مزیدچوکسی لازمی:ڈی سی سرینگر

سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے  کہاکہ ضلع میں کووِڈ ۔19 وائرس کی روکتھام اور تخفیف کے سلسلے میں کورونا کرفیو اور عوامی تعاون کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِن باتوں کا اِظہار ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے اُٹھائے جانے والے روکتھام اور تخفیف اِقدامات کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا وائرس کی روکتھام کے لئے ہر ممکن اِقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی دہلیزپر کووِڈ سے مریضوں کی دیکھ ریکھ اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے ضلع کی تمام 21 پنچایتوں میں کووِڈ کیئر سینٹرقائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہمیں کووِڈ۔ 19 سے نمٹنے کے لئے مزید چوکس رہنا ہوگا اورکووِڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر من و عن عمل پیرا رہنا ہوگا۔