’ اپواس ‘ڈرامہ بازی کے سواکچھ بھی نہیں:بیکورڈکلاسزیونین
جموں//آل انڈیا بیک ورڈ کلاسز یونین نے وزیراعظم نریندرمودی کے ’’ایک دن اُپ واس ‘‘ 12اپریل 2012کو’ایک روزہ برت ‘کونیاڈرامہ قراردیاہے۔ یونین کے رہنمائوں نے کہاکہ وزیراعظم کے کالادھن واپس لانے کے وعدے کاکیابنا۔یہ جملے بازی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ہرشہری کے بنک کھاتے میں 15لاکھ روپے جمع کرانے کاوعدہ بھی جھوٹ کاپلندہ ثابت ہوا۔ پیٹرول اوررسوئی گیس کی قیمتوں میں روزبروز اضافہ ہورہاہے ۔کیاان ہی اچھے دنوں کاخواب وزیراعظم نے عوام کودکھایاہے۔ نوٹ بندی اوررشوت ستانی کے خاتمے کے بجائے بنکوں میں رکھاگیاغریب عوام کاپیسہ لوٹاجارہاہے ۔مقررین نے کہاکہ تعلیمی نظام کابراحال ہے۔تعلیم یافتہ بے روزگارنوجوان روزگارکے حصول کے لیے دردرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔مختلف محکموں میں آسامیاں خالی پڑی ہیں ،انہیں پُرکرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کیاجارہاہے ۔’’ایک دن اُپ واس ‘‘ڈرامہ بازی کے سواکچھ بھی نہیں ہے۔عوام کوراحت پہنچانے کے لیے کچھ بھی نہیں کیاجارہاہے۔
مخالفین مودی کے نام کا استعمال سستی شہرت بٹورنے کیلئے کرتے ہیں :ڈاکٹرجتندرسنگھ
گول مارکیٹ ادہم پورمیں ’ ا پواس ‘پربیٹھے پارٹی کارکنان سے خطاب
ادہم پور//کانگریس اوردیگرحزب اختلاف پارٹیوں کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مرکز ی وزیرڈاکٹرجتندرسنگھ نے کانگریس کی جانب سے لوک سبھاکے اجلاس میں روڑے اٹکانے کے خلاف گول مارکیٹ ادہم پورمیں بھوک ہڑتال پربیٹھے بی جے پی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چھوٹے چھوٹے گروپوں اورپارٹیوں جن کی عوام میں کوئی ساکھ نہیں ہے،وزیراعظم مودی اوربی جے پی ممبران لوک سبھاکی بے جانکتہ چینی کرنامعمول بن گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ مخالفین وزیراعظم مودی کوبے جاتنقیدکانشانہ سستی شہرت کیلئے بناتے ہیں۔ڈاکٹرجتندرسنگھ نے کہاکہ دیویکاندی جوکہ صدیوں سے قصبہ ادہم پورکے ساتھ بہتی ہے ،مودی حکومت نے اس کی صفائی اوراسے جاذب نظربنانے کیلئے 170.50کروڑروپے منظورکئے،ادہم پورمیں ریڈیوسٹیشن کاقیام عمل میں لایاگیا۔ انہوں نے استفسارکیاکہ آج تک یہ پارٹیاں خاص طورسے کانگریس اس ندی کی صفائی کیلئے رقومات منظورکیوں نہ کراسکی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی روزبروزبڑھ رہی عوامی مقبولیت کی وجہ سے یہ پارٹیاں بوکھلاہٹ کے عالم میں اُلٹے سیدھے بیانات دے رہی ہیں۔
بابانانک شاہ فقیر فلم کیخلاف سکھ طبقہ کااحتجاجی مظاہرہ
حکومت سے فلم کی فوری پابندی عائدکرنے کامطالبہ
جموں//متعددسکھ تنظیموں بشمول سکھ یونائٹیڈ فرنٹ جموں وکشمیر،شرومنی اکالی دل جموں وکشمیر، سکھ نوجوان سبھاسمبل کیمپ، بھائی کنیہا نشکم سیواسوسائٹی جموں وکشمیر،اے آئی ایس ایس ایف، سکھ ویلفیئرسوسائٹی،ممبرڈی جی پی سی جموں اورجموں وکشمیر موٹرٹرانسپورٹ کمپنی ایسوسی ایشن جموں نے بابانانک شاہ فقیرفلم ریلیزکرنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے پرزوراحتجاج کیا۔ مظاہرین کاکہناہے کہ اس فلم میں سکھ مذہب سے متعلق قابل اعتراض سین دکھائے گئے ہیں جس پرملک بھرمیں سکھ طبقہ کے لوگ احتجاج کررہے ہیں۔ مقررین نے ریاستی سرکارسے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس فلم پر فوری طورپابندی عائدکرے۔اس موقعہ پر ایس امریک سنگھ سابق سیکریٹری ڈی جی پی سی جموں ،ایس مہندرسنگھ چیف آرگنائزر بھائی کنہیانکشم سیوا سوسائٹی جموں وکشمیر،ایس پرمجیت سنگھ صدراے آئی ایس ایف ایف ،ایس دھرمیندرسنگھ،ایس راجہ سنگھ ممبرڈی جی پی سی جموں،ایس سرجیت سنگھ ککو، صدرسکھ نوجوان سبھاسمبل کیمپ، ایس ہرپریت سنگھ ،چھوٹو، ایس سریندرسنگھ کالا، چیئرمین جے اینڈکے موٹرٹرانسپورٹ کمپنیز جموں ،ایس گجن سنگھ صدرجے اینڈکے موٹرٹرانسپورٹ کمپنی ایسوسی ایشن جموں، ایس دیال سنگھ ،وزیرایس کلونت سنگھ ،ایس پروین سنگھ،ایس گردیوسنگھ ،ایس جگ جیت سنگھ،ایس جسویندرسنگھ اوردیگران شامل ہیں۔
