منڈی میں بجلی ٹرانسفر جلنے سے لاکھوں کا نقصان
عشرت بٹ
منڈی//منڈی بس اڈہ پربجلی ٹرانسفرمر جلنے کی وجہ سے محلہ بس اسٹینڈ میں پچیس سے زائد گھروں میں تمام الیکٹرانک آلات جل گئے ہیںجبکہ بازار میں دوکانداروں کے تمام کمپیوٹر ،لیپ ٹاپ اور بجلی پر چلنے والی دیگر چیزوں کو بھی نقصان پہنچاہے ۔جمعہ کی شب منڈی بس اسٹینڈ سے متصل نصب ٹرانسفر میں اچانک آگ لگنے سے بس اسٹینڈ محلے میں گھروں اوربازار میں دوکانوں میں بجلی پر چلنے والی تمام چیزوں کو آگ لگ گئی جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہواہے ۔اس دوران خاص طور پر گیزر ، واشنگ مشینیں، فریج ، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ وغیرہ جل گئے ۔جاوید احمد گرستہ نامی شخص نے بتایاکہ رات کو اچانک محلے کے ٹرانسفر میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے پورے محلے میں لوگوں کابجلی پر چلنے والا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔انہوںنے بتایاکہ ان کے گھر میں دو گیزر ،بجلی کے تمام بلب اور ٖٹیلی وژن جل گیا ۔علاقہ میں ویلڈنگ کی تین سے چار دوکانیں چل رہی ہیں جن میں رکھاہواسامان بھی تباہ ہوگیاہے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ یہ ٹرانسفارمر زیادہ بوجھ برداشت نہیںکرسکتا جس وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کاسامناکرناپڑتاہے ۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگاکر انہیں معاوضہ دیاجائے اور ساتھ ہی بڑا ٹرانسفارمر نصب کیاجائے۔
ایم ڈی خان نے ایس ایچ او منڈی کا عہدہ سنبھالا
عشرت بٹ
منڈی//حال ہی میں تعینات کئے گئے ایم ڈی خان نے ایس ایچ او منڈی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔ وہ انظرمیر کی جگہ تعینات ہوئے ہیں جنہیں ایس ایچ او سرنکوٹ کے طور پر تعینات کیاگیاہے ۔ایم ڈی خان نے سنیچر کے روز ایس ایچ او منڈی کا چارج سنبھال لیا ۔ وہ اس سے قبل ایس ایچ او لورن ساوجیاں اورایڈیشنل ایس ایچ او پونچھ رہ چکے ہیں ۔ ایم ڈی خان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سماج میں کچھ ایسے عناصر سرگرم ہیں جو منشیات کے ذریعہ نئی نسل کو تباہ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جن کو ہر گزبخشا نہیں جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ وہ قانون کی بالادستی اور لوگوںکو انصاف فراہم کرنے کی کوشش کریںگے۔
ممنوعہ نشہ آور
ادویات سمیت1 گرفتار
عظمیٰ نیوز
راجوری//پولیس نے ایک شخص کے قبضہ سے نشہ آور ادویات کی برآمدگی کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس چوکی سٹی کے انچارج سب انسپکٹر دانش مقبول کی قیادت میں لگائے گئے ایک خصوصی ناکہ کے دوران ایک مشکوک شخص کی تلاشی لی گئی تو اس کے قبضہ سے 118ممنوعہ کیپسول اورنشہ آور دوا کی 2بوتلیں برآمد ہوئیں۔ 42سالہ شکیل احمد ولدمحمد بشیر ساکن وارڈ نمبر 2کے خلاف پولیس تھانہ راجوری میں آبکاری ایکٹ کی دفعہ 8/21/22 کے تحت معاملہ 473 درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔
مینڈھر کے 3 نوجوانوں کی جموں میں شدید مار پیٹ
شرپسندوں نے گاڑی کو نقصان پہنچایا، نقدی سامان اور دیگر اشیاء بھی لے گئے
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے گورسائی علاقے سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کی جموں میں شرپسند عناصر نے شدید مار پیٹ کی ہے جس کے بعد ان میںسے ایک کو کٹرہ ہسپتال جبکہ دو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال زیر علاج رکھاگیاہے ۔ حملہ آور وں نے ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایاجبکہ ان کی تحویل سے نقدی رقم اور دیگر سامان بھی لوٹ لے گئے ۔مقامی ذرائع کے مطابق محمد سدیر ولد محمد رفیق عمر چوبیس سال ،ذوالفقار انجم ولد جمیل حسین عمر ستائیس سال اورظہور طارق ولد محمد رشید عمر تئیس سال ساکنان گورسائی آلٹو گاڑی زیر نمبر JK02U/7210میں سوارہوکر جموں گئے جہاںکل شام کووہ پنج تیرتھی زیارت گئے تاہم واپسی پر موٹرسائیکلوں پر سوار افرادنے ان کا پیچھا کیا اور ان کی ہاکی اور دیگر ہتھیاروںسے مار پیٹ کی ۔ذرائع کاکہناہے کہ انہیں گاڑی کے باہر پھینک کر بے ہوشی کے عالم میں وہیں چھوڑ دیاگیااور حملہ آوروں نے موقعہ پاکر ان کی تحویل سے نقدی رقم ، اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر سامان بھی لوٹ لیا ۔ا ن نوجوانوں کے رشتہ داروں نے بتایاکہ سدیر اس وقت کٹرہ ہسپتال میں زیر علاج ہے جس کے اب تک تین آپریشن ہوچکے ہیں اوراس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جبکہ دو دیگر جموں میڈیکل کالج و ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ حملہ آوروں نے ان کو جان سے مارنے کی کوشش کی اور ان کی گاڑی کی بھی توڑ پھوڑ کی گئی ۔اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر مینڈھر کے عوام میں شدید غم و غصہ پایاجارہاہے اور انہوںنے حکومت و پولیس سے اپیل کی ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے نہیںتو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