نلین پربھات کی غیر ملکی اور انتہاپسند عناصر کیخلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی ہدایت
شوپیاں//جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، نلین پربھات نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفس شوپیاں میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی تاکہ یوم جمہوریہ2026کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشنز کا جائزہ لیا جائے۔اجلاس کے دوران، ڈی جی پی نے قانون و نظم، انسداد ملی ٹینسی کی تیاری، جرائم پر قابو پانے کے اقدامات اور یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ہوشیاری میں اضافہ، ناقابلِ فریب سکیورٹی منصوبہ بندی، علاقے پر کنٹرول اور مضبوط انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ضلع میں پرامن اور حادثہ سے پاک تقریبات کو یقینی بنایا جا سکے۔
آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے عوامی سلامتی، امن و سکون کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے غیر ملکی اور انتہاپسند عناصر کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کے واضح ہدایات جاری کیں۔انہوں نے قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں کے لیےصفر رواداری کے عزم کو دہرایا اور ایسے عناصر کے خلاف مسلسل آپریشنز کی اہمیت پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے افسران سے کہا کہ عوام دوست پولیسنگ اپروچ برقرار رکھتے ہوئے، پیشہ ورانہ لگن اور کمٹمنٹ کے ساتھ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور شوپیاں کے شہریوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔اجلاس میں سپیشل ڈی جی پی کوارڈ ی نیشن ایس جے ایم گیلانی ،آئی جی پی کشمیر زون وی کے بردی، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رینج جاوید اقبال متو، ایس ایس پی شوپیاں مشتاق احمد چودھری سمیت گزیٹڈ آفیسران اور شوپیاں ضلع کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