مینڈھر میں دھماکہ خیز مواد برآمد
مینڈھر//جا وید اقبال//مینڈھر کے سرحدی علا قہ چھجلہ منکو ٹ سے سیکو رٹی فو ر سز کو ایک بوسیدہ دھماکہ خیز مواد ملاہے جس کو بعد میںنا کا رہ بنا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق مینڈھر کے سر حدی علا قہ چھجلہ پل کے پاس سے لو گو ں نے ایک پر انا گرینیڈ دیکھا جس کے بعد فو جی اہلکا رو ں کو اطلا ع دی گئی جس پر فو ج نے فو ری طور پر مقامی افسر ان کو مطلع کیا اور ایک دستہ علاقے میں روانہ کیاگیا جس نے اس دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنادیا ۔اس دوران اس کے پھٹنے کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں ۔
سکولوں میں موبائل فون پر پابندی پر زور
نوشہرہ //ممبراسمبلی نوشہرہ نے ڈاک بنگلہ میں ضلع و سب ڈویژن کے تحت آنے والے سرکاری افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور پھر عوامی دربار لگا کر مسائل سنے ۔ ممبراسمبلی رویندر رینہ نے ضلع و سب ڈیویژن حکام کی میٹنگ طلب کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کے کام بغیر کسی تاخیر کے مکمل کریں اور وقت مقررہ کا خیال رکھاجائے تاکہ عوام کا حاکموں کے تئیں یقین پیدا ہو۔رینہ نے کہاکہ محکمہ تعلیم کے حکام کو سرکاری اسکولوں کے اندر موبائل فون پر پابندی کرناہوگی تاکہ درس و تدریس کا عمل اچھی طرح سے انجام پاسکے اور طلباء اور اساتذہ کلاس کے دوران اس کا استعمال نہ کرپائیں ۔انہوںنے کہاکہ زیر التوا پڑے ہوئے کاموں کو مکمل کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ایچ ای کی سکیموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے ۔
خانہ بدوشوں پر تشدد کی مذمت
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ کے پی ڈی پی لیڈر صوفی عالم دین نے کہاہے کہ اب خانہ بدوشوں پر ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پریس بیان میںکہا کہ چند دن پہلے راجپورہ منڈی اکھنور میں کچھ عناصرپسند عناصر نے غریب لوگوں کے رہائشی مکان جلادیئے اوریہ کارروائی بغیر کسی نوٹس کے انجام دی گئی ۔انہوںنے کہاکہ خانہ بدوشوں کی اشیائے خوردنی کو جلادیاگیااورمظلوم لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔انہوںنے کہاکہ یہ واقعہ انسانیت مخالف ہے اور ایک جمہوری نظام میں ایسے واقعات نہیںہونے چاہئیں ۔ان کاکہناتھاکہ شر پسند عناصر ریاست کا پرامن ماحول خراب کرناچاہتے ہیں اور حکومت کو بدنام کررہے ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے ۔انہوںنے پولیس و انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے ۔
بس اڈہ پونچھ سے نعش بر آمد
پونچھ//حسین محتشم//بس اڈہ پونچھ سے بدھ کے روز2بجکر پچاس منٹ پرایک شخص مردہ پایا گیاجس کی خبر پولیس تھانہ پونچھ میں دی گئی جہاں سے ایس ایچ او پونچھ کی قیاد ت میں پولیس اہلکاران کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور انہوں نے نعش کو اپنی تحویل میں لیا۔اس دوران اس کے کپڑوں سے شناختی کارڈ بر آمد ہوا ہے جس سے پولیس کو معلوم ہواہے کہ مرنے والا شخص محمد شریف ولد غلام محمد عمر55سال ساکن گائو ںسرل تحصیل حویلی ضلع پونچھ کا رہنے والا ہے ۔نعش کی شناخت کے بعد اسے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا جہاں قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد اسے لواحقین کے حوالے کردیاگیا۔ ایس ایچ او پونچھ نے بتایاکہ موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن بہت جلد یہ پتہ کرلیاجائے گا۔
