رامسو میں حادثہ ، بچہ زخمی
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر رامسو بازار میں ایک تیز رفتار سفید سکارپیو نے ایک سات آٹھ سالہ بچے کو زوردار ٹکر مار کر زخمی کر دیا اور ڈرائیور نے وہاں سے فرار ہو گیا۔ واقع شام ساڑھے چھ بجے کے قریب رامسو مارکٹ میں پیش آیا اور منگل کی شام سات بجے تک اس سفید سکارپیو گاڑی کو پکڑنے جانے کی کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ مقامی شہری محمد امتیاز وانی نے بتایا شاہراہ پر واقع رامسو مارکیٹ میں سرینگر سے جموں کی طرف جانے والی سفید سکارپیو گاڑی نے ایجاز احمد وانی ساکنہ نیل حال رامسو کے سات آٹھ سالہ بچے کو اپنی زد میں لاکر ٹکر ماری اور خود وہاں سے تیز رفتاری کے ساتھ فرار ہوگیا – انہوں نے کہا لوگ افراتفری میں گاڑی کا نمبر نوٹ نہ کرسکے جب تک وہ تیز رفتار کے ساتھ رکنے کے بجائے وہاں سے فرار گیا ۔ مقامی لوگوں نے زخمی کو رامسو ہسپتال منتقل کیا اور کچھ نے پولیس سٹیشن رامسو اور پی سی آر رام بن کو مطلع کیا۔ پولیس نے جموں کی طرف جانے والی گاڑی کے بارے میں ناشری ٹنل اور دیگر پولیس تنصیبات کو مطلع کیا ہے تاکہ جرم کرکے فرار ہوئے خطاطی ڈرائیور کو پکڑا جاسکے ۔پولیس نے الرٹ جاری کرکے گاڑی کو پکڑنے کیلئے کاروائی شروع کی ہے۔
بھدرواہ میں ملٹی سپر اسپیشلٹی میڈیکل کیمپ کا اہتمام
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //وادی چناب کے لوگوں کو بھدرواہ میں خصوصی طنبی خدمات مہیا کرنے کے لئے وزارت دفاع کی جانب سے مورخہ 9 اور10جون کو ملٹی سپر اسپیشلٹی میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔دو روزہ طبی کیمپ کا افتتاح وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ سب۔ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈانڈی میں9جون کو کریں گے جس میں مختلف شعبوں کے 24 اسپیشلسٹ ڈاکٹر شرکت کر کے مریضوں کا معا ئینہ کر یںگے۔اس میگاکیمپ میں3000کے قریب بیماروں کا معا ئینہ کریں گے۔ اس سلسلہ میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کمانڈر 4سیکٹر آر ٓار ،ڈی سی بھوانی رکوال، بھدرواہ میں مقیم سی او آر آر ،ڈپٹی ڈائرکیٹر ہیلتھ سروسز، ڈاکٹر چندر پرکاش، سی ایم او ڈوڈہ ،اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ، تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد و دیگ رسول و پولیس افسروں نے شرکت کی۔کیمپ میں شرکت کرنے کے لئے بیماروں کی رجسٹریشن بدھ کے روز سے ایک ہی وقت ایس ڈیا یچ بھدرواہ، ایس ڈی ایچ گندو، پی ایچ سی چیرالہ، اور ضلع ہسپتال ڈوڈہ میں شروع کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی بھوانی رکوال نے کہا کہ اس موقعہ پر اس کیمپ کی اہمیت بہت ہے کیونکہ وادی چناب میں ڈاکٹروں کی قلت ہے اور فوج کی جانب سے یہ کیمپ یقینی طور مقامی آبادی کی ضروریات کو پورا کرے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لوگ اس کیمپ میں اچھی تعداد میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے گندو، دیسہ اور چیرالہ سے مریضوںکو بھدرواہ لا نے اورلے جا نے کے لئے مفت بسوں کا انتظام کیا ہے۔
مخصوص طبقہ کے آفیسران و ملازمین کو ہراساں کرنا افسوسناک:نیاز
حکومت سے غیر اخلاقی، غیر جمہوری و غیر انسانی ملازم کشی سے اجتناب کرنے پر زور دیا
