عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع کے سندر بنی علاقے میں فوج کی تربیتی مشق کے دوران ایک فوجی دریا کے پانی میں لاپتہ ہو گیا ہے، جس کے بعد فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب فوج کی وائٹ نائٹ کور کی جانب سے سندر بنی کے عمومی علاقے میں دریا عبور کرنے کی تربیتی مشق جاری تھی۔ اس دوران فوجی دستہ دریا پار کرنے کی مشق میں مصروف تھا کہ اچانک ایک سپاہی پانی میں لاپتہ ہو گیا۔فوجی حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والے سپاہی کی شناخت سپاہی اکشیت شرما کے طور پر ہوئی ہے، جو دوپہر تقریباً 12 بجے کے قریب دریا کے پانی میں غائب ہو گئے۔ واقعہ کے فوراً بعد فوجی حکام نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ سپاہی کو تلاش کرنے کے لئے بھارتی فوج کے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سول انتظامیہ اور مقامی ریسکیو ٹیمیں بھی اس کارروائی میں فوج کا ساتھ دے رہی ہیں تاکہ جلد از جلد سپاہی کا سراغ لگایا جا سکے۔مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں دریا کا بہاؤ کافی تیز ہے جس کی وجہ سے تلاش کے عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم ریسکیو ٹیمیں مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فوجی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی رضاکار بھی تلاش کے عمل میں تعاون کر رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک لاپتہ سپاہی کا سراغ نہیں مل جاتا۔ واقعہ کے بعد فوجی حلقوں اور مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