ایل جی اور وزیراعلیٰ کا اظہار تشکر،کہاامداد یوٹی کی مالی حالت کو مستحکم بنانے میں مدد دیگی
عظمی نیوزسروس
جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کے روز وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کا جموں و کشمیر کے لیے 5,000کروڑ روپے کی اضافی مرکزی امداد جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ایکس (X) پر ایک پوسٹ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’میں وزیر اعظم نریندر مودی ،وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیے 5,000 کروڑ روپے کی اضافی مرکزی امداد جاری کی، جو یونین ٹیریٹری کی مالی حالت کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ اہم امداد بجٹ کے دباؤ کو کم کرے گی، منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر جموں و کشمیر کی مضبوط معاشی ترقی کو فروغ دے گی، نیز دیرپا خوشحالی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی‘‘۔اس دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومتِ ہند کی جانب سے جموں و کشمیر کو 5,000کروڑ روپے کی اضافی مرکزی امداد فراہم کرنے پر دلی شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امیت شاہ اور مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کا جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون اور عزم پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بروقت اور اہم امداد جاری ترقیاتی منصوبوں کو تقویت دے گی، اہم انفراسٹرکچر پروجیکٹس کو تیز کرے گی اور جموں و کشمیر بھر میں عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا،’’میںوزیر اعظم اور مرکزی حکومت کا اس فراخدلانہ تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ اضافی مرکزی امداد مالی خسارے کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہمارے ترقیاتی وعدے اور فلاحی پروگرام عوام کے فائدے کے لیے مؤثر طریقے سے نافذ کیے جائیں‘‘۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس سے قبل وسائل کی کمی اور مالی خسارے کو پورا کرنے کے لیے حکومتِ ہند سے اضافی مالی امداد کی درخواست کی تھی۔