جموں خطے کی سیکولرروایات اوروراثتی اقدارکے تحفظ پرزور
انٹریکشن فورم جموں پروانس کے زیراہتمام ’گفت وشنیدسیشن ‘کاانعقاد
طارق ابرار
جموں//عظیم ثقافتی ورثے اورسیکولرروایات کودرپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے جموں کے دانشوروں اورذی شعورشہریوں کومتحدہوکرآپسی بھائی چارے کوبرقراررکھنے کی ضرور ت ہے۔ان خیالا ت کااظہارانٹریکشن فورم جموں پروانس کے زیراہتمام یہاں بٹھنڈی میں منعقدہ ’گفت وشنیدسیشن ‘کے دوران کیا۔اس دوران گفت وشنیدسیشن میں مختلف طبقہ ہائے فکرسے وابستہ معززشخصیات ودانشوروں نے شرکت کی ۔گفت وشنیدسیشن کامقصد خطے میں روایتی رواداری اوراقدارپرتبادلہ خیال کرناتھا۔اس دوران پروگرام کی صدارت ریٹائرڈزیڈای اوحسین محمدنے کی ۔اس دوران مقررین نے خیالات کااظہارکرتے ہوئے جموں شہرامن کاشہررہاہے اور جموں شہرکانام شیراوربکری کے ایک ہی گھاٹ پرپانی پینے کی انوکھی مثال دیکھ کرمہاراجہ جامبولوچن نے’جموں‘ رکھاتھااوراس شہرمیں رہنے والے مختلف مذاہب اورطبقوںکے لوگوں نے صدیوں سے آپسی بھائی چارے کی روایت پرعمل پیراہیں۔ہندو،مسلم ،سکھ ،عیسائی اتحاداورآپسی بھائی چارے کے گہواراکی حیثیت رکھنے والے جموںشہرمیں لوگوں کے آپس میں پیارمحبت اورآپسی اتحادواتفاق کوموجودہ وقت میں جوچیلنجزدرپیش ہیں ان سے نمٹنے کی ضرورت ہے تاکہ آپسی بھائی چارہ اوربین مذاہب رواداری برقراررہے۔انہوں نے کہاکہ شہرمیں آپسی بھائی چارے کافروغ وقت کی ضرورت ہے اورموجودہ وقت میں جہاں پوری دنیامیں بین مذاہب لوگوں میں منافرت پھیل رہی ہے جس کے اثرات جموں صوبے پربھی مرتب ہورہے ہیں۔اس دوران للت شرما،آئی ایف ایس ،سابق اے پی سی سی ایف سیکریٹری جنرل آئی ایف جے پی نے تنظیم کاتعارف پیش کرتے ہوئے امن کوپائیدارترقی کیلئے لازمی قراردیا۔ہری اوم سنگھ سابق ضلع وسیشن جج جموں ،صوبائی صدرکونسل آئی ایف جے پی نے کہاکہ مہاراجہ جامبولوچن کوجموں سے امن کی کرن نظرآئی تھی جب دریائے توی کے کنارے ایک ہی گھاٹ پر شیراوربکری ایک ساتھ پانی پے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ جموں کے لوگ امن پسند،محنت کش اورحب وطن ہیں۔محمدشفیع نے جموں کی روایات کوبرقراررکھنے کیلئے آپس میں اتحادواتفاق اوربھائی چارے سے رہناوقت کاتقاضاہے ۔حاجی نورمحمدحسین نے کہاکہ ہماری مذہبی تعلیم کے مطابق ہمیں ایک دوسرے سے بھائی چارے ،اخلاص اورمحبت کے ساتھ رہناچاہیئے۔کرنل بی ڈی شرما نے بچوں کوثقافتی روایات کی تعلیم دینے پرزوردیا۔جہانگیرمیرسابق ڈپٹی چیئرمین قانون سازکونسل نے کہاکہ ہماراثقافتی ورثہ بہت امیررہاہے جس کوتحفظ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ دانشوروں کوروایات کوزندہ جاویدرکھنے کیلئے مجموعی کوششیں کرکے وہ کام کرناچاہیئے جوکہ حکومتیں نہیں کرپارہی ہیں۔ڈاکٹرکے سی دوبے سابق ڈائریکٹرریڈیوکشمیرنے کہاکہ کثرت جموںخطے کی اصل طاقت ہے ۔ماسٹرتصدق حسین سابق ماہرتعلیم وقانون سازنے علاقائی زبانوں مثلاً ڈوگری،گوجری اورپہاڑی کے تحفظ پزوردیا۔عثمان سلاریہ جنرل سیکریٹری آئی ایف جے پی نے جموں کے لوگوں سے سیکولرروایات اوراقداراورقابل قدرورثے کوقائم رکھنے کی اپیل کی۔