عظمیٰ نیوز سروس
جموں// فوج کے سربراہ جنرل اوپیندرا دیویدی نے جمعہ کے روز جموں خطے میں موجود وائٹ نائٹ کور ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مجموعی سیکورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی آپریشنز اور سرحدی علاقوں میں تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے اس دورے کو حالیہ سیکورٹی چیلنجز اور سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کے پس منظر میں خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔فوجی حکام کے مطابق جنرل دیویدی کو وائٹ نائٹ کور کی قیادت نے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں موجودہ انسدادِ دہشت گردی گرڈ، مشترکہ سیکیورٹی کارروائیوں، انٹیلی جنس تعاون، سرحدی نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تازہ پیش رفت شامل تھی۔ انہیں بتایا گیا کہ مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی مزید مضبوط ہوئی ہے، جس کی بدولت کئی کامیاب آپریشنز انجام دیے گئے ہیں۔فوجی سربراہ نے مشترکہ آپریشنز میں فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ اور مستعدی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بدلتے چیلنجز کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی، تیاریوں میں بہتری اور تیز رفتار ردعمل اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔جنرل دیویدی نے اہلکاروں سے خطاب کے دوران ان کے حوصلے اور فرض شناسی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنز کے دوران مقامی آبادی کے تحفظ اور تعاون کو اولین ترجیح دیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو مضبوط بنایا جاسکے۔فوجی سربراہ نے لائن آف کنٹرول کے قریب تعینات جوانوں کی تیاریوں اور بارڈر مینجمنٹ سسٹم کا خود جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی شرپسندانہ کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے وائٹ نائٹ کور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اعادہ کیا کہ کور آئندہ بھی خطے میں امن اور سیکیورٹی برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتی رہے گی۔