مزدور طبقہ کیلئے امدادی رقومات وگزار

پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا ہے کہ مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر کی انتظامیہ نے تعمیراتی کارکنوں کے لئے ایک کڑور بیس لاکھ روپئے واگزار کئے ہیں جو ان میں تقسیم کی جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ میںکل12010تعمیراتی کارکن ہیں جن کو ماہوار1000روپئے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ انھیں دو ماہ کا راشن بھی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 70فیصد راشن ان کے پاس پہنچ چکا ہے جس کی تقسیم کاری کا کام شد ومد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا یقینا اس سے انھیں کافی راحت ملے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ کرفیوں کے دوران انھوں نے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا اور کچھ اے ٹی ایم بھی چیک کئے جن میں کچھ بند تھے یا ان میں رقومات نہ تھی جس کے بعد انھوں نے بینک آفسران کو بلا کر انھیں ہدایت کی ہے کہ تمام اے ٹی ایم کو ہر وقت چالو رکھا جائے اور ان میں رقومات دستیاب رکھی جائیں تاکہ لوگوں کو ان وبائی حالات میں رقومات حاصل ہوتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ بینک افسران نے ان کو یقین دلایا ہے کہ وہ تمام ہدایات پر مکمل عمل کریں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیںمحفوظ رہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر مجبورا گھر سے نکلنا بھی پڑے تو احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کیا جائے۔