اشوک شرما ،ایڈوکیٹ وسابق قانون سازنے کہاکہ انسانیت کی عظیم اقدارکی بحالی کی ضرورت پرزوردیا۔حاجی محمدحسین نے صدارتی خطاب میں آئی ایف جے پی کی سماج کومتحدرکھنے کیلئے کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہمیں آپسی بھائی چارے اورسیکولرروایات کوہرقیمت پربرقراررکھنے کی ضرورت ہے۔اس موقعہ پر سبھاش شاستری صدرنیشنل مزدورکانفرنس، ایس ایس ڈوگرہ سابق آئی جی، سی آرپی ایف ،دین محمد،بشیراحمدانصاری، محمدقاسم سلاریہ، مختارعلی، ریاض چودھری، ایچ ایس بلوریہ، کارڈی نیٹر آئی ایف جے پی نے بھی خیالات کااظہارکیا۔اس دوران میٹنگ کااختتام بی ایس جموال سابق ڈپٹی کمشنراورچیئرمین آئی ایف جے پی کی شکریہ کی تحریک کے ساتھ ہوا۔
ضلع ترقیاتی کمشنرادہم پورنے سوراج ابھیان کاجائزہ لیا
ادہم پور//ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور رویندرکمارنے ضلع افسروں کے ساتھ میٹنگ منعقدکرکے گرام سوراج ابھیان کے تحت زیرعمل متعددمرکزی معاونت کی سکیموں کی عمل آوری کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنراروندشرمااوردیگرافسران بھی موجودتھے۔ڈی ڈی سی متعددسوشل سکیورٹی سکیموں بشمول اُجالا، جن دھن یوجنا، جیون جیوتی بیمہ یوجنا ، سرکشابیمہ یوجناکی عمل آوری کاجائزہ لیا۔ ڈی ڈی سی نے افسروں سے کہاکہ وہ ان سکیموں پر جاری کام پرقریبی نگاہ رکھیں تاکہ ان سے عام لوگوں کوفائدہ مل سکے۔اس کے علاوہ انہوں نے حکام سے کہاکہ وہ عوام کودرپیش مسائل کے ازالہ کیلئے دورافتادہ اورپسماندہ علاقوں میں عوامی رابطہ کیمپوں کاانعقاد کریں تاکہ عوامی مسائل کوحل کرنے میں مددمل سکے۔
جی جی ایم سائنس کالج میں سوچھتاسے متعلق بیداری پروگرام
جموں//ڈائریکٹوریٹ آف فیلڈپبلسٹی ،وزارت اطلاعات ونشریات کے زیراہتمام جی جی ایم سائنس کالج جموں میںسوچھ بھارت ابھیان سے متعلق پروگرام کاانعقاد کیا۔اس دوران ڈپٹی ڈائریکٹرنیہاجلالی اورڈاکٹرستندرسنگھ پرنسپل جی جی ایم سائنس کالج جموں نے طلباء کو سوچھ بھارت ابھیان کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔نیہاجلالی نے کہاکہ لوگوں کواپنی سوچ وفکرمیں تبدیلی لانی چاہیئے تاکہ ہرجگہ صفائی ستھرائی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہاکہ سماج کے مجموعی مفادمیں ہم سب کومل کرسوچھ بھارت مشن کی جانکاری عام کرنی چاہیئے۔ڈاکٹر ستندرسنگھ پرنسپل گورنمنٹ گاندھی میموریل کالج آف سائنس جموںنے طلباء سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں صفائی کی اہمیت کواُجاگرکریں۔ڈاکٹررومیلا ملہ ،ایسوسی ایٹ پروفیسرالیکٹرانکس ڈیپارٹمنٹ جی جی ایم سائنس کالج جموں نے ایس بی اے نے بھی طلباء کی صفائی ستھرائی کے تئیں رویے کوسراہا۔
آل ڈیپارٹمنٹل کلریکل سٹاف ایسوسی ایشن کااجلاس
کلریکل کیڈرملازمین کی تنخواہوں سے تفاوت دورکرنے کامطالبہ
جموں//جموں کشمیراینڈ لداخ آل ڈیپارٹمنٹل کلریکل سٹاف ایسوسی ایشن (منسٹریل )فیڈریشن کی ایک میٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر علی محمدمیر کی صدارت میں منعقدہوئی۔ جنرل سیکریٹری جیلانی نائیک، سینئرلیڈرنذیر احمدبٹ اوردیگرعہدے داران بھی اس موقعہ پرموجودتھے۔ مقررین نے خیالات کااظہارکرتے ہوئے وزیرخزانہ کے بیان کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ حکومت اپنے ملازموں کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات لاگوکرنے جارہی ہے مگرتنخواہوں میں پائے جارہے تفاوت کودورنہ کرنا انصاف کے منافی ہے۔مقررین نے وزیرخزانہ سے استدعا کی کہ وہ کلریکل عملہ کی تنخواہوں میں پائے جارہے تفاوت کودورکرنے کیلئے فوری موثرقدم اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیر خزانہ حسیب درابو نے اس تفاوت کودورکرنے کایقین دلایاتھا۔ ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے اس معاملے کونمٹنانے کیلئے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔
