پنتھرز کارکنوں کی میٹنگ منعقد
نیوز ڈیسک
جموں //ینگ پنتھرز کارکنوں کی طرف سے ہکل گائوں میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ینگ پنتھرز کے ریاستی نائب صدر پرتاب سنگھ جموال نے کہاکہ پنتھرز پارٹی صوبہ جموں کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کو انصاف دلانے کیلئے لڑائی لڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں اور لیڈران نے صوبہ جموں کیساتھ ناانصافی کی ہے جس کی وجہ سے اس خطہ کے نوجوانوں کو اس وقت ہر شعبہ میں مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی اس خطہ کیلئے پبلک سروس کمیشن ،ایس ایس بی ،ایجوکیشن بورڈ ودیگر اداروں کو علیحدہ طور پر قائم کروانے کیلئے کمر بستہ ہے تاکہ اس خطہ کے بے روز گار نوجوانوں کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پنتھرز پارٹی کی جانب سے شروع کی گئی یوا سینا مہم میں شامل ہو کر جموں خطہ کی عوام کو انصاف دلانے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔بنو پرتاب سنگھ نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے جموں صوبہ کی عوام کیساتھ دھوکہ کیا ۔اس دوران علا قہ کے نوجوانوں نے پنیھرز پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی ’یوا سینا‘مہم میں شمولیت اختیار کی۔
ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اظہار تعزیت
جموں //چیئر مین ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے محکمہ تعلیم میں کام کر رہے انڈر سیکرٹری محمد یعقوب ملک کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔اس سلسلہ میں چیئر مین ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی عبدالقیوم وانی کی قیادت میں ٹیچرز فورم کا جموں میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں محمد یعقوب ملک و دیگر لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مرحومہ ایک نیک سیرت خاتون تھیں جنہوں نے ایک بہترین ماں کا رول ادا کیا ۔اس موقعہ پر مرحومہ کیلئے دعا مغفرت بھی کی گئی ۔اپنے خطاب میں عبدالقیوم وانی نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں ٹیچرز فورم کے تمام لیڈران مرحومہ کے لواحقین کیساتھ برابر کے شریک ہیں ۔اس تعزیتی اجلاس میں گنیش کھجوریہ ،پیر نثار احمد ،یوگ راج سنگھ ،جماعت علی ،شوکت علی ،راجندر گپتا ،درشن شرما ،رویندر سنگھ ،راج سنگھ ودیگران موجود تھے ۔
انتخابات میں فرقہ پرستی کو نہ پھیلا یا جائے :بھیم سنگھ
جموں //سیاسی پارٹیوں کو چاہیے کہ وہ انتخابی جلسوں میں اپنے مفاد کے لئے کسی بھی مذہب یا ذات پات کا استعمال نہ کریں۔ان خیالات کا اظہار نیشنل پنتھرز پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ میٹنگ میں پروفیسر بھیم سنگھ نے کیا ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کے متعدد حصوں میں انتخابی جلسوں میں فرقہ ورایت کو بڑھاوا دیاجا رہاہے جو کہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کر تے ہوئے کہاکہ انتخابی جلسوں میں ملک کی ترقی، کسانوںکی فلاح و بہبود ، ملکی اتحاد، بے روزگار نوجوانوں، خواتین اوربچوں کے روشن مستقبل کی بات کی جانی چاہئے ۔پنتھرز سربراہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے بنائے گئے قوانین کوسختی سے نافذ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ مذہب یا ذات پات کی آڑ میں اقتدار میں آنا یا اپوزیشن میں بیٹھ کر ملک مخالف بیان دینا ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی انتخابی جلسے میں ملک کی ترقی کی بات نہ ہو تو اس انتخابی جلسہ کا بائیکاٹ کریں اور انتخابات میں ووٹ اس کو ہی دیں جو ملک کے روشن مستقبل کا متمنی ہو۔ نئی دہلی پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہ اس میٹنگ میں دہلی پردیش پنتھرز پارٹی کے صدر راجیو جولی کھوسلہ ،راجستھان پنتھرس پارٹی کے صدر انل شرما اور خواتین پنتھرز پارٹی کی رشمی دت کے علاوہ دیگر پنتھرز کارکن بھی موجود تھے۔
