عظمیٰ نیوز سروس
کپوارہ//فوج نے پونے کی ایک رضاکار تنظیم ASEEM فاؤنڈیشن کے تعاون سے پونے کیلئے ایک دورے کا انعقاد کیا ہے جس میں کپوارہ کی منتخب خواتین کرکٹرز کو عالمی معیار کے کرکٹ کے ماحول سے روشناس کرایا جائے گا۔ اس دورے میں16 خواتین کھلاڑی شرکت کررہی ہیںجو کپوارہ خواتین کی ٹی10کرکٹ چیمپئن شپ کا نتیجہ ہے جو فوج نے کپوارہ کی لڑکیوں کیلئے کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور کھیل کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے شروع کی تھی۔آج سے 26 دسمبر تک شروع ہونے والے اس 14 روزہ دورے کا مقصد نوجوان لڑکیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور مہاراشٹر کی ٹیموں اور مختلف قومی اور رنجی کھلاڑیوں کے ساتھ میل جول کا موقع فراہم کرنا ہے۔ پونے کا دورہ نہ صرف لڑکیوں کو عالمی معیار کے کرکٹ ماحول کو دکھانے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ انہیں ریاست سے باہر کی خواتین ٹیم سے سیکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس سے کپوارہ کی لڑکیوں کے تجربے کو تقویت ملے گی کیونکہ ان میں سے زیادہ تر پہلی بار ضلع سے باہر جا رہی ہوں گی۔ قومی سطح کے اسٹیڈیم میچوں کے شیڈول کے لیے مختص کیے گئے ہیں اور ٹیم سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کریں گی۔اس چیمپئن شپ کا پہلا ایڈیشن 2021 میں صرف 6 ٹیموں کی شرکت کے ساتھ کھیلا گیا تھا۔ تاہم کشمیر میں خواتین کی بہتری کے لیے ہندوستانی فوج کی مسلسل کوششوں کے ساتھ دوسرے ایڈیشن میں ٹیم کی تعداد 2022 میں 6 سے بڑھ کر 14 ہوگئی۔