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ//سابق وزیر و کانگریس رہنما محمد شریف نیاز نے الزام لگایا ہے کہ ریاست میں جب سے پی ڈی پی و آر ایس ایس کی سرکار جب سے وجود میں آئی ہے تب سے اس نے تمام جمہوری و انسانی قدروں کو پامال کرنے کا سلسلہ اختیار کیا ہوا ہے۔نیاز نے کہا کہ سماج کے مخصوص طبقہ سے تعلق رکھنے والے کارکنوں اور خاص طور سے سرکاری آفیسران و ملازمین کو پوری چناب ویلی میں ہر طرح سے ہراساں کر کے ان کا جینا دشوار کردیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کئی ملازمین مخلوط سرکار کے کچھ نمائندوں کو ان کی منہ مانگی رشوت بطور ہفتہ نہ دینے کی وجہ سے نشانہ بن رہے ہیں اور کہیں یہ ان نمائندوں کے غیر قانونی و ناجائز کام کرنے سے انکار کرتے ہیں، نیاز نے کہا کہ کچھ جگہوں پر ان ملازمین کو اس لئے بھی ستایا جارہا ہے چونکہ وہ ان کے مذہب و عقیدوں سے اتفاق نہیں رکھتے ہیں اور انہیں سزا کے طور پر دوردراز علاقوں میں تعینات کرکے ان کی جگہ ایسے رشوت خور و گندی ذہنیت رکھنے والے آفیسروں و ملازمین کو تعینات کیا جاتا ہے جو ان عوامی نمائندوں کے اشارے پر ہر طرح کے ناجائز کام کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں، اور ان نمائندوں کے لئے زیادہ سے زیادہ رشوت بھی جمع کرتے ہیں، نیاز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان غیر آئینی، غیر اخلاقی، غیر انسانی و غیر جمہوری اور ملازم کش سے اجتناب کرنا چاہیے ورنہ چناب ویلی کے تمام سیکولر ہندو مسلمان حکومت کے خلاف ہمگیر احتجاج کی راہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ان نام نہاد عوامی نمائندوں پر عائد ہو گی۔
علاقہ سراج کا وفد ڈی سی ڈوڈہ سے ملاقی
مرسو پُل تا چل کاستی گڑھ سڑک کاجدید سروے کا مطالبہ
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ سراج کے علاقہ کوٹلی میں موجود موڑہ جات ہددہ مرگ، سونچل وغیرہ سے آئے ہوئے ایک وفد نے ڈی ڈی سی ڈوڈہ سے ملاقات کرکے دریائے چناب پر مرسو کے مقام منظور شُدہ پل سے آگے مرسو پُل تا چل کاستی گڑھ سڑک کی خلاف موقع سروے کو منسوخ کرکے جدید سروے کا مطالبہ کیا ہے۔ وفد نے بتایا کہ محض ایک جونیئر انجینئر اور چپسم کان کنی کرنے والے ٹھیکیدار کو فائدہ دلانے کے لئے محکمہ نے ایسی سروے کی ہے جس سے جنگلات کا بھی نقصان ہوتا ہے اور کہو و زیتون درخت تباہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کا فاصلہ لمبا ہوکر سرکاری عوامی خزانہ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے اور علاقہ میں پانچ کلو میٹر کی سڑک کسی بھی جگہ وہاں بستی ہدر، مرگ، سونچل سے ہو کر نہ گذرتی ہے اور مقامی آبادی کو سڑک ہونے کے باوجود گھروں تک پہنچنے کے لئے پیدل سفر کرنا پڑے گا ۔ڈی ڈی سی ڈوڈہ نے یقین دلاتے ہوئے سپرانٹنڈنگ انجینئر R&Bڈوڈہ کو حکم دیا کہ وہ معاملہ کو باریکی سے دیکھ کر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اقدامات کریں جبکہ لوگوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ کسی غیر جانبدار انجینئر کو اس کام کے لئے تعینات کیا جاوے وفد نے وزیر مملکت تعمیرات عامہ شکتی راج پریہار سے ابھی انصاف کی اپیل کی ہے۔
ریاسی میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ
ریاسی //وزیر مملکت برائے فائنانس، منصوبہ بندی، قانون و انصاف اجے نندا کی قیادت میں ریاسی میں مختلف ترقیاتی کاموں پر ہو رہی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اییک اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔اجلاس سے خطب کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حُکام کو یہ کام مقررہ وقت میں تکمیل دینے پر زور دیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پرسننا راما سوامی جی، اے ڈی ڈی سی رمیش چندر، ڈی ایف او، پی او آئی سی ڈی ایس، اے سی ڈی، اے سی آر ،مختلف محکموں کے ایگزیکٹو انجینئروں ، دیگر ضلعی افسروںکے علاوہ تمام تحصیلداروں نے بھی شرکت کی۔ ضلع میں بجلی اور پانی کی قلت سے متعلق شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے انہوں نیمتعلقہ اہلکاورں سے بجلی اور پانی کی معقول سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔محکمہ جنگلات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ا نہوں نے ڈی ایف او کو جنگلوںمیں آتشزنی کو روکنے کے لئے موثر اقدام کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کی دایت دیتے ہوئے اُن لوگوں کے خلاف کاروائی رکنے کی ہدیات دی جو ماحولیاتی توازن بگاڑنے کے مرتکب پائے جائیں۔ اجلاس کے دوران وزیر موصوف نے مختلف مرکزی سپانسرڈ سکیموں کا بھی جائزہ لیا اور انکی ایم جی نریگا کے تحت کی جا رہی تمام کاموںکے بر وقت تکیمل کی ہدایت دی۔انہوں نے محکمہ سوشل ویلفئیر کی جانب سے بقایا پنشن کیسوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔انہوں نے آئی سی ڈی ایس سکیم لاگو کرنے کا بھی جائزہ لیا ۔
حاجی بلند خان کو برسی پر خراج
طاہر ندیم خان
ریاسی //انجمن ء ترقی گوجری ادب کی جانب سے نامور گوجر لیڈر حاجی بلند خان کی11ویں برسی منانے کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بزرگ شہریوں، سماجی کارکنوں اور کیمونٹی لیڈروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت اے ٹی جی اے کے جنرل سیکرٹری جان محمد حکیم نے کی۔اس موقعہ پر مقررین نے حاجی بلند خان کو زبرد ست خراج ادا کیا اور اسے ایک عظیم دو ر اندیش اور ایک ایسی شخصیت قرار دیا جنھوں نے گوجروں کے جائز حقوق کے لئے کافی جد و جہد کی،جسے ہر ایک کیمونٹی میں عزت کی نگاہوں سے دیکھا جا تا تھا۔حکیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ا گرچہ وہ ریاسی سے تعلق رکھتے ہیں تاہم ریاست بھر میں انکی عزت کی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ وہ سدھار کی ایک علامت تھے جنھوں نے گوجر طبقہ کے سدھار کیلئے کافی کام کیا۔تقریب کا اہتمام مرحوم کے فاتح خوانی کے ساتھ کیا گیا ۔
پرستان و سینا بتی میں سرکاری ملازمین کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کی عوامی اپیل
محمد تسکین
بانہال // تحصیل ا کھڑال پوگل پرستان کے حلقہ پنچایت سینا بتی و پرستان کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس علاقے میں تعینات سرکاری ملازمین کو اپنی ڈیوٹی کا پابند بنانے کی کارروائی کریں کیونکہ ان ملازمین نے اپنی ڈیوٹیوں کے بجائے علاقے کے لوگوں میں تفریق پیدا کرنے اور سیاسی گفتگو کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے جس کی وجہ سے سرکاری تنخواہ دار ملازمین اپنے اپنے محکموں میں اپنا فرض ادا کرنے کے بجائے اپنا بیشتر وقت اپنی ڈیوٹیوں کے دوران فضول میں صرف کرتے ہیں ۔ایک تحریری شکایت میں پنچایت سینا بتی پرستان کے لوگوں نے بتایا ہے کہ یہ ملازمین محکمہ تعلیم ، محکمہ شیپ اینڈ اینیمل ہسبنڈری محکمہ فلڈ کنٹرول وغیرہ سے تعلق رکھتے لیکن ملازمین نما ان سیاسی کارندوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان چند ملازمین نے علاقے میں گھومنے پھرنے ، جھگڑا اور نفرت پیدا کرنے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے فرض کو ادا کرنے میں مکمل ناکام ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ان ملازمین کو ہر سیاسی اور غیر سیاسی جلسے میں دیکھا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے ان پر کوئی کنٹرول نہ ہونے کی وجہ لوگوں میں متعلقہ محکموں کے افسروں کے خلاف غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ ، متعلقہ محکموں اور پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کریں اور یہاں سے ہٹاکر دوسرے علاقوں میں تعینات کیا جائے تاکہ سینا بتی اور پرستان کے لوگ راحت کی سانس لے سکیں ۔