وزیراعلیٰ کے شکایتی سیل کا ویب سائٹ تبدیل
جموں/ریاستی حکومت نے وزیراعلیٰ کی شکایتی سیل کا ویب سائٹ بدل دیا ہے اور اب ان کی شکایتی سیل کے ساتھ www.jkgrievance.in پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔وزیراعلیٰ کے پرائیویٹ آفس سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق لوگو ں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پرانے ویب سائٹ www.jkgrievance.nic.in کو منسوخ کیا گیا ہے اور اب اس کی جگہ نئی ویب سائٹ شروع کی گئی ہے جبکہ اس کا ڈیٹا بیس نئے پورٹل پر منتقل کیا جارہا ہے۔
بیساکھی کے موقعہ پر
گورنراوروزیراعلیٰ کی لوگو ں کومبارک باد
جموں/ گورنر این این ووہر انے بیساکھی مقدس موقعہ پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے ۔ اپنے مبارک بادی کے پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ یہ دِن جو ہندوستان کیلنڈر کے مطابق نئے سال کا آغاز کرتا ہے کی شمالی ہندوستا ن کے لوگوں کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بالخصوص سکھوں کے لئے جن کا خالصا پنتھ اسی دِن وجود میں آیا ہے۔گورنر نے کہا کہ شمالی ریاستوں میں بیساکھی کے دِن فصل کاٹنے کی مہم کی شروعات ہوتی ہے جب کسان اپنی محنت و مشقت کا پھل حاصل کرتے ہیں۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، بھائی چارے ، ترقی اور خوشحالی کی دعا کی ہے ۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بیساکھی کے اہم موقعہ پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے بیساکھی کومشقت سے حاصل شدہ فصل کی کٹائی کے ساتھ منسوب کیا ہے اور بیساکھی کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے بندھن کو مزید وسعت دینے کے سلسلے میں جشن قرار دیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر ریاست کے امن اور خوشحالی کے لئے دعاکی ہے۔
ایچ ڈی سی ، ہینڈی کرافٹ اور ہینڈ لوم محکموں کی کارکردگی کا جائزہ
آسیہ نقاش کااختراعی طریقوں کوبروئے کارلاکرجدیدیت لانے پر زور
جموں/ صنعت و حرفت، مکانات و شہری ترقی ، سماجی بہبود ، صحت و طبی تعلیم اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ایک میٹنگ کے دوران ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کاپوریشن ، ہینڈی کرافٹ اور ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کاجائزہ لیا۔وزیرنے مختلف سکیموں اور کاروباری سرگرمیوں کے تحت مقررہ اہداف کا جائزہ لیا ۔انہوں نے تفصیل سے ان اداروں کو مزید فعال بنانے اور انہیں فروغ دینے کے سلسلے میں متعلقین کے ساتھ غور و خوض کیا۔متعلقہ محکموں کے سربراہاں نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے اپنے محکموں کی سرگرمیوں کو اُبھارا ۔ وزیر موصوفہ نے اختراعی طریقوں ہینڈلوم او رہینڈی کرافٹ شعبوں میں جدیدیت لانے پر زور دیا اور کہا کہ یہی ایک طریقہ ہے جس سے یہ محکمے ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ ڈاکٹر مشتاق احمد ، ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی کشمیر آئی ایچ درابو ، ڈائریکٹر ہینڈ لوم روبینہ کوثر ، ایم ڈی راکیش شرما، جوائنٹ ڈائریکٹر ہینڈ لوم جموں نمروتہ ڈوگرہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہینڈ لوم روی کھجوریہ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔
نعیم اختر نے جموں کے بڑے پروجیکٹوں کے کام کا معائینہ کیا
جموں/ تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے آج آر اینڈ بی محکمہ اور جے کے پی سی سی کی طرف سے جموں شہر میں مختلف بڑے پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی وِقار شونٹھو ، جنرل منیجر جاوید اقبال ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی جموں سدھیر شاہ ، وائس چانسلر کلسٹریونیورسٹی آف جموں پروفیسر انجو بھسین اور محکمہ کے دیگر افسران دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر نے گنگیال میں 22.17کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جارہے 100بستروں والے راجیو گاندھی میموریل ہسپتال پر جاری کام کا جائزہ لیا۔وزیر کو بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ 2019ء میں مکمل کیا جائے گا۔گاندھی نگر میں 50کرو ڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جارہے 200بستروں والے گورنمنٹ میٹرنیٹی ہسپتال پر جاری کام کا معائینہ کرنے کے دوران وزیر نے متعلقہ انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سال کے جون تک باقی ماندہ کام مکمل کریں۔بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر نے ایم اے ایم کالج میں سکو ل آف ہیومنٹیز اینڈلیبرل آرٹس کی عمارت جو 3.34کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے کا جائزہ لیا۔وزیر کو اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس عمارت کو بہت جلد یونیورسٹی حکام کے سپرد کیا جائے گا۔وزیر نے محکمہ اور آر یو ایس اے حکام کو مختلف ترقیاتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے پر مبارک باد یا۔انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف بی سی اے کے نئے تعمیر شدہ کمپلیکس کا بھی معائینہ کیا جسے 7.49 کروڑ روپے کی لاگت سے جے کے پی سی سی نے تعمیر کیا ہے۔وزیر نے گورنمنٹ کالج فار وومن گاندھی نگر میں تعمیر کئے جارہے سکول آف انجینئر نگ ، ٹیکنالوجی اینڈ کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا بھی دورہ کیاجو 4.46کرو ڑروپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ۔کالج کے احاطے میں ہوسٹل بلڈنگ 3.25کروڑ اور کنٹین بلاک 44کروڑ روپے کی لاگت تعمیر کیا گیا ہے۔بعد میں وزیر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور گورنمنٹ ڈینٹل کالج جموں میں تعمیر کئے جارہے وومن ہوسٹل بلاک پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔
ریاست ترقی کے نئے دورمیں داخل ہوچکی ہے : کویندر گپتا
گاندھی نگر حلقہ میں 7.66کروڑ روپے کے کام ہاتھ میں لئے گئے
جموں/جموں وکشمیر قانون سازا سمبلی کے سپیکر اور ایم ایل اے گاندھی نگر کویندر گپتا نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں کی بدولت ریاست ایک نئے ترقی کے دور سے گزر رہی ہے اور ریاست کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں حکومت تمام ممکنہ کوششیں انجام دیتی رہے گی۔سپیکر حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں جموں میونسپل کارپوریشن کے افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔ریاست کے ہر ایک حصے کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے حکومت کا عزم دہراتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاست بھر میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ شدو مد سے جاری ہے اور ترقیاتی سرگرمیوں کو ہم زمینی سطح پر بھی دیکھ رہے ہیں۔