رمیش کیسر
سندر بنی //سندر بنی سب ڈویژن کے گاؤں لمن بجوال میں پیر کی صبح ایک پاکستانی غبارہ برآمد ہونے کے بعد علاقے میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق ایک مقامی کسان جب اپنے کھیت میں گندم کی فصل کا جائزہ لینے گیا تو اس نے کھیت کے درمیان ایک مشتبہ غبارہ پڑا ہوا دیکھا۔ غبارے پر مشکوک نشانات نظر آنے پر کسان نے فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے کو احتیاطی طور پر گھیرے میں لے لیا۔ بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے غبارے کو احتیاط کے ساتھ اپنی تحویل میں لے لیا۔
ابتدائی جانکاری کے مطابق یہ غبارہ سرحد پار سے ہوا کے ذریعے اس علاقے تک پہنچا ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ غبارے کا باریک بینی سے معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جا سکے کہ آیا اس کے ساتھ کوئی مشکوک مواد یا پیغام وابستہ تھا یا نہیں۔ واقعہ کے بعد مقامی لوگوں کو بھی چوکس رہنے اور کسی بھی مشتبہ شے کی فوری اطلاع انتظامیہ کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سرحدی علاقوں میں اس نوعیت کے واقعات وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں، جس کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیاں مسلسل نگرانی برقرار رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