بڈگام//پیپلز ڈیموکیٹک فورم کے چیئرمین حکیم محمد یاسین ،اپنی پارٹی کے ریاستی سکریٹری و ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین اور سول سوسائٹی فورم نے مجوزہ کووڈ ہسپتال کو ریشی پورہ بڈگام سے کھریو منتقل کرنے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ (پی ڈی ایف) کے چیئرمین حکیم یاسین نے فلمی طرزپر مجوزہ کووڈ اسپتال کو ریشی پورہ بڈگام سے کھریو منتقل کرنے کے اقدام پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوراج سنہا سے اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ مستقل بنیادوں پر ریشی پورہ بڈگام میں ایک اسپتال کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکے جہاں لوگوں نے اس مقصد کے لئے 100 کنال سے زائد سرکاری اراضی کو محفوظ رکھا ہے۔حکیم یٰسین نے ایک بیان میں ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے بڈگام کے عوام میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اپنی پارٹی کے ریاستی سکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین نے پیر کے روز حکومتی فیصلے پرناراضگی کااظہار کیا ہے ۔ایک بیان میںمنتظر محی الدین نے کہا کہ اس طرح کا فیصلہ بڈگام کے لوگوں کی امیدوں کے ساتھ کھلواڑ ہے جس میں اس مجوزہ اسپتال کی تعمیر کے لئے درختوں کو بھی کاٹا گیا ۔انہوں نے کہا’’جب پورا ملک کوویڈ 19 کے بحران سے دوچار ہے ، بڈگام میں کوویڈ مخصوص اسپتال بنانے کا فیصلہ مقامی لوگوں کے لئے خوشی کی خوشخبری کی حیثیت سے ہوا ، کیونکہ اس ضلع میں ضروری طبی ڈھانچے کی کافی حد تک کمی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مشکل اوقات میں جہاں وباپریشان کئے ہوئے ہے ، بڈگام میں اس طرح کے اسپتال کی تعمیر لوگوں کا اولین مطالبہ ہے ۔منتظر محی الدین کے مطابق حکومت کی ایک اور تجویز ضلع بڈگام میں 300 بستروں پر مشتمل ایک ٹراما اسپتال تعمیر کرنا تھااور اب جب حکومت نے پرجوش انداز میں مجوزہ کوویڈ مخصوص اسپتال کو کھنموہ منتقل کیا ہے تو بڈگام کے عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے اور ٹراما ہسپتال پربغیر کسی تاخیر کے کام شروع کرے۔سیول سوسائٹی بڈگام نے وفد کی صورت میںڈپٹی کمشنر بڈگام سے ملاقات کے دوران مجوزہ کووڈ ہسپتال کوریشی پورہ بڈگام سے کھنموہ سرینگر کی منتقلی پر عوام کے خدشات سے آگاہ کیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو یاد دہانی کرائی کہ عوام نے خصوصاً زمین مالکان نے کس حد تک ہسپتال کی مجوزہ تعمیر میں تعاون کیا بلکہ ہزاروں درخت چند روز میں ضلع حکام کے کہنے پر کاٹے گئے تاکہ ہسپتال کیلئے زمین کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے وفد کوبتایا کہ بحیثیت ڈپٹی کمشنر ہسپتال کی منتقلی سے انہیں بھی سخت افسوس ہوا اوریقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ تمام ذرائع کام میں لاکر اپنی ہی جگہ ضلع ہسپتال تعمیر کرنے کیلئے کوشاں رہے گی۔ سیول سوسائٹی بڈگام نے ضلع کے ذمہ دار شہریوں ، سابق قانون سازیہ اراکین اور ڈی ڈی سی و بی ڈی سی ممبران اورصحافیوں سے وابستہ افراد سے گزارش کی کہ ہسپتال کی تعمیر ممکن بنانے کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کریں۔