پنتھرز پارٹی کا احتجاج
مہاراجہ ہری سنگھ کے یومِ پیدائش پر عام تعطیل کامطالبہ
یو این آئی
جموں //نیشنل پنتھرس پارٹی نے جموں وکشمیر کے آخری راجا مہاراجہ ہری سنگھ کی یومِ پیدائش پر تعطیل کااعلان کئے جانے کے مطالبے کے حق میں احتجاجی مظاہر ہ کیا ۔ سابق ریاستی وزیر و پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ کی قیادت میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے جموں کے نمائش گراونڈ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مہارجہ ہری سنگھ کی یومِ پیدایش پر تعطیل کا اعلا ن کئے جانے کے مطالبہ کے حق میں زبر دست نعرے بازی کی ۔اس دوران این پی پی کے کارکنوں نے ’ ڈوگروں کا اپمان برداشت نہیں کریں گے ، برداشت نہیں کریں گے‘ جیسے نعرے بلند کئے ۔احتجاجی کارکنوں کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے راجا مہاراجہ آنجہانی ہری سنگھ کے یوم ِ پیدائش پر تعطل کا اعلا ن کیا جانا چاہیے کیونکہ بقول ان کے مہاراجہ کی وجہ سے ہی جموں وکشمیر ہندوستان کا حصہ بن پایا ہے ۔احتجاجی کارکنوں کی قیادت کررہے پنتھرس پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آج ریاست کے اند ر سابق وزیر ِ علیٰ شیخ محمد عبدللہ کے یومِ پیدائش کے موقع پر چھٹی منائی جارہی اور جن لوگوں نے صحیح معنوں میں جموں وکشمیر کے لئے قربانیاں پیش کی ہیں ،ان آج نظر انداز کیا جارہاہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ’مہارجہ ہری سنگھ کی وجہ سے ہی جموں و کشمیر ہندوستان کا حصہ بنا ،مہاراجہ نے پرجا سبھا بنا کر صحیح معنوں میںجموںو کشمیر میں جمہوری نظام قائم کیا لیکن ان کونظر انداز کیا گیا ہے ۔انہوں کہاکہ ’بھارتیہ جنتا پارٹی اور ان کی سرکار نے بھی مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم ِپیدائش پر تعطیل کااعلان کرنے کے لئے کوئی قد م نہیں اُٹھایا ۔مہاراجہ کے یوم ِ پیدائش پر چھٹی کا علان نہیں کرنا ،یہ مہاراجہ کاہی نہیں بلکہ ملک کی عظیم شخصیات بالخصوص ڈوگروں کی بے عزتی ہے جس کو ہم قطعی برداشت کرنے کے لئے تیا ر نہیں ہیں ‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ کے یوم ِ پیدائش پر چھٹی کا اعلان کیا جاسکتا ہے تو پھر مہاراجہ ہری سنگھ جیسی اعظیم شخصیت کو نظر انداز کیوں کیا گیا ۔
جے کے بینڈ ٹیم کی نمایاں کارکردگی
ہریانہ میں زونل سطحی مقابلہ میں دوسری پوزیشن حاصل کی
جموں//شائننگ سکول مانسبل کی ایک بینڈ ٹیم نے پہلی مرتبہ ریاست سے باہر ایک بینڈ مقابلے میں شرکت کی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔زونل سطح کا یہ مقابلہ2 دسمبر کو پنچکولہ چنڈی گڑھ میں منعقد ہوا جس میں ہریانہ، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش اور جموں وکشمیر کی ٹیموں نے شرکت کی۔سیکرٹری تعلیم اجیت کمار ساہو نے اس مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر جموں میں ٹیم کی عزت افزائی کی۔انہوں نے ٹیم کے کوچ کو مبار ک باد دینے کے علاوہ سمگر شکشھا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو سرکاری سکولوں میں ایسی مزید ٹیمیں تیار کرنے کے لئے کہا۔
