عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شیلندر کمار نے کل جموں و کشمیر کے ٹرمینل فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے صدور کے ساتھ ان کے کام کاج اور مجموعی ترقی کے منظرنامے کا جائزہ لینے کے لئے ایک تفصیلی میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میںپارم پورہ، نروال، جبلی پورہ اننت ناگ، اَگلر شوپیاں اور سوپور کی فروٹ اور سبزی منڈیوں کے صدوراورنمائندوں نے شرکت کی۔ منڈیوں کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں باغِ سُندری روڈ کی جلد تکمیل اور ٹرک ٹرمینل کی ترقی ، نروال منڈی میں لیز میں توسیع ، ایس ڈی اے طرف سے پارم پورہ میں سی اے سٹور کی تعمیر کی اِجازت اور اس کے ضمنی ایم او یو اورلیز ، اَگلر اور جبلی پورہ میں دکانوں کی الاٹمنٹ شامل ہیں۔شیلندر کمار نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت اور جوابدہی کے لئے دکانوں کی تمام الاٹمنٹ اِی۔ نیلامی کے ذریعے کی جائے گی۔ اُنہوں نے فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹ کے حکام سے کہا کہ وہ ہر برس ستمبر،اکتوبر تک ہر منڈی میں ترقیاتی کاموں کے لئے بجٹ تیار کریں اور جنوری تک اس کی منظوری دیں تاکہ کام جلد شروع ہوسکے۔ ایچ اے ڈِی پی اور جے کے سی آئی پی میں تقریباً 7000کروڑ کا مجموعی بجٹ شامل ہوگا۔ پرنسپل سیکرٹری نے منڈی ایسوسی ایشنوں کی جانب سے جموں و کشمیر کی چھ پھل اور سبزی منڈیوں کے لئے تقریباً ایک کروڑ روپے کی لاگت سے کوالٹی کنٹرول لیبارٹریوں کے قیام کے مطالبے کو قبول کیا۔ میٹنگ میں یہ بھی جانکاری دی گئی کہ اس برس سے باغبانی کی فصلوں کے لئے فصل بیمہ سکیم کو منظوری دی گئی ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار،سیکرٹری ٹیکنیکل ایگری کلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی ہارٹی کلچر کشمیر اورجموں، ایف اے اورسی اے او ہارٹی کلچر، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ ہارٹی کلچر، ڈپٹی ڈائریکٹر (پی اینڈ ایم) جموں و کشمیر، اے ایم او ایس اور ٹیکنیکل آفیسر ہارٹی کلچر نے شرکت کی۔