جموں // وزیربرائے پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری عبدالغنی کوہلی نے فشریز محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ صدفیصد اہداف حاصل کرنے کے لئے اپنے عملے اور مشینری کو متحرک کریں تا کہ مرکزی اور ریاستی سیکٹر کی سکیمیں موثر ڈھنگ سے عملائی جاسکیں۔فشریز محکمہ کے افسروں کے ساتھ ایک جائیزہ میٹنگ کے دوران بولتے ہوئے وزیر نے کہاکہ سکیموں کا بھرپور فائدہ زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں مچھلیوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے آرکے وی وائی ، آتما اور کئی دیگر سکیمیں عملائی جارہی ہیں۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ جموں صوبہ میں اس وقت کارپ اور ٹراؤٹ مچھلیوں کے689 تالاب موجود ہیں۔وزیر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ نئے تالاب اور ہیچریاں قائم کرنے کے لئے تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔کوہلی نے متعلقہ محکمہ سے کہا کہ وہ عام لوگوں میں فلاحی پروگراموں اور سکیموں کے حوالے سے جامع بیداری مہم چلائیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست آبی ذخائیر سے مالا مال ہے اور ان وسائل کو بھرپور طور سے بروئے کار لایا جانا چاہئے تا کہ مچھلیوں کی پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔وزیر موصوف نے کہا کہ باہو فورٹ میں موجود ایکوریم کے بارے میں ذرائع ابلاغ اور پرنٹ میڈیا میں وسیع تشہیر کی جانی چاہئے تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اس کی جانب راغب کیا جاسکے۔وزیر نے اس موقعہ پر محکمہ کے ملازمین سے جڑے کئی امور کو بھی زیر بحث لایا۔کمشنر سیکرٹری اے ایس ایچ آر کے بھگت نے اس موقعہ پر فشریز محکمہ کی سرگرمیوں کے بارے میں وزیر کو جانکاری دی۔