ضیاء العلوم نے کبھی بھی غیر تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ نہیں دیا،ہمیشہ علم و اخلاق کی شمع روشن رکھی:عمر عبداللہ
عشرت حسین بٹ
پونچھ//ضلع پونچھ میں ضیاء العلوم گروپ آف انسٹی چیو شنز کی پچاسویں گولڈن جوبلی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ وزیر تعلیم سکینہ یتو، وزیر جنگلات جاوید احمد رانا،وزیر زراعت جاوید ڈار ،وزیر خوراک ستیش شرما، وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور دیگر معزز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ادارے کی نصف صدی پر محیط خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ ضیاء العلوم گروپ نے گزشتہ پچاس برسوں میں ڈاکٹر، انجینئر، کے اے ایس اور آئی اے ایس افسران سمیت سیکڑوں باصلاحیت نوجوان تیار کرکے خطے کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار نبھایا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ہندو، مسلم، سکھ اتحاد کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ یہاں آکر دیکھیں کہ اس ادارے میں بچوں کو دینی اور عصری دونوں تعلیمات کے ساتھ پروان چڑھایا جاتا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء العلوم نے کبھی بھی غیر تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ نہیں پانے دیا اور ہمیشہ علم و اخلاق کی شمع روشن رکھی۔وزیر اعلیٰ نے مذہب کے نام پر بعض اسکولوں کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن اداروں میں ہندوستان کا آئین پڑھایا جاتا ہے اور جہاں بچے قومی پرچم اٹھاتے ہیں، انہیں مذہب مخالف قرار دینا افسوسناک اور گمراہ کن ہے۔تقریب کے دوران سماج میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ، سول سوسائٹی کے اراکین، سرکاری و غیر سرکاری ملازمین، صحافتی برادری اور ہونہار طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔اس موقع پر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کے صدر بابا نظرالاسلام نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے ریاست میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسکول کی فیکلٹی اور قابل طلبہ کو ایوارڈز پیش کرتے ہوئے ادارے کو اس کی پچاس سالہ خدمات پر مبارکباد دی۔اسکول کے چیئرمین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ ادارہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے لگن اور عزم کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رشتہ اس ادارے سے برسوں پرانا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی اسکول کی طرف خصوصی توجہ برقرار رہے گی۔جامعہ ضیا العلوم کے چیرمین مولانا سعید احمد حبیب نے تقریب کے دوران جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ سمیت تمام کابینہ وزراع ممبر اسمبلیز اور راجوری پونچھ سے دو روروزہ تقریب میں شرکت کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کے بعد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈاک بنگلہ پونچھ میں افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی، جس میں ضلع کی تعمیر و ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