محکمہ تعلیم کی تعزیتی میٹنگ
جموں//محکمہ تعلیم کے ملازمین کی ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے انڈر سیکرٹری محمد یعقوب ملک کی والدہ کے اِنتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔تعزیتی میٹنگ کے دوران مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
سوشل فارسٹری محکمہ کی سرمائی شجرکاری مہم شروع
کٹھوعہ//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات ایم کے دویدی نے کشن پور چھنی میں سوشل فارسٹری محکمہ کی سرمائی شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر سوشل فارسٹری سریش کے گپتا اور محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔شرکاء نے اس موقعہ پر مختلف اقسام کے 900 جنگلاتی پودوں کی شجرکاری کی۔ڈائریکٹر سوشل فارسٹری نے اس موقعہ پر جانکاری دی کہ ریاست بھر میں موسم سرما کے دوران1300 ہیکٹر اراضی پر مشتمل300 یونٹوں پر لگ بھگ12 لاکھ پودوں کی شجرکاری عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس شجرکاری میں ایسے بھی پودے شامل ہوں گے جو سال بھر سبز رہیں گے اور جن سے علاقہ کی جاذبیت میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری کی بدولت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی اور موسم گرما کے دوران لوگوں کو راحت نصیب ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہاس شجرکاری کا فائدہ یہ بھی ہوگا کہ سرکای اراضی پر ناجائیز تجاوزات کھڑا نہیں کئے جائیں گے اور مٹی کے کٹاؤ کو بھی بچایا جاسکے گا۔اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے کٹھوعہ، سانبہ اور جموں اضلاع میں کئی شجرکاری یونٹوں کا بھی معائنہ کیا اور انہوں نے لگائے گئے پودوں کے بہتر رکھ رکھاؤ پر زور دیا۔اس دوران انہیں جانکاری دی گئی کہ جموں ۔کٹھوعہ قومی شاہراہ کے937 پٹیوں پر لگ بھگ1.74 لاکھ پودے پہلے ہی لگائے جاچکے ہیں۔
مشتاق احمد مشتاق ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈ سے سرفراز
گورنر، خورشید گنائی اور سیکرٹری اطلاعات نے مبارک باد دی
نئی دہلی//معروف کشمیری مصنف اور براڈکاسٹر مشتاق احمد مشتاق کو کشمیری زبان کے ادب میں ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈ سے نوازہ گیا ہے۔ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈوں کا نئی دہلی میں اعلان کیا گیا۔مشتاق احمد مشتاق کو یہ ایوارڈ اس سال اُن کے افسانوی مجموعے’’ آکھ‘‘ کے لئے دیا گیا۔آکھ18 افسانوں کا ایک مجموعہ ہے جس کا انتخاب کشمیری زبان کی13 کتابوں میں سے کیا گیا۔مشتاق احمد مشتاق اس وقت ریڈیو کشمیر سرینگر کے ریجنل نیوز یونٹ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے دُور درشن کیندر سرینگر کے شعبۂ خبر میں9 برسوں تک اپنی خدمات انجام دیں اور انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے مختلف میڈیا یونٹوں میں بھی انڈین انفارمیشن سروس( آئی آئی ایس) افسر کی حیثیت سے قابل فخر کام کیا۔دریں اثنا گورنر ستیہ پال ملک، گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، سیکرٹری اطلاعات سرمد حفیظ اور ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر نے مشاتق احمد مشتاق کو اس ایوارڈ کے لئے چُنے جانے پر انہیں مبارک باد دی ہے۔