عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//بجٹ اجلاس کے دوران لوک سبھا میں ہنگامہ کرنے پر اپوزیشن کے آٹھ ممبران پارلیمنٹ کو بقیہ لوک سبھا اجلاس کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ معطل ارکان میں کانگریس کے سات اور سی پی آئی (ایم) کا ایک رکن شامل ہے۔ ایوان میں راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت نہیں ملنے کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر کی کرسی کے قریب کاغذ اچھالے۔ایوان میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کر رہا تھا۔ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی جانب سے سابق آرمی چیف ایم ایم نروانے کی ایک غیر مطبوعہ کتاب کا ذکر کرنے کی کوشش کے معاملے پر ایوان کی کارروائی تین بار ملتوی کی گئی۔ دوپہر تین بجے جب کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو چیئرمین دلیپ سائکیا نے کانگریس کے ارکان اسمبلی امریندر سنگھ راجہ وارنگ، گردیپ سنگھ اوجلا، ہیبی ایڈن، ڈین کوریاکوس، پرشانت پاڈول، سی کرن کمار ریڈی، اور منیکم ٹیگور اور سی پی آئی (ایم) کے رکن پارلیمنٹ ایس وینکٹیشن کے نام لیے۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے آٹھ ممبران کا نام لیتے ہوئے ایوان میں ایک تحریک پیش کی کہ انہیں قاعدہ 374 (2) کے تحت ارکان پارلیمنٹ کو موجودہ اجلاس کے باقی ماندہ مدت کے لیے معطل کیا جائے۔ ایوان نے صوتی ووٹ سے تحریک کی منظوری دی جس کے بعد اجلاس دن بھر کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔بجٹ سیشن کے بقیہ حصے کے لیے لوک سبھا سے معطل کیے گئے ممبران پارلیمنٹ میں منیکم ٹیگور، ہیبی ایڈن، امریندر سنگھ راجہ وارنگ، گرجیت سنگھ اوجلا، پرشانت یادوراؤ پاڈول، ڈین کوریاکوس، سی کرن کمار ریڈی، اور ایس وینکٹیشن شامل ہیں۔دریں اثنا، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا، اور دیگر ارکان پارلیمنٹ نے لوک سبھا سے اپوزیشن کے آٹھ ارکان پارلیمنٹ کی معطلی اور ہندوستان-امریکہ تجارتی معاہدے کے خلاف پارلیمنٹ کے مکر دوار پر احتجاج کیا۔اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کی معطلی کے بارے میں کانگریس ایم پی منیکم ٹیگور نے کہا، “آٹھ ممبران پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا ہے: سات کانگریس ممبران پارلیمنٹ اور ایک سی پی ایم ایم پی ایس وینکٹیشن۔ ہماری غلطی یہ تھی کہ ہم اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو بولنے سے روکنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔کل، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو بار بار ہراساں کیا گیا، بولنے سے روکا گیا، اور ثبوت دینے کو کہا گیا۔ آج، وہ ثبوت لے کر آے، خط فراہم کیا، اور تصدیق جمع کرائی۔ اس کے باوجود انہوں نے اپوزیشن لیڈر کی تقریر روک دی۔ راہل گاندھی نے چین اور امریکی ٹیرف کے بارے میں بات کی۔ اس کے بعد راہل گاندھی کا مائیک چھین لیا گیا، اور ہم نے احتجاج کیا تو ہمیں معطل کر دیا گیا۔منگل کو راہل گاندھی نے ایوان میں نروانے کی کتاب پر مبنی ایک مضمون پیش کیا اور اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے ایک بار پھر نروانے کی کتاب اور چین کے ساتھ محاذ آرائی کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ یہ ایک اہم قومی سلامتی کا مسئلہ ہے جس کا تعلق چین اور پاکستان سے ہے اور یہ صدر کے خطاب کا کلیدی حصہ ہے۔لیکن چیئر نے پھر انھیں مزید بولنے سے روک دیا۔