پونچھ میں پانی کی شدید قلت
پونچھ//حسین محتشم // یشن نامی تنظیم کے چیئرمین امتیاز سلاریہ کی قیادت میں ایک وفد نے ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی۔اس دوران وفد کے ارکان نے عام عوام سے متعلق مسائل سے روشناس کراتے ہوئے اے ڈی ڈی سی کو بتایا کہ خشک سالی کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے بھی پانی کی فراہمی نہیں کی جا رہی اور لوگ پریشان حال ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف لوگوں کو فصلوں کی کٹائی اور اس کے سنبھالنے کا کام ہے اور اوپر سے انہیںپانی کئی کئی کلو میٹر کی دوری سے لانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام کو بار بار بتایابھی گیا لیکن وہ کچھ نہیں کر رہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور جہاں سپلائی کا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں وہاں کے لوگوںکو ٹینکر کے ذریعہ پانی سپلائی کیاجائے ۔
کوٹلی ۔کا لا بن سڑک کی مرمت کا مطالبہ
راجوری // منجا کوٹ کے علاقہ کوٹلی۔ کالا بن کو جانے والی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کاسامناہے ۔ کوٹلی کالا بن سڑک جسکی لمبائی 5 کلو میٹرہے، کی تعمیر 20 سال قبل شروع ہوئی تھی لیکن محکمہ تعمیرات عامہ کی مبینہ لا پرواہی کی وجہ سے آج تک اسکی تکمیل نہ کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی وجوہات کی بناپر اس کی تعمیر نہیں کی جارہی ۔ مقامی لوگوں کا کہناہے کہ کالا بن کے لوگ وفد کی شکل میں متعدد بار ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ اور ڈپٹی کمشنر راجوری سے ملے اور کوٹلی کالا بن سڑک کی تکمیل کا مطالبہ کیا لیکن کوئی اقدام نہ کیا گیا۔ یوتھ نیشنل کانفرنس لیڈرتوصیف اعظم مغل نے کہا کہ کو ٹلی کا لا بن سڑک کی تعمیر کا کام سال 2002 میں شروع کیا گیا تھالیکن اس سڑک پر اس وقت تک بلیک ٹاپ نہیں بچھایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کا لا بن کے لوگوں کو کافی مشکلات کاسامناہے اس لئے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال سڑک کی تعمیر کا کام شروع کرائیں ۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر صدیق احمد وانی کاکہناہے کہ خان کنسٹرکشن کمپنی کوکام الاٹ کیا گیا ہے اور امید ہے کہ بہت جلد یہ کام شروع ہوجائے گا۔
متعدد کارکنان پی ڈی پی میں شامل
حسین محتشم
پوچھ//تحصیل منڈی کے گائوں سلونیاں میں ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جہاں مقامی لوگوں نے موصوف کا پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا ۔مقامی لوگوں نے تانترے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی کاوشوں کی بدولت سلونیاں سڑک کی مرمت کی گئی اور اس پر تارکول بچھایا گیا ۔اجلاس کے دوران لوگوں نے اپنے مسائل سے بھی تانترے کو روشناس کیا ۔اپنے خطاب کے دوران شاہ محمد تانترے نے عوام کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی دلائی اور کہا کہ ان کی جماعت غریبوں کی جماعت ہے جو ایک کاروان میں تبدیل ہورہی ہے۔ اجلاس کے دوران کئی مقامی لوگوں نے دیگر پارٹیوں کو خیر آباد کہہ کر پی ڈی پی میں شمولیت کا اعلان کیا جن کاتانترے نے پھولوں کے ہار پہنا کراستقبال کیا ۔
تھنہ منڈی کے بنک حکام کی اپیل
نوجوان سرکاری سکیموںکافائدہ اٹھائیں