سپیکرنے جے ایم سی حکام کو ہدایت دی کہ وہ حلقہ انتخاب گاندھی نگر کو مزید ترقی کے منازل طے کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ حلقہ انتخاب میں 175 ترقیاتی کاموں پر 7.66 کروڑ روپے خر چ کئے جارہے ہیں جن میں سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ ، پینے کے پانی کی سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے ، ڈرینوں کی تعمیر ، ٹرانسفارمروں اور لائٹنگ سسٹم نصب کرنے جیسے کام شامل ہیں۔چھنی ہمت میں 15لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جارہے کمیونٹی ہال کا جائزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ ہال کی پہلی منزل مکمل کی گئی ہے جس میں سماجی و مذہبی تقاریب منعقد کئے جاسکتے ہیں۔میٹنگ میں کمشنر جے ایم سی رومیش کمار ،جوائنٹ کمشنر ورکس خوشحال چند، چیف ٹرانسپورٹ آفیسر طارق رینہ ،ا یگزیکٹیو راجیش گپتا، ہیلتھ آفیسر جے ایم سی محمد سلیم و دیگر افسران موجود تھے۔
درجہ فہرست کنبے پی ایم یووائی کے دوسرے مرحلہ کاآغازعنقریب : ذوالفقار
۔ 20 اپریل کو اجوالا دیوس منانے کااعلان کیاگیا
جموں/ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت ریاست میں پردھان منتری اجوالا یوجنا کا دوسرا مرحلہ بہت جلد شروع کررہی ہے ۔اس مرحلے کے تحت درجہ فہرست پی ایم اے وائی ۔گرامین کے مستحقین ،انتیو دایا اَنا یوجنا ، جنگلات میں رہائش پذیرلوگ مستفید ہوں گے ۔ان کنبوں کو مفت رسوئی گیس کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے ایک افسروں کی میٹنگ میں کیا جس میں محکمہ خوراک کے افسران ، آئیل کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا۔وزیر نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ بہت جلد متعلقہ مستحقین کی فہرست ترتیب دیں تاکہ حکومت ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں اس سکیم کے دوسرے مرحلے کی شروعات کر سکے ۔وزیر نے مزید کہا کہ وزراتِ پیٹرولیم اور قدرتی گیس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ گرام سوراج ابھیان کے تحت 20؍ اپریل 2018ء کو اجوالا دیوس کا انعقاد کریں گے اوراس دن پہلے سے نشاندہی کئے گئے 18600 مستحقین میں نئے ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے جائیں گے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری خوراک ایم ڈی خان، ڈائریکٹر محکمہ خوراک آر اے انقلابی ، کنٹرولر میٹرولوجی آر کے کٹوچ ، جوائنٹ کنٹرولر وی ایس سمبیال ، تیل کمپنیوں کے نمائندے اور مختلف محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔
پہاڑی زبان بولنے والوں کاوفد گورنر سے ملاقی
جموں/ ظفر اقبال منہاس ، ایم ایل سی کلدیپ راج گپتا ،وی سی سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ فار پہاڑی سپیکنگ پیپل شاہ محمد تانترے ،ایم ایل اے پونچھ وبود ھ گپتا اور پردیپ شرما ، ایم ایل سیز مرزا عبدالرشید ، سابق سپیکر اور وزیر سید رفیع شاہ ، سابق ایم ایل سی اور سیکڑٹری سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ فار پہاڑی سپیکنگ پیپل ڈاکٹر ذاکر حسین پر مشتمل ایک ڈیلی گیشن یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوا۔ڈیلی گیشن نے ریاست کے پہاڑی زبان بولنے والے سے متعلق کئی سنجیدہ مسائل گورنر کی نوٹس میں لائے ۔گورنر نے ڈیلی گیشن کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل پر غور کیا جائے گا۔گورنر نے ڈیلی گیشن پر زور دیا کہ وہ ریاست میں امن اور معمول کے حالات بہتر بنانے میں اپنا رول ادا کریں۔