جموں//مرکزی اورریاستی سرکاروں کی مزدوردشمن پالیسیوں کے خلاف سنٹرل ٹریڈیونینوں کی جانب سے احتجاج کاسلسلہ برابرجاری ہے۔ریاستی سی آئی ٹی یو کے ساتھ وابستہ سبھی ٹریڈیونینوں کی جانب سے پریس کلب سے ایک ریلی نکالی جو کہ جیول چوک،گمٹ ،بس سٹینڈ سے ہوتے ہوئے اندراچوک پہنچ کراختتام پذیر ہوئی۔اہل جلوس ہاتھوں میں کتبے اورلال جھنڈے لئے ہوئے کم سے کم اُجرت، 18000/- روپے ماہانہ اداکرنے ، سبھی کوپنشن کے فوائد دینے،کیجول اورنیڈبیسڈ ورکروں کومستقل کرنے کی مانگ کررہے تھے۔ برسراحتجاج ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے جے اینڈکے سی آئی ٹی یوکے صدروممبراسمبلی کولگام محمدیوسف تاریگامی نے کہاکہ مرکزی اورریاستی سرکار وں کی پالیسیاں مزدوروں کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت میں بڑھ رہی مہنگائی کی وجہ سے عام لوگوں خصوصی طورسے مزدور اورغریب طبقہ پریشان ہے ۔تاریگامی نے مزکزی اورریاستی سرکاروں سے کہاکہ وہ مزدوروغریب کش پالیسیوں کوفوری طورترک کردے ۔انہوں نے آنگن واڑی ،آشاورکروں ،ایم ڈی ایم ورکروں کوپنشن کے دائرے میں لانے اورکم سے کم اُجرت ماہانہ اٹھارہ ہزار روپے دینے کامطالبہ کیا۔جنرل سیکریٹری اوم پرکاش نے کہاکہ جموں شہرکوخوب صورت بنانے کے نام پرریہڑی اورپھڑی والوں کوہٹاکرانہیں بے روزگاربنادیاگیاہے جس کی وجہ سے اہل وعیال فاقہ کشی کاشکارہورہاہے ۔انہوں نے اس طبقہ کو متبادل روزگارفراہم کرنے کامطالبہ کیا۔