عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے ایوان کو مطلع کیا کہ لاٹی اور پتنی ٹاپ میں اضافی انفراسٹرکچر کیلئے تجاویز زیر غور ہیں اور انہیں فزیبلٹی اور فنڈز کی دستیابی کے مطابق غور کیا جائے گا ۔نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بات قانون ساز بلونت سنگھ منکوٹیہ کی طرف سے قانون ساز اسمبلی میں اٹھائے گئے سوال کے جواب میں کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری باقاعدگی سے نبارڈ کے ساتھ آر آئی ڈی ایف کے تحت منصوبوں کی منظوری کیلئے تجاویز پیش کرتی ہے ، جہاں مقررہ اصولوں کے مطابق امداد بنیادی طور پر قرضوں کی شکل میں دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تجاویز کو منصوبوں کی تیاری ، جذب کرنے کی صلاحیت اور ادائیگی کی صلاحیت کی بنیاد پر مرحلہ وار تیار اور جمع کرایا جاتا ہے اور نبارڈ کے رہنما اصولوں کے مطابق سختی سے منظوری کیلئے پروسیس کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمین کے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کی بنیادی وجوہات عدالتوں میں زیر التوا مقدمات ، زمین کی ملکیت کے تنازعات اور بعض مراحل پر زمین کے معاوضے کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی ہیں ۔ قانون ساز نذیر احمد گریزی نے اس موضوع پر سپلیمنٹری سوال اٹھایا ۔