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے ٹائون ہال میں محکمہ شہری ترقی کی جانب سے پڑھے لکھے نو جوانوں سے تبادلہ خیال کیا گیا جس میں بے روزگاری کے مسائل پر سیر حاصل تبصرہ کیا گیا۔ لیڈ بنک آفیسر پرویز احمد، ڈسٹرکٹ منیجر نبارڈ دیس راج، پروجیکٹ آفیسر محکمہ صنعتکاری راجوری جبار قریشی،جموں کشمیر بنک برانچ تھنہ منڈی کیول شرمااور محکمہ شہری ترقی کی ڈسٹرکٹ منیجر مونیکا وید نے ان نوجوانوں کو اپنے اپنے محکموں سے چلائی جا رہی اسکیموں کے بارے میں روشناس کرایا۔ انہوںنے اس موقعہ پر تعلیم یافتہ نوجوانوں سے کہا کہ انہیں نا امید نہیں ہونا چاہئے اورحوصلے سے کام لیکر سرکار کی مختلف اسکیموں کافائدہ اٹھایاناچاہئے جن میں سیلف ایمپلائمنٹ، عورتوں کے لئے سیلف ہیلپ گروپ بنانا اور اپنے علاقہ کو خوبصورت بنانے کے لئے عمدہ مکانات تعمیر کرنے کے لئے رجوع کرناشامل ہے۔ اس موقعہ پر مونیکا وید نے بھی محکمہ شہری ترقی کی طرف سے متعارف کی گئی ڈے نیولم کے بارے میں مفصل روشنی ڈالتے ہوئے تھنہ منڈی کو خوبصورت بنانے پر زور دیا۔ انٹک صدر راجوری طاہر احمد شال، ھور انسٹی ٹیوٹ تھنہ منڈی کے سرپرست سلیم جاوید رینہ، حاجی محمد اقبال، فاروق لون،شکیل احمد،جاوید احمد اور نثار وغیرہ بھی اس موقعہ پرموجود تھے جنہوں نے ضلع راجوری کے مختلف بنکوں سے تعلق رکھنے آفیسران کا شکریہ ادا کیا۔
ڈگری کالج ساڑھ بگا میں پٹیل کی سالگرہ منائی گئی
زاہد ملک
مہور//گورنمنٹ ڈگری کالج ساڑھ بگا کے این ایس ایس یونٹ کی جانب سے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سالگرہ بطور قومی ایکتا دن منانے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔تقریب کی خاص بات قومی ترانہ، حلف لینے کی رسم اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی پر لیکچر وغیرہ تھی۔ مقررین نے ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کی سراہنا کی جنھوں نے ملک کی572 راجواڑوں کو بھارت میں ملانے میں ایک اہم رول نبھایا ۔اس موقعہ پر موجود سٹاف ممبران میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر پی کے شرما ، اکنامکس کے سینئر اسسٹنٹ پروفیسر اشرف نواز، ای وی ایس کے اسسٹنٹ پروفیسر نصیب کمار، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر دلبیر،اکنامکس کے اسسٹنٹ پروفیسر سعید کاظم علی شاہ، سوشالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر پونم کیسر، ایجوکیشن کے پروفیسر شفقت احمد ،لیکچرار ایجوکیشن،لیکچر عربی، عاشق حُسین حجام ،اسسٹنٹ پروفیسر پولٹیکل سائنس زاہد بشیر، لیکچرار سائیکالوجی سنجوگتا کماری، لیکچرار انگلش ڈاکٹر ساکھشی کے علاوہ فیکلٹی کے دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔
بخاری کا اظہار تعزیت
نیوز ڈیسک
سرنکوٹ// نیشنل کانفرس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد بخاری نے سرنکوٹ میں ہوئی حالیہ اموات پر تعزیت پرسی کی ۔ اس سلسلے میں وہ کلائی پہنچے جہاں اعوان اور قریشی کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس کے علاوہ اہوںنے ڈوگراں ، پشانہ اور بفلیاز میں بھی حالیہ اموات پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ وہ خدا سے دعا گو ہیں کہ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ ملے اور لواحقین کو صدمہ برداشت ہونے کی توفیق ہو ۔ اس دوران انہوںنے این سی کارکنان سے بھی ملاقات کی ۔