ دوران پوچھ گچھ گرفتار افراد کے اہل خانہ نے اپنے بچوں کی رہائی کیلئے نثار احمد خان ساکنہ کاڈی پورہ سے رابط کیا ،اس بیچ دوران پوچھ گچھ گرفتار نوجوان بے قصور پائے گئے اور انہیں رہا کیا گیا۔اس بیچ پولیس کو جانکاری ملی کہ نثار احمد خان جو کہ گوپال پورہ کا سرپنچ بھی ہے، نے 1 لاکھ 10 ہزار روپیہ نوجوانوں کی رہائی کیلئے گرفتار نوجوانوں کے اہل خانہ سے وصول کیا ہے۔پولیس نے سرپنچ کو دھوکہ دہی و جعلسازی کے الزام میں گرفتار کرکے معاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر 238/21 US 420 درج کیا ہے اور وصولی رقم اہل خانہ کو واپس کی ہے۔پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا  ہے کہ وہ کسی بھی شکایات کے ازالے کے لئے اپنے علاقوں میں تعینات سینئر پولیس افسران سے ملاقات کریں۔