نئی دہلی //جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کے روز سیکورٹی جائزہ اجلاس کے لئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ لیفٹیننٹ گورنرسنہا کی مرکزی سکریٹری داخلہ اجے کمار بھلا سے ملاقات کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت بعد میں بات چیت ہوئی۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق اتوار کو ہونے والے اجلاس میںشرکت کرنے والے سینئر عہدیداروں میں سبکدوش ہونے والے چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم ، ان کے جانشین ارون مہتہ ، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے سربراہ اروند کمار ، ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ اور اے ڈی جی سی آئی ڈی شامل ہیں۔ وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے ، لیکن خیال کیا جارہا ہے کہ آئندہ امرناتھ یاترا کے سیکورٹی انتظامات، ان ملاقاتوں کا ایک اہم ایجنڈا رہا۔ مرکزی حکومت نے ابھی طے نہیں کیا ہے کہ شیڈول کے مطابق یاترا کی جائے گی یا نہیں۔امرناتھ یاترا 28 جون سے 22 اگست کے درمیان 56 دن کے لئے طے کی گئی ہے۔ امرناتھ شرائن بورڈ نے کوویڈ 19 کے معاملات میں اضافے کی روشنی میں یاتریوں کے اندراج کا عمل معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔مرکزی حکومت کے 5 اگست کے فیصلے سے 2019 میں ، یاترا کو تقریبا 15 دن کم کردیا گیا تھا۔