ڈوڈہ//مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پرمرکزی وزیر مملکت بندرگاہ ، جہاز رانی ، آبی گزرگاہ اور سیاحت شریپاد یسو نائک نے ضلع ڈوڈہ کا دو روزہ دورہ مکمل کیا۔مرکزی وزیر مملکت نے دورے کے دوسرے دِن بھدرواہ کے مشہور مندروں کا دورہ کیا اور حاضری دی جن میں چنوٹ مندر،گپت گنگا،واسو کی دیو مندر اور گتھا مندر شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ گتھا کے مشہور سیاحتی پارکا بھی معائینہ کیا۔دورے کے دوران متعدد وَفود او راَفراد نے مرکزی وزیر مملکت سے ملاقات کی اور مذہبی یاترا،کیلاش یاترا میں یاتریوں کو بنیادی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے اَپنے مطالبات گوش گزار کئے۔سماجی کارکن ایڈووکیٹ محمد ماجد ملک کی قیادت میں ملاقی وفد نے وزیر موصوف سے سیوج دھار سے تیلی گڑھ تک گنڈولہ سروس شروع کرنے، بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنانے کے لئے فنڈس کی واگذار کرنے، بی ڈی اے میں کام کر رہے ڈیلی ویجر ورکرز کو باقاعدہ طور پر مستقل بنانے، بھدرواہ کے مشہور سیاحتی مقامات پدری و جائی میں موبائل ٹاور نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بھدرواہ کو ضلع کا درجہ دینے و چنتہ و اٹھکار علاقہ کو تحصیل و بلاک کا درجہ دینے کی بھی مانگ کی۔وفد نے بھدرواہ یونیورسٹی کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے، کے وی اسکول بھدرواہ و گندوہ کی عمارت و بھالہ میں آرمی گڈ ویل سکول پر کام شروع کرنے،بھلیسہ کے اہم مقامات کو سیاحتی زمرے میں شامل کرنا، بھدرواہ چمبہ روڈ و بھدرواہ بنی سڑکوں کو آمدورفت کے لئے کھولنے کا مطالبہ کیا۔وفد نے مزید کہا کہ خطہ میں سیاحتی شعبہ کو فروغ دینے سے جہاں پسماندہ علاقوں کی ترقی ہو گی وہیں سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ مرکزی وزیر مملکت نے عوامی مسائل کو غور سے سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات کو ایل جی انتظامیہ کی نوٹس میں لاکر حل کیا جائے گا۔مرکزی وزیر مملکت نے یقین دِلایا کہ اُن کے تمام مطالبات پی آر آئی کے نمائندوں اور ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے ان کے سامنے پیش کئے جاچکے ہیں اور آئندہ دِنوں میں ان کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرمین ڈوڈہ دھنتر سنگھ کوتوال ،ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ وِکاس شرما، ناظم سیاحت جموں ویویکا نند رائے اور دیگر اَفسران موجود تھے۔