جموں//لیبر محکمہ نے مختلف خدمات کی آن لائین دستیابی کی شروعات کی ۔ اس سلسلے میں گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے محکمہ کے پورٹل کا افتتاح کیا اور بعد میں محکمہ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ لیبر محکمہ اور سیکاپ کی طرف سے مشترکہ طور تیار کئے گئے اس پورٹل پر دونوں محکموں کی 31 خدمات دستیاب ہوں گی جن میں بہبودی سکیموں اور دیگر قوانین کے مطابق جانکاری بھی شامل ہے ۔ اس موقعہ پر کمشنر سیکریٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت نے ای ڈی آئی کی طرف سے عملائے جا رہے روز گار پروگرام اور سکیموں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ مشیر موصوف نے محکمہ کے مختلف شعبوں کے سربراہوں پر زور دیا کہ وہ قوانین اور سکیموں کو مکمل طور سمجھ کر ان کے فوائد مستحقین تک پہنچائیں ۔ میٹنگ میں لیبر کمشنر ، ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ اور کئی دیگر افسروں نے بھی شرکت کی ۔ خورشید احمد گنائی نے کہا کہ لیبر محکمہ سے منظم اور غیر منظم سیکٹر سے تعلق رکھنے والے لاکھوں ورکر فائدہ حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے لوگوں کیلئے ہر طرح کی سہولیات دستیاب رکھیں ۔ مشیر نے محکمہ کی طرف سے ای گورننس اور آئی ٹی خدمات کیلئے محکمہ کی تعریف کی ۔ اس سے پہلے کمشنر سیکرٹری نے ایک پاور پواینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے نئے شروع کئے گئے پورٹل پر دستیاب خدمات پر تفصیل سے روشنی ٖڈالی ۔ مشیر نے محکمہ سے کہا کہ وہ لاسی پورہ کشمیر ، اودھمپور اور کشتواڑ ضلعوں میں موجود کافی تعداد میں ورکروں کو بھی سکیموں کے دائرے میں لائیں ۔ مشیر نے سرینگر اور جموںمیں ورکروں کیلئے تعمیر ہو رہے ای ایس آئی ہسپتالوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ سوربھ بھگت نے ورکروں میں بہبودی کیلئے کئے جا رہے اقدامات کوبھی اجاگر کیا ۔