محمد تسکین +عظمیٰ نیوز سروس
بانہال +سرینگر// محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے پرہلکی بارش/برفباری الگ تھلگ مقامات پرہوئی تاہم بدھ کو موسم خشک رہا۔محکمہ نے کہا کہ29-31 جنوری شام تک عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ عام طور پر خشک موسم رہے گا۔انکا کہنا ہے کہ 1-2 فروری کوعام طور پر ابر آلود موسم کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری کافی بکھرے ہوئے مقامات پر ہوسکتی ہے۔محکمہ کے مطابق3-6 فروری تک جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
قومی شاہراہ
270 کلومیٹر طویل جموں سرینگر قومی شاہراہ کو بدھ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ منگل کو شدید برف باری کے بعد ہائی وے کو بند کر دیا گیا تھا۔حکام نے کہا کہ قاضی گنڈ کے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے چھوٹی گاڑیوںکو بھیڑ کم کرنے اور محفوظ راستہ یقینی بنانے کے لئے ترجیح دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ حصوں پر برف صاف کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ پھسلن روکنے اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے نمک اور یوریا کو شناخت شدہ مقامات پر چھڑکایا گیا ۔حکام نے مزید کہا کہ ہائی وے کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، جو موسمی حالات اور سڑک کی حفاظت کے جائزوں سے مشروط ہے۔مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کرنے سے پہلے ٹریفک کے سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے بانہال، سریندر پال سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کو شاہراہ پر درماندہ مسافر اور مال بردار گاڑیوں کو نکالا گیا، جبکہ دونوں اطراف سے ہزاروں مال بردار اور مسافر گاڑیوں نے سفر کیا۔
پروازیں بحال
کشمیر میں برف باری کی وجہ سے تمام پروازیں منسوخ ہونے کے ایک دن بعد بدھ کو سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے اور جانے والی پروازیں دوبارہ شروع ہوئیں۔ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا حکام نے کہا، “پہلی پرواز صبح 9.25 پر اتری ۔قبل ازیں سری نگر ہوائی اڈے نے اپنے سرکاری ایکس ہینڈل پر اعلان کیا تھا “موسمی حالات میں بہتری کے بعد، رن وے، ٹیکسی وے اور ایپرن کو صاف کر دیا گیا ہے اور اب آپریشن کے لیے تیار ہیں، تاہم، کہرے کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوسکتی ہے،” ۔
برفانی تودے
گاندربل ضلع کے سونمرگ علاقے میں منگل کے روز ایک زبردست برفانی توداگرا۔ برفانی تودااس حصے کے قریب پیش آیا جہاں انٹر مائونٹین سونمرگ اور سونمرگ ان ہوٹل واقع ہیں، جس کا کچھ اثر آس پاس کے علاقے میں بھی ہوا۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ برفانی تودہ گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر خوب گردش کر رہی ہے۔پولیس نے کہا کہ برفانی تودہ ٹول پوسٹ کے قریب ٹرک یارڈ ،اور کچھ گیسٹ ہائوسز ، جو خالی تھے، سے ٹکرا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر کشتواڑ میں بدھ کے روز مٹی کے تودے گرنے سے درجنوں مویشی بشمول بھیڑ بکریوں کی موت ہو گئی۔حکام نے بتایا کہ ہستی پل کے قریب لینڈ سلائیڈنگ اس وقت ہوئی جب چرواہوں کا ایک گروپ اپنے مویشیوں کے ساتھ علاقے کو عبور کر رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ کئی جانور ملبے تلے دب گئے تاہم ساتھ والے چرواہے بال بال بچ گئے۔ واقعے میں ہلاک ہونے والے مویشیوں کی صحیح تعداد کا پتہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی ہو گا۔