بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کام کی وجہ سے جمعہ کے روزگاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔جمعہ کے روز جاری کام کے دوران رامسو کے نزدیک شاہراہ پر بھاری چٹانیں گر آئیں اور سڑک کو اس مقام پر بحال کرنے کیلئے چٹانیں ہٹانے کا کام جمعہ شام تک جاری تھا۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے جمعہ شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رامسو کے نزدیک جمعہ دوپہر بلاسٹنگ کے کام کے دوران ایک بھاری چٹان ،جس کو ہٹانا بھی مطلوب تھا ،سڑک پر گر آئی۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ سنیچروار کی صبح تک اس مقام کو قابل آمدورفت بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا موسم اور سڑک کی بہتر حالت کے پیش نظر آج یعنی سنیچر کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔اس دوران عام لوگوں کی مانگ ہے کہ جمعہ کے بجائے اتوار کو Dry day قرار دیاجائے تاکہ آئندہ سے سکولی بچوں ، جمعہ کے روز ہسپتال جانے والے مریضوں اور روزمرہ کے کام انجام دینے کیلئے بٹوٹ ، رام بن ، رامسو ، اکڑال، کھڑی ، گول اور بانہال تک آنے جانے والے سرکاری ملازموں اور عام لوگوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