محمد تسکین
بانہال // نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر تجاوزات کے خلاف اپنی مہم میں شدت لاتے ہوئے بانہال اور شیربی بی علاقوں میں درجنوں غیر قانونی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا ہے ۔ یہ کارروائی جمعرات کو این ایچ اے آئی حکام کی نگرانی میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ بانہال محمد نصیب اور ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری کی موجودگی میں انجام دی گئی، جبکہ امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی مناسب نفری بھی تعینات رہی۔حکام کے مطابق یہ انہدامی کارروائی شاہراہ کی زمین پر غیر مجاز قبضوں کے خلاف جاری ایک مستقل مہم کا حصہ ہے، جس کا آغاز ضلع رام بن اور ادھمپور میں وقفے وقفے سے کی جانے والی جانچ کے بعد کیا گیا تھا۔ چند ہفتے قبل ہائی وے انتظامیہ کے مجاز افسر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ-44 رام بن شبھم یادو کی جانب سے کی گئی ایک جانچ کے دوران دونوں اضلاع میں قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر 70سے زائد غیر قانونی ڈھانچوں اور غیر مجاز رسائی راستوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے ایک عہدیدار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ کارروائی سپریم کورٹ آف انڈیا کی ہدایات کے تحت کی جا رہی ہے، جس کے بعد مرکزی وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں نے این ایچ اے آئی کو قومی شاہراہوں سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔ این ایچ اے آئی نے کہا کہ وہ سڑک سلامتی اور ٹریفک کی ہموار روانی کو یقینی بنانے کے لیے ان احکامات پر سختی سے عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور کسی کو بھی جموں سرینگر قومی شاہراہ کی زمین پر قابض نہیں ہونے دیا جائیگا